Wednesday, 20 November 2024

ایمز ٹی وی(بزنس)بینک دولت پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے لیے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس دوبارہ شروع کر دی ہے، نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے جن کو ’ ای برانچز ‘ کہا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں گے، عوام کوکمرشل بینکوں کی نامزد ’ای برانچز‘ سے نئے نوٹوں کا اجرا بدھ2 رمضان سے شروع ہوگا اور 28 رمضان تک جاری رہے گا، رمضان2016 کے دوران ملک کے 116 شہروں میں 500 ’ ای برانچز ‘ کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی، نامزد ’ ای برانچز ‘ میں نئے بینک نوٹوں کا ضروری اسٹاک پہنچا دیا گیا ہے۔

ایس ایم ایس سروس کے چارجز 2 روپے جمع ٹیکس فی ایس ایم ایس ہوں گے، اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو شارٹ کوڈ 8877پر ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ ’ای برانچ ‘ کا کوڈ لکھنا ہوگا، مثال کے طور پر 3830305939875 (خالی جگہ) KHI005، نامزد ای برانچوں کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور کمرشل بینکوں کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، بھیجنے والے فرد کو جواب میں ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتا اور ریڈیمشن کوڈ کے موثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی، ریڈیمشن کوڈ زیادہ سے زیادہ 2 ایام کے لیے موثرہوگا۔

صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ/ اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔ واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کے 2 گڈی اور 20 روپے کا ایک پیکٹ ہے جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹوں کا بھی 1، 1 پیکٹ مل سکتا ہے۔

ایک شناختی کارڈ/اسمارٹ کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے، کسی مختلف موبائل فون نمبر سے وہی سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر، یا اسی موبائل فون نمبر سے کوئی اور سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر بھیجا گیا تو کوئی ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ بھیجنے والے صارف کو اضافی لاگت ہی اٹھانی پڑے گی، عوام کو معلومات /شکایات کی صورت میں مدد دینے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی نے ہیلپ ڈیسک 111-008-877 قائم کی ہے جس سے نیشن وائڈ ڈائلنگ کوڈ برائے پنجاب 042،سندھ اور بلوچستان 021 اور خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلیے 051 کوڈ کے ذریعے رابطہ ممکن ہے۔

ایمز ٹی وی(بزنس)پیٹرولیم انڈسٹری کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2015سے مئی 2016 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 4فیصد کے اضافے سے 7 ملین ٹن رہی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مصنوعات کی خوردہ فروخت میں اضافے کا رجحان رہا، معاشی صورتحال میں بہتری اور نئی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اعدادوشمار کے مطابق 11 ماہ کے دوران فرنس آئل کی فروخت 4 فیصد کمی سے 79لاکھ 48 ہزار رہی، بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کوایل این جی کی درآمد کی وجہ سے گیس کی فراہمی میں بہتری فرنس آئل کی فروخت میں کمی کی وجہ قرار دی جارہی ہے۔

اس عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 4فیصد کے اضافے سے 70لاکھ 57ہزار ٹن رہی، پیٹرول کی فروخت میں 23فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 11ماہ کے دوران پیٹرول کی فروخت 52 لاکھ 44 ہزار ٹن رہی، متفرق پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 12فیصد اضافے سے 9لاکھ 98 ہزار ٹن رہی، اس طرح پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 5فیصد اضافے سے 2کروڑ 12 لاکھ 48 ہزار ٹن رہی۔

ایمز ٹی وی(لاہور ) سمیت سندھ کے میدانی علاقے بھی آگ شدیدی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ، اسلام آباد ، لاہور ، پنڈی میں ہلکی بارش کا امکان

ملک کے میدانی علاقوں سورج کا پارہ آج بھی ہائی رہے گا ، لاہور میں بھی موسم گرم رہے گا ، سندھ کے میدانی علاقے بھی جھلستے رہیں گے ۔ سورج برہم ، موسم آج بھی گرم میدانی علاقوں میں پارہ ہائی ہونا شروع ہوگیا ۔ سورج آج بھی قہر برسائے گا اور لوگوں کا میٹر گھمائے گا ۔ لاہور میں بھی گرمی پڑے گی ، اسلام آباد ، پشاور ، ملتان ، بہاولنگر اور فیصل آباد میں سورج آگ برسائے گا ۔ سندھ میں لاڑکانہ ، جیکب آباد ، نوابشاہ اور سکھر میں بلا کی گرمی پڑے گی ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور ، گوجرانوالہ اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے

ایمز ٹی وی(کھیل)دورہ زمبابوے سے قبل پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ تینوں فارمیٹس کی کپتانی کوہلی کے سپرد کرنا چاہیے تو انھوں نے کہا کہ میں اپنے کھیل سے لطف اندوز ہورہا ہوں، جہاں تک قیادت کا تعلق ہے اس بارے میں بورڈ کو فیصلہ کرنا ہے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے نئے کوچ کیلیے ہندی زبان سے واقفیت کی شرط کے بارے میں سوال پر دھونی نے کہا کہ زبان سے واقفیت ایک خوبی ہے مگر اس کو مکمل معیار قرار نہیں دیا جاسکتا، کوچنگ میں زبان ہی سب کچھ نہیں ہوتی۔

ایمز ٹی وی(کھیل)لیجنڈری باکسر کے فیملی ترجمان بوب گینل نے صحافیوں کو بتایا کہ اس طرح کا جلوس منعقد کرنے کا مقصد دنیا بھر سے آئے وہاں موجود ہر شخص کو موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنے ہیروکوخدا حافظ کہہ سکے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات ایک پریس کانفرنس میں بتائی جائیگی، لیجنڈ باکسر کی موت کا سبب سیپٹک شاک کے باعث ہوئی جس کی نامعلوم قدرتی وجوہات ہیں، گینل نے کہا کہ کھانسی کی وجہ سے انھیں طبی امداد دی گئی تاہم ان کی حالت تیزی سے بگڑنے لگی اور فونکس کے مضافات جہاں وہ کئی برسوں سے اپنی بیوی کے ساتھ رہ رہے تھے وہاں موجود اسکاٹ سیڈلے کے اسپتال میں داخل کرانا پڑا، بالآخر محمد علی کے خاندان کی مشاورت سے جمعے کو ان کی لائف سپورٹ کو ہٹا دیا گیا، محمد علی کے 9بچوں میں سے ایک ان کی بیٹی ہانا نے ٹویٹر پر لکھا کہ ہمارے دل بری طرح سے دکھی لیکن ہم خوش ہیں کہ والد اب آزاد ہیں، ہم اس وقت کافی مضبوط رہے اور ان کے کان میں سرگوشی کی کہ اب آپ بے فکر ہوکرجاسکتے ہیں ہم سب ٹھیک ہیں۔

دنیا بھر کے سیاسی لیڈروں، کھیلوں کی شخصیات، مشہور شخصیات اور ان کے چاہنے والوں نے ’’عظیم تر‘‘ کی یاد میں خاموشی بھی اختیار کی ، امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ محمد علی شاندار تھے، رنگ کے باہر کی جانے والی فائٹ اور عوام کیلیے آواز اٹھانے نے انھیں حقیقی ٹائٹل دلایا، ایران کی جانب سے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ وہ رنگ میں اور انصاف کیلیے لڑنے والی عظیم شخصیت تھے، فائٹ آف دا سنچری رمبل ان جنگل میں ان کے حریف فورمین نے کہا کہ بس میں اتنا ہی جانتا ہوں وہ میرے سب سے اچھے دوست تھے۔

ایمز ٹی وی(کھیل)تفصیلات کے مطابق عام طور پر طویل ٹورز میں قومی کرکٹرز اپنی فیملیز کو بھی بلا لیتے ہیں تاہم انگلینڈ کے حساس دورے اور توجہ بٹ جانے کے خدشات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار محدود اجازت دی گئی ہے، پی سی بی کی جانب سے کہا گیاکہ بیوی، بچوں کو پورے ٹور پر ساتھ نہیں رکھا جاسکتا، کھلاڑی اپنی بیگمات کو صرف 2 ٹیسٹ میچز کیلیے ساتھ لے جاسکتے ہیں لیکن ون ڈے اور ٹوئنٹی 20سیریز میں کسی کو بھی اہل خانہ کیساتھ وقت گزارنے کا موقع نہیں دیا جائیگا، بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام اور کپتان مصباح کی تجویز پر انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے 13 سے 14 روزہ کیمپ ہیمپشائر کے روز باؤل گراؤنڈ میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پر50 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوگی،کھلاڑیوں کو ایک ہاسٹل میں رہائش اختیار کرنا پڑیگی، اس وجہ سے بیگمات کا ٹریننگ کے دوران شوہروں کے ساتھ رہنا غیر مناسب ہوگا،کنڈیشننگ کیمپ کے اختتام پر پاکستانی اسکواڈ اپنے ٹور کا باضابطہ آغاز کریگا، وارم اپ میچز شروع ہونے کیساتھ ہی انگلش بورڈ گرین کیپس کی میزبانی کی ذمہ داریاں اور اخراجات کا بوجھ اٹھالے گا۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کو غلط فہمی ہے کہ وہ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوکر محفوظ رہے گا۔

سینٹ کے اجلاس کے دوران بھارت کی جانب سے نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شامل ہونے کی درخواست کے حوالے سے پیش کی گئی تحریک التوا پر اظہار خیال کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ہونے والے حالیہ میزائل تجربے پر پاکستان کو تشویش ہے، ان میزائل تجربے سے خطے میں عدم استحکام پھیلا ہے، بھارت بحیرہ ہند کو ایٹمی ہتھیاروں کی دور میں جھونک رہا ہے، اسے غلط فہمی ہے کہ وہ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوکر محفوظ رہے گا۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں، ہم اپنی دفاعی ضروریات اور تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر ہی دفاعی ضرورت پوری کریں گے۔

نیو کلئیر سپلائی گروپ کے حوالے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کو نیوکلئیر سپلائیرز گروپ کا رکن بنانے میں کوئی رعایت نہیں دی جاسکتی، پاکستان نیوکلیئر سپلائر گروپ کے 49 ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستان نیوکلیئر سپلائی گروپ کے 49 ممالک میں فعال طریقے سے لابنگ کر رہا ہے، نیوکلیئر سپلائی گروپ کے 22 جون کو ہونے والے اجلاس میں ہم کامیاب ہوں گے،اس کے علاوہ بھارت کی بحیرہ ہند میں ایٹمی سرگرمیوں پر پابندی کی قرارداد جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی

ایمز ٹی وی(کھیل)سخت برطانوی قوانین کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی حکام میں گہری تشویش پائی جاتی تھی کہ قومی ٹیم اہم بولر محمد عامر سے محروم نہ رہ جائے،اسی کشمکش میں چیرمین شہریار خان نے انگلینڈ کے ہوم آفس سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ ہم نے کلیئرنس دیتے ہوئے اسلام آباد میں موجود اپنے ہائی کمیشن کو ہدایات جاری کردی جسے ویزے کے حوالے سے اگلی پیش رفت کرنا ہے، ذرائع کے مطابق محمد عامر کے خصوصی کیس میں ہوم آفس کا گرین سگنل ضروری تھا جس کے بعد قومی امکان ہے کہ حتمی کارروائی 1،2 روز میں مکمل کرلی جائے گی، بروقت ویزا حاصل ہونے پر پیسر اسکواڈ کے ہمراہ ہی 17جون کو انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے محمد عامر کو انگلینڈ کا ویزا حاصل ہونے کی شرط پر قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا تھا، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 میں سزایافتہ 3کرکٹرز میں سے ایک ہونے کی وجہ سے ان کا کیس دیگر کھلاڑیوں سے الگ تیار کیا گیا۔

دوسری جانب فاسٹ بولر براڈ نے عامر کو خبردار کیاکہ انہیں انگلینڈ میں کراؤڈ کے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،2010کے لارڈز ٹیسٹ میں اسٹورٹ براڈ نے حیران کن بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی پہلی اور واحد ٹیسٹ سنچری اسکور کی مگر یہ مقابلہ فکسنگ کے سائے تلے دب کررہ گیا تھا، اب ایک بار پھر پاکستانی ٹیم انگلینڈ آنے والی ہے جس میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار عامر بھی موجود ہوں گے۔ براڈ نے فاسٹ بولر کو کھیل میں واپسی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کراؤڈ سے محتاط رہنے کا بھی مشورہ دیا۔

براڈ نے کہاکہ میں نہیں سمجھتا کہ اس سیریز میں ماضی کی کوئی تلخی سامنے آئے گی، ہماری ٹیم میں 2010 کا لارڈز ٹیسٹ کھیلنے والے صرف چار کھلاڑی باقی ہیں جب کہ پاکستانی اسکواڈ میں بھی کافی تبدیلیاں آچکی ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کی جانب سے کوئی منفی چیز نہیں ہوگی البتہ کراؤڈ کی کہانی مختلف ہوسکتی ہے۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)ویسے تو آپ نے بندوقوں سے انسانوں کے زخمی ہونے کے بارے میں ہی سنا ہو گا لیکن اب امریکی ماہرین نے ایسی گن تیار کی ہے جس کی مدد سے ہر طرح کے زخموں خصوصاً آگ سے جلنے کے زخموں کو انتہائی تیز رفتاری سے ٹھیک کیا جا سکے گا۔

اس ڈیوائس کو ’’اسکن گن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ گن بالکل جادوئی انداز میں کام کرتے ہوئے عام طریقوں سے 200 گنا تیزی سے زخموں کو مندمل کرنے میں مدد دیتی ہے۔ عام طریقوں میں جلنے کے زخموں کو ٹھیک کرنے کا نہ صرف دورانیہ انتہائی طویل ہوتا ہے بلکہ اس دوران مریض انتہائی درد بھی برداشت کرتا ہے جب کہ زخم ٹھیک ہو جانے کے باوجود اپنے گہرے نشانات بھی چھوڑ جاتا ہے۔ آگ سے متاثرہ انسانوں کی مدد کرنے والی اس گن کا گزشتہ دنوں سائنسدانوں نے کامیاب تجربہ کر کے دکھایا۔ یہ گن زخمی کے جسم سے خلیے ایک چھوٹی سی ڈیوائس کی مدد سے کھینچ کر جمع کرتی ہے اس کے بعد ان خلیوں کو انتہائی تیزی لیکن نرمی کے ساتھ زخم پر اسپرے کرتی ہے تاکہ یہ خلیے متاثر نہ ہوں۔

ایک اسپرے میں یہ گن 20 ہزار خلیوں کو متاثرہ جلد پر منتقل کرتی ہے جو کہ عام سرنج کے ذریعے رائج طریقہ علاج کے مقابلے میں کہیں گنا زیادہ ہے۔ اس اسپرے کے دوران 97 فیصد خلیے درست طریقے سے جلد پر پہنچ کر زخم کو انتہائی تیزی سے بھرنے کا عمل شروع کر دیتے ہیں۔ اس طرح نہ صرف زخم انتہائی تیزی سے بھرتا ہے بلکہ انسان اپنی ہی جلد زخم پر دوبارہ حاصل کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی ماہرین نے ایک ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو ہر ماحول میں گندی ہوا کو فلٹر کر کے آپ کو سانس لینے کے لیے صاف ستھری ہوا فراہم کرتی ہے۔ یہ چھوٹی سی ڈیوائس تاروں کے بغیر اور انتہائی کم وزن کی حامل ہے جسے کہیں بھی ساتھ لے جایا جاسکتا ہے اور سامنے رکھ کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس ڈیوائس کو وِنڈ کا نام دیا گیا ہے جو کہ ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ اس کے کامیاب تجربے کے بعد اسے اسی سال کے اختتام تک فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا جب کہ اس کی قیمت 70 امریکی ڈالر ہو گی۔ وِنڈ میں ایک فلٹر نصب ہے جو کہ گندی ہوا کو جذب کر کے صاف کرنے کا کام کرتا ہے۔ اس کی معیاد ختم ہونے پر اسے بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

عام طور پر یہ فلٹر 3 مہینے تک کام کر سکتا ہے لیکن فضائی آلودگی اس کی زندگی کو کم یا زیادہ بھی کرسکتی ہے۔ یہ ڈیوائس اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے تمام صورت حال سے باخبر رکھتی ہے اور ہر جگہ بتا سکتی ہے کہ فضا کتنی آلودہ ہے تو یہ ڈیوائس اسے کتنا صاف کر چکی ہے۔