ایمز ٹی وی(کراچی) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے امجد صابری قتل اور اویس شاہ کے اغوا کے معاملے پر جے آئی ٹی کی منظوری دے دی۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے امجد صابری قتل اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کے اغوا کے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں پولیس سمیت دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران بھی شامل ہیں جب کہ ٹیم دونوں کیسوں میں اب تک گرفتار ہونے والے ملزمان سے تفتیش کرے گی۔
واضح رہے کہ امجد صابری کو چند روز قبل لیاقت آباد کے علاقے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ اویس شاہ کو کلفٹن میں شاپنگ مال کےباہر سے اغوا کیا گیا جن کا اب تک کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے
ایمزٹی وی(لاہور) سی ٹی ڈی نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بڑی تعداد میں ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی لاہور نے مصدقہ اطلاع پر راولپنڈی کے علاقے حکیم سعید آباد میں کارروائی کر کے داعش کے کمانڈر علی جہانگیر کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے
کمانڈر کے قبضے سے درجنوں ممنوعہ سی ڈیز برآمد ہوئی ہیں جن کے ذریعے سے وہ اشتعال انگیز پیغامات پنجاب بھر میں پھیلاتا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علی جہانگیر عرف نفیس ایوب پارک کے قریب کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا، دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور) مون سون کے باعث پنجاب میں سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے اور12اضلاع کے اس کی زد میں آنے کا امکان ہے ۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ اضلاع کی نشاندہی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کے احکامات دئیے ہیں ۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے صوبے کے جن بارہ اضلاع میں سیلاب کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے ان میں ڈی جی خان ، بھکر ، میانوالی ، مظفر گڑھ ، لیہ ،جھنگ ، راجن پور اور دیگر اضلاع شامل ہیں ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دیگر قریبی اضلاع کو بھی مختلف کیٹگریز میں شامل کرلیا ۔ ان اضلاع میں سیلاب سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات کو تیز کر دیا گیا ہے
ایمزٹی وی (کھیل) بھارتی کرکٹ بورڈ نے انیل کمبلے کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ یہ تقرری ایک سال کے لیے کی گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر نے انیل کمبلے کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انیل کمبلے پر پورا بھروسہ ہے اور تمام کھلاڑی ان کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کوچ کا عہدہ ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری کے پاس تھا۔ ان کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی تھا جس پر اب انیل کمبلے کا تقرر کیا گیا ہے۔ اس عہدے کے لیے سابق کپتان ساروو گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل مشاورت پینل کو 57 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس میں سے 22 افراد کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی اور ون ڈے کپتان ایم ایس دھونی سے اس بارے میں مشورہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ اور بولنگ کوچز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر، ساروو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن بھارتی بورڈ کے مشیر رہیں گے اور راہول ڈریوڈ حسب سابق جونیئر ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ انیل کمبلے ٹیسٹ کی تاریخ کے تیسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔ انہوں نے 14 ٹیسٹ میچز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی۔ وہ بھارتی ٹیم کے دسویں کوچ ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں 619 اور ون ڈے میں 337 وکٹیں حاصل کیں۔ 2005 میں انہیں ملک کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا گیا۔
ایمز ٹی وی(کراچی) معروف قوال امجد صابری کے قتل کے بعد فنکار برادری نے عدم تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے وی آئی پی سیکیورٹی مانگ لی ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ درخواست بھی دے دی گئی ہے جب کہ وزیر داخلہ سہیل انور کا کہنا ہےکہ کسی فنکار کے لیے سیکیورٹی لازمی ہوئی تو ضرور دیں گے۔
کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کے بعد شہر سے تعلق رکھنے والی فنکار برادری نے عدم تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے وی آئی پی سیکیورٹی مانگ ہے اور اس سلسلے میں سندھ سنسر بورڈ کے چیرمین فخر عالم ، فیصل قریشی ، ماریہ واسطی اور میرا سمیت دیگر 62 فنکاروں نے کراچی کے ڈیفنس تھانے میں باضابطہ درخواست بھی جمع کرادی ہے۔ ڈیفنس تھانے میں درخواست جمع کرانے کے بعد فخر عالم کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ درخواست میں وی آئی پی سیکیورٹی مانگی گئی ہے اور نہ دینے کی صورت میں سرکاری حکام سے یہ سیکیورٹی واپس لینے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی فنکار کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار سرکاری حکام ہوں گے۔
دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے امجد صابری کے گھر پہنچ گھر ان کے ورثا سے تعزیت کی اس موقع پر آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے ملزم کا گواہ کی شہادت پر خاکے بنائے گئے ہیں تاہم ملزم کا 100 فیصد خاکہ نہیں بن سکتا جب کہ چیف جسٹس سندھ کے صاحبزادے اویس شاہ کو جلد بازیاب کرانا چاہتے ہیں۔
ادھر صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ امجد صابری کے قتل کے محرکات کا جلد پتہ چلالیں گے جب کہ استعفے اور افسروں کو ہٹانا مسئلے کا حل نہیں البتہ میرے ہٹنے سے کراچی کے حالات بہتر ہوجائیں تو گھر چلا جاؤں گا کیوں کہ عہدے اور وزارتیں آتی جاتی ہیں، عہدوں سے چپک کر بیٹھنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سیکیورٹی کے لیے کبھی بازار بند نہیں کرائے جب کہ کسی فنکار کے لیے سیکیورٹی لازمی ہوئی تو ضرور دیں گے
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)امجد صابری اورراحت فتح علی خان، ”آج رنگ ہے ایمان“ قوالی کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کرواچکے تھے، یہ قوالی عہد حاضر کی ایک یادگار قوالی کے طور پر جانی جائے گی کیونکہ 40 سال قبل امجد صابری کے والد حاجی غلام فرید صابری اور راحت فتح علی خان کے چچا نصرت فتح علی خان نے ساتھ کراچی کی درگاہ میں پڑھی تھی۔ اس قوالی کو میوزک پروڈیوسر شانی ارشد نے ترتیب دیا ہے جب کہ اس کی ہدایات جعفر علی زیدی نے دی ہیں۔ شانی ارشد نے امجد صابری کے قتل پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی تک صدمہ میں ہوں کہ یہ کیا ہوگیا، کوک اسٹوڈیو میں ان کا یہ کلام ان کو خراج تحسین ہوگا۔ کوک اسٹوڈیو سیزن 9 کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کرلی گئی تھیں جب کہ یوم آزادی 14 اگست کو ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سےزرداری ہاؤس میں ملاقات کی. ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے رہنماؤں نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں پارٹی کی تنظیمی امور سے آگاہ کیا، ملاقات میں ملکی سیاسی امور کے ساتھ خیبر پختونخوا کی مخصوص نشست برائے آزاد کشمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زراری سے ملاقات کرنے والوں میں شجاع خان، سینیٹر روینہ خالد، نگہت اورکزئی، اور سابق وزیرظاہر شاہ سمیت دیگر رہنماشامل تھے، مخصوص نشست پر کے پی کے امیدوار عبدالرمان سلہریہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی.
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور اوراداکارہ کترینہ کیف میں طویل عرصہ دوستانہ رہا ہے جس کے بعد دونوں اداکاروں نے ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی یہی نہیں دونوں اداکاروں کی علیحدگی کے باعث کئی فلموں کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی لیکن اب دونوں اداکاروں نے تقریبات میں بھی ایک دوسرے کو نظر انداز کرنے لگے ہیں۔ گزشتہ دنوں رنبیر کپور سالگرہ کی تقریب میں پہنچے جہاں پہلے سے ہی اداکارہ کترینہ کیف بھی موجود تھیں جب کہ کترینہ کیف اپنے سابقہ دوست سے ملنے کے لیے پرتولتی رہیں لیکن رنبیر کپور پورا وقت کترینہ کو نظر انداز کرتے رہے جس پرتقریب میں موجود تمام شخصیات بھی رنبیر کے رویئے پر حیرانی کا اظہار کرتی رہیں۔ واضح رہے کہ رنبیرکپور اور کرینہ کیف فلم ’’جگا جاسوس‘‘ میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں جس کی شوٹنگ دونوں کی علیحدگی کے بعد متعددبار روکنی پڑی ہے۔
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ اس وقت پاکستانی فلموں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے اس لیئے ہمارے ملک میں بہت اچھی اور معیاری فلمیں بن رہی ہیں اس سال بھی عید پر تین پاکستانی اردو فلموں کی نمائش کی جارہی ہے لیکن ایک بار پھر بھارتی فلم کی نمائش کرکے پاکستانی فلموں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، ادکار غلام محی الدین کا کہنا ہے پاکستانی فلم بین اپنے ملک میں بنائی جانے والی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں عید پر پاکستانی فلموں کے مقابلے میں بھارتی فلم کی نمائش کسی طور پر درست فیصلہ نہیں ہے یہ پاکستانی فلموں کے خلاف سازش ہے۔ اداکار سعود کا کہنا ہے سنیما مالکان کو چاہیے کہ وہ بھارتی فلم کی نمائش نہ کریں،کیونکہ اس وقت ہماری فلمیں بہت اچھی اور عمدہ ہیں اور پاکستانی فلم بین بھی پاکستانی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں،فلم ساز ہدایت کار سعید رضوی نے کہا عید پر 3پاکستانی فلموں کی نمائش کے بعد کسی بھی بھارتی فلم کی نمائش کا کوئی جواز نہیں بنتا،یہ پاکستانی فلموں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ہمیں اپنے ملکی فلموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ،اداکار اسلم شیخ نے کہا پاکستانی فلموں کی کامیابی کا دور شروع ہوچکا ہے کوئی بھی بھارتی فلم ہماری ترقی کو نہیں روک سکتی، لہذا بھارتی فلم کی نمائش سے ہماری ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)بالی ووڈ کے ناموراداکارانیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن نے بھی بالی ووڈ میں انٹری دے دی ہے اور گزشتہ روز ان کی پہلی فلم مرزیاکا ٹریلر جاری کردیاگیاہے۔ راکیش اوم پرکاش مہرا کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی یہ فلم مشہور لوک داستان ’’مرزا صاحباں‘‘ سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے ۔ فلم میں انیل کپورکے بیٹے ہرش وردھن کے ساتھ سیامی کھیرمرکزی کردار میں ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں اوم پوری ، آرٹ ملک ، کے کے رائنا اور انوج چوہدری شامل ہیں جب کہ فلم 7 اکتوبرکونمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔