ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر اپنے روسی ہم منصب کو معذرت کا پیغام بھیجا ہے۔ اردوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ معذرت کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ترکی کی فضائیہ نے ایک روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔ اس واقعے کے بعد ترکی اور روس میں سخت کشیدگی ہو گئی تھی۔ ولادی میر پوٹن نے اس کو روس کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف قرار دیا تھا۔ صدر پوٹن کے ترجمان دمتری پسکوف کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ترک صدر نے طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے میں ہلاک روسی پائلٹ کے خاندان سے ہمدردی اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معافی مانگتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ترکی نے ایک روسی جنگی طیارے کو ترکی کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی پر تباہ کر دیا تھا۔ روس نے اس واقعہ کے بعد ترکی پر تجارتی پابندیاں عائد کر دی تھیں اور روسی سیاحوں کے ترکی جانے پر بھی پابندیاں لگا دی تھیں۔ روس کے صدر نے اعلان کیا تھا کہ جب تک ترکی معافی نہیں مانگے جائے گا، تجارتی پابندیں نہیں اٹھائی جائیں گی۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)چین نے زمین کے مدار میں گھومنے والا پہلا راکٹ خلا میں بھیج دیا ۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کی شام چھوڑے گئے راکٹ کو لانگ مارچ سیون جنریشن کا نام دیا گیا ہے ، حکام کے مطابق راکٹ کے ساتھ تیرہ اعشاریہ پانچ ٹن کا سامان بھیجا گیا ہے ۔ راکٹ مستقبل میں چینی خلائی مشن میں بھی مدد دے گا
ایمزٹی وی(آزادکشمیر) اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ مخالفین بلاول کے دوروں سے خوفزدہ ہیں،وفاقی وزراپری پول رگنگ کررہے ہیں ،دھاندلی نہیں کرنے دینگے ،بیرسٹر سلطان موقع پرست،فاروق حیدر کی بڑھکیں ہمارا کچھ بگاڑ نہیں سکتیں ،مخالفین کسی بھول میں نہ رہیں 21جولائی کو یہ منہ چھپاتے پھرینگے انہوں نے مزیدکہا کہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کلین سویپ کرکے اقتدار پرستوں کی تمام امیدوں وخواہشات کو بہا کرلے جائے گی، وفاقی وزراء کی یلغار کا راستہ عوام روکیں گے اور ان کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،تحریک انصاف آزادکشمیر صرف فوٹوسیشن کی جماعت ہے اور ن لیگ کا کوئی عقیدہ ہے نہ نظریہ ،عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں ،بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کو بہت بڑی قوت بنا دیا ہے ، 2016کے انتخابات میں پیپلزپارٹی دوبارہ حکومت بنائے گی اور عوامی فلاح وبہبود کے مشن کو جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کے آزادکشمیر میں خطابات سے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش وولولہ پیدا ہوا ہے آج پیپلزپارٹی جتنی متحد ومنظم ہے پہلے کبھی نہ تھی، آزادکشمیر کی اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی سے خائف ہیں کیونکہ انہیں اندازہ ہے کہ پیپلزپارٹی الیکشن جیت جائے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت اور ان کی عزت وناموس کا نام ہے ، عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے ،پارٹی سے بے وفائی کرنے والے غداروں کو نشان عبرت بنائیں گے اور انتخابات کے بعد جگہ جگہ ان کی چیخیں سنائی دیں گی، انتخابات فوج کی نگرانی میں ہونے چاہئیں،آزادانہ ومنصفانہ انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی جیتے گی جھرلو ٹھپوں کے ذریعے عوامی رائے کو بلڈوز نہیں کیا جاسکتا۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)شمسی توانائی کی مدد سے اڑنے والا طیارہ سولر امپلس 2 کامیابی سے بحرِ اوقیانوس عبور کرنے کے بعد سپین کے شہر سیویل میں اتر گیا ہے ۔ طیارے نے یہ سفر تقریباً تین دن میں پورا کیا ہے جو کہ اس طیارے کا اب تک کا طویل ترین سفر تھا ۔ طیارہ دنیا کے گرد چکر لگانے کی مہم پر ہے اور یہ اس کے عالمی سفر کا 15 واں مرحلہ تھا ۔ اگلے مرحلے میں طیارہ بحیرۂ روم کو عبور کرے گا ۔ سولر امپلس نے اپنا سفر گذشتہ سال مارچ میں ابوظہبی سے ہی شروع کیا تھا
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)بحری بیڑے بنانے والی مایہ ناز کمپنی رولز روئز نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ایسا جہاز بنانے کی تیاری کردی ہے جسے دور بیٹھا شخص ریمورٹ کے ذریعے کنٹرول کرسکے گا اور 2020 تک بغیر کسی کپتان کے بحری بیڑا سمندر میں اتار دیا جائے گا۔ بغیر کپتان کے چلنے والے اس بحری بیڑے کو “ڈرون شپ” کا نام دیا جارہا ہے جس کے حوالے سے رولز روئز کا کہنا ہے کہ ایک خیالی بحری جہاز کو حقیقت کا رنگ دینے کے لئے تمام ضروری ٹیکنالوجی پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
رولز روئز کے نائب صدر آسکر لیونڈر کا لندن میں شپ انٹیلی جنس سے متعلق بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ ہم آلٹو یونیورسٹی اور وی ٹی ٹی ریسرچرز کے ساتھ مل کر اس پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جسے فیوچر آپریٹر ایکسپیرئنز کنسیپٹ کا نام دیا گیا جس کی تکمیل کے بعد اسے کمرشل استعمال میں لایا جائے گا جب کہ کشتی کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کمرے سے کنٹرول کیا جائے گا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ڈرون شپ محفوظ، سستی اور کم آلودگی پھیلانے والی کشتی ہوگی جس کی مدد سے دنیا بھر میں مستقبل میں 90 فیصد تجارت کی جائے گی جب کہ کشتی میں 360 ڈگری کیمروں کے علاوہ ایسے سینسر موجود ہوں گے جو کنٹرول روم میں بیٹھے شخص کو کسی بھی خطرے کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو امیگریشن بل کے ذریعے تحفظ دینے کے صدارتی بل پر عمل در آمد کو سپریم کورٹ کی جانب سے روک دیا گیا ہے۔ صدر براک اومابا کے امیگریشن بل پر عمل در آمد کو سپریم کورٹ کی جانب سے روکے جانے پر امریکا بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔ حیران کن طور پر اس فیصلے پر سپریم کورٹ کے چار جج اس بل کے حق میں جبکہ چار ہی مخالفت میں رولنگ دیتے نظر آئے اور اسی ڈیڈ لاک کے باعث امیگریشن بل پر عمل در آمد اب ممکن نہیں رہا۔ اس ڈیڈ لاک کو ری پبلکن پارٹی کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے یہاں تک کہ ہاؤس اسپیکر پال رائن کہتے ہیں کہ قانون بنانے کا اختیار صرف کانگریس کو ہے امریکی صدر کو نہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے نظر آئے۔ ماہرین کے مطابق سپریم کورٹ پر امیگریشن بل پر ڈیڈ لاک کی ایک بڑی وجہ سپریم کورٹ کے ہی جج جسٹس انٹونن سکالیا کی وفات ہے ۔ ان کے وفات کے بعد ابھی تک نئے جج کی تعیناتی نہیں ہوسکی۔ سپریم کورٹ کے جج کی تعداد نو ہوتی تو فیصلہ شاید مختلف ہوتا۔ صدر اوباما نے گزشتہ ماہ میرک گارلینڈ کو سپریم کورٹ کا نیا جج تعینات کیا تھا تاہم ری پبلکن سینیٹرز اس تقرری کی منظوری دینا نہیں چاہتے۔ سپریم کورٹ کے ڈیڈ لاک پر امریکہ میں موجود تارکین وطن مختلف ریاستوں میں احتجاج کرتے نظر آرہے ہیں اور اس بل کی فوری منظوری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کے مطابق امریکا میں اس وقت 12 کروڑ افراد غیر قانونی طور پر مقیم ہیں اور صدر اوباما امیگریشن بل کے ذریعے ان تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینا چاہتے ہیں مگر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر اوباما کی مدت میں اس بل پر عمل در آمد ہوتا اب مشکل نظر آتا ہے۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی قومی مرکز برائے فضائی تحقیق سے وابستہ ماہر ماحولیات یانگیانگ ژو کے مطابق 1960 کے عشرے سے اب تک ہمالیائی خطے میں برف کم ہورہی ہے اور برفانی چادروں پر سیاہ کاربن جمع ہورہا ہے۔ اسی وجہ سے کلائمٹ ماڈل بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ اس علاقے میں مقامی آلودگی بھی نقصان دہ ثابت ہورہی ہے لیکن صرف گلوبل وارمنگ کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ۔ ایندھن کی باقیات اور راکھ س خطے میں درجہ حرارت کو بڑھا رہے ہیں۔ انٹرنیشنل سینٹر فار دی انٹی گریٹڈ ماؤنٹین ڈویلپمنٹ ( آئی سی آئی یم او ڈی) کے ماہر ارون بی شریستا کے مطابق اس علاقے میں ایندھن کی آلودگی ، بائیوفیول اور کھیتی باڑی کے بعد جلائے جانے والے کچرے سے چی ایچ جی اور بلیک کاربن ذرات برف کی چادروں پر جمع ہورہے ہیں۔ اس علاقے کے لوگ لکڑی اور گاؤں کے گوبر کو جلارہے ہیں کیونکہ ان کے پاس دوسرا کوئی راستہ موجود نہیں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومتیں دیگر متبادل طریقوں پر غور کریں۔ صرف کھٹمنڈو میں ہی آلودگی کے ذرات عالمی ادارہ صحت کے معیار سے پانچ گنا زائد ہیں۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)اگرچہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن ڈنمارک میں نصب ہے جس کی ایک پنکھڑی کی لمبائی 290 فٹ ہے لیکن جرمنی کی یہ سب سے بڑی ونڈ ٹربائن کے ایک بلیڈ کی لمبائی 295 فٹ ہوگی اور لندن کے مشہور جھولے ’ لندن آئی‘ سے بھی 33 فیصد بڑی ہوگی، اس کا پہلا 8 میگا واٹ کا ٹربائن اس سال کے اختتام پر تیار اور نصب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسے فرانس کے ونڈ فارم کا حصہ بھی بنایا جائے گا جو مشترکہ طور پر 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔
پنکھڑیوں کی ڈیزاننگ میں بطورِ خاص خیال رکھا گیا ہے کہ یہ آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے سامنے ٹھہر سکے اور اس کے لیے جدید ترین کمپیوٹروں اور ایئروڈائنامکس سے آزمائش کی ہے، اس کے علاوہ پنکھڑیوں پر خاص قسم کی کوٹنگ کی گئی ہے۔ دوسری جانب امریکا نے بھی دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن بنانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ایک ونڈ ٹربائن 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرسکے گی۔
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) اسرائیل نے 2010 میں غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ترک بحری جہاز ‘ماوی مارمارا’ پر حملے پر معافی مانگنے اور زر تلافی ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ تفصیلات کے مطابق 2010 میں غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ترک بحری جہاز ‘ماوی مارمارا’ پر حملے پر معافی مانگنے اور زر تلافی ادا کرنے پر ترکی اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے. اسرائیل ترکی کو 2 کروڑ ڈالر زر تلافی ادا کرے گا،اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک اپنے سفیر بھی تعینات کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں جس کے بعد تقریباً 6 برس بعد ترکی اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال ہوجائیں گے. ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے پیر کے روز انقرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک سفیروں کا تبادلہ بھی کریں گے. یاد رہے کہ اسرائیلی کمانڈوز نے غزہ کے محصور شہریوں کے لیے امداد لے جانے والے ترک بحری جہازوں کے قافلے پر حملہ کردیا تھا جس میں دس افراد ہلاک ہوگئے تھے. ترک وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معاہدے کے بعد ترکی حماس کے زیر کنٹرول علاقوں میں غزہ کے شہریوں تک زیادہ موثر طریقے سے امداد پہنچا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے بعد دس ہزار ٹن امدادی سامان سے لدا ہمارا پہلا بحری جہاز جمعہ کو اسرئیل کے اشدود بندرگاہ کے لیے روانہ ہوگا. معاہدے پر آج دونوں ممالک کی جانب سے دستخط کردیے جائیں گے جس کے بعد اس کی توثیق کا عمل شروع ہوجائے گا. واضح رہے کہ دونوں ممالک کئی ماہ سے معاہدے کے لیے کسی تیسرے ملک میں مذاکرات کررہے تھے.