Tuesday, 19 November 2024

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کی نئی تھرل سے بھرپور فلم 'اڑتا پنجاب' کے پہلے گانے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے،عالیہ بھٹ پر فلمائے جانے والے گانے 'اِک کُڑی'کودلجیت دوسنجھ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گانے کی موسیقی امیت ترویدی نے ترتیب دی ہے۔ ابھیشیک چوبے کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی چار مختلف افراد کے گرد گھومتی ہے جو پنجاب میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لعنت اور ڈرگ مافیا سے جُڑ جاتے ہیں۔

منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر مبنی اس فلم میں شاہد کپور ایک راک اسٹار کا کردار ادا کر رہے ہیں جو منشیات کے معاملے میں پھنس جاتا ہے جبکہ شاہد کے مد مقابل عالیہ بھٹ ایک پروفیشنل ہاکی پلیئرز کے روپ میں نظر آئیں گی۔ کرینہ کپور اس فلم میں ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنی ہاؤس جاب چھوڑ کرمنشیات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے پنجاب کے اندرونی شہرمنتقل ہو جاتی ہے جبکہ کرینہ کے مد مقابل دلجیت دوسنجھ ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ واضح رہے فلم 'اڑتا پنجاب'رواں سال 17جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

 
ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کی ایکسپورٹ رواں مالی سال کے ابتدائی 10ماہ میں 12.99 فیصد کمی سے 17ارب 32کروڑ 30لاکھ ڈالر رہ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 19ارب 91کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی تھی، اس طرح جولائی سے اپریل 2016 تک ایکسپورٹ میں قطعی طور پر 2ارب 58کروڑ70 لاکھ ڈالر کمی ہوئی۔
پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 10 ماہ میں پاکستانی درآمدات 3.7 فیصد کی کمی سے 36ارب 33کروڑ 80لاکھ ڈالر رہی جو جولائی تااپریل 2015 میں 37ارب 73کروڑ 40لاکھ ڈالر رہی تھی، یوں اس دوران پاکستان کی تجارت کا خسارہ 17ارب 82کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے 6.68 فیصد بڑھ کر 19ارب 1کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2016میں برآمدات سال بہ سال 13.42 فیصد کمی سے 1ارب 72کروڑ 20لاکھ ڈالر رہیں جو اپریل 2015 میں 1ارب 98کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھیں، گزشتہ ماہ درآمدات2.27 فیصد سال بہ سال بڑھ کر 3ارب 78کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے 3ارب 87کروڑ 20لاکھ ڈالر ہوگئیں، یوں اپریل کی تجارت میں پاکستان کو 2ارب 15کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 1ارب 79کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے سے 19.64 فیصد زیادہ ہے۔
پی بی ایس کے مطابق مارچ کے مقابلے میں اپریل میں برآمد1.15 فیصدکم، درآمد 8.49 اور تجارتی خسارہ17.68 فیصد زیادہ رہا، مارچ میں برآمدات 1ارب 74کروڑ 20لاکھ ڈالر، درآمدات 3ارب 56کروڑ 90لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1ارب 82کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

ایمزٹی وی(تعلیم) پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں دو روزہ ' تعلیمی ایکسپو 2016' کاآغاز ہوگیا ہے۔ نمائش کےابتدائی روز پنجاب گروپ آف کالجز، ریسورس اکیڈیمیا، الائیڈ اسکولز اور ای ایف اے اسکول سسٹم کااسٹال طلبا و طالبات ، بچوں اور ان کے والدین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے روز 400سے زائد طلبا و طالبات نے پنجاب گروپ آف کالجز میں داخلوں، گریجویٹ پروگرامز میں اسکالر شپس، سول انجینئرنگ پروگرامز اور شام کی کلاسز کے حوالے سے معلومات اور آگاہی حاصل کی۔ علاوہ ازیں اسٹال پر الائیڈ اسکولز، ریسو رس اکیڈ یمیا ، ای ایف اے سکول سسٹم کے داخلوں اور فیسوں کے حوالے سے بچوں اور والدین نے معلومات حاصل کیں۔ اسٹال پر موجودپنجاب گروپ آف کالجز کے نمائندوں خرم پر ویز، قدسیہ اور ربیعہ کا کہنا تھا طلبا و طالبات نے سٹال پر گریجویٹ سکالرشپس کے اجرا سمیت دیگر پروگرامز کی آگاہی حاصل کی۔

ایمزٹی وی (تعلیم)صوبائی دارالحکومت سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی سال شروع ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے لیکن طلباء کو مفت کتب نہیں مل سکیں۔ کتابیں نہ ملنے اور چھٹیوں کے قریب آ جانے کے باعث ان بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ جن اسکولوں کے طلباء کو کتابیں ملی بھی ہیں، انہیں غلط چھپائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بیشر کتابوں کے ٹائٹل الٹے چھاپ دیئے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم کے مطابق صوبے کے پچیس اضلاع میں آٹھویں، نوویں اور دسویں جماعت کے دس فیصد بچوں کو کتب نہیں مل سکی ہیں لیکن وہ اس کا سبب کتب کی چھپائی کے اوپن ٹینڈر کو قرار دے رہے ہیں اور اپنی غلطی تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں۔ اسکولوں میں نصابی کتب کی عدم فراہمی اور صوبائی حکومت کے نوٹس لینے کےباوجود طلباء کو کتب کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ ہارر فلم ’1920لندن‘ کل پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جارہی ہے۔ تینو سریش کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم’ 1920لندن‘ ایک ڈراؤنی فلم ہے جس کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے جوایک بری روح کی آفت کا شکار ہو جاتا ہے۔اور شوہر کی حالت بدتر ہو جاتی ہے، بیوی اپنے شوہر کو ان عجیب حالات سے نکالنے کے لیے ایک نوجوان جس کا نام جے ہے سے مدد مانگتی ہے۔اب دیکھتے ہیں کہ جے اس جوڑے کو اس آفت سے کس طرح آزادی دلائے گا۔

ہارر فلم’1920 لندن‘کی کاسٹ میں شرمن جوشی ،میرا چوپڑا اور ویشال کروال مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔وکرم بھٹ کی کہانی پر مبنی خوف اور دہشت سے بھرپور یہ فلم13 مئی کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، واضح رہے کہ فلم لندن میں فلمائی گئی ہے۔

ایمزٹی وی (کراچی)خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ سابق صدر کو ایک ماہ کے اندر گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
جسٹس مظہر عالم کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ خصوصی عدالت نے حکم دیا کہ اردو اور انگریزی اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں کہ ملزم مفرور ہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ وہ ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے فوری اقداما ت کرے۔ خصوصی عدالت میں سیکریٹری داخلہ بھی پیش ہوئے۔
ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ وہ پرویز مشرف کے گھر گئے لیکن ملزم وہاں موجود نہیں تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے ایک ماہ کے اندر اندر ملزم کو گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کرے۔ جسٹس مظہر عالم کا کہنا تھا کہ وکلا صفائی کو اب عدالت میں موجود نہیں ہونا چایئے

ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کارپوریٹ سیکٹر کے لیے ٹیکس کی شرح کم کرکے30 فیصد جبکہ سپلائرز اور سروسز سیکٹرکے لیے ٹیکس ودہولڈنگ تھریش ہولڈ 10ہزار اور50ہزار روپے سے بڑھا کر بتدریج 25ہزار اور 1 لاکھ روپے کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس اصلاحات کمیشن کی تجاویز پر 2018 تک کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 30 فیصد کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ٹیکس ود ہولڈنگ کے لیے سروسز فراہم کرنے والوں اور سپلائرز کے لیے تھریش ہولڈ بڑھانے کے ساتھ ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتی کرنے والے اور جن سے ٹیکس ود ہولڈ کیا جاتا ہے دونوں کو ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے مطلوبہ صلاحیتوں کے مطابق ٹیکس وصولی یقینی بنانے کے لیے صوبوں کی مشاورت سے پراپرٹی کے ڈی سی ریٹ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت پراپرٹی کے ڈی سی ریٹ مارکیٹ میں رائج قیمتوں کے 75 فیصد کے برابر رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں فائنل ٹیکس ریجیم کو بھی بتدریج ختم کرنے کا پلان متعارف کرانے پر غور ہو رہا ہے، اس تجویز کو بجٹ میں شامل کیے جانے کی صورت میں پہلے مرحلے میں کمرشل امپورٹرز کو فائنل ٹیکس رجیم سے نکالا جائے گا، اس کے علاوہ بجٹ میں بونس شیئر کو آمدنی کی تعریف کے زمرے سے نکالنے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم بونس شیئر پر 1فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔