ایمزٹی وی(راولپنڈی)پولیس نے بسلسلہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد کی ہدایات پر پولیس نے یومِ شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے 26،25اور27جون کو ضلع راولپنڈی میں ہونے والی مجالس اور جلوس کے لیے سکیورٹی پلان جاری کر دیا ۔ضلع راولپنڈی میں یومِ شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے 23جلوس اور 98مجالس کا انعقاد ہوگا جن کی سکیورٹی کیلئے 4ہزار افسر و اہلکار ڈیوٹی دیں گے ۔ ضلع پولیس کے علاوہ محافظ اسکواڈ ، ایلیٹ فورس ،اسپیشل برانچ ، پی کیو آر اور ریزرو فور س بھی ڈیوٹی دیگی۔ -
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل)بھارت کے شہر ممبئی میں ایک فلائی اوور کے نیچے خالی جگہ پر باغ بنا لیا گیا۔ اب اس فلائی اوور کے اوپر گاڑیاں دوڑتی ہیں اور نیچے شہری اپنا فارغ وقت پھولوں اور پودوں کے ساتھ گزارتے ہیں۔ ممبئی کے علاقے مٹنگا میں ڈاکٹر بابا صاحب روڈ پر واقع فلائی اوور کے نیچے خالی جگہ پر باغ بنالیا گیا۔ اس باغ کا نام نانا لعل ڈی مہتا گارڈن رکھا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اس خالی جگہ کو غلط استعمال، خاص طور پر نشئی افراد کی پناہ گاہ بننے سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 4 سال قبل جب یہ فلائی اوور کھولا گیا تو اس کے نیچے نشئی افراد، جواریوں اور گداگروں نے اپنا ٹھکانہ بنالیا۔ کچھ رہائشیوں نے اس بارے میں ممبئی کی میونسپل کارپوریشن کو آگاہ کیا اور ان کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کی اپیل کی۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت یہاں سیکیورٹی گارڈز بھی تعینات کیے تاکہ وہ اس جگہ کو ان لوگوں سے محفوظ رکھیں اور یہاں کچرا کنڈی نہ بننے دیں۔ جواریوں اور نشئی افراد کی وہاں موجودگی مقامی افراد کے لیے بے حد تکلیف اور پریشانی کا باعث بن رہی تھی۔ سال 2011 میں یہاں کے لوگوں نے مقامی و شہری حکومتوں کو درخواست دی جس میں تجویز پیش کی گئی کہ اس جگہ کو گارڈن میں تبدیل کردیا جائے۔ کئی درخواستوں کے بعد 2015 میں میونسپل کارپوریشن نے اس جگہ کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا۔ اس گارڈن کے فرش کو دریا نرمادا کے بہاؤ کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انجینیئرز اور آرکیٹیکٹس نے دریا کے بہاؤ کا مشاہدہ کیا اور اس کا نقش گارڈن کے فرش پر ڈیزائن کیا۔ 600 میٹر لمبے راستے کو نیلے رنگ سے رنگا گیا ہے جبکہ اطراف میں دریائے نرمادا کے کنارے واقع پہاڑوں کی نقل بنائی گئی ہے۔ گارڈن میں ایک گرینائٹ کا بلاک بھی نصب کیا گیا ہے جس میں دریائے نرمادا کی تاریخ اور اس کے بارے میں معلومات درج ہیں۔ گارڈن میں 300 لائٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ قریبی آبادی کے رہائشی کریدیتا پٹیل اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’ممبئی جیسے پرہجوم شہر میں ایسی پرسکون جگہ کا ہونا ایک نعمت ہے۔ یہاں ہم اپنے دوستوں اور پڑوسیوں سے ملتے ہیں اور یہاں واک کر کے ہمیں بہت مزہ آتا ہے‘۔ اس گارڈن کو صبح 8 سے دوپہر 1 اور شام 4 سے رات ساڑھے 9 بجے تک کھولا جاتا ہے۔
ایمز ٹی وی(صحت)ماہرینِ غذائیات کے مطابق شاخ گوبھی میں موجود فلے وونوئڈز کئی امراض کو مؤثر انداز میں روک سکتےہیں۔ اگر ہر 3 روز بعد شاخ گوبھی کا استعمال کیا جائے تو اس سے جسم کا امنیاتی دفاعی نظام بیدار ہوکر سوزش اور دیگر امراض کا خاتمہ ممکن بناتی ہے۔ ماہرین نے شاخ گوبھی میں موجود مفید جینزدریافت کرلیے ہیں اورانہیں عام گوبھی اور دوسری سلاد وغیرہ میں شامل کرکے انہیں بھی ’ سپر فوڈز‘ بنایا جاسکتا ہے۔ یونیورسٹی آف الینوائے کے پروفیسر کے مطابق فینولِک مرکبات میں اینٹی آکسیڈنٹس خواص ہوتے ہیں اور یہ انسانوں میں سوزش ( انفلیمیشن) کو مؤثر انداز میں روکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق شاخ گوبھی میں موجود اہم اجزا جسم میں اچھی طرح جذب ہوجاتے ہیں اور جگر میں جمع ہوتے رہتے ہیں اس کے بعد وہ خون میں شامل ہوکر اپنی اینٹی آکسیڈنٹس خواص کی بنا پر جلن اور دیگر امراض کو روکتے ہیں اور اسی بنا پر یہ کینسر اور دیگر امراض کو ختم کرسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کچی شاخ گوبھی میں موجود اجزا کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ یہ جسم سے زہریلے مرکبات خارج کرکے بدن کو ڈی ٹاکسیفائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگربدن میں وٹامن ڈی کی کمی ہے تو بروکولی بدن میں اس کی افزائش میں مددگار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ شاخ گوبھی میں وٹامن اور غذائی اجزا کا ایک خزانہ موجود ہوتا ہے جن میں وٹامن کے، وٹامن سی، کرومیم، فولیٹ، فائبر، وٹامن بی سکس، وٹامن ای، فاسفورس، مینگنیز، وٹامن اے، پوٹاشیئم، اومیگا تھری ، آئرن اور زنک کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)روسی خبررساں اداروں کے مطابق اس منصوبے کے لیے لیونا 25 نامی ایک خلائی جہاز بھی تیارکرلیا گیا ہے جو چاند پر بسنے کی راہ ہموار کرے گا۔ اس کے علاوہ چاند تک بھاری سامان بھیجنے کے لیے انگرا اے 5 وی نامی طاقتور ترین راکٹ کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔ منصوبے کے تحت چاند کے قطبین پر بجلی کا اسٹیشن بنا کر وہاں رہائشی کالونی کو توانائی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ خلانوردوں کو ریڈی ایشن اور دیگر مضر اشیا سے محفوظ رکھنے کے لیے خاص حفاظتی اسٹرکچر بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ اس سے قبل روسی خلائی ایجنسی نے کہا تھا کہ وہ چاند پر 2024 تک ایک خلائی جہاز روانہ کرے گی تاکہ اگلے 6 برس میں انسانوں کو وہاں بسانے کا کام شروع کیا جاسکے۔ ناقدین کے مطابق روس وہاں عسکری اڈہ بنانا چاہتا ہے جب کہ بعض ممالک کے مطابق روسیوں کی نظر چاند کی قیمتی معدنیات پر ہے۔
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) امریکا کی حمایت کے باوجود بھارت کا نیوکلیئر سپلائر گروپ کا ممبر بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے دنیا کے چکر لگائے امریکا کی حمایت سمیٹی اور آخری وقت میں چین کو رام کرنے کی کوشش بھی کی لیکن اس ساری بھاگ دوڑ کا نتیجہ صفر نکلا، نیوکلیئر سپلائیرز گروپ نے مودی جی کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، کچھ ممالک نے وعدے کے باوجود نیوکلیئر سپلائی گروپ کے اجلاس کے دوران بھارت کی حمایت سے صاف انکار کردیا ۔ دوسری جانب ترکی برازیل، آسٹریا، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے بھارت کی کھل کر مخالفت کی جبکہ چین تو پہلے ہی بھارت کو لال جھنڈی دکھا چکا تھا۔ بھارت کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی سے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ناقدین نے بھارت کے جوہری پروگرام کو دنیا کا سب سے غیر محفوظ پروگرام قرار دے دیا۔ واضح رہے نیو کلیئر سپلائر گروپ میں 48 ممالک شامل ہیں جو دنیا بھر میں جوہری مواد کے معاملات کو دیکھتے ہیں اور رکن ممالک کو جوہری موادکی تجارت کا اختیار حاصل ہے.
ایمزٹی وی(تعلیم)ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پانچویں آئوٹ اسٹینڈنگ ریسرچ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا سائنس و ٹیکنالوجی کسی بھی ملک کی اقتصادی و معاشی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اگر ہم ترقی کی دوڑ میں نمایاں مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نئی نسل کی ریسرچ میں حوصلہ افزائی اور تعاون کرنا ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور بے عیب تعلیمی نظام کی ترویج ہی مربوط اور مضبوط ریسرچ کلچر کے قیام میں مدد دے سکتی ہے ۔ وفاقی وزیر نے تمام ایوارڈ یافتہ اسکالرز اور ریسرچرز کو مبارکباد دیتے ہوئے تمام متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اپنی تعلیمی قا بلیت اور سر گرمیوں کو ملکی و عوامی ترقی کیلئے استعمال کریں ۔
ایمز ٹی وی(بزنس)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرینوں کے کرائے میں باقاعدہ کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت تمام گاڑیوں کی ہر کلاس کے ٹکٹ 33 فیصد تک سستے کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان ریلوے کے مطابق بہاؤالدین ذکریا، موسیٰ پاک ایکسپریس، ملتان ایکسپریس اور مہر ایکسپریس کی مختلف کلاسوں میں 16سے 25 فیصد تک رعایت دی گئی ہے جب کہ کراچی ایکسپریس، پاک بزنس، جعفرایکسپریس، گرین لائن، قراقرم ایکسپریس، خیبر میل، علامہ اقبال، تیزگام کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر ٹرینوں کی مختلف کلاسوں میں 10 فیصد تک رعایت دی گئی تھی۔
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) معروف قوال امجد صابری کے قتل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں افسوس و مذمت کا اظہار کیا جارہاہے، امریکا نے بھی امجد صابری کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے امجد صابری کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا، انکا کہنا تھا کہ امجدصابری کا قتل مذہبی آزادی کے تقاضوں کیخلاف ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ قتل کے واقعے پر امریکہ کی ہمدردیاں امجدصابری کے خاندان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ یاد رہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر دس پر موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے امجد صابری کو ٹارگٹ کرکے قتل کردیا تھا، امجد صابری کو چھ گولیاں لگی تھیں۔
ایمز ٹی وی(بزنس)نئے نوٹ جاری کرنے والی سروس کا کوڈ 8877 ہے، یہ سروس ملک بھر میں نامزد کردہ بینکوں کی 500 ای برانچز کے علاوہ ایس بی پی۔ بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر میں بھی مہیا کی گئی ہے،اسٹیٹ بینک کے مطابق اب تک تقریباً 13 لاکھ افراد نے بکنگ کوڈ حاصل کیے ہیں جس میں سے 55 فیصد کومذکورہ بالا برانچز سے نئے کرنسی نوٹ جاری کردیے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک کی اس خصوصی سروس کے نتیجے میں نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک مارکیٹنگ میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور عوام اضافی قیمت ادا کیے بغیر ہی نئے کرنسی نوٹ حاصل کر سکیں گے، اس سروس پرعوام نے ایک مرتبہ پھر بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی ای برانچز بکنگ کی حد کو توقع سے پہلے ہی چھو چکے تھے اور مزید افراد کو سہولت دینے کے لیے ان برانچوں کی حد کو بڑھا دیا گیا ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ وہ افراد جنہیں بکنگ کوڈ جاری کیے جا چکے ہیں اور وہ عید الفطر 2016 سے قبل بقیہ کام کے دنوں میں نئے نوٹ حاصل کر لیں اس سہولت کو 25 جون 2016 بروز ہفتہ رات 12بجے سے بند کیا جا رہا ہے اور اس کے بعد کوئی بکنگ کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا، عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ 8877 پر ایس ایم ایس بھیجنے سے گریز کریں۔
ایمز ٹی وی(بزنس)وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نےبات بینک دولت پاکستان کراچی کے دورے پرمنعقدہ اجلاس میں بینکوں کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 برسوں کے دوران ملک کے زرمبادلہ کی صورت حال میں خاصی بہتری آئی ہے، امکان ہے کہ مالی سال کے آخر تک یہ 23 ارب ڈالر کی سطح کو چھو لیں گے، ہم توقع کر رہے ہیں کہ آئندہ ہفتے مزید1ارب ڈالر موصول ہو جائیں گے۔ انہوں نے ملکی ترسیلات زر سے متعلق کاوشوں پر بینکوں کے کردار کو سراہا اور کہ ٹی ٹی چارجز کی ادائیگی کی مد میں حکومت 2015-16کے بجٹ میں مختص کی گئی رقم سے 3 ارب روپے جاری کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں شمولیت کا ارادہ نہیں ہے۔ قبل ازیں گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے وزیر خزانہ کا خیرمقدم کیا۔