ایمز ٹی وی (تجارت) یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 75 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 46 ڈالرفی بیرل تک پہنچنے کے بعد اوگرا نے بھی آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری شروع کردی ہے، اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری تیار کرکے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 75 پیسے تک اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل اور ہائی اوکٹین کی قیمتوں میں 5 روپے 75 پیسے، لائٹ ڈیزل 2 روپے 92 پیسے، پیٹرول ایک روپے 25 پیسے اور مٹی کے تیل میں 3 روپے 25 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)گوگل اپنے آپریٹنگ سسٹم اینڈروئیڈ کے لیے ایک بہت بڑی سہولت لانے کو تیار ہے۔ اینڈروئیڈ پر صارفین کو اکثر ایپلی کیشنزعارضی طور پر انسٹال کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ مثلاً جب کسی آن لائن اسٹور پر انہیں کوئی چیز پسند آ جائے اور وہ اسے خریدنا چاہیں تو اس کے لیے اسٹور کی ایپلی کیشن انسٹال کرنا پڑتی ہے۔ اس طرح کوئی کھانا منگوانے کے لیے بھی اُن کی ایپلی کیشن انسٹال کرنا پڑ جاتی ہے اور پھر کئی غیر ضروری ایپلی کیشنز انسٹال ہونے کے بعد فون پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے گوگل پیش کرنے جا رہا ہے “انسٹینٹ ایپس” ۔ اس تکنیک کے تحت ڈیویلپرز اپنی ایپلی کیشن کا ایک الگ ورژن تیارکریں گے جس کے ذریعے وہ بغیر ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کیے کام کرسکے گی جیسے کسی ویب سروس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو صرف ویب سائٹ پرجانا ہوتا ہے، اُسے ڈاؤن لوڈ نہیں کرنا پڑتا۔ اسی طرح اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز بھی بغیر انسٹال ہوئے کام کریں گی۔ بے شمار ایپلی کیشنز کی غیر ضروری انسٹالیشن کی وجہ سے اینڈروئیڈ پر جمع ہو جانے والے ڈیجیٹل کچرے سے اس فیچر کے ذریعے نجات مل جائے گی اور فون کی کارکردگی بہترین رہے گی۔
ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کسٹمز ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کراچی نے ایل ای ڈی لائٹس کے درآمدی کنسائمنٹ کی کلیئرنس میں کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسوں میں غیرقانونی طور پر رعایت حاصل کرنے پر درآمدکنندہ کو شوکازنوٹس جاری کردیا۔ درآمدکنندہ کمپنی میسرز شاہد برادرزنے کسٹمز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس قانون میں موجود رعایت غلط طریقے سے حاصل کرتے ہوئے مختلف واٹ پینل کی ایس ایم ڈی / ایل ای ڈی کے متعدد درآمدی کنسائمنٹس کی کسٹمز کلیئرنس حاصل کی۔ اس طرح سے مذکورہ درآمدکنندہ نے رعایت کا ناجائزفائدہ اٹھاتے ہوئے قومی خزانے کو ریونیو کی مد میں 3 کروڑ 52 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ کمپنی کی جانب سے درآمد کیے گئے آئٹمز 240 واٹ سے زائد پاورکے حامل ہیں، پاکستان میں اسٹینڈرڈ انرجی 240 واٹ طاقت تک محدود ہے لہٰذا مذکورہ درآمدی کنسائمنٹس پر رائج قوانین کے تحت ڈیوٹی وٹیکسوں میں رعایت نہیں دی جاسکتی۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کمپنی کے آڈٹ کے بعد پاکستان کسٹمز کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے ریونیو کی مد میں چوری شدہ رقم کی ادائیگیوں کی ہدایت کی تھی لیکن بے قاعدگی میں ملوث میسرز شاہد برادرز نے ڈائریکٹوریٹ کی آڈٹ آبزرویشن کا کوئی جواب نہیں دیا ۔
ایمزٹی وی (تعلیم)محکمہ ایجوکیشن ورکس میں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ریکارڈ میں ضلع جیکب آباد کے کئی علاقوں میں اسکولوں کی تعمیرات دکھائی جارہی ہیں تاہم ضلع بھر میں سیکڑوں اسکولز کی عمارتیں تعمیر نہیں ہوسکیں اور اسکولوں کی تعمیر کی مد میں ملنے والے اربوں روپے بدعنوانی کی نذر ہوگئے ، اس ضمن میں گورنمنٹ کنٹریکٹر یونین کے سید شبیر علی شاہ،محسن علی بھٹو، عمرانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ابراہیم جان عمرانی، ملوک احمد قاضی، رحمت اللہ کٹو، محمد حسن جکھرانی اور گورنمنٹ ہائی اسکول بھلیڈنو آباد کے اساتذہ نے اپنے شاگروں کے ساتھ مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے ، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے 2009سے 2016تک ایجوکیشن ورکس کو اسکولوں کی تعمیر اور مرمت کیلئے7ارب روپے جاری کیے مگر سیاستدانوں کے من پسند افسران نے یہ رقم ہڑپ کر لی ہے، مظاہرین نے معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرانے اور کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایمزٹی وی (راولپنڈی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغانستان میں امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغانستان میں امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق رچرڈ اولسن نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔