ایمزٹی وی(تجارت) آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردی سے معیشت کوپہنچنے والے نقصانات میں نمایاں کمی ہوئی ہے،رواں مالی سال کے پہلے9ماہ کے دوران دہشت گردی سے نقصانات کی مالیت40فیصدکمی سے 5.55 ارب ڈالررہی،دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچا،تجارتی سرگرمیاں درہم برہم ہوگئیں۔ جس کے نتیجے میں کاروباری لاگت میں اضافے کاسامنا کرنا پڑا،ان عوامل کی وجہ سے پاکستان کیلیے برآمدی سودوںکی بروقت ترسیل ممکن نہ رہی نتیجتاًپاکستانی مصنوعات کیلیے عالمی منڈی میں تجارتی حریف ملکوں کے مقابلے میں اپنامارکیٹ شیئربرقراررکھنا دشوار ہوگیااورپاکستان کوایکسپورٹ میں کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ اقتصادی جائزہ رپورٹ برائے سال2015-16کے مطابق پاکستان کواب بھی دہشت گردی کے خدشات بالخصوص اورپڑوسی ملکوں کی مداخلت کی وجہ سے نامساعدسیکیورٹی چیلنجزکاسامناہے تاہم ملک میں جاری ضرب عضب کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے کاروباراورسرمایہ کاری کیلیے بھی فضاسازگارہورہی ہے،ضرب عضب کی وجہ سے معیشت کودہشتگردی کی وجہ سے پہنچنے والے براہ راست اوربالواسطہ نقصانات میں بھی نمایاں کمی آرہی ہے۔
ایمز ٹی وی(صحت)جارجیا ٹیک کے الیکٹرکل انجینیئرعمر آئنان کا کہنا ہے ہمارے گھٹنوں کی آواز میں اہم معلومات چھپی ہوتی ہیں اسے سن کر ہم گھٹنے اور جوڑوں کی کیفیت کا اندازہ لگاسکتے ہیں اور اسے مریضوں کی بحالی میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ڈیفینس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی ( ڈارپا) کے مالی تعاون سے ایسے چھوٹے اور نفیس مائیکروفون تیار کیے ہیں جو ٹانگوں کی حرکت سے گھٹنوں میں ہونے والی معمولی آوازوں کو بھی نوٹ کرسکتے ہیں، یہ آواز گھٹنوں کی حرکت اور کرکری ہڈی (کارٹیلج) کی رگڑ سے پیدا ہوتی ہے۔
عمر آئنان نے باریک مائیکروفون اور سینسر کو ایک ٹیپ پر لگایا اور اسے کھلاڑیوں کو پہنایا جس سے معلوم ہوا کہ اگر ہڈیوں سے غیرہموار اور بے ترتیب انداز میں متواتر آوازیں آتی رہیں تو وہ ظاہر کرتی ہیں کہ ہڈی میں کوئی سنجیدہ مسئلہ پیدا ہوچکا ہے اور اس کا علاج کیا جانا ضروری ہے۔ اس نظام کو مریضوں کے گھٹنے کے آپریشن کے بعد ان کی بحالی کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس کے بہت سے فوائد حاصل ہوں گے۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)جب سے فیس بک پر لائیو ویڈیو نشر کرنے کا فیچر سامنے آیا ہے مشہور افراد اور فیس بک پیجیز نے اپنے خصوصی لمحات کو فیس بک کے ذریعے براہ راست نشر کرنا شروع کر دیا ہے۔ فیس بک پر سب ہی کے سیکڑوں دوست ہوتے ہیں اور انہوں نے بے شمار صفحات کو بھی لائیک کیا ہوا ہوتا ہے۔ اس لیے جب ان کا کوئی دوست یا پیج فیس بک پر ویڈیو لائیو پیش کرتا ہے تو انہیں ایک نوٹی فکیشن ملتا ہے۔ چونکہ آج کل انتہائی زیادہ تعداد میں افراد لائیو ویڈیو نشر کرتے ہیں اس لیے ان کے نوٹی فکیشن کی بھرمار فیس بک صارفین کو پریشان کر دیتی ہے۔
اگر آپ بھی دن بھر ایسے نوٹی فکیشنز کے ملنے سے پریشان ہیں تو انہیں باآسانی بند کرکے ان سے جان چھڑا سکتے ہیں۔ اس کے لیے فیس بک اکاؤنٹ لاگ ان کرنے کے بعد سیٹنگز میں آجائیں۔ سیٹنگز میں آنے کے بعد نوٹی فکیشنز کے حصے میں سب سے اوپر ’’آن فیس بک‘‘ پر کلک کریں۔ یہاں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کون سی نوٹی فکیشنز کو آپ نے اجازت دے رکھی ہے۔ لائیو وڈیوز کا آپشن بھی یہیں موجود ہو گا جو پہلے سے ہر فیس بک اکاؤنٹ میں آن ہوتا ہے۔ اسے آف کر کے آپ ان نوٹی فکیشنز کو مکمل طور پر بند کر سکتے ہیں۔
ایمزٹی وی(کھیل) وفاقی بجٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی آمدنی پر چارفیصد ٹیکس لگا دیا گیا، فنانس بل کےمطابق پی سی بی کو دوہزاردس کی آمدنی سے ٹیکس دینا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر بجلی گرادی۔ ایک دو سال کا نہیں پورے چھ سال کا ٹیکس یکمشت مانگ لیا۔ ساتھ ہی بجٹ میں کرکٹ بورڈ کی آمدنی پرچارفیصد ٹیکس بھی عائد کردیا گیا حکومت نے بورڈ پرمیڈیا رائٹس، اسپانسرشپ، گیٹ منی، آئی سی سی اورایشین کرکٹ کونسل سے حاصل ہونےوالی رقم پر چارفیصد ٹیکس عائد کیا ہے۔ پی سی بی کو دو طرفہ سیریز کیلئے کسی بھی دوسرے بورڈ سے ملنے والی آمدنی پر بھی اتناہی ٹیکس دینا ہوگا۔ پی سی بی کو خبردارکیا گیا ہے کہ چار فیصد ٹیکس کی سہولت اسی شرط پر ہوگی کہ بورڈ ایف بی آر کیخلاف تمام مقدمات اور درخواستیں واپس لے ورنہ زیادہ ٹیکس دینا ہوگا۔ پی سی بی کو دوہزار دس سے دوہزار پندرہ تک کے تمام ٹیکس بقایاجات کی ادئیگی کیلئے تیس جون تک کی مہلت دی گئی ہے۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)اگلے چند دنوں میں فیس بک اپنے 900 ملین صارفین کے لیے میسنجر میں بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن پیش کرنے جا رہا ہے تاہم یہ صارفین کی پسند پر منحصر ہو گا کہ وہ اسے چاہیں تو استعمال کریں ورنہ غیر فعال رہنے دیں۔ انکرپشن اس وقت صارفین کی پرائیویسی کے لیے ایک انتہائی اہم فیچر ہے۔ اس طرح نہ صرف ان کی گفتگو تک ہیکرز کا پہنچنا ناممکن ہو جاتا ہے بلکہ وہیں سرکاری حکام بھی کسی کی پرائیویسی میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔
اس فیچر کی بدولت فیس بک کے پاس بھی صارفین کی بات چیت تک پہنچنا ممکن نہیں ہو گا اس طرح فیس بک کو بھی سرکاری حکام کے مطالبات سے نجات مل جائے گی جنہیں آئے دن فیس بک استعمال کرنے والوں کی سرگرمیوں تک رسائی چاہیے ہوتی ہے۔ البتہ یہ انکرپشن فیس بک کے چیٹ بوٹس نظام سے ضرور متصادم ہو گی۔ انکرپشن فعال ہونے کی بدولت فیس بک کا چیٹ بوٹ کام نہیں کر پائے گا۔ چیٹ بوٹ کی سہولت فیس بک صفحات کے لیے ہے جو اپنے صارفین کو بروقت جواب دینے کے لیے ان بوٹس کو استعمال کریں گے جو صارفین کے سوالوں کے درست اور بروقت جوابات خود ہی دے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ فیس بک میسنجر میں 1500 ایموجیز کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے جب کہ 100 بالکل نئی ایموجیز بھی شامل کی جا رہی ہیں تاکہ چیٹنگ کے انداز کو مزید دلچسپ بنایا جا سکے۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے آئندہ مالی سال کا بجٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے بجٹ میں کچھ بھی نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے آئندہ مالی سال کا بجٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال کے بجٹ کے چند اعداد وشمار تبدیل کیے گئے ہیں، یہ کسی بھی طرح سے عوامی بجٹ نہیں کیوں کہ اس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے خواہشات پر مبنی بجٹ پیش کیا، اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے لیے حکومت کا چوتھا بجٹ تھا، منصوبوں کے اعلان کے باوجود سرماریہ کاری کم ترین رہی اور عوام آج بھی اپنی فلاح و بہبود کے ضامن بجٹ کے منتظر ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حساب کے ہیر پھیر میں اسحاق ڈار کا کوئی مقابل نہیں ہے، سراج الحق نے کہا کہ بجٹ مفروضوں پر مشتمل ہے اور موجودہ حکومت آئینی تقاضوں کو پورا نہیں کرسکی جب کہ ایم کیوایم نے بجٹ کو امیر دوست قرار دے کر مسترد کردیا۔
ایمزٹی وی(کھیل) عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، لیجنڈ باکسر محمد علی کلے سانس کے عارضے میں مبتلاہیں، ڈاکٹروں نے محمد علی کلے کی صحت کیلئے اگلے چند گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔ سابق امریکی باکسر محمد علی کو سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا، محمد علی پارکس سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ محمد علی کوسانس کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا وہ امریکی شہرفینکس کےاسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق ان کی تدفین ان کے آبائی شہر کینٹگی کے لوئی ویلے میں ہوگی۔ محمد علی جنوری 1942 میں پیدا ہوئے، محمد علی کا نام کیشیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا، انھوں نے 1964 میں اسلام قبول کیا، جس کے بعد ان کا نام محمد علی رکھا گیا۔ ابھوں نے 12سال کی عمر میں باکسنگ شروع کی اور تین مرتبہ باکسنگ کے عالمی چیمپیئن رہے، پہلی مرتبہ 1964 میں باکسنگ کے عالمی چیمپیئن بنے ، محمد علی 1974اور 1978میں بھی چیمپئن بنے۔ لیجنڈ باکسرنے 1960 میں روم اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا، محمد علی کے نام کے ساتھ ’گریٹیسٹ‘ یعنی عظیم ترین لگایا جاتا ہے انھوں نے 61 مقابلوں میں 56 مقابلے جیتے۔ محمد علی کو پہلی انٹرنیشنل فتح 1960 میں ملی، جس کے بعد وہ امریکا کے ہیرو کہلانے لگے۔ ویت نام جنگ کے دوران محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انھیں ان کے اعزاز سے محروم کرکے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، بعد ازاں سپریم کورٹ نے عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد علی کو سزا سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔ محمد علی نے انیس سو چوراسی میں پارکنسنز کی تشخیص کے بعد باکسنگ چھوڑ دی تھی، محمد علی کی بیٹی لیلیٰ نے بھی باکسنگ میں نام بنایا۔ محمد علی گزشتہ برس پیشاب کی نلی میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل 2014 میں بھی نمونیے کے باعث ہسپتال میں داخل رہے۔ یاد رہے کہ امریکہ کی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد علی پہلے کیسیئس کلے کے نام سے جانے جاتے تھے لیکن سونی لسٹن کے خلاف 25 فروری سنہ 1954 کو ہونے والے اہم مقابلے کے اگلے ہی دن انھوں نے اعلان کیا کہ وہ اسلام قبول کر رہے ہیں اور اپنا نام بدل کر محمد علی رکھ رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)نیروبی میں اقوامِ متحدہ کے تحت ہونے والی ماحولیاتی اسمبلی میں سائنسدانوں نے ایک رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ بعض فصلیں شدید موسمیاتی کیفیات جھیلنے کے لیے خاص اجزا خارج کرتی ہیں جو زہریلے ہوتے ہیں اور اگر طویل عرصے تک ان کا استعمال کیا جائے تو صحت پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
یو این ای پی کے ماہر کے مطابق اگر خشک سالی اور شدید درجہ حرارت ہو تو پودے عین اسی طرح برتاؤ کرتے ہیں جس طرح انسان کرتے ہیں، عام حالات میں پودے جذب کرنے والے نائٹریٹس کو پروٹین اور امائنو ایسڈ میں بدلتے ہیں لیکن طویل خشک سالی میں مکئی، گندم، جو، سویابین اور سرسوں وغیرہ کی فصلوں پر شدید خشک سالی کے بعد بارشیں ہوجائیں تو ان میں ہائیڈروجن سائنائیڈ جمع ہوتا ہے جو زہریلا مرکب ہوتا ہے اور اسے پروسک ایسڈ بھی کہتے ہیں۔
2013 میں کینیا اور 2005 میں فلپائن میں انسانوں میں ہائیڈروجن سائنائیڈ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ کینیا میں شکر قندی جیسا ایک پھل، کساوا کھانے سے 2 بچے بھی ہلاک ہوگئے تھے اور ان میں پروسک ایسڈ کی زیادتی تھی۔ 2004 میں بھی ایفلا ٹوکسن سے 300 افراد ہلاک ہوئے تھے جنہوں نے مخصوص اناج کھایا تھا۔ ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ درجہ حرارت بڑھنے سے مزید فصلیں زہریلی ہوجائیں گی اور اس مسئلے پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) امریکی صدارت کاخواب دیکھنےوالےافرادسےمتعلق نیاسروےآگیا،ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن ڈونلڈ ٹرمپ سے آگے نکل گئیں.تفصیلات کے مطابق امریکہ میں صدارت کے خواہشمند افراد سےمتعلق نئےسروےمیں ایک ہزار چار سو اکیس افرادسےرائے لی گئی، سروےکےمطابق ہلیری کلنٹن کی مقبولیت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیاہے. دوسری جانب ریپبلکن صدارتی امیدوار ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ سےپیچھے رہ گئے ہیں،سروےمیں چھیالیس فیصدووٹرز نےہلیری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کیا جبکہ پینتیس فیصد نےفیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ کےحق میں سنایا. سروےمیں شامل انیس فیصدووٹرز نےہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ میں سےکسی کی بھی حمایت سےانکارکیا. یاد رہے گذشتہ ماہ سی این این سے بات کرتے ہوئے سابقہ سیکرٹری خارجہ اور امریکہ میں جاری صدارتی الیکشن میں امیدوار ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھاکہ ٹرمپ کا جارحانہ کردار اور نفرت آمیز اندازِ گفتگو، امریکہ میں قائم جمہوریت اور جاری معاشی ترقی کے لیے خطرہ ہے.
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزارت مذہبی امور نے رواں اسلامی سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے رواں اسلامی سال کے لیے زکوٰة کا نصاب 35 ہزار 557 روپے مقرر کیا گیا ہے جس کی یکم رمضان اس سے زائد رقم رکھنے والوں کے بینک اکاؤنٹس سے ڈھائی فیصد زکوٰۃ کٹوتی ہوگی۔