Tuesday, 19 November 2024

ایمز ٹی وی (کراچی) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور دن کے آغاز کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں پارہ 42 ڈگری سے بھی چڑھ گیا ہے۔

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ پارہ بھی مسلسل چڑھ رہا ہے، صبح 10 بجے لاڑکانہ، سبی اور موہن جو داڑو میں 43 ، ڈی جی خان، جیکب آباد، نورپور تھل،رحیم یار خان کا درجہ حرارت42، کوٹ ادو اور اوکاڑہ میں41 ، حیدر آباد، فیصل آباد، نوابشاہ ، شہید بے نطیر آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 40، شہید بے نظیرآباد، جھنگ، جہلم، تربت، روہڑی اورسکھر کا درجہ حرارت39 ،ملتان، لیہ، لاہور اور پشاور 38، راولپنڈی اور اسلام آباد 37 جب کہ کراچی میں زیدادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلئیس ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا ، پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔ جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہیں گےاور ملک کےوسطی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درجہ حرارت اوسطً 4 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان۔ جس کے باعث برف اور گلیشٗرز تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہواوٗں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ نہیں ہو گا۔کراچی میں دن کے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہے گا سمندر سے مسلسل ہوائیں متغیر رفتار اور آرام دہ نمی کے ساتھ چلتی رہیں گی۔

شدید گرمی کے پیش نظر سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں فوری طور پر موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز 19 مئی سے 24 جولائی تک بند رہیں گے، موسم گرما کی قبل از وقت تعیطلات کا اعلان شدید گرمی کے پیش نظر کیا گیا ہے تاہم انٹر میڈیٹ کے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے

ایمز ٹی وی (تجارت) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ کے مطابق درآمدی ایل این جی پراسیس کر کے پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو سپلائی کی جاتی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے کے سبب پنجاب میں فی لٹر سی این این جی کے دام 45 روپے ہو گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت ملنے کے بعد اب پنجاب بھر کے سی این جی پمپس بغیر کسی ناغے کے عوام کو گیس فراہم کر رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے بنگلہ دیش کی طرزپرمقامی سگریٹ انڈسٹری سے زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصولی کی غرض سے سگریٹ پیکٹس پرٹیکس ادائیگی کی مہریں لگانے پرغورشروع کردیا ہے۔اس اقدام سے سگریٹ کے شعبے کی ٹیکس چوری پر بھی نظررکھی جا سکے گی۔ اگلا وفاقی بجٹ کے قریب آتے ہی ایف بی آرسگریٹ انڈسٹری کی ٹیکس چوری کم کرنے کیلیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے۔ وزارت خزانہ کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس مہریں لگانے پر عملدرآمدسے نہ صرف اس شعبہ سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگابلکہ مقامی تیارہ کردہ سگریٹ پر ٹیکس ادائیگی کا ثبوت بھی ملے گا۔ پاکستان کی طرح بنگلہ دیش میں بھی مقامی غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کا مسئلہ تھا ۔سال2000ء میں بنگلہ دیش کی حکومت نے سگریٹ کے تمام پیکٹوں پر ٹیکس مہریں لگائیں جس سے غیر قانونی سگریٹ کی فروخت 20فیصد سے کم ہوکرصرف 1.2فیصد رہ گئی اور ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا۔ایک تحقیق کے مطابق مقامی سگریٹ سازادارے ٹیکس چوری کرتے ہیں ۔ ان کے سگریٹ پیکٹس کی قیمت پندرہ سے بیس روپے ہے جبکہ قانون کے مطابق سگریٹ کے ایک پیکٹ پرکم ازکم 36 روپے ٹیکس عائدہوتا ہے،یہ کم قیمت ٹیکس نہ دینے کی واضح مثال ہے،ذرائع کے مطابق سگریٹ کے یہ برانڈ خیبر پختونخوا اورآزادکشمیر میں واقع فیکٹریوں میں بنائے جاتے ہیں ۔یہاں مینوفیکچررکم مقدارمیںسگریٹ تیاری ظاہرکرکے ٹیکس کی ذمے داری سے بچتے ہیں ۔ ان ذرائع نے بتایا مجموعی محاصل میں مقامی سگریٹ شعبے کاحصہ ایک فیصدسے بھی کم ہے اورقومی خزانہ کوہر سال تقریباً 25ارب روپے کانقصان پہنچایا جاتا ہے،مزید برآں ذرائع نے بتایا کہ سگریٹ پیکٹس پر ٹیکس ادائیگی کی مہر لگانے سے قانون نافذکرنیوالے ادارے سگریٹ کے کاروبارکی موثر طریقے سے نگرانی کرسکیں گے اورغیرقانونی سگریٹ کی فروخت روکی جاسکے گی ۔ان ذرائع نے بتایا حکومت سگریٹ پرٹیکس مہریں لگانے پر تو غورکررہی ہے لیکن اس کیلیے ایک شفاف اورقابل محاسبہ سرکاری ادارہ تلاش کرناابھی تک سوالیہ نشان ہے ۔پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن جوکرنسی نوٹ،پرائز بانڈوغیرہ چھاپتا ہے کویہ کام سونپاجا سکتا ہے ۔

ایمز ٹی وی (تجارت) تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز (آئی پی آر) نے بجٹ 2016-17کے لیے تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نادہندگی کو جرم قرار دے اور ٹیکس چوری کی تجویز کردہ سزا میں اضافہ کرے۔ گزشتہ روز جاری کردہ رپورٹ میں تھنک ٹینک نے کہاکہ ملک میں مالی جمودکی وجہ سے حکومت عوام کے لیے سہولتیں اور انفرااسٹرکچرمہیا نہیں کرپائی، عوام ملک میں ملازمتیں، معاشی ترقی اور بجلی کی قابل اعتماد ترسیل چاہتے ہیں، ہر ایک کو معلوم ہے کہ کم ٹیکس کی کیا وجوہ ہیں لہذا اب باتیں نہیں عمل کا وقت ہے، حکومت نے مالی مشکلات پر احسن طریقے سے قابو پایا ہے۔ ایف بی آر کافی حد تک اس سال ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرتا ہوا نظر آرہا ہے نیزمالی خسارہ بھی اپنے ہدف 4.3 فیصد کے اندر ہی رہے گا جبکہ معیشت کی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے حکومت کو اب بھی واضح اوربڑی اصلاحات کرنا ہونگی، حکومت نے ابھی تک پولیٹیکل اکانومی، طرز حکومت کی بہتری اور پیداوار میں اضافے کی طرف توجہ نہیں دی۔ اس کے علاوہ ملک میں گرتی ہوئی برآمدات کے ساتھ بیرونی قرضوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔رپورٹ میں سفارشات پیش کی گئی ہیں کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کو ہے لہٰذا معیشت نے جو پائیداری حاصل کی ہے اب اس کا تسلسل قائم رہنا چاہیے، ٹیکسوں میں اضافہ وسیع اور بنیادی ڈھانچے کے قیام کے ذریعے ہونا چاہیے، ملک کے اندر سرمایہ کاری کے لیے ضروری ہے کہ پیداوار میں بھی اضافہ کیا جائے نیز یہ بھی ضروری ہے کہ ملک کے اندر ڈیولپمنٹ کا احاطہ وسیع ہوناچاہیے جس میں اقتصادی راہداری منصوبہ بھی شامل ہے۔ بجٹ تجاویز میںکہاگیاکہ ٹیکس وصولیوں کے لیے اس کا دائرہ کار وسیع کرنا ہو گا، ٹیکس کی شرح بہت زیادہ ہے لیکن مسئلہ ٹیکس ادائیگی ہے جسے یقینی بنانا ہوگا، حکومت ٹیکس چوری کے بڑے کیسز کو نمایاں کرے، غیرمنقولہ جائیداد کی منتقلی کے لیے ٹیکس آئی ڈی تجویز کرے، ایف بی آر دوسرے محکموں اور اداروں کے ساتھ ٹیکس کے سلسلے میں معلومات کا تبادلہ کرے تاکہ ٹیکس نا دہندگان کی نشاندہی ہو سکے۔

ایمزٹی وی (کراچی) حکومت سندھ نے شدید گرمی کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت ہی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں قبل از وقت ہی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز 19 مئی سے 24 جولائی تک بند رہیں گے، موسم گرما کی قبل از وقت تعطیلات کا اعلان شدید گرمی کے پیش نظر کیا گیا ہے تاہم انٹر میڈیٹ کے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ دوسری جانب بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے گرم علاقوں کے تعلیمی اداروں میں یکم جون سے 14اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ بھر میں ہر سال یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوتی ہیں

ایمزٹی وی(تعلیم) بحریہ یونیورسٹی نے اسلام آباد کیمپس میں اوپن ہائوس 2016ء کا انعقاد کیا جس میں انجینئرنگ کمپیوٹر سائنسز اور مینجمنٹ سائنسز کے آخری سال کے طلبہ کو فائنل ایئر پراجیکٹس کے مظاہرے کا موقع دیا گیا۔ انجینئرنگ کی مختلف النوع برانچز جیسے سافٹ وئیر انجینئرنگ، کنٹرول سسٹمز، کمیونیکیشن سسٹمز، ایمبیڈڈ سسٹمز، روبوٹکس، ریڈیو کمیونیکیشنز اور وائرلیس کمیونیکیشن سے 102پراجیکٹس رکھے گئے تھے ۔ نمائش میں مارکیٹنگ، پراجیکٹ مینجمنٹ کے شعبوں کے انٹرپرینول پراجیکٹس پیش کئے گئے ۔ تقریب کا مقصد طلبہ کو بطور انٹرپرینیورز کام کرنے اور انڈسٹری کے تعاون سے معیشت کو درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے قابل بنانا تھا۔ تقریب کا اختتام ہر ڈیپارٹمنٹ کے ٹاپ 3پراجیکٹس کو ایوارڈ دینے پر ہوا۔ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر)تنویر فیض تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر کمپنیوں کے نمائندوں نے طلبہ کے ڈیزائن کئے گئے پراجیکٹس کی تعریف کی اور اپنے اداروں میں فریش گریجویٹس کو ملازمتیں دینے کیلئے طلبہ کا انٹرویو کیا -

ایمزٹی وی (کراچی) پاکستان میں انٹرنیٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہوگئی جس کی وجہ سے لاکھوں صارفین کا اپنے دوستوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ دنیا میں واٹس ایپ کا شمار رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی سب سے بڑی سروسز میں ہوتا ہے۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی رابطوں کا سب سے بہترین ذریعہ واٹس ایپ کو مانا جاتا ہے لیکن پاکستان میں اس وقت لاکھوں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب واٹس ایپ سروس مکمل طور پر ڈاؤن ہوگئی۔ واٹس ایپ سروس ایک گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی لیکن اس کی وجوہات سامنے نہیں آئی تاہم اس کی وجہ سے صارفین کو جہاں رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں کئی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت لاکھوں افراد اسمارٹ فون کے ذریعے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے ناصرف ٹیکسٹ میسیج کرتے ہیں بلکہ وڈیوز بھی شیئر کرتے ہیں

ایمزٹی وی (کراچی) کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا ہے کہ پاک فوج شہر کے امن کو بحال کرنے کی کوششوں پولیس کی مکمل معاونت کرے گی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ اور سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے  کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سندھ اوربالخصوص کراچی کے امن و امان سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران کور کمانڈر کراچی نے سندھ بالخصوص کراچی میں امن کے قیام کے لیے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے امن کو بحال کرنے کی کوششوں میں سندھ پولیس کا اہم کردار ہے۔ پاک فوج سندھ بالخصوص کراچی میں امن کے قیام اور دہشت گردوں کے خاتمے لئے پولیس کی ہر سطح پر مکمل معاونت کی جائے گی۔

ایمزٹی وی (تعلیم)اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ نے عملی امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد نے اعلان کیا ہے کہ انٹر میڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم کے باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2016کے سائنس، پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس و جنرل گروپس اور امپروومنٹ اورڈویژن کے عملی امتحانات 25مئی سے شروع ہورہے ہیں ، انہوں نے عملی امتحانات میں شرکت کے خواہشمند اور اہل طالب علموں کو ہدایات کی ہے کہ وہ عملی امتحانات سے قبل اپنے متعلقہ کالجوں سے حاصل کرلیں