ایمزٹی وی(کراچی) کراچی میں پاک بحریہ کی 105ویں مڈشپ مین اور 14ویں شارٹ کورس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں بحرین کے20،لیبیاکے10 اور سعودی عرب کے30 کیڈٹس پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔ پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے لیکن امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نا سمجھا جائے، پاکستان کو دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی، ہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیےتیار ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستا ن امن سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے قومی سطح پر اتفاق رائے موجود ہے، پاک بحریہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گردعناصر کے خلاف کارروائیوں میں پاک بحریہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ بھارت کو الزام تراشی کے بجائے مثبت انداز میں مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت پر تشویش ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کراچی اوربلوچستان میں پاکستان کیخلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ پاک امریکہ تعلقات سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکہ سے گہرے تعلقات ہیں اور ہر تعلق میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے۔ نیوکلئیر سپلائیر گروپ میں پاکستان کی شمولیت کی درخواست میرٹ پر مبنی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک ڈویلپنگ پروگرام ہے جس سے سب کو فائدہ حاصل ہو گا۔
ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور کے نواحی علاقہ ميں واقع نجی ميڈيکل کالج کا طالب علم چھت سے گر کر پراسرار طور پر جاں بحق ہو گيا ، ورثا کے انکار پر پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بغیر لاش ان کے حوالے کردی۔ پوليس کے مطابق تھانہ ہير پنڈ کے قريب واقع نجی ميڈيکل کالج ميں کامونکی سے تعلق رکھنے والا فرسٹ ائير کا طالب علم انيس سالہ نقاش ہاسٹل کي چھت سے فون سنتے ہوئے گر کر جاں بحق ہو گيا ۔ تفصیلات کے مطابق نقاش رات گئے ہاسٹل کی چھت پر فون سن رہا تھا کہ چھت پر حفاظتی جنگلا نہ ہونے کے باعث پائوں پھسلنے کے بعد زمين پر آن گرا اور موقع پر ہی دم توڑ گيا ۔ پوليس نے تفتیش شروع کردی تاہم ورثا نے پوسٹمارٹم کرنے سے انکار کر دیا تو پولیس نے لاش ان کے حوالے کر دی ۔
ایمزٹی وی(پنجاب)سرکاری اسپتالوں کی نرسوں کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں چوتھے روزبھی احتجاج جاری ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ جب وہ مریضوں کی تیمارداری کیلئے دن رات کی پرواہ کئے بغیر خدمات سرنجام دے سکتی ہیں تو اپنے حق کیلئے آواز بھی اٹھا سکتی ہیں۔ حکومت کو جتنا آزمانا ہے آزما لے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ صوبائی حکومت جب تک سروس اسٹرکچر اورہیلتھ رسک الاؤنس سمیت ان کے دیگرمطالبات تسلیم نہیں کرتی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گی۔ دوسری جانب نرسوں کے احتجاج کے باعث مال روڈ اور اطراف کے علاقے میں ٗٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
ایمزٹی وی(مری) رشتے کے تنازع پرجلائی گئی لڑکی ماریہ پمز اسپتال میں دم توڑ گئی۔ ترجمان پمزاسپتال کے مطابق گزشتہ روزاسپتال میں لائی گئی ماریہ کے اہم اعضا بری طرح جھلس گئے تھے، اس کے علاوہ اس کے دماغ، جگر اور گردوں نے کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا، ماریہ کی زندگی بچانے کے لیے ماہر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے نے بھرپورکوششیں کیں.صبح دم توڑ گئی، ماریہ کی لاش کو اس کے ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ماریہ کے نزعی بیان اوراس کے باپ کی جانب سے دائر کی گئی رپورٹ کی روشنی میں شوکت اور رفعت نامی دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف اقدام قتل کے بعد اب قتل کی دفعہ بھی شامل کردی ہے۔ واضح رہے کہ ماریہ کو گزشتہ روز رشتہ کے تنازع پر آگ لگا کر گہری کھائی میں پھینک دیا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت کے رمضان پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی کا آغاز ہوگیا،پیکج سے عوام کو پونے دو ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج شروع کردیا گیا ہے، چینی، چائے، گھی، آٹے سمیت 22 اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج کے تحت چینی ساٹھ روپے کلو گرام، گھی ایک سو پندرہ روپے، آئل ایک سو پچیس روپے، دال چنا ایک سو بیس روپے، دال مونگ ایک سو اڑتالیس روپے، دال ماش دو سو تہتر روپے فی کلو گرام اور دودھ ایک سو دو روپے فی لیٹر فروخت ہوگا۔ وفاقی وزیر کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر عوام کو ملنے والا ریلیف صرف ماہ رمضان کے لیے ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی) لاہور کی طرح کراچی کی سڑکوں پر بھی جلد میٹرو بسیں دوڑیں گی جو شہریوں کو سرجانی ٹاؤن سے ٹاور تک سفر کی سہولتیں مہیا کریں گی جب کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے وفاق نے 10 ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ساڑھے 22 کلومیٹر طویل گرین لائن میٹرو بس منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے جس کو وفاق نے اگلے 10 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے جب کہ اورنج لائن بس منصوبے پر وفاق کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت نے بھی تیزی دکھانا شروع کردی ہے اور پونے 5 کلومیٹر طویل اورنج لائن بس منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ روٹ میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بسوں کو اورنگی کی اندرونی شاہراہوں پر چلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ دوسری جانب سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہ فاروقی کا کہنا ہے کہ اورنج لائن کے توسیعی روٹ کے لیے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔میٹرو بسوں میں ای ٹکٹنگ کے ذریعے مسافروں کی سہولت کے لیے ماہانہ ٹکٹنگ کا نظام بھی متعارف کرایاجائے گا جب کہ کرائے کے لیے ابتدائی تجاویز کےمطابق ایئرکنڈیشنڈ گرین میٹرو بس کا کرایہ 25 سے 30 روپے تک ہوگا۔