Wednesday, 20 November 2024

ایمز ٹی وی(بزنس)بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اے آئی آئی بی رواں ماہ کے آخر میں 10 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا جو اس کے بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوگا، برطانیہ کا محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) نے بھی پروجیکٹ کے لیے 3 کروڑ40لاکھ ڈالر کی گرانٹ کا وعدہ کیا ہے، اے ڈی بی لیڈ فنانسر کے طور پر اے آئی آئی بی قرض اور ڈی ایف آئی ڈی گرانٹ دونوں کا انتظام کرے گا۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکے ہیکو ناکاؤ نے کہاکہ یہ اے ڈی بی اور اے آئی آئی بی کے لیے تاریخی سنگ ملی ہے کیونکہ دونوں مالیاتی ادارے ایشیا وپیسیفک خطے کی انفرااسٹرکچر ضروریات کومشترکہ طور پر پورا کرنا چاہے ہیں۔

یہ منصوبہ پاکستان کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے جو شمال۔جنوب رابطے، نئے تجارتی وکاروباری مواقع کو سپورٹ کرتا ہے جس سے ملازمتوں کے مواقع پیدا اور غربت میں کمی ہوگی۔ اے ڈی بی کے مطابق یہ منصوبہ سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کارپوریشن (سی اے آر ای سی) کوریڈورز کا بھی لازمی حصہ ہے، منصوبے کے تحت پنجاب میں شورکوٹ اور خانیوال تک نیشنل موٹروے ایم فورکے 64 کلومیٹر طویل فور لین سیکشن کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے ، پروجیکٹ 1800 کلومیٹر طویل سی اے آر ای سی ٹرانسپورٹ کوریڈور کا اہم حصہ ہے جس کے تحت جنوبی پورٹ سٹی کراچی کو بڑے پیداواری وآبادی والے مراکز بشمول لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، پشاور سے افغانستان کے ساتھ شمالی سرحد پر طورخم سے جوڑا جائے گا۔

ایمز ٹی وی(بزنس)اس نمو میں بنیادی کردار حکومتی تمسکات (زیادہ تر پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز) میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا ہے کیونکہ مجموعی طور پر قرضوں میں موسمی کمی دیکھنے میں آئی، اس کی وجہ اجناس وایس ایم ایز کی مالکاری کی مد میں قرضوں کی خالص واپسی ہے تاہم مجموعی قرضوں میں موسمی کمی (0.6فیصد) 2 برس میں اسی سہ ماہی کے دوران 1.2 فیصد اوسط کمی سے نیچے تھی۔

اس کی وجہ نجی شعبے کو قرضوں (1 فیصد) کی فراہمی میں نمو ہے جوزیادہ تر معینہ سرمایہ کاری قرضے تھے، مذکورہ سہ ماہی میں ڈپازٹس بشمول کرنٹ و فکسڈ ڈپازٹس میں 0.6 فیصد کمی ہوئی تاہم بچت ڈپازٹس میں 3.6 فیصد اضافہ ہوا نتیجتاً مالی اداروں (بیشتر اسٹیٹ بینک) کی جانب سے قرضوں نے اثاثہ جاتی توسیع کیلیے ضروری رقوم فراہم کیں، اس دوران اثاثہ جاتی معیار میں معمولی کمی ہوئی، قرضوں کے مقابلے میں غیرفعال قرضوں کے تناسب (انفیکشن تناسب) میں 32 بی پی ایس کے اضافے سے اس کی شرح 11.7 فیصد تک پہنچ گئی اور خالص قرضوں کے مقابلے میں خالص غیرفعال قرضوں کے تناسب میں 23 بی پی ایس کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ شرح 2.1 فیصد ہوگئی۔

اگرچہ مارکیٹ لیکویڈٹی میں کچھ تغیر دیکھا گیا لیکن بینکوں کے حکومتی تمسکات میں بڑھتے ہوئے حصے کے باعث فنڈ کی بنیاد پر سیالیت میں مزید بہتری ہوئی، جنوری تامارچ کی سہ ماہی میں 2.1 فیصد کے سال بہ سال اضافے سے 52.9 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہواتاہم منافع کی رفتار میں سست روی کے باعث خالص سودی مارجن کم ہو کر مارچ 2016 میں 3.9 فیصد ہو گیا جبکہ ایکویٹی پر منافع 2.3 فیصد رہا، جنوری تا مارچ 2016 کے دوران ادائیگی قرض کی صلاحیت کم ہو کر 16.3 فیصد پر آگئی جو مارچ 2015 میں 17.4 فیصد تھی تاہم یہ اب بھی 10.25 فیصدکی کم از کم مقامی مطلوبہ حد اور عالمی بینچ مارک8.625 فیصد سے خاصی زیادہ ہے۔

ایمزٹی وی (کھیل) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ میں محمد عامر کےلیے خصوصی ضابطہ اخلاق تیار کرلیا،نوجوان فاسٹ بولر کو برطانوی میڈیا سے دور رکھا جائے گا. تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ میں کھلاڑیوں پر کرفیو نافذ ہوگا، کھلاڑی کسی بھی نجی پارٹی یا تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے. پلیئرز قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر کے بغیر اپنے ایجنٹ سے بھی نہیں مل سکیں گے،پی سی بی نے محمدعامر کے لیے خصوصی ضابطہ اخلاق تیار کرلیا ہے. محمد عامر کوبرطانوی میڈیاسےدوررکھاجائےگا،اشتہاری کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں اور انٹرویوز پرپابندی ہوگی،نوجوان فاسٹ بولر کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایات ہیں،محمدعامرنے پی سی بی کا نیا ضابطہ اخلاق قبول کر لیاہے. یاد رہے کہ انگلش کپتان الیسٹر کک اور فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کا کہنا تھا کہ عامر کے انگلینڈ آنے پر کوئی اعتراض نہیں،وہ اچھے بولر ہیں لوگ انہیں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں. واضح رہےکہ فاسٹ بولر محمد عامر اب برطانیہ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے،دو ہزار دس کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد محمد عامر پہلی بار انگلینڈ کا دورہ کریں گے.

ایمزٹی وی(تعلیم)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے داخلوں کا آغاز کردیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق داخلے کے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20جولائی ہوگی۔

ایمز ٹی وی(بزنس)پاکستان کی برآمدات میں مسلسل کمی کے باعث رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں اشیا کا تجارتی خسارہ 21ارب ڈالرسے تجاوز کرگیا۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی2015 سے مئی 2016 تک کی تجارت میں پاکستان کو21ارب 16کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 19ارب 59کروڑ90لاکھ ڈالر کے خسارے سے 8فیصدزیادہ ہے۔

مذکورہ 11ماہ میں برآمدات 12.37 فیصد کی نمایاں کمی سے 19ارب 15کروڑ 50لاکھ ڈالر تک محدود رہیں جبکہ درآمدی بل صرف 2.74 فیصد گھٹ کر40ارب 32کروڑ 10لاکھ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات کی مالیت 41ارب 45کروڑ 80لاکھ ڈالر اور برآمدات کی مالیت 21ارب 85کروڑ 90لاکھ ڈالر رہی تھی، رواں مالی سال اوسط ماہانہ برآمدات 1ارب 98کروڑ 72لاکھ ڈالر سے گھٹ کر کم وبیش1ارب 75کروڑ رہ گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2016میں پاکستانی ایکسپورٹ سال بہ سال 6فیصد کمی سے 1ارب 83کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی جو مئی 2015 میں 1ارب94کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

گزشتہ ماہ درآمدات4ارب 80 لاکھ ڈالر رہیں جو مئی 2015میں 3ارب 72کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی درآمدات سے 7.63 فیصد زیادہ ہیں جس کی وجہ سے مئی2016 کی تجارت کا خسارہ 22.59 فیصد کے اضافے سے 2ارب 17کروڑ 60لاکھ ڈالرتک پہنچ گیا جو مئی 2015 میں 1ارب 77کروڑ 50لاکھ ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مئی میں برآمدات6.39 فیصد، درآمدات 4.21 فیصد اور تجارتی خسارہ 2.45 فیصد بڑھا، اپریل میں ایکسپورٹ 1ارب 72کروڑ 20 لاکھ ڈالر، درآمدات 3ارب 84کروڑ 60لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2ارب12کروڑ 40لاکھ ڈالر رہا تھا۔

ایمز ٹی وی(بزنس)آباد کے ریجنل چیئرمین محمدآصف سم سم نے ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں کنسٹرکشن کوصنعت کا درجہ حاصل ہے لیکن سندھ ریونیو بورڈ نے اسے خدمات کے شعبے میں شامل کرکے نوٹسز جاری کردیے تھے اور آباد کے واضح موقف سے آگاہ ہونے کے بجائے بلڈرزاینڈ ڈیولپرز کے بینک کھاتے بھی منجمد کردیے گئے جس کے خلاف مجبوراً عدالت سے حکم امتناع حاصل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت تعمیراتی شعبے کے ساتھ بہترین روابط رکھنے کے لیے سندھ کے نئے بجٹ میں تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دینے اوراس شعبے پر سروسز سیلزٹیکس واپس لینے کا اعلان کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت سندھ اگر آباد کوانفرااسٹرکچرل تعاون فراہم کرے تو آباد لوکاسٹ ہاؤسنگ کے منصوبوں کومرکزی حیثیت دیتے ہوئے کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹنڈوآدم، ٹھٹھہ، سانگھڑاور نوابشاہ کو میگا سٹی میں تبدیل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

سندھ بجٹ میں بھی حکومت کوصوبے کی سطح پرہاؤسنگ پالیسی متعارف کرانے کی ضرورت ہے کیونکہ صوبائی ہاؤسنگ پالیسی متعارف ہونے کے نتیجے میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ 70 سے زائد ذیلی صنعتی شعبوں کے پہیہ چلنے کی رفتار تیز، لاکھوں غیرہنرمندوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ کاروباری حجم وسیع ہونے سے صوبائی ریونیو کے حجم میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ آصف سم سم نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ صوبے میں لوکاسٹ ہاؤسنگ اورمیگاسٹی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سال2002 کے بلڈنگ بائی لازکو تبدیل کرتے ہوئے جدید تقاضوں میں ڈھالنا ہوگا اورسال2016 کے نئے بلڈنگ بائی لاز متعارف کرانا ہوں گے، صوبے میں سستی رہائش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کونئے بلڈنگ بائی لازمیں زمینوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کنسٹرکشن تناسب کوبڑھانا ہوگا۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)عوامی ہجوم یا پبلک ٹرانسپورٹ میں آپ فون استعمال کرتے ہیں تو لوگ بھی آپ کا فون تکنے لگتے ہیں۔

ترکی کے رہائشی اس مسئلے سے تنگ آکر ایک خاص چشمہ اور چپ بنانے کا اعلان کیا جسے پہن کر کوئی بھی شخص اسمارٹ فون اسکرین دیکھ سکتا ہے اور بقیہ دوسروں کو وہ دکھائی نہیں دیتا۔

انجینئر نے ایک چھوٹی سی مائیکرو چپ بنائی جو کسی بھی اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے اسکرین کو سفید بنادیتی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے خاص عینک میں دوسری چپ لگائی جو بلیوٹوتھ کی مدد سے فون سے جڑ جاتی ہے اور سفید ڈسپلے کو نظر انداز کرتے ہوئے آپ کو اصل اسکرین دکھاتی ہے۔ یہ نظام ہر عینک کے لیے کارآمد ہے اور اس کی قیمت صرف 10 ڈالر یعنی ایک ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔

انجینئر کے مطابق اس چپ کے ذریعے آپ لیپ ٹاپ اور ٹی وی اسکرین کو بھی دوسروں کی نظروں سے اوجھل بناسکتے ہیں۔ انجینئر نے اس کا مظاہرہ عوام میں کیا تو وہ حیران رہ گئے اور اب وہ اپنی حیرت انگیز ایجاد کو پیٹنٹ کرانا چاہتے ہیں۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)فیس بک اور ٹویٹر کی انتظامیہ نے بھی اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ اسرائیل نے سوشل نیٹ ورکنگ کی انتظامیہ کو کہا تھا کہ اسرائیل کے خلاف شائع ہونے والا وہ تمام مواد اپنی ویب سائیٹس سے ہٹا دے جس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو نمایاں کیا گیا تھا۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار " یدیعوت احرونوت " کی خصوصی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر قانون ایلیٹ شاکید نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے فیس بک اور ٹویٹر کی انتظامیہ کو اشتعال انگیز مواد کی نشاندہی کی تھی جس کے بعد 70 فیصد سے زائد مواد ہٹا دیا گیا ہے ۔ اسرائیلی وزیر قانون کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک معاہدے کے تحت اسرائیل فیس بک ، ٹوئٹر اور گوگل کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے

ایمز ٹی وی(کراچی) نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع مسجد کی چھت گرنے سے 6 نمازی شہید جب کہ 14 زخمی ہو گئے ہیں۔

نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب واقع جامع مسجد عثمان میں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی کہ مسجد کی چھت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 نمازی شہید جب کہ 14 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں طبی عملے کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،حادثے کے بعد عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے مسجد کی چھت گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی جب کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایمزٹی وی (کھیل) معروف باکسر محمد علی کو ان کے آبائی شہر لوئی ول میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں کیوہل قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، تدفین میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن سمیت متعدد اہم شخصیات اور ہزاروں دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تدفین کے دوران مکمل خاموشی اختیار کی گئی اور محمد علی کی خواہش کے مطابق امام حمزہ عبدالمالک نے تلاوتِ قرآن پاک سے لوگوں کے دلوں کو منور کیا۔ بین المذاہب دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ قبل ازیں عظیم باکسر محمد علی کا جسد خاکی جمعے کے روز اُن کے آبائی شہر پہنچا دیا گیا، جہاں اُن کی تدفین سے قبل اُن کے جنازے کو سڑکوں پر گھمایا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق محمد علی کی میت گاڑی کو لوئی ویل، کینٹکی اور ویسٹ اینڈ کے مقام سے گزارا گیا، اس جگہ کو عام طور پر افریقی امریکی ٹاؤن کہا جاتا ہے اور اسی مقام پر محمد علی سینٹر نامی ایک عجائب گھر بھی موجود ہے۔ قومی قبرستان کیو ہل نیشنل سمینٹری کے مقام پر ان کی تدفین کردی گئی ہے۔ معروف باکسر نے اسلام قبول کرنے کے بعد ویت نام جنگ میں شمولیت کرنے سے انکار کردیا تھا، جس کے باعث وہ اپنے باکسنگ کیرئیر میں تین سال کے عرصے تک تنازع کا شکار رہے اور وہ گزشتہ دنوں 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ کے ایف سی ایم سینٹر کے باہر بین المذاہب دعائیہ تقریب ہوئی جس میں محمد علی کے ہزاروں مداح جمع ہوئے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا جن میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور مزاحیہ اداکار بلی کریسٹل بھی شامل تھے۔ سال 2001ء میں فلم ’’علی‘‘ سے آسکر ایوارڈ جیتنے والے فنکار پل بیریئرز اور سابقہ ہیوی ویٹ چیمپئن لینوکس لیوس نے بھی انکی تدفین میں شرکت کی۔ ہزاروں افراد میں محمد علی کی استانی جو لوئس ویل کی رہائشی ہیں وہ اپنے شاگرد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پلے کارڈ اٹھائے کھڑی تھیں جس ’’ہمارا چیمپئین ہمارا ہیرو‘‘کے الفاظ درج تھے۔