ایمز ٹی وی(صحت)لاڑکانہ کے ڈاکٹروں کا انوکھا کارنامہ، آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں قینچی بھول گئے، متاثرہ خاتون نے دوبارہ آپریشن کیلئے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔
گاؤں اکرم خان لنجوانی کی 70 سالہ خاتون نے گردوں کی تکلیف کے باعث نجی میڈیکل سینٹر میں آپریشن کروایا، لیکن ڈاکٹروں نے قینچی پیٹ میں ہی چھوڑ دی۔
تکلیف بڑھنے پر جب مریضہ کی حالت خراب ہوئی تو ڈاکٹروں نے علاج سے انکار کردیا، متاثرہ خاتون انصاف کی تلاش میں پریس کلب پر احتجاج کیلئے پہنچ گئی۔
(فیصل آباد) وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار کی سیاست اور پاکستان کے حالات قابو سے باہر کرنا چاہتے ہیں ۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے بھی کینٹینر پر شوق پورا کیا تھا اور اب بھی وہ ملک میں انتشار کی سیاست چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے حالات قابو سے باہر ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا اور پنجاب حکومت کا تقابلی جائزہ لینے کا چیلنج کرتا ہوں۔ خیبرپختون خوا میں تحریک انصاف کی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے وہاں تو خواجہ سراؤں کی بھی شامت آئی ہوئی ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، صوبے میں چوہوں کی صورت اللہ کا عذاب آگیا ہے اور خیبر پختون خوا حکومت چوہے مار رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جلد انصاف کی فراہمی کےلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر 24 تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنا دیا گیا ہے جس میں عوام شکایات کا اندارج کراسکیں گے۔ اگر کسی اہلکار نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس تشدد نے چائے فروش کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات سی پی او فیصل آباد کریں گے.
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جانے والی ایک بلب کی تصویر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ بلب 1325 ہجری یعنی آج سے 112 سال قبل مسجد نبوی میں لگایا گیا ۔ یہ پہلا بلب تھا جس نے روایتی شمعوں کو بجھا کر بجلی کی روشنی سے منور کیا گیا ۔ عرب ٹی وی کے مطابق مسجد نبوی کے مبینہ پہلے بلب پر جوسال تحریر کیا گیا ہے ۔ جزیرہ العرب میں بھی بجلی آنے کا یہ ہی سال تھا ۔ یعنی آج سے 112 سال قبل پہلی بار بجلی متعارف ہوئی تھی ۔ مدینہ منورہ گورنر کی ویب سائٹ کے مطابق عثمانی خلیفہ سلطان عبدالحمید کے دور میں مسجد نبوی کی توسیع 1265ھ سے 1277 ھ تک جاری رہی ۔ اس وقت مسجد نبوی میں تیل کے ذریعے روشن ہونے والے 600 دیے استعمال کیے جاتے تھے۔
ایمز ٹی وی(صحت) ہر موسم کی اپنی خصوصیات ہیں اور ہر موسم کے اپنے مزیدار پھل ہیں جن میں تربوز کا شمار بھی ایسے ہی رسیلے اور ذائقہ دار پھلوں میں ہوتا ہے جس کی خصوصیات سے شاید ہی آپ واقف ہوں۔
دل کے مریضوں کے لیے: دل کی بیماری ایک عام سی بیماری کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے اور اس کے علاج کے لیے دوائیوں کا استعمال نہ صرف جیب پر بھاری ہوتا ہے بلکہ ان دوائیوں کے سائڈ ایفہکٹ بھی بہت ہیں لہٰذا دل کے امراض سے بچنے کے لیے گھریلو ٹوٹکا استعمال کرنا چاہیے اور اس کا حل بھی تربوز اور دیگر پھلوں میں چھپا ہواہے۔ تربوز میں موجود لائی کوپین نامی اجزا دل کے امراض کے لیے انتہائی مفید ہیں اور ایک تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس کے استعمال سے دل کے امراض کو کم کیا جاسکتا ہے۔
پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے: گرمی کے موسم میں جسم سے پسینے کی صورت میں ہماری نمکیات خارج ہوتی ہیں اس لیے جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنا نہایت ضروری ہوا تا ہے اور اس کے لیے تربوز انتہائی فائدہ مند ہے جو جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ غذائیت بھی فراہم کرتا ہے۔
بالوں کے لیے مفید: تربوز میں موجود وٹامن اے جلد کے لیے بہت مفید ہے لہٰذا صرف تربوز کا ایک کپ وٹامن اے کی روزمرہ کی ضرورت کو پورا کرتا ہے جب کہ تربوز بالوں کو بھر پور موسچرائزر بھی فراہم کرتا ہے۔
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ تربوز کے جہاں فوائد ہیں وہاں نقصانات بھی ہیں لہٰذا ہمیں تربوز کا مناسب استعمال کرنا چاہیے کیونکہ زیادہ اور بے وقت کھانے سے ہیضہ جیسے امراض کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایمز ٹی وی(صحت)روزے کے دوران شدید گرمی سے پسینے زیادہ خارج ہونے پر بے چینی اور گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے جسم پر آنے والے پسینے پونچھ کر گھر کے مشروبات استعمال کیے جائیں سحری میں گرم اور تیز مصالحے دارکھانوں سے پرہیزکیا جائے ، کھانے پینے میں خاص احتیاط برتی جائے آلودہ پانی اور فرج میں رکھے باسی کھانے کھانے سے اسہال (ڈائریا) کا مرض لاحق ہوسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ماہرین طب نے گفتگو میں کیا ماہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور حبس کے دوران جسم سے پسینے خارج ہوتے ہیں جس سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے جسم میں نمکیات برقرار رکھنے کیلیے گھر کے تیار کردہ لیمو پانی اور شکنج بین کے شربت اورکچی لسی انتہائی مفید ہوتی ہے شدید گرمی میں شہری پانی ابال کر پئیں پانی کے ٹینکوں میں چھوٹے کیڑوں اور جراثیم کی نشوونما سے پیٹ اور ڈائریا کا مرض لاحق ہوسکتا ہے۔
شدید گرمی کے دوران لو لگنے سے جسم میں ڈی ہائیڈریشن کی شکایت ہوجاتی ہے ایسی صورت میں مریض کے سرپر پانی ڈالا جائے اور اسے گھر کے ٹھنڈے مشروبات پلائے جائیں سحری میں کھانے کے ساتھ لسی پینے سے دن بھر سکون رہتا ہے اور روزہ دار کو گرمی میں زیادہ پیاس نہیں لگتی ، سحری میں مرغن اور مصالحے دار غذاؤں سے اجتناب کریں اور ہلکی پھلکی کھانے کی اشیا سے سحری کرنا مفید ہوتا ہے۔
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) افغان حکومت نے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے نابینا شخص کو صوبہ ارزگان کا پولیس چیف مقرر کر دیا۔ افغان میڈیا کے مطابق شاہ محمد شاہ 13سال تک محکمہ پولیس میں خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں اور وہ آئی ای ڈی تلف کرنے کے ماہرسمجھے جاتے ہیں، ایک حملے کے دوران شاہ محمد شاہ کی دونوں آنکھیں ضائع ہوگئیں لیکن انھوں نے ہمت نہ ہارتے ہوئے بھارت میں 2 دفعہ آپریشن کروائے مگر سب بے کار گیا، آپریشن کی ناکامی پر شاہ محمد شاہ نے محکمہ پولیس چھوڑنے کا فیصلہ کیا تاہم صوبائی ملٹری کونسل نے انھیں محکمہ چھوڑنے کی اجازت نہ دی اور صوبے کا پولیس چیف مقررکردیا۔
ایمز ٹی وی(صحت)ماہرین کا اصرار ہے کہ اسپتالوں کے بستر کئی طرح کے جراثیم سے بھرے ہوتے ہیں اور ان کو ختم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کم ازکم بستروں کے اطراف کے پائپ پر تانبے کا ملمع چڑھادیا جائے۔ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو اسپتال سے پھیلنے والے سالانہ کروڑوں انفیکشنز کے واقعات اور اس کی پیچیدگیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
امریکا سے لے کر پاکستان تک، اسپتال کے بستر نمونیہ، پیشاب کی نالی کے انفیکشن اور دیگر بیماریاں پھیلانے کی وجہ بنتے ہیں اور ان کا بوجھ بھی اسپتالوں اور ڈاکٹروں پر پڑتا ہے۔ صرف آسٹریلیا میں ہی سالانہ 2 لاکھ افراد اسپتالوں سے بیمار ہوکر آتے ہیں اور غریب ممالک میں تو اسپتال انفیکشنز جان لیوا بھی ہوتے ہیں۔ ان میں سے 80 فیصد انفیکشنز اسپتالوں کی سطح یا بستر پر ہاتھ لگانے سے ہوتے ہیں اور بستروں کو سب سے آلودہ جگہ کہا جاتا ہے۔
تجربے کے لیے چلی کی ایک کمپنی نے پورے ملک کے 150 اسپتالوں کے بستروں کی ریلنگ اور پائپ وغیرہ پر تانبا چڑھایا اور اس کے بعد جراثیم کا جائزہ لیا تو تانبے والے بستروں پر انفیکشن 3.4 سے 8.1 فیصد کم ہوگیا ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یک خلوی ( سنگل سیل) بیکٹیریا جیسے ہی تانبے سے چھوتا ہے اس میں باریک سوراخ ہوجاتے ہیں اور وہ اپنی تعداد نہیں بڑھا پاتا اور خود بھی ختم ہوجاتا ہے۔ ماہرین نے تجویز دی ہے کہ تانبے کے بستروں سے اسپتال کے مہلک جراثیم بہت حد تک ختم کیے جاسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی(صحت)امریکی طبی جریدے لینسٹ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق فالج کی وجوہات پر کی گئی تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ فضائی اورگھریلو آلودگی بھی فالج کی اہم وجہ ہے جب کہ 74 فیصد وجوہات میں ورزش نہ کرنا ، سگریٹ نوشی اور ناقص غذائیں شامل ہیں۔ تحقیق میں 1990 سے 2013 کے درمیان فالج کے واقعات کا مشاہدہ کیا گیا جس میں تمباکو نوشی، خراب غذا اور ورزش نہ کرنے کو فالج کی اہم وجوہات قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں 188 ممالک کا ڈیٹا حاصل کیا گیا جس میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ ہرسال ڈیڑھ کروڑ افراد فالج کا شکار ہوتے ہیں جن میں سے 60 لاکھ اس مرض کا مقابلہ نہ کرتے ہوئے ہلاک ہوجاتے ہیں جب کہ 50 لاکھ کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فالج کی 10 بڑی وجوہات میں ہائی بلڈ پریشر، پھلوں ، سبزیوں کا کم استعمال، وزن کی زیادتی، نمک کا استعمال، تمباکو نوشی، فضائی آلودگی، ٹھوس ایندھن مثلاً لکڑی وغیرہ کے جلانے سے گھریلو آلودگی وغیرہ شامل ہیں لیکن پوری دنیا میں فالج کے 29 فیصد واقعات کا تعلق فضائی آلودگی سے ہے اور ترقی پذیر اور غریب ممالک میں یہ شرح بہت ذیادہ ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے ذرات دماغی رگوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور سانس لینے کے دوران وہ خون میں شامل ہوکر دماغی رگوں میں خون کے لوتھڑے بناتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق افریقا، شمالی امریکا اور جنوبی ایشیا میں آلودگی اور باورچی خانے میں لکڑی اور کوئلے وغیرہ کے استعمال سے ہونے والی آلودگی اس ضمن میں خطرناک کردار ادا کررہی ہے۔
ایمزٹی وی (کھیل) قومی ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر دنیش کنیریا نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کرکٹ حلقوں میں دنیش کنیریا کے بیانات کی سختی سے مذمت کی جارہی ہے، تفصیلات کے مطابق کرکٹر دنیش کنیریا بھارت جاکر پی سی بی کیخلاف پھٹ پڑے، بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ پی سی بی نے میرا کیس خراب کیا، جس کی وجہ سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سپنر نے پی سی بی حکام کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پیار دیا لیکن پی سی بی نے انہیں تنہا چھوڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ کرکٹ حلقوں میں دنیش کنیریا کے بیانات پر مذمت کی گئی ہے اور ایک سوال پوچھا جارہا ہے، اگر اقیلیتی برداری کا سمجھتے ہو تو پاکستان کیلئے اتنے ٹیسٹ کیسے کھیل لیے۔ واضح رہے کہ 35 سالہ کرکٹر دنیش کنیریا پر سال 2009 میں ایسکس کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مبینہ طورپر اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا، جس کی پاداش میں ان پر تاحیات کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔