ایمزٹی وی(پشاور) رنگ روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔ زرائع کے مطابق پشاور کے رنگ روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم زخمیوں میں سے 2 راستے میں ہی دم توڑگئے جب کہ تیسرا اہلکار دوران علاج شہید ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ایمزٹی وی(پنجاب)لاہور میں جی ٹی روڈپرقائداعظم انٹرچینج کےقریب اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں پر دیوار گر گئی جس سے سات مزدور جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی بارش اور آندھی کے باعث زیرتعمیر عمارت کی دیوار قائداعظم انٹرچینج کے قریب اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کے خیمے پر گر گئی جس سے سات مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کرین کی مدد سے لاشوں کو نکالا۔ تمام لاشوں کو ڈیڈ ہاوس اور زخمیوں کو میو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ملک کے نجی ٹی وی چینلز پر قابل اعتراض مواد نشر ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پیمرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ پیمرا قوانین کو مزید سخت کرنے کی ضروت ہے پیمرا نے ایک نجی چینل کو کونسل آف کمپلین کی سفارش پر 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا لیکن جرمانے کے خلاف اسی نجی چینل نے ہائی کورٹ سے حکم امتناعی بھی حاصل کرلیا۔ پیمرا کے وکیل کے دلائل پر جسٹس شیخ عظمت نے ریمارکس دیئے کہ پیمرا صرف فحش گانوں کے پیچھے پڑا ہے۔ کہنے والے تو منٹو کو بھی فحش کہتے تھے۔ کیا ٹی وی پر جمہوری نظام کو لپیٹنے کی باتیں نہیں کی جاتیں۔ کیا شدت پسندی کے حق میں بات نہیں کی جاتی ۔ قائد اعظم اورعلامہ اقبال کے خلاف باتوں پر کسی کو تکلیف نہیں ہوتی، پیمرا صرف ہدایات اور وراننگ ہی جاری کرتا ہے ، اگر ضابطہ اخلاق پر باضابطہ عملدرآمد ہوتو سارے مسائل حل ہو جائیں۔ ایسی سزائیں دینے کی ضرورت ہے جو مثال بن جائیں۔ آمر کے دور میں خاتون نیوز کاسٹر کو سر پر ڈوپٹہ نہ لینے پر ہٹا دیا جاتا تھا جمہوری دور میں اتنی سختی نہیں ہوتی ۔ پاکستان میں فاشزم کو رائج نہ کیا جائے ایسا کام نہ کریں کہ معلومات غیر ملکی نشریاتی اداروں سے لینا پڑیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ کچھ ٹی وی چینلز میں فرقہ ورانہ تقسیم کو ہوا دی جارہی ہے اور ایک دوسرے کی پگڑی اچھالنے کےلئے پیسے لےکر پروگرام کئے جاتے ہیں۔
ایمزٹی وی(تجارت) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ آئی ایم ایف بناچکی ہے، حکومت نے صرف نافذ کرنا ہے تفصیلات کے مطابق پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ آئی ایم ایف نے بنا لیا ہے اور حکومت نے مقررہ تاریخ پر اس کا اعلان کر کے صرف نافذ کرنا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تجارتی تنظیمیں بجٹ سفارشات کے ذریعے اپنا وقت ضائع کر رہی ہیں جبکہ اعلیٰ حکام انہیں ہمیشہ کی طرح تسلیاں دے رہے ہیں۔ جس ملک میں 375 افراد میں سے صرف ایک شخص ٹیکس ادا کرتا ہو اور لاکھوں ڈاکٹروں و وکیلوں اور دیگر پروفیشنلز میں سے صرف چند ہزار ریٹرن فائل کرتے ہوں، اسے قرضوں کے سہارے جینا پڑتا ہے ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے آئی ایم ایف کی اقتصادی استحکام کی پالیسیوں کی وجہ سے جی ڈی پی گروتھ نہیں ہو رہی جبکہ ٹیکس کا نظام خامیوں کا مجموعہ بن چکا ہے جس پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاناما لیکس نے حکومت کو اخلاقی طور پر کمزور کر دیا ہے۔ سب سے پہلے ہم پر حاکم 342 ممبران قومی اسمبلی ٹیکس ادا کریں۔ ان کا ٹیکس آڈٹ کیا جائے اور اس کے بعد بڑھتے ہوئے غیر ترقیاتی اخراجات پورے کرنے کے لیے عوام سے ٹیکس مانگا جائے۔
ایمزٹی وی(کراچی)کراچی بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغا ز کر دیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کمشنر کراچی سید آصف حید شاہ نے کیا۔ مہم کے دوران کراچی کے بائیس لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران چھے ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار پولیو ورکز کی سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔ مہم میں پانچ ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ پولیو مہم اب اگست میں شروع کی جائے گی۔ کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا کوئی قانون موجود نہیں انہیں قائل کر کے ان کے بچوں کو پولیو سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت احمد بخش ناریجو اور اسپتال کے ایم ایس ڈکٹر توفیق چوہدری بھی موجود تھے۔
ایمزٹی وی(تجارت) حکومت نے رمضان پیکج2016کی منظوری دے دی،پیکج کے مطابق تمام یوٹیلیٹی سٹورز سے 22اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں سبسڈی دی جائے گی اور ان 18 اشیائے خورد و نوش پر عوام کو ریلیف ملے گا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی اجلاس میں رمضان پیکج کے لیے 1 ارب 75 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منطوری دی گئی رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا ،دالیں ،چاول ،گھی ،چینی ،کھجوروں ،مشروبات ،دودھ اور مصالحہ جات سمیت 22اشیائے خوردونوش پر سبسڈی دی جائے گی ماضی کی طرح اس سال بھی رمضان پیکچ یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے دیا جائے گا، پیکچ کے تحت روزہ داروں کو اشیاء خوردونوش مارکیٹ کے نسبت سستی دستیاب ہوں گی اور ساتھ ہی ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو رمضان کے مقدس مہینے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے گزشتہ برس بھی حکومت کی جانب سے دوارب روپے کے رمضان پیکچ کا اعلان کیاگیا تھا جبکہ رواں سال تین ارب روپے تک کا رمضان پیکچ دیئے جانے کا امکان تھا,لیکن اس سال حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے لیے 1 ارب 75 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منطوری دی گئی ہے۔