Wednesday, 20 November 2024

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے كہا ہے كہ سندھ حكومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے یہ سال ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔

ایم کیوایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ صوبائی بجٹ سن كراپنا ردعمل دیں گے اور اس میں یہ دیكھیں گے كہ عوام كے لیے كیا كچھ ہے، اگر سندھ بجٹ میں عوام كے ریلیف كے لیے كوئی اعلان نہ ہوا تو بھرپوراحتجاج كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حكومت خوش فہمی اور خوش گپیوں میں مصروف ہے اورسب اچھا ہے كا راگ الاپ رہی ہے لیكن انہیں یہ اندازہ نہیں كہ رواں سال ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا یہ سال ان کے لیے مشکل ترین ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، چراغ سب کے بجھیں گے کیونکہ ہوا کسی کی نہیں ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہرمحكمہ كا وزیركرپشن كا سردارہے، پیپلزپارٹی كی حكومت نواں بجٹ پیش كرنے كے باوجود سندھ كے مسائل حل نہیں كرسكی، اپوزیشن كرپٹ عناصر كو بجٹ اجلاس میں بے نقاب كرے گی، كمیشن مافیا اوركرپٹ مافیا كے خلاف مل كركام كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ایك نہیں 10 مقدمات مزید درج كرنے كی تیاری كریں لیكن عوامی مسائل كے حل كے لیے ہرروز احتجاج كریں گے

ایمز ٹی وی(صحت)جگر کے صحت مند خلیات شراب نوشی، بیماری اور انفیکشن سے دھیرے دھیرے تباہ ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ اس کی جگہ لینے کے لیے مایوفائبروبلاسٹس پیدا ہوجاتے ہیں جو کھردرے ٹشو پیدا کرتےہیں۔ ایک جانب تو جگر نئے خلیات نہیں بناپاتا تو دوسری جانب خراب بافتوں کی وجہ سے مکمل طور پر ناکارہ ہوجاتا ہے۔ سان فرانسسکو میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سائنسداں ہولگر ولنبرنگ اور ان کے ساتھیوں نے مایوفائبروبلاسٹس کو صحت مند خلیات بنانے پر مجبور کیا اور اس کے لیے انہوں نے جگر کے کئی جینیاتی سوئچز کو آن کیا جنہیں طب کی زبان میں ٹرانسکرپشن فیکٹرز کہا جاتا ہے۔ اس کام کے لیے خاص ایڈینو وائرس کو استعمال کیا گیا۔ اس کا چوہوں پر تجربہ کیا گیا تو ان میں مایوفائبروبلاسٹس کی ایک تہائی مقدار ختم ہوگئی اورجگر فائبروسس کا مرض دور ہونے لگا۔ اس پیش رفت پر برطانیہ میں لیور ٹرسٹ نامی تنظیم نے کہا ہے کہ اس تبدیل شدہ وائرس سے جگر درست کرنے کے علاوہ اسے دیگر بہت سی بیماریوں کا علاج بھی کیا جاسکے گا۔

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اپنی اداکاری ہی نہیں بلکہ اپنے تندو تیزبیانات کے حوالے سے بھی شہرت رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ کسی بھی بڑے مسئلے پر بیان دینے سے نہیں کتراتی ہیں جب کہ فلم نگری میں اداکارائیں اپنی عمر چھپانے میں پیش پیش رہتی ہیں لیکن فلم نگری کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ نے اپنی عمر سے متعلق بیان دے کر سب کو حیران کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں سونم کپور کی 31 ویں سالگرہ منائی گئی اوراداکارہ نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب میں بھی شرکت کی جب کہ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ میں 31 سال کی ہوں اور کسی کو بھی اپنی عمر سے متعلق بتانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتی ہوں اور اپنی سالگرہ کے دن بھی کام کرنے کو اپنے لیے خوش قسمتی تصور کرتی ہوں کیوں کہ ہر گزرنے والا سال میرے لیے بہتر ہے۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) غزہ میں عیسائی فلسطینی نواجوان لڑکے مسلمانوں کے روزہ افطار کے لئے سڑکوں پر نکل آئے۔ رمضان المبارک کے موقع پر فلسطین میں مسلمان روزہ افطار اور رمضان کا اہتمام کرتے ہیں ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر کچھ پوسٹ دیکھی گئیں ہیں جس میں فلسطین کے عیسائی شہری بھی مسلمانوں کے روزہ افطار کے لئے سڑکوں پر دیکھا ئی دے رہے ہیں۔ فلسطین کے ایک نوجوان نے اپنی پوسٹ میں واضح دیکھایا کہ جس میں فلسطینی عیسائی شہری مسلمانوں کو روزہ افطار کے لئے پانی کی بوتلیں فراہم کررہے ہیں۔ ایک ٹوئٹ میں دیکھا گیا ہے کہ گزشتہ برس اسرائیل کی جانب سے کئے جانے والے بم حملوں کی وجہ سے کئی مسلمان فلسطینوں کے گھر تباہ ہوگئے تھے جن میں سے ایک متاثرین اپنے اہلخانہ کے ساتھ افطار کرتے ہوئے دیکھائی دے رہا ہے۔

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)فلم کی کہانی ایسی خاتون سرفر کے گرد گھومتی ہے جو سمندر کے درمیان خطرناک شارکس کے حملوں سے بچ کر ایک جزیرے پر پناہ لے لیتی ہے۔ سمندر پر راج کرنے والی شارکس کے حملوں کا تنہا مقابلہ کرنے والی لڑکی کا کردار ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ بلیک لائیولی نبھا رہی ہیں۔ فلم میں سمندر کے اندر مناظر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ فلمایا گیا ہے۔ فلم 29 جون کو نمائش کے لئے پیش کی جائےگی۔

ایمزٹی وی(راولپنڈی)اعلیٰ سطح کے امریکی وفد نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ملاقات میں آرمی چیف نے ڈرون حملے کو پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ امریکا سے افغانستان میں ملا فضل اللہ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ 
اس موقع پرجنرل راحیل شریف نے واضح کیا را اور این ڈی ایس سمیت کسی بھی دشمن ایجنسی کو پاکستان میں دہشتگردی نہیں کرنے دیں گے۔ پاکستان کو افغانستان میں بد امنی کا ذمہ دار ٹھہرانا بدقستمی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا فریقین پاکستان کو درپیش چیلنجوں کو سمجھیں آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی گئی۔ ڈرون حملے سے پاک امریکا تعلقات کے ساتھ اس آپریشن کی کامیابیوں پر بھی منفی اثرات پڑے۔ 
امریکی وفد نے سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی۔ مشیر خارجہ نے بھی ڈرون حملے کو پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا حملے سے افغان مفاہمتی عمل کو بھی دھچکا لگا۔ آئندہ ایسا ہوا تو دوطرفہ تعلقات کو نقصان ہو گا۔ مشیر خارجہ نے نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلئے امریکی حمایت پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی وفد کے حوالے کیے۔

ایمز ٹی وی(کراچی) اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے شاہین ایئرلائن کے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔

اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے شاہین ایئرلائن کے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے کو کنٹرول ٹاور کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہدایت دی گئی۔ کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملے کو بھی طلب کیا گیا جب کہ ہنگامی لینڈنگ کے باعث ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

کنٹرول ٹاور کی جانب سے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ سے قبل ایئرپورٹ کے اطراف چکر لگانے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد کنٹرول ٹاور کی اجازت کے بعد طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ ذرائع کے مطابق طیارے میں عملے سمیت 150 افراد سوار تھے جب کہ ہنگامی لینڈنگ کے باعث کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ماضی میں سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار چندرا چور سنگھ کے نئے روپ نے سب کو حیران کردیا ہے۔ ماضی کے ہیرو چندرا چور سنگھ نے فلمی کیرئیر کا آغاز 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’میرے تیرے سپنے‘‘ سے آغاز کیا اور فلم ’’ماچس ‘‘ سے شہرت حاصل کی جب کہ اپنے فنی سفر میں اداکار نے کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا جس میں فلم ’’جوش‘‘اور ’’دل کیا کرے‘‘ شامل ہیں ۔ بالی ووڈ اداکار نے اپنی پر کشش شخصیت کے باعث جلد ہی نوجوانوں اور خواتین میں بے انتہا مقبولیت حاصل کرلی تھی لیکن فلم نگری میں جگہ بنانے کے باوجود اداکار چندرا چور سنگھ نے جلد ہی فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا اور آخری بار فلم ’’ضلع غازی آباد‘‘ میں مختصر کردار میں نظر آئے تھے ۔

گزشتہ دنوں بالی ووڈ اداکار چندرا چور سنگھ کونئے روپ نے بالکل بدل کررکھ دیا ہے اور ان کے نئے روپ نے سب کو حیران کردیا ہے جب کہ اداکار کے چہرے پر ڈھلتی عمر اور موٹاپے کے آثار نمایاں ہیں جس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ فلم نگری کے ہدایتکاروں نے ان سے جلد منہ کیوں موڑا۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) سنگاپور میں اگلے سال سے سرکاری ملازمین کے دفتر کے کمپیوٹروں سے انٹر نیٹ کو کھولنے پر پابندی لگا دی جائے گی۔ ایک سرکاری اخبار کے مطابق یہ اقدام انٹرٹیٹ کی سکیورٹی کے بارے میں بڑھتے ہوئے خطرات اور ای میلز کے ذریعے سرکاری دستاویزات کے لیک ہو جانے کے امکان کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین پر اپنی سرکاری ذمہ داریوں سے متعلق کسی معلومات کا ذکر اپنی ذاتی ای میلز میں کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔ اس پابندی کا اطلاق مئی 2017 سے ہوجائے گا جس کا مقصد دفتری ای میل اکاﺅنٹس سے لاحق ہونے والے آن لائن سیکیورٹی خطرات کی روک تھام کرنا ہے، اس فیصلے سے ایک لاکھ دفتری کمپیوٹرز آف لائن چلے جائیں گے۔ خیال رہے کہ سنگاپور سخت قوانین کے نفاذ کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔