ایمز ٹی وی(کھیل)امریکی میگزین فوربز نے دنیا کے 100 امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی جس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور پرتگال کی ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو رواں سال 88 ملین ڈالر کمائی کرکے دنیا کے امیر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں جب کہ ارجنٹائن کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی 81.4 ملین ڈالر کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبرپر ہیں ۔ امریکی میگزین کے مطابق امریکی باسکٹ بال ٹیم کے کھلاڑی لیبرون جیمز77.2 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے اور سوئزرلینڈ کے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر67.8 ملین ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر ہیں جب کہ امریکی باسکٹ بال کھلاڑی 56.2 ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا کے 100 امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں کوئی کرکٹر جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔
ایمز ٹی وی(کھیل)تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 2010 کے فکسنگ سے آلودہ ٹور کے بعد ایک بار پھر انگلینڈ کا سفر کرنے کو تیار ہے، دستے میں فاسٹ بولر عامر کی صورت میں ایک ایسے پلیئر موجود ہیں جو6 برس پہلے کے مشہور زمانہ اسکینڈل کے مرکزی کردار تھے۔ مگر اب اپنی سزا پوری کرنے کے بعد پھر سے کرکٹ میں واپس آچکے ہیں۔ ان کی موجودگی میں پوری پاکستانی ٹیم کو دورہ انگلینڈ کے دوران نہ صرف میزبان میڈیا بلکہ شائقین کے تلخ فقروں اور مذاق کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انگلش کرکٹرز نے بھی نرم لب و لہجے میں ماحول گرمانا شروع کردیا ہے،ایک روز قبل پیسر اسٹورٹ براڈ نے جہاں عامر سے ذاتی نوعیت کا کوئی مسئلہ نہ ہونے کی بات کہی وہیں یہ وارننگ بھی دیدی تھی کہ شائقین کی جانب سے انھیں سخت رویے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اب کپتان الیسٹر کک بھی نئی منطق لے کر سامنے آگئے،ایک طرف وہ کہتے ہیں کہ انھیں عامر سے کوئی مسئلہ نہیں اور ساتھ میں فکسنگ میں ملوث پلیئرز پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی میچ فکسنگ میں پکڑا جائے تو پھر اس پر تاحیات پابندی عائد کرنا مناسب ہوگا، ایسے لوگوں کو انتہائی سخت سزا دینی چاہیے کیونکہ ہمیں ہر حال میں کھیل کی ساکھ کی حفاظت کرنا ہے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ عامر کو واپس نہیں آنا چاہیے کیونکہ تب قوانین مختلف تھے مگر میرے خیال میں سزا اتنی سخت ہونی چاہیے کہ پھر لوگوں کو ایسے کام کی جرات نہ ہو۔ کک نے مزید کہا کہ عامر اپنی سزا پوری کرچکے، جو انھوں نے کیا اس کی سزا مل چکی جو ملنی ہی چاہیے تھی کیونکہ آپ کو کھیل کی ساکھ کو بچانا ہے،مجھے عامر کے خلاف کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔صرف پلیئرز ہی نہیں انگلش میڈیا کا لب و لہجہ ابھی سے عیاں ہونا شروع ہوچکا ہے، پاکستان ٹیم سے متعلق ہر اسٹوری میں فکسنگ کا لازمی طور پر ذکر کیا جارہا ہے۔ اسکواڈ کی آمد پر میزبان رپورٹرز فکسنگ کے شعلوں میں بجھے سوالوں کے تیر تیارکیے ہونگے۔ ادھر پاکستان ٹیم مینجمنٹ اپنے کھلاڑیوں کو اس بارے میں سبق پڑھانے میں مصروف ہے، جہاں ایک طرف انھیں ضابطہ اخلاق کا رٹا لگوایا جارہا ہے وہیں انگلش میڈیا اور شائقین کے فقروں کو ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکالنے کے زریں نسخے بھی بتائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں جو کمی رہ گئی وہ نئے کوچ مکی آرتھر آکر پوری کرینگے، بورڈ ہر ٹور سے قبل کھلاڑیوں سے ایک ضابطہ اخلاق پر دستخط کراتا ہے اس بار بھی ایسا ہی ہوگا، ٹیم کو کرفیو ٹائم کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی،بغیر منیجر کی اجازت کسی غیرمتعلقہ شخص سے ملاقات بھی نہیں کی جا سکے گی، اس طریقہ کار پر ہر دورے میں ہی عمل ہوتا ہے۔
ایمز ٹی وی(کھیل)حال ہی میں آسٹریلوی شہریت پانے والے مکی آرتھر کے پاسپورٹ پر پہلا ویزہ پاکستان کا لگا ہے اور وہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے کے بعد پہلی بار لاہور پہنچ گئے ہیں جب کہ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قیام کریں گے جہاں ان کے لیے مختص کمرے کو آراستہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کرکٹ بورڈ کے مطابق مکی آرتھر کل چئیرمین پی سی بی شہریارخان، چیف سلیکٹرانضمام الحق، ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور ون ڈے ٹیم کے قائد اظہرعلی سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور اسی روز ان کی میڈیا بریفنگ بھی رکھی گئی ہے۔ دوسری جانب مکی آرتھر نے تجویز دی ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے مشتاق احمد کو معاون کوچ بنایا جائے جب کہ اظہر محمود بھی معاون کوچ کے امیدوار ہیں تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل مشتاق احمد کو معاون کوچ بنادیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی(کھیل)ڈیانا کو ان کرکٹ اور فٹبال دونوں کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل ہوچکا ہے، اس کے ساتھ وہ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈیانا بیگ کا کہنا ہے کہ میں صبح اٹھ کر فٹبال کھیلتی ہوں، دوپہر کو ہماری کرکٹ ٹریننگ شروع ہوجاتی ہے، اس کے بعد کھانے کیلیے اپنی یونیورسٹی ہوسٹل واپس جاتی جب کہ رات کے وقت پڑھائی کرتی ہوں۔
ایمز ٹی وی(کھیل)غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ٹینس اسٹار ماریا شراپوا پر 2 سال کی پابندی لگادی۔ خبر ایجنسی کے مطابق ماریہ شراپووا کا جنوری 2016 میں آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کے مثبت آنے پر ٹینس اسٹار پر پابندی لگائی گئی جس پر عملدرآمد جنوری 2016 سے ہوگا۔ دوسری جانب 29 سالہ ٹینس اسٹار مارا شراپووا کا کہنا ہےکہ وہ 2006 سے صحت کے مسائل کی وجہ سے منشیات کا استعمال کررہی ہیں لیکن 2016 میں یہی ادویات ممنوعہ ہوگئیں۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکی کانگریس سے خطاب کے موقع پر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر کانگریس کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے والے ٹام لین ٹوس ہیومن رائٹس کمیشن کا اجلاس کانگریس مین جوزف پٹس کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور مظالم پر تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ مختلف پینلسٹس نے بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں، بدھ مت، سکھوں، کشمیریوں اور دلت کمیونٹی پر ہونے والے مظالم کی داستانیں سنائیں۔ ہرپیت سندھو ترجمان سکھ کمیونٹی کانگریس مینوں کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم مودی کی جماعت اقلیتوں کیخلاف مظالم کی ہدایت کار ہے۔ آر ایس ایس ایک شدت پسند تنظیم ہے اور بی جے پی اس کا سیاسی ونگ۔ پولیس گردی اور عدالتی نظام کی کرپشن کی وجہ سے اقلیتوں کو انصاف نہیں مل رہا اور نریندر مودی کی اقلیتوں پر ظالمانہ حکومت پر کانگریس اور صدر اوباما کی خاموشی بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس موقع پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر ٹی کمار نے بھارت میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے کانگریس مینوں کے سامنے سوالات اٹھائے۔ اجلاس میں سکھوں، دلت کمیونٹی اور دیگر اقلیتوں کی بڑی تعداد موجود تھی تاہم واشنگٹن میں بڑی تعداد میں موجود کشمیری کمیونٹی کے کسی رہنما نے اجلاس میں آنے کی زحمت نہ کی۔
ایمز ٹی وی(کھیل)لیجنڈ باکسر محمد علی کے انتقال پر جہاں ان کے مداح سوگوار ہیں وہیں دنیا بھر میں عظیم باکسر کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ نیویارک میں میڈیسن اسکوائر گارڈن کی ایک اسٹریٹ کو عظیم باکسر محمد علی کے نام سے منصوب کردیا گیا ہے، نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے میڈیسن اسکوائر گارڈن سے متصل سڑک کو عظیم لیجنڈ باکسر سے منصوب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج محمد علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس سڑک کو ان کے نام سے منصوب کرتے ہیں کیونکہ وہ اس اعزاز کے حقدار ہیں۔ باکسر محمد علی نے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں 8 مرتبہ فائٹ کی جب کہ یہاں ہونے والی تاریخی ہیوی فائٹ 1971 میں اس وقت کے عظیم باکسر جو فرازیر سے ہوئی تھی جس میں محمد علی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم نیویارک کی اسٹریٹ کو عارضی طور پر محمد علی سے منصوب کیا گیا ہے جس کو کونسل سے منظوری اور میئر کے سائن کے بعد مستقل طور پر لیجنڈ کے نام سے منصوب کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شہرہ آفاق باکسر محمد علی کلے مختصر علالت کے بعد 4 جون کو انتقال کرگئے تھے جب کہ ان کے جسد خاکی کو امریکی ریاست کینٹکی میں ان کے آبائی علاقے لوئی ول پہنچا دیا گیا ہے جہاں جمعہ کو ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) عراقی فورسز کی داعش کے دہشت گردوں کےخلاف پیش قدمی جاری ہے،تازہ کارروائی میں فلوجہ کےقریب مزید علاقے دہشت گردوں سے آزاد کروالیےگئے. تفصیلات کے مطابق داعش کےجنگجووں سے فلوجہ کاقبضہ چھڑانےکےلیےعراقی فوج کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے،داعش کے جنگجووں کے خلاف عراقی فورسز نے کاروائی کرکے فلوجہ کے قریبی علاقوں کو داعش سے آزاد کروالیا. عراقی فورسزنے علاقے پرقومی پرچم لہرادیاہے اورفورسزفلوجہ کی جانب پیش قدمی جاری رکھےہوئےہیں. آپریشن کے کمانڈر عبدالوہاب السعدی کاکہناہےکہ حکومتی افواج اتحادی ملیشیاکےہمراہ فلوجہ کوآئندہ چند دنوں میں واگزارکرانےکےلیے پُرعزم ہیں. یاد رہے اس سے قبل گذشتہ دنوں عراقی فوج نےفلوجہ کےنواحی قصبےصقلاویہ کو دہشت گرد تنظیم داعش سے آزاد کروالیا تھا،صقلاویہ پر دوہزار چودہ میں داعش کے جنگجووں نے قبضہ کیا تھا. عراقی فورسز نے سرکاری عمارت سے داعش کا پرچم ہٹا کر عراق کا قومی پرچم بھی لہرا دیاتھا،فورسز کوداعش کے خلاف جنگ میں ایران نواز ملیشیا کی مدد بھی حاصل ہے. واضح رہےکہ بائیس مئی کوعراقی وزیراعظم نےفلوجہ کوداعش سے آزاد کرانے کیلئےآپریشن کا اعلان کیاتھا۔۔
ایمز ٹی وی(کھیل)پی سی بی چیف سلیکٹر انضمام الحق کو انگلینڈ بھیجنے کے موڈ میں نہیں لگتا، حکام کا خیال ہے کہ تمام میچز ٹیلی ویژن پر نشر ہوں گے، ایسے میں وہاں بھیج کر لاکھوں روپے خرچ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
اگر چیف سلیکٹر چاہیں تو اے ٹیم کے مقابلے دیکھنے انگلینڈ جا سکتے ہیں کیونکہ وہ ٹیلی کاسٹ نہیں ہوں گے، یوں انھیں نوجوان پلیئرز کی کارکردگی جانچنے کا موقع مل جائے گا۔ واضح رہے کہ شیڈول سے قبل انگلینڈ بھیج کر بورڈ ویسے ہی 50 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات برداشت کر رہا ہے ایسے میں وہ مزید فضول خرچی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
ایمز ٹی وی(کھیل)تفصیلات کے مطابق جنید خان موجودہ فاسٹ بولرز کی کھیپ میں سب سے تجربہ کار ہیں تاہم انھیں نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورئہ انگلینڈ کیلیے یکسر نظر انداز کردیا ہے، ان کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ گذشتہ برس گھٹنے کی انجری لاحق ہونے کے بعد سے جنید کے ردھم میں مسئلہ ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ حفیظ اور یاسر شاہ کو انضمام مکمل طور پر ان فٹ ہونے کے باوجود بھی منتخب کرچکے ہیں۔ جنید نے انجری سے واپسی کے بعد پاکستان سپر لیگ اور قومی ون ڈے میں بھی پرفارمنس دی مگر ایک بار پھر ٹھکرائے جانے کے بعد ان کا دل ٹوٹ چکا، اب وہ پاکستان کو خیرباد کہہ کر ہمیشہ کیلیے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں جہاں پر ایک دن انھیں انگلش ٹیم کیلیے بھی کھیلنے کا موقع میسر آسکتا ہے۔ ان کے ایک فیملی ممبر نے ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنید سلیکٹرز کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے کافی مایوس اور مستقل طور پر انگلینڈ منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ان سے غیرمنصفانہ سلوک ہورہا ہے، لہذا بہتر ہو گیاکہ انگلینڈ چلے جائیں جہاں ٹیلنٹ کا احترام کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ جنید اس سے پہلے لنکا شائر اور مڈل سیکس کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں، جنید نے اب تک 22 ٹیسٹ میچز میں 31.73 کی اوسط سے 71 وکٹیں لیں، اگرچہ ان اعدادوشمار کو شاندار نہیں کہا جاسکتا مگر یہ بات بھی قابل غور ہے کہ لیفٹ آرمر نے زیادہ تر میچز یو اے ای اور سری لنکا کی ڈیڈ پچز پر کھیلے ہیں۔ خود جنید کہتے ہیں کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں، تمام ایکسرسائز میں حصہ لیا، مجھے سمجھ نہیں آتاکہ نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے، اس نہ صرف میری حوصلہ شکنی ہورہی بلکہ میرا دل بھی ٹوٹ چکا ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے اب تک کیریئر کے دوران غیرموزوں پچز پر پرفارم کیا،اب جب اپنی بولنگ کے لیے موزوں کنڈیشنز پر کھیلنے کا موقع آیا تو مجھے نظر انداز کردیا گیا۔ یاد رہے کہ جنید خان کی اہلیہ برطانوی شہری ہیں، ان کی وجہ سے انھیں بھی وہاں پر سیٹل ہونے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔