Tuesday, 19 November 2024

ایمزٹی وی(کوئٹہ) عدالت نے ثاقبہ خودکشی کیس میں ملوث ملزمان کی درخواست مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج مسلم باغ ہارون آغا نے کی ۔ دوران سماعت ثاقبہ خود کشی کیس میں ملزم گرلز کالج مسلم باغ کے کلرک محمود اور پرنسپل عابدہ غوث کی جانب سے درخواست ضمانت جمع کرائی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا ۔ درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کلرک محمود کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ کیس کی مرکزی ملزمہ پرنسپل عابدہ غوث کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ۔ سترہ سالہ ثاقبہ نے کالج انتظامیہ کی جانب سے داخلہ نہ بھجوانے پر 2 فروری کو خودکشی کی تھی اور اپنے اس فعل کی ذمہ داری کالج انتظامیہ پر عائد کی تھی ۔ واقعہ کی تحقیقات کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن بھی بنایا گیا ۔ کمیشن نے مقررہ وقت سے قبل رپورٹ حکومت کو پیش کر دی تاہم دو ماہ گزر جانے کے باوجود رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی جس کے خلاف ثاقبہ کے لواحقین نے بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی آئینی درخواست جمع کرائی ہے ۔

ایمزٹی وی(تعلیم) جامعہ کراچی نے18 طلبا کے داخلے منسوخ کردیئے۔جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر خالد عراقی کے اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی سے تصدیق کرانے پر مارننگ ہروگرام برائے 2016 کے 12 جبکہ ایوننگ پروگرام کے 6 طلبا طلباوطالبات کی مارک شیٹ جعلی ثابت ہوئی جس کی بناءپر ان کے داخلے منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

ایمزٹی وی (کھیل) وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے مقامی و عالمی سیاسی رہنماؤں اور پاکستانی عوام کے علاوہ کرکٹرز نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نواز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ وزیراعظم نواز شریف کامیاب آپریشن کے بعد جلد صحت یاب ہوں۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنی ایک ویڈیو میں وزیراعظم نوازشریف کے لئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے لئے نیک خواہشات ہیں، اللہ پاک انہیں جلد صحت یاب کرے۔ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے بھی وزیراعظم کے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے غیرملکی کھلاڑیوں کے نیک تمناؤں پر مبنی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہیں جب کہ انہوں نے غیرملکی کھلاڑیوں کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے لئے دعائیں کرنے پر ان کا شکریہ ادا کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل نے بھی وزیراعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور ان کے خاندان کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ لندن میں ہی موجود انگلش ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور خاندان کے لئے دعا کی کہ وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) میر پور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے اوفا ڈکلیئریشن میں کشمیر کا ذکر تک نہیں تاہم آپ کی دوستی آپ کو مبارک ہولیکن ہم کشمیر کےمؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، کشمیر کو اپنا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے یہی ہمارا اور کارکنوں کا نعرہ ہے۔ چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پانامالیکس کا زورجلسوں پر ہے اور جلسےکرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ بہت مقبول ہیں جب کہ جلسوں میں اربوں روپے کے فنڈز کااعلان ایسے کررہے ہیں جیسے اتفاق فاؤنڈری اورپاناما کا پیسہ خرچ کررہے ہیں لیکن میاں صاحب شیرڈیزل پرنہیں چلتا جبکہ وزیراعظم نوازشریف کو نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے احتساب کی بات ہوتی ہے تو آپ کی پارٹی شورمچانا شروع کردیتی ہے لہٰذا جمہوریت کواحتساب سے خطرہ نہیں ہے اگرخطرہ ہے تو تخت رائیونڈ کوہے کیونکہ آپ جمہوریت نہیں تخت رائیونڈ کا راج چاہتے ہو۔ میرپور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے استعفیٰ کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی خارجہ پالیسی ناکام ہے، بلوچستان میں ڈرون حملے اور ایف سولہ کی خریداری میں بھی ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کہ آج ہماری ریاست دنیا میں تنہا کھڑی ہے، بھارت ہمارا مخالف ہے جب کہ افغانستان اور ایران بھی ناراض ہیں اور سی پیک کے منصوبے کو بھی متنازع بنایا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مضبوط پاکستان ہی اپنے مخالف سے برابری کی بات کرسکتا ہے کیونکہ امن اس صورت میں ممکن ہے جب طاقتوں کے درمیان توازن ہو جب کہ میں جب بھی مودی کا ذکرکرتا ہوں تو میری نظرمیں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کا منظرہوتا ہے۔

ایمزٹی وی (تجارت) نئے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 1675 روپے رکھے گئے ہیں جب کہ 160 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے جانے کا امکان ہے۔ بجٹ دستاویزات کےمطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو بڑھانےکے لیے پچھلے 2  سالوں کے 10، 10 فیصداورساڑھے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف کوشامل کرکے بنیادی تنخواہ 5 سے 10 فیصد بڑھائی جارہی ہے جب کہ پنشن میں 15 فیصداضافے کی تجویز سمیت کنوینس الاؤنس میں اضافے کے علاوہ گریڈ 16 تا 22  کے ملازمین کوبھی فکس رقم کی صورت میں میڈیکل الاؤنس دینے کی تجویز شامل ہے۔وفاقی بجٹ میں کاپیاں، کتابیں، سیمنٹ، پینٹس، ائرکنڈیشنزاور سگریٹ مہنگے کیے جارہے ہیں اور بیوریجزانڈسٹری پربھی ساڑھے 12 فیصد فیڈرل ایکسائزڈیوٹی لگانے کی تجویزہے جب کہ کاسمیٹیکس کے سامان پربھی ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اشیائے تعیشات پر 25 فیصد کسٹمز ڈیوٹی سمیت تاجروں کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس میں نائنتھ شیڈول متعارف کرایا جارہا ہے ، آئندہ بجٹ میں نان فائیلرزکے گرد گھیر ابھی تنگ کیاجائے گا اورپراپرٹی سیکٹرکے لیے بھی ٹیکس کی شرح دگنی کی جا رہی ہے۔ بجٹ دستاویزات مں ٹیک،گولڈن ٹیک اور ایش وُوڈ کی درآمد پرکسٹمز ڈیوٹی بڑھنے کے علاوہ بینکوں سے پیسے نکلوانے پر ٹیکس کے لیے رقم کی حد ایک لاکھ روپے یومیہ کرنےکی تجویز شامل ہے۔ آئی ٹی سافٹ ویئرزکی برآمدات پرٹیکس چھوٹ کی میعاد میں مزید 5 سال کی توسیع کی توقع ہے جب کہ گاڑیوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز اور کنسائنمنٹس میں ریڈیو فریکوئنسی شناختی چپ کی تنصیب کو لازمی قرار دیئے جانے کا امکان ہے۔

ایمزٹی وی (پسرور) تاجکستان میں پیشہ وارانہ ٹریننگ کی غرض سے گئے ہوئے پاکستان آرمی کے میجر نے وطن واپسی پر ایئر پورٹ پر قدم رکھتے ہی پاک سر زمین کو بوسہ دیا، اہل خانہ کو سلام کیا اوردم توڑ گئے۔ نواحی گاؤں گودھا کے رہائشی میجر مدثر عباد ٹریننگ کے سلسلے میں گزشتہ 3ماہ سے تاجکستان میں مقیم تھے، گزشتہ روز ٹریننگ مکمل کرکے وطن واپس آئے جیسے ہی وہ لاہور ایئر پورٹ پر اترے تو انھوں نے پاک سرزمین کو بوسہ دیا اور ایئر پورٹ سے باہر آئے جہاں ان کی فیملی انھیں خوش آمدید کہنے کیلیے موجود تھی، میجر مدثر نے استقبال کیلیے آنے والے اہل خانہ کو فوجی انداز میں سیلوٹ کیا اور آرام سے زمین پر بیٹھ گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے خالق حقیقی سے جا ملے، ان کے اہل خانہ ان کی اچانک وفات سے سکتے میں آگئے۔ ان کی وفات پر پاک آرمی کے جوانوں نے ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گاؤں لا کر سپرد خاک کیا اور انھیں باقاعدہ گارڈ آف آنر دیا گیا، نماز جنازہ میں گیریژن کمانڈر سیالکوٹ ، پاک آرمی کے دیگر افسران ، اے سی پسرور ظہیر لیاقت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی ، ان کی وفات پر بار ایسوسی ایشن پسرور کے وکلا نے بھی یوم سوگ منایا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، میجر مدثر عباد نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

ایمزٹی وی (تجارت) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی گئی، اضافی جی ایس ٹی کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا نے یکم جون سے پٹرول کی قیمت میں پچیاسی پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے انتہر پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی ہے۔ اوگرا کی جانب سے ہائی آکٹین کی قیمت میں دو روپے اٹھارہ پیسے فی لیٹر ، مٹی کے تیل کی قیمت میں چار روپےستاون پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے سینتالیس پیسے فی لیٹراضافے کی سفارش وزارت پٹرولیم کو ارسال کی گئی ہے۔تاہم وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حکومت حتمی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

  • ایمزٹی وی(پشاور) یکم جون 2016 کے بعد طورخم سے پاکستان آنے والے افغان شہری پاکستان کا ویزا لیے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے،راہداری پرمٹ بھی صرف پاکستان میں سرحدی علاقے سے ملحق 20 کلو میٹر کے اندر شنواری قبائل کو جاری کیا جائے گا جس کے تحت وہ افغانستان جا سکیں گے اور افغانستان کے شنواری قبائل پاکستان آ سکیں گے تاہم بعد میں انھیں بھی پاسپورٹ اور ویزے کا پابند کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق پاکستان آرمی کی جانب سے واضح کر دیا گیا ہے کہ یکم جون کے بعد بغیر پاسپورٹ اور ویزے کے کوئی بھی افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔4 کلومیٹرکے علاقے میں انٹر نیشنل بارڈر کے بین الاقوامی قواعد و ضوابط کے مطابق امیگریشن کے بعد ہی کسی کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ ویزے کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے والوں کو مروجہ قوانین کے مطابق واپس بھیج دیا جائے گا۔

     
     
 
 
 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راحیل شریف ترکی کے شہر ازمیر کے قریب ہونے والی پاک ترک مشترکہ جنگی مشقوں کا جائزہ لیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنگی مشقیں آج رات اورکل دن 2 مرحلوں میں ہوں گی اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف جنگی مشقوں کے دونوں مراحل میں شرکت کریں گے۔

ایمزٹی وی (کھیل) سابق کپتان جاوید میانداد اور معین خان نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کی حمایت میں آواز اٹھا دی۔ میانداد نے کہا کہ دونوں کرکٹرز نے اگر ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تو ضرور سزا دیں مگر ٹیم سے نہیں نکالنا چاہیے۔ یہ ان کے ساتھ ناانصافی اور کیریئر تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ دوسری جانب معین خان نے کہا کہ احمد اور عمر ایسے کھلاڑی نہیں کہ ٹیم کیلیے سنگین مسائل پیدا کریں، انھوں نے اگر کوئی بڑی غلطی کی تو ضرور ڈراپ کریں لیکن عوام کو ان کا قصور ضرور بتایا جائے تاکہ دیگر کھلاڑی بھی احتیاط برتیں، ٹیم سے نکال دینا مسئلے کا حل نہیں ہے۔