ایمز ٹی وی(بزنس)برطانوی عوام کی ریفرنڈم میں یورپی یونین چھوڑنے کے حق میں اکثریتی رائے کے بعد مختلف کمپنیوں نے اپنا کاروبار بیرون ملک منتقل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔بزنس لابی گروپ دی انسٹیٹیوٹ آف ڈائریکٹرز کے سروے کے مطابق 20 فیصد بزنس لیڈرز اپنا کاروبار برطانیہ سے باہر لے جانے پر غور کر رہے ہیں، حیران کن ریفرنڈم نتائج کے باعث ہر 4 میں سے 1 فرم بھرتیاں بند کرنے پرسوچ بچار کر رہی ہے، دوتہائی یا 64 فیصد نے ریفرنڈم کے نتائج کو کاروبار کے لیے منفی اور 23 فیصد نے مثبت قرار دیا جبکہ 9 فیصد نے کہاکہ اس سے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ گروپ کے ڈائریکٹر جنرل سائمن واکر نے کہاکہ ریفرنڈم نتیجے کے بعد کاروبار اس سے مطابقت پیدا کر کے کامیابی حاصل کرنے کی پلاننگ میں مصروف ہوں گے، ہم کچھ چھپا نہیں سکتے، ہمارے کئی ممبرز پریشان ہیں اور اکثریت ریفرنڈم کے نتیجے کو اپنے کاروبار کیلیے خراب سمجھتی ہے اور اسی وجہ سے سرمایہ کاری و بھرتیاں روکنے یا کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے پرائیوٹ نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2017 کے لئے رجسٹریشن اور پرمیشن فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے طلبا و طالبات سے کہا ہے کہ وہ 27 جون سے 29 جولائی 2016 تک بغیر لیٹ فیس کے رجسٹریشن اور پرمیشن فارم نیشنل بینک آف پاکستان، عسکری بینک، یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، بورڈ آفس بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں اس ضمن میں واضح کیا گیا ہے کہ 29 جولائی کے بعد شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ فارم موصول کئے جائیں گے اور بغیر لیٹ فیس کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایمز ٹی وی(بزنس)اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر کو برطانوی پاؤنڈ کی قدر2 روپے کی مزید نمایاں کمی کے ساتھ 146 روپے کی سطح پر آگئی، اسی طرح یوروکرنسی کی قدر بھی مزید 70 پیسے کی کمی سے116.30 روپے کی سطح پر آگئی، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی پیرکو10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور ڈالر کی قدرگھٹ کر 105.10 روپے کی سطح پر آگئی، اسی طرح آسٹریلین ڈالر کی قدر میں مزید99 پیسے کی کمی ہوئی جس سے آسٹریلین ڈالر کی قدر گھٹ کر77.79 روپے ہوگئی۔ کرنسی مارکیٹ کے باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی عوام کی ریفرنڈم کے ذریعے یورپین یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ کی سمت مستقل غیرواضح ہوتی جارہی ہے تاہم یہ رحجان بہتر ہورہا ہے کہ غیرملکی کرنسیوں میں سرمایہ کاری کا عمل رک گیا ہے کیونکہ لوگ کرنسیوں کی قدرسے متعلق غیریقینی کیفیت سے دوچار ہو گئے ہیں اور انہوں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے، دلچسپ امر یہ ہے کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں جاپانی ین کی قدر کوبتدریج تقویت ملتی جارہی ہے اورسرمایہ کارجاپانی ین کی قدرمیں اضافے کے رحجان کابغورجائزہ لے رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی(کراچی) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ اویس شاہ کے اغوا کا کیس ہائی پروفائل کیس ہے، اس لئے ان کی بازیابی کیلئے حساس اداروں سے مدد مانگ لی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کو سہہ پہر
ڈھائی بجے شہر کے ایک گنجان علاقے سے اغوا کیا گیا، لیکن کسی شہری نے پولیس کو واقعے کی اطلاع نہ دی، ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس کو رات 9 بج کر 10 منٹ پر ان ہی کے اہل خانہ سے ملی، جبکہ اہل خانہ کو ساڑھے 8 بجے گمشدگی کی اطلاع مل گئی تھی۔ اللہ ڈنو خواجہ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کا اغوا ایک ہائی پروفائل کیس ہے، ان کے اغوا کے پیچھے تمام عناصر کو ہر پہلو سے دیکھ رہے ہیں، ہم نے اس گتھی کو سلجھا دیا گیا ہے کہ اویس شاہ گم نہیں بلکہ اغوا ہوئے ہیں، لیکن یہ کیس اغوا برائے تاوان کا بھی نہیں ہے، کیونکہ اب تک اویس شاہ کے اغوا کے حوالے سے کوئی کال یا پیغام موصول نہیں ہوا، ہمارے بلوچستان اور پنجاب پولیس سے بھی رابطے میں ہیں، جبکہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے بھی مدد مانگی گئی ہے
ایمز ٹی وی(بزنس)اسٹیٹ بینک پاکستان کے مطابق عوام كی بینكاری ضروریات كا ادراك كرتے ہوئے عیدالفطر كی تعطیلات كے دوران بینكاری خدمات كی مؤثر فراہمی كے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے تحت کمرشل بینکوں کو تمام شاخیں 2 اور 9 جولائی بروز ہفتہ کھولنے کی ہدایت دی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ كمرشل بینك 24 گھنٹے اے ٹی ایم خدمات كی باقاعدگی سے دستیابی یقینی بنائیں گے، اے ٹی ایمز پر نقد رقومات كی دستیابی اور جلد فراہمی كے لیے بینك متعلقہ اے ٹی ایم فیڈنگ برانچوں پر كرنسی كے اسٹاك كے لیے مناسب انتظامات كریں گے اور اے ٹی ایمز كی خرابی یا كرنسی نوٹوں كی قلت سے متعلق شكایات كے فوری ازالے كے لیے فوكل پرسن كے رابطہ نمبروں سے عوام كو آگاہ كریں گے۔ دوسری جانب وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارنے ان میڈیا رپورٹس كا نوٹس لیا ہے جن میں كہا گیا ہے كہ بوجہ عید تعطیلات بینكوں كے بندرہنے سے عوام كو مشكلات پیش آسكتی ہیں۔ اس حوالے سے اسحاق ڈار نے ملاقات كے دوران ڈپٹی گورنر سعید احمد كو اس ضمن میں عوامی خدشات سے آگاہ كرتے ہوئے کہا کہ بینك تعطیلات كے دوران 24 گھنٹے اے ٹی ایم كی سہولت كو یقینی بنائیں اوراس بات كو بھی یقینی بنایا جائے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزارت پانی و بجلی کی جانب سے عید کے تینوں روزملک بھرمیں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع پانی وبجلی نے بتایا کہ یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ عیدکے تینوں روزملک بھرکے شہروں اوردیہات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق عید کی چھٹیوں کے باعث انڈسٹری بند ہونے پرصنعتی فیڈرز بند کردیے جائیں گے جس کے بعد اضافی بجلی گھریلوصارفین کو فراہم کردی جائے گی۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ) احتساب عدالت نے بلوچستان میگا کرپشن میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میگا کرپشن میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کرنا باقی ہے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کو 14، 14 ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت نے مشتاق رئیسانی کو پانچویں بار اور ندیم اقبال کو چوتھی بار ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔ سماعت کے دوران مشتاق رئیسانی کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت عید کے دوران ان کے موکل کی اہلخانہ سے ملاقات اور کھانا فراہم کرنے کی اجازت دے جس پر عدالت نے حکم دیا کہ مشتاق رئیسانی کی قانون کے مطابق اہلخانہ سے ملاقات کرائی جائے جب کہ احتساب عدالت نے ندیم اقبال کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ واضح رہے کہ سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے نوٹوں کا خزانہ ملنے کے بعد نیب نے ان سمیت مشیر خزانہ میر خالد لانگو اور میونسپل کمیٹی خالق آباد کے اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو حراست میں لے لیا تھا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے معاملے پر وزرارت خارجہ میں بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی ،وزیر تجارت خرم دستگیر، مسعودخان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے اتفاق کیا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج پر پاکستانی معیشت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کو ملنے والی مراعات جاری رہیں گی۔ شرکا نے پاکستان سے یورپی یونین کو برآمد کی جانے والی مصنوعات کے معاملات کا بھی جائزہ لیا. اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی اور دیرپا ہیں انہیں مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ برطانیہ نے پورپی یونین میںرہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا تو 48فیصد عوام نے یونین کا حصہ رہنے اور 52 فیصد عوام نے یونین سے باہر نکلنے کی حمایت میں ووٹ دیا جس کے بعد برطانیہ نے یورپی یونین کی رکنیت ختم کرنے کااعلان کیا جس پر دو سال کے عرصے میںعمل درآمد کیا جائے گا جب کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
ایمز ٹی وی(بزنس)وزارت تجارت کے حکام کے مطابق چین سے ایف ٹی اے ٹو پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جس کی بڑی وجہ چین کا90 فیصد اشیا پر کسٹم ڈیوٹی صفر کرنے کا مطالبہ ہے، اس حوالے سے پاکستان کے صنعت کاروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، ان تحفظات کے ازالے اور چین سے ایف ٹی اے ٹو پر سفارشات پر پورے ملک میں سیمینارز کرائے جائیں گے، وزارت تجارت صنعت کاروں اورتاجروں کی چین کے ساتھ ایف ٹی اے ٹو کے حوالے سے رائے پر مبنی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوائے گی۔
اس کے بعد وزیراعظم فیصلہ کریں گے کہ چین سے آزاد تجارتی معاہدہ ٹو کرنا ہے یا نہیں کرنا۔ واضح رہے کہ چین پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کا حجم 2014-15میں 12.29ارب ڈالر تھا، دونوں ممالک کے مابین 24نومبر 2006 کو آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے گئے اور اس پر عملدرآمد یکم جولائی 2007سے شروع ہوا، بعدازاں 21فروری 2009 کو سروسز کو بھی آزاد تجارتی معاہدے میں شامل کیا گیا جس پر عملدرآمد 10اکتوبر2009سے شروع ہوا، آزاد تجارتی معاہدے سے قبل پاکستان کی چین کو برآمدات 57.5کروڑ ڈالر تھیںجو 2014-15 میں ساڑھے 3گنا اضافے کے بعد 2.1ارب ڈالر ہو گئیں۔
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور اداکار نبیر کپورنامور فلمساز کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں پہلی بار ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں جب کہ فلم کی شوٹنگ مختلف ممالک میں جاری ہے لیکن فلم کی نمائش سے قبل ہی ایشوریا نے رنبیر کی تعریفوں کے پل باندھنے شروع کردیئے ہیں۔ ایشوریا رائے بچن ساتھی اداکاررنبیر کپورکی فنکارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کے خوش مزاجی کی بھی مداح ہوگئیں ہیں اور رنبیر کپورکے قصیدے پڑھنا شروع کردیئے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ رنبیر کپور باصلاحیت اداکار کے ساتھ ساتھ خوش مزاج انسان بھی ہیں جو تناؤ والے ماحول کو بھی خوشگوار بنادیتے ہیں جب کہ رنبیرکپور کا حس مزاح انتہائی عمدہ ہے جو انہیں سب سے منفرد بنا دیتا ہے۔ واضح رہے کہ کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘میں اداکاررنبیر کپور، فواد خان، ایشوریا رائے بچن اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کریں گے۔