Tuesday, 19 November 2024

ایمزٹی وی(کراچی) کے الیکٹرک نے رمضان المبارک میں بھی شہر بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کرنے کااعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے رمضان المبارک کے مہینے میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں ہوگا۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ صنعتی صارفین کو بھی لوڈ شیڈنگ سے استثنا ختم کردیا ہے جس کے بعد صنعتوں کو بھی بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہے گی۔ صنعتی صارفین نے کے الیکٹرک کے لوڈشیڈنگ کم نہ کرنے کے اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شہر بھر میں کے الیکٹرک کی جانب سے طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ بعض علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس کےعلاوہ تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر میں گھنٹوں بجلی غائب رہنا بھی معمول بن گیا ہے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) دنیا کے مختلف ملکوں میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اقوام متحدہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خصوصی شرکت کی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل مقصود احمد نے کی۔ بین الاقوامی امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےبان کی مون کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ فوجی 23 ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 7 ہزار سول سیکیورٹی اہلکار بھی اقوام متحدہ کی امن فورس کا حصہ ہیں۔ پاکستانی فوجیوں کی امن کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ان کا دل کا آپریشن کامیاب ہوا، وہ دعا گو ہیں کہ نوازشریف جلد صحت یاب ہوں۔ اقوام متحدہ میں تعینات پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ امن کےلئے پاکستان اور عالمی ادارے کے مقاصد یکساں ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئے۔ ہمیں امن مشنز میں پاک فوج کے کردار پر فخر ہے۔ امن مشن کے اہداف کے حصول کےلئے پاکستان آئندہ بھی کردار ادا کرتا رہے گا۔

ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور ہائیکورٹ نے گرمی کی چھٹیوں کے دوران تین ماہ کی یکمشت فیسیں لینے والے پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس علی اکبر قریشی نے شہری شبیرالزمان کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار کی وکیل شیبا حسن نے عدالت کو بتایاکہ نجی اسکولزموسم گرما کی تعطیلات کے دوران تین ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرر ہے ہیں جو عدالتی فیصلے کے منافی ہے۔ سماعت کے دوران ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن زبیرخان اور محکمہ تعلیم کے لیگل ایڈوائزر رانا یونس عزیز نےعدالت کو بتایا کہ تین ماہ کی یکمشت فیسیں لینے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے شکایات سیل بنائے گئےہیں لیکن ابھی تک انہیں کسی پرائیویٹ اسکول کے خلاف تین ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس پرعدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی یہ حکم دیا گیا تھا اور اب پھر عدالت حکم دیتی ہےکہ چھٹیوں کےدوران 3ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے محکمہ تعلیم سےآئندہ ہفتے عملدرآمد رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔

ایمزٹی وی(تعلیم) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف حکومتی نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے فیسوں میں اضافہ درست قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 23 ستمبر 2015 کو نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافہ واپس لینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئےکہا تھا کہ وہ فیسوں کی مد میں وصول کی گئی اضافی رقم والدین کو واپس کریں، مگرپرائیویٹ اسکول مالکان نے اضافہ واپس لینے سے انکار کردیا تھا جس پر بچوں کے والدین نے عدالت سے رجوع کیا، عدالت میں نجی اسکول مالکان نے موقف اختیار کیا تھا کہ فیسوں میں اضافے کے لیے نجی اسکول حکومت کی اجازت لینے کے پابند نہیں۔ والدین نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیس میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بھاری فیسوں کے علاوہ پرائیویٹ اسکولوں کی انتظامیہ ہر ماہ اُن سے موسیقی کی تقریب، پکنک اور نئے سال کی پارٹی کے علاوہ یوم والدین کے نام پربھی بھاری رقم وصول کرتی ہے۔

ایمزٹی وی(کوئٹہ) احتساب عدالت نے سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر تفتیشی افسران نے موقف اختیار کیا کہ زیرحراست ملزمان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جن سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لئے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسران کی درخواست منظور کرتے ہوئے مشتاق رئیسانی اور اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کردیا۔ سماعت کے دوران مشتاق رئیسانی نے شکوہ کیا کہ گزشتہ ریمانڈ پر بھی ان کی ملاقات اہلخانہ سے نہیں کرائی گئی جس پرعدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو میڈیکل سہولت فراہم کرتے ہوئے بیوی، بیٹے اور بھائی سے ملاقات کرائی جائے۔ واضح رہے کہ 6 مئی کو نیب نے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھرپرکارروائی کے دوران 63 کروڑ روپے سے زائد نقدی، پرائز بونڈ، زیورات اور غیرملکی کرنسی برآمد کی تھی۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مسجد نبویؐ کے انتظام وانصرام کے ذمے دارادارے روضہ رسول ؐپر حاضری دینے والوں، نمازیوں، روزہ داروں اور زائرین کی خدمت کیلیے کمربستہ ہوگئے۔ مسجد نبویؐ میں زائرین کی خدمت پر 5 ہزارمستقل اورجزووقتی رضاکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مسجد نبوی کےعمومی امور کی دیکھ بحال کے ذمے دارادارے کے وائس چیئرمین الشیخ ڈاکٹرعبدالعزیز الفالح نے بتایا کہ ماہ صیام سے قبل مسجد نبوی کے مرکزی ہال، مشرقی، مغربی اورشمالی سمتوں میں بنی گیلریوں میں16 ہزار فٹ نئے قالین بچھائے گئے ہیں۔ روزے داروں کی پانی کی ضرورت کے پیش نظرروزانہ 300 ٹن آب زم زم مہیا کیا جائیگا، آب زمزم کوٹھنڈارکھنے کیلیے 15 بڑی مشینیں نصب کی گئی ہیں جبکہ پانی کو صاف ستھرا اورٹھنڈارکھنے کے 40 فریزران کے علاوہ ہیں۔پانی پینے کے لیے 385 مقامات پر ٹوٹیاں لگائی ہیں۔مسجد کے صحن میں دھوپ سے بچاؤکے لیے 250 بڑی چھتریاں نصب کی گئی ہیں جب کہ 436 موبائل پنکھے مہیا کے گئے ہیں۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی سب سے لمبی اور سب سے گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح ہوگیا، ستاون کلومیڑطویل سرنگ شمالی اورجنوبی یورپ کو ملائے گی۔ گوٹہارڈ ریل لنک نامی سرنگ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ سے لے کر لوگانو تک بنائی گئی ہے، سرنگ کی تعمیربیس سال میں مکمل ہوئی، سرنگ الپس کے پہاڑی سلسلے سے گزرے گی۔ سوئٹزر لینڈ میں تیار کی گئی دنیا کی سب سے لمبی اور سب سے گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح ہوگیا ، سرنگ کی تعمیر پر 12 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئی ہے ۔ سرنگ کی تیاری میں 2600 مزدوروں نے حصہ لیا ۔ اس دوران حادثات میں نو مزدور ہلاک بھی ہوئے۔ سوئس حکام کا کہنا ہے کہ اس سرنگ سے یورپ کی مال برداری کے میدان میں انقلاب آئے گا ،جرمن چانسلر اینجلا میرکل ، فرانسیسی صدر فرینکوئس اولاند ، اٹلی کے وزیرِ اعظم میٹیو رینزی سمیت یورپ کے کئی رہنما سرنگ کا دورہ کریں گے۔ سن 1992 میں سوئس لوگوں نے ووٹنگ کے ذریعے ایلپس کے آر پار ایک ہائی سپیڈ ریل کے منصوبے کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔لیکن اس منصوبے کی راہ میں کئی چیلنج حائل تھے۔ اس سرنگ نے لمبائی میں جاپان کی سائیکان سرنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جس کی لمبائی 53.9 کلو میٹر ہے۔ اسی طرح 50.5 کلو میٹر لمبی سرنگ یورو ٹنل جو برطانیہ کو فرانس سے ملاتی ہے اب تیسرے نمبر پر آ جاتی ہے۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) بحرہ روم میں گرنے والے مصری طیارے کے بلیک باکس کے سگنل موصول ہوگئے فرنچ ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ایک فرانسیسی بحری جہاز کو گہرے سمندر میں سگنل موصول ہونے کی تصدیق کی ہے،فرانسیسی بحریہ کے مطابق سنگل 10 ہزار فٹ گہرائی سے موصول ہوئے ہیں۔ تحقیقات کاروں کے مطابق توقع ہے روبوٹ کی مدد سے گہرے سمندر میں بلیک باکس تک جلد رسائی حاصل ہوجائے گی۔ ڈیجیٹل بلیک باکس کی مدد سے طیارے کی پرواز کرنے کی رفتار،  سطح زمین سے اونچائی اور سمت معلوم کی جاسکے گی ساتھ ہی پائلٹ کے کاک پٹ میں ریکارڈ ہونے والی تمام گفتگو بھی سنی جاسکے گی جس کے بعد طیارے کے گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا۔ یہ امر واضح رہے کہ بیٹری کے مدد سےچار سے پانچ ہفتوں تک بلیک باکس سگنل جاری کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ 19مئی کو  پیرس سے مصری دارالحکومت کائرو جانے والا طیارہ نامعلوم وجوہ کی بنا پر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا طیارے میں مسافر اور عملے سمیت 66افراد سوار تھے جس میں کسی کے بھی زندہ بچنے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی) اسمارٹ فون تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے اب دیکھیے دنیا کا سپر اسمارٹ فون جو اپنے فیچرز کے حوالے سے دنیا کا محفوظ ترین جب کہ قیمت کے حوالے سے دنیا کا مہنگا ترین اسمارٹ فون ہے۔ اس سے قبل بھی آپ نے مہنگے فونز کے بارے میں ضرور سنا ہو گا لیکن ان کی قیمت بڑھانے کے لیے ان کے گرد ہیرے جواہرات لگائے گئے ہیں جب کہ سولرین اینڈروئیڈ پر چلنے والا اسمارٹ فون ہے۔ اپنی پرائیویسی کے حوالے سے آپ کتنا پریشان رہتے ہیں، اگر آپ کو 100 فیصد پرائیویسی چاہیے تو سیرین لیبز کا دعویٰ ہے کہ ان کے فون سولرین سے کی گئی بات چیت تک پہنچنا کسی کے لیے ممکن نہیں۔ کیونکہ اس میں آرمی کے زیرِ استعمال چِپ ٹو چِپ انکرپشن نظام استعمال کیا گیا ہے۔ لندن میں سیرین لیبز کی جانب سے یہ ملٹری گریڈ اسمارٹ فون سولرین پیش کیا گیا ہے۔ اس کی اسکرین کا سائز 5.5 انچ ہے جب کہ اس میں آپریٹنگ سسٹم کے 2 طرح کے ورڑنز موجود ہیں۔ ایک ورڑن اینڈروئیڈ پر مبنی ہے جس میں عام سوشل میڈیا ایپلی کیشنز وغیرہ استعمال کی جا سکتی ہیں لیکن انہیں بھی ہیک کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس کے پیچھے کمپنی کا زبردست سکیورٹی نظام کام کر رہا ہوتا ہے جب کہ اس میں دوسرا ورڑن 256 بِٹ کی چِپ ٹو چِپ انکرپشن استعمال کرتا ہے جس تک پہنچنا کسی کے لیے ممکن نہیں لیکن اس میں ساری عام اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز استعمال نہیں کی جا سکتیں۔ سیکرٹ ایجنٹ کے فون جیسے نظر آنا والے اس لگڑری فون میں اسنیپ ڈریگن 810 پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں ایل ٹی ای کے 24 بینڈز کی سپورٹ موجود ہے جس کی وجہ سے یہ دنیا کے تقریباً تمام نیٹ ورکس کا تیز ترین انٹرنیٹ چلا سکتا ہے۔ 450mbps ڈاؤن لنک اور 150mbps اَپ لنک کی رفتار اسے عام اسمارٹ فون سے تین گنا تیز انٹرنیٹ استعمال کرنے کے قابل بنا دیتی ہے۔ وائی فائی کے ذریعے ڈیٹا منتقلی کے لیے یہ فون 4.6Gbps کی رفتار تک پہنچ سکتا ہے۔ فون کے ڈیزائن کو بدصورت ہونے سے بچانے کے لیے اس میں زیادہ موٹی بیٹری استعمال نہیں کی گئی لیکن اس میں 4000 ایم اے ایچ کی بیٹری ضرور موجود ہے جس میں سپر فاسٹ چارجنگ کا فیچر بھی موجود ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے اس میں 23.8 میگا پکسلز کا کیمرہ آٹو فوکس اور فور ٹون فلیش کے ساتھ موجود ہے جب کہ فرنٹ کیمرے کے ساتھ بھی فلیش لائٹ دی گئی ہے۔ یہ عجیب و غریب سحر انگیز فون دراصل پرائیویسی کے حوالے سے فکر مند امیر ترین لوگوں کے لیے بنایا گیا ہے جو دنیا بھر میں سفر کرتے ہیں اور اپنی سرگرمیوں کو پوشیدہ رکھنا چاہتے ہیں۔

ایمزٹی وی(کراچی)شہر قائد کے دو حلقوں سمیت سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ کراچی اور نوشہرو فیروز میں سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ ضمنی انتخاب میں عوام کی سہولت کے لیے تینوں حلقوں میں عام تعطیل ہے تاہم نجی دفاتر اور کاروباری مراکز کھلے ہیں۔ پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جب کہ پاک فوج کو کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہنے کے احکامات ملے ہیں۔ کراچی کے حلقہ پی ایس 106 میں کل رجسٹرڈ ووٹرزں کی تعداد ایک لاکھ 76 پزار 395 ہے۔ جن کے لئے 100 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 73 کو انتہائی حساس جبکہ 27 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر 900 افراد پر مشتمل عملہ خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پی ایس 117 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 746 ہے اور پورے حلقے میں 84 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر بھی رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ 106 پی ایس 106 اورپی ایس 117 جب کہ نوشہرو فیروز میں حلقہ پی ایس 22 کی نشست پر ضمنی انتکاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ واضح رہےPS106 اور PS 117 پر ایم کیو ایم کے افتخار عالم اور ڈاکٹر صغیر کامیاب ہوئے تھے تاہم دونوں افراد ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنی اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ پی ایس 22 پر عدالت کے حکم پر ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔