Tuesday, 19 November 2024

ایمز ٹی وی (تجارت) وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے مطابق ایل این جی ٹرمینل کے لئے دو پارٹیوں سے بولیاں موصول ہوئی ہیں اور ان میں سے ایک کمپنی کو منتخب کیا جا چکا ہے جس کا حتمی اعلان رواں ماہ کے اختتام تک کر دیا جائے گا۔ انھون نے مزید کہا کہ کمپنی نے اعشاریہ 417 سینٹس فی ایم ایم سی ایف کے حساب سے ایل این جی پراسیس کرنے کی پیشکس کی ہے۔ پلانٹ مکمل ہونے کے بعد یومیہ 600 ایم ایم سی ایف درآمدی ایل این جی پراسیس کرے گا۔ ملک میں موجود گیس کی قلت پوری کرنے کے لئے قطر سے ایل این جی درآمد کی جا رہی ہے جو پراسیس کر کے ٹیکسٹائل، سی این جی سمیت معیشت کے دیگر شعبوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔

ایمزٹی وی (آزاد کشمیر)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ 30 مئی کو چیئرمین بلاول بھٹو زردا ری کی میرپور آمد کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں بڑا جوش وخروش پایا جا رہا ہے ،بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں نے بھارت کے ایوانوں کو ہلا کررکھ دیا ہے ،اقتدار پرستوں کو بلاول فوبیا ہوگیاہے ،خوفزدہ عناصر کی جگہ جگہ چیخیں سنائی دے رہی ہیں، بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کی آرزوئیں اور امیدیں خاک میں مل جائیں گی ،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے مستقبل کے وزیراعظم ہیں پیپلز پارٹی کا 30 مئی کا جلسہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا،اجلاس میں پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنان نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو یقین دہانی کروائی کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے میرپور جلسہ کو پاکستان اورآزاد کشمیر کی تاریخ کا کامیاب ترین جلسہ بنائیں گے ، کارکنان اپنے ہردل عزیز اور محسن لیڈر کا والہانہ تاریخی استقبال کرکے ثابت کریں گے کہ پیپلز پارٹی ہی عوامی قوت اورکشمیریوں کی اصل ترجمان جماعت ہے اوراس جماعت کو ہی عوام کا اصل مینڈیٹ حاصل ہے۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی) اگر آپ اپنے فون یا کیمرے میں اسٹوریج کی کمی کا شکار رہتے ہیں تو اب یہ مسئلہ ختم ہونے کو ہے کیونکہ سام سنگ نے دنیا کا ناصرف بہترین بلکہ سب سے زیادہ گنجائش رکھنے والا مائیکرو ایس ڈی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔ سام سنگ نے اس نئے میموری کارڈ کو ایوو پلس کا نام دیا ہے جس میں 256 جی بی کی گنجائش موجود ہے۔ یعنی اس میں بارہ گھنٹے کی الٹرا ایچ ڈی وڈیو اور 55 ہزار تصاویر محفوظ کی جا سکتی ہیں۔ اگر آپ مسلسل فوٹو گرافی کرنا چاہتے ہیں تو اس کارڈ کی موجودگی میں بار بار ڈیٹا منتقلی کے لیے میموری کارڈ کو نکالنے سے نجات مل جاتی ہے۔ اس کی رفتار کا بھی کوئی مقابل نہیں کیونکہ اس میں آپ کو 95 ایم بی فی سیکنڈ کی ریڈ اور 90 ایم بی فی سیکنڈ کی رائٹ اسپیڈ ملے گی۔ اس کارڈ کو استعمال کرنے کے لیے آپ کے فون میں مائکرو ایس ڈی ایکس سی کی سپورٹ موجود ہونی چاہیے۔ یہ ایس ڈی کارڈ چند ہفتوں بعد دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایوو پلس میں چار ایسے اضافی منفرد فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو اسے لمبے عرصے تک کارآمد رکھنے کی ضمانت ثابت ہوں گے۔ مثلاً یہ واٹر پروف ہے یعنی یہ پانی سے خراب نہیں ہوتا، اسے زیادہ درجہ حرارت سے بھی نقصان نہیں پہنچتا، یہ ایکسرے پروف ہونے کے علاوہ مقناطیسی شعاعوں سے بھی خراب نہیں ہوتا۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ سام سنگ کی جانب سے اس کی دس سال کی وارنٹی بھی دی جائے گی۔ ان تمام خوبیوں کے باعث یہ ایس ڈی کارڈ بلاشبہ اپنی نوعیت کا سب سے بہترین میموری کارڈ ثابت ہو گا۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ہالی ووڈ فلم ’’کیپٹن امریکا سول وار‘‘ نے باکس آفس پر دھوم مچاتے ہوئے دنیا بھر میں 2 ہفتوں میں 94 کروڑ ڈالر کا بزنس کرلیا ہے۔ ہالی ووڈ فلم ’’کیپٹن امریکا سول وار‘‘ نے بڑی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑدیا ہے اور فلم نے باکس آفس پر کمائی کے ریکارڈ قائم کرلیا ہے جب کہ فلم نے 2 ہفتوں میں صرف امریکا میں 29 کروڑ 59 لاکھ ڈالر اور دنیا بھر میں 64 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کرلیا ہے جس کے بعد فلم تیز ترین 100 ارب ڈالرزسے زائد کمائی کرنے والی فلم بن جائے گی۔

دوسری جانب فلمی پنڈتوں نے فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم قرار دیا ہے جب کہ پاکستان بھرمیں فلم ’’کیپٹن امریکا سول وار‘‘ کی نمائش کامیابی کے ساتھ ملک بھر میں جاری ہے۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی) سماجی رابطوں کی ویب سائٹس جیسے کہ فیس بک اور انسٹاگرام وغیرہ پر اپنی تصاویر شیئر کرنا ہمارا روز مرہ کا معمول ہے۔ سب ہی کی کوشش ہوتی ہے کہ ہمیشہ اپنی اچھی تصویر ہی دوسروں کے سامنے پیش کریں۔ اچھی تصویر بنانے کے لیے ہم ہمیشہ ایک سے زائد بلکہ درجنوں تصاویر بناتے ہیں تب جا کر ان میں سے کوئی تصویر ہمیں شیئر کرنے کے لیے پسند آتی ہے لیکن اس اچھی تصویر کو تلاش کرنے کے لیے ہمیں البم میں موجود ساری تصاویر کو باری باری دیکھنا پڑتا ہے۔
اگر آپ اس کام کو آسان بنانا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس ”دی رول“ ایپلی کیشن موجود ہونی چاہیے۔ یہ ایپلی کیشن آپ کے ہر البم میں موجود بہترین تصاویر کو سب سے اوپر اور نمایاں کر کے دکھاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ تمام تصاویر کو اپنے خاص الگورتھم سے آزمانے کے بعد ان کو ایک سے لے کر 100 تک کے درمیان نمبرز دیتی ہے۔ اس طرح جس تصویر کو زیادہ نمبرز ملیں آپ جان سکتے ہیں وہ بہترین اور شیئر کرنے کے قابل ہے۔
ایک جیسی سیلفیز میں سے بھی یہ بہترین سیلفی کو الگ کر کے دکھاتی ہے۔ اس طرح آپ کے لیے اپنی پروفائل پکچر منتخب کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ یہ ایپلی کیشن فی الحال صرف آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے لیکن جلد ہی اس کا اینڈروئیڈ ورڑن بھی دستیاب ہو گا۔ آئی فون صارفین ایپ اسٹور سے ”دی رول“ لکھ کر اسے تلاش کر سکتے ہیں۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کی جانب سے 7 سوالات کے جواب نہ ملنے کے بعد مزید 70 سوالات تیار کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم سے پوچھنے کے لئے مزید 70 سوالات تیار کرلئے جس کے حوالے سے اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اب وزیراعظم سے 70 سوالات کے جوابات مانگے جائیں گے۔ متحدہ اپوزیشن کے ترتیب دیئے گئے 70 سوالات میں چیدہ چیدہ یہ ہیں کہ نوازشریف حکومت وضاحت کرے کہ ان کے خاندان نے بیرون ملک پیسہ کیسے بھجوایا، کیایہ درست نہیں کہ وزیراعظم کےعہدے پر ہوتے ہوئے لندن میں اربوں کی جائیدادخریدی اور کیا وزیراعظم نے اپنے نابالغ بچوں کے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے جب کہ 1993 میں جس وقت شریف خاندان نے پارک لین میں اپارٹمنٹ خریدا اس وقت حسن نواز کی عمر محض 17 برس تھی۔ متحدہ اپوزیشن کے آج ہونے والے اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کوئی شریک نہیں ہوا جب کہ متحدہ ارکان نے شکوہ کیا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن کا اسٹیرنگ پیپلزپارٹی نے سنبھال لیا ہے اور ہمیں پوچھا نہیں جارہا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن متحد ہے کہ کل کے اجلاس میں جو ہوا وہ تمام جماعتوں کی حکمت عملی کاحصہ تھا اور متحدہ اپوزیشن آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشترکہ موقف اپنائیں گے اور 70 سوالات حکومت کی پریشانی میں مزید اضافہ کریں گے۔

ایمز ٹی وی (تجارت) سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ پر سخت شرائط اور پیچیدہ طریقہ کار کے سبب پاکستان سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ میں 98فیصد کمی کا سامنا ہے۔ پاکستان کی ایک ارب ڈالر کی سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ معاون پالیسیوں کے ذریعے چند سال میں 10ارب ڈالر تک بڑھائے جانے کے امکانات ایس آر او 760کی شکل میں لگائی جانے والی قدغن کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال سے تمام ترفائدہ بھارت نے اٹھایا ہے مارکیٹ برطانیہ، امریکا، کینیڈا، مڈل ایسٹ، گلف اور یورپی ملکوں کی روایتی مارکیٹ اب بھارت کے ہاتھ لگ چکی ہے۔ آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمٰن کے مطابق سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ایس آر او 760کی شکل میں نافذ کی جانے والی کڑی شرائط اور پے چیدہ طریقہ کار کی وجہ سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور ایک ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران بمشکل 52 لاکھ ڈالر کی ایکسپورٹ کی گئی ہے۔ پاکستان کے برعکس بھارت کی سونے کے زیورات کی مقامی صنعت کا حجم 40سے 45ارب ڈالر جبکہ ایکسپورٹ کاحجم بھی 50ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ اس طرح بھارت کی انڈسٹری کا مجموعی حجم پاکستان کی ایکسپورٹ سے چار گنا زائد ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں سونے کے زیورات کی صنعت روبہ زوال ہے۔ حبیب الرحمٰن نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سونے کے زیورات کی صنعت کو ریلیف دیا جائے ایس آر او 760 کے لیے ایسوس ایشن کی تجاویز منظور کی جائیں اور انڈسٹری کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری اور نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے لائسنس کا حصول جوئے شیر لانے کے برابر ہے، اسی طرح سونے کے زیورات کی سیلف کنسائمنٹ کے ذریعے ایکسپورٹ کی50فیصد آمدن سونے کی شکل میں جبکہ باقی 50فیصد بینکنگ چینل سے لانے کی شرط عائد کی گئی ہے اور سونے کی درآمد اور زرمبادلہ لانے پر کسٹم ڈیوٹی اور ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

ایمز ٹی وی (تجارت) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی)کے سرپرست اعلیٰ عبد الرحیم جانو، چیئرمین چوہدری محمد شفیق اور سینئر وائس چیئرمین نعمان احمد شیخ نے کہا کہ ایران دنیا میں سب سے زیادہ باسمتی چاول درآمد کرنے والا ملک ہے، کچھ عرصہ قبل پاکستان کا ایران میں مارکیٹ شیئر سب سے زیادہ تھا مگر امریکی پابندیاں لگنے کے بعد اب پاکستان کا حصہ بالکل کم ہوگیا ہے جبکہ 2 سال سے پاکستانی چاول کی برآمدات شدید تنزلی کا شکار ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد چیئرمین چوہدری محمد شفیق کی قیادت میں ایران بھیجا، پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے اس وفد کو بڑی پذیرائی ملی اور ایران کے اعلیٰ حکومتی اداروں سے اہم ملاقاتیں اور چاول کے بڑے خریداروں سے بی ٹو بی ملاقاتیں بھی ہوئیں جس سے چاول کے اچھے آرڈر ملنے کا امکان ہے مگر ابھی تک پیمنٹ کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں ایف پی سی سی آئی کے سیمینار میں نامور اور ممتاز بینکرز نے بتایا کہ ابھی تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے ایران کے ساتھ تجارت کرنے پر بینکنگ چینل کے مسائل حل نہیں ہوئے، رائس ایکسپورٹرز کے تجارتی وفد کے کامیاب دورے کے بعد ایسوسی ایشن کے ممبران وزارت تجارت اور حکومت پاکستان کی اجازت سے تہران اور مشہد میں اپنے دفاتر کھولیں گے جس سے امید ہے کہ پاکستانی باسمتی چاول کی برآمدات 6 سے 7 لاکھ ٹن تک بڑھ سکتی ہے اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

ایمز ٹی وی (تجارت) ڈالر کی دستیابی اور روپے کی قیمت کے استحکام کو خطرہ ہے ، ایکسچینج کمپنیز کا کہنا ہے کہ اضافی ٹیکسوں کے باعث غیر قانونی کرنسی کا کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سمیت سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے اضافی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کو فروغ مل رہا ہے ۔ دوسری جانب کروڑوں روپے ٹیکس ادا کرنے والی ایکسچییج کمپنیوں کو تحفظ کے نام پر ناکافی سیکورٹی کے بہانے پولس بند کر رہی ہے ۔ بڑھتے ہوئے مسائل پر اگر حکومت نے توجہ نہ دی تو ملک میں ڈالر کی دستیابی اور روپے کی قیمت کے استحکام کو خطرہ ہے ۔ ایکسچینج کمپنیز سالانہ 5 ارب ڈالر ملک میں بلا معاوضہ لاتیں ہیں جو ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بعد ملک میں زرمبادلہ لانے کا بڑا ذریعہ ہے ۔ جب کہ اس صنعت سے 25 ہزار افراد کا روزگار وابستہ ہے ۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے جدید علوم سے آہنگی وقت کا تقاضا ہے ۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر میدان میں اپنی قابلیت اور ذہنیت سے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے عائشہ عمر نے کہا کہ میری زیادہ توجہ ٹی وی ڈراموں اور ٹی وی اشتہارات پر مرکوز ہے کیونکہ بنیادی طو رپر ٹی وی فنکارہ ہوں ٹی وی نے ہی مجھے عزت اور مقام دیا ہے۔ اس لیے زیادہ وقت ٹی وی کو دیتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل معیار کی فلمیں بنائی جارہی ہیں ۔