ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) لاس اینجلس میں ہالی وڈ کی اینی میٹڈ فلم دی اینگری برڈز کا پریمئیر ہوا جس میں فلم کی پوری کاسٹ نے شرکت کی ۔ لاس اینجلس میں غصیلے پرندوں کے درجنوں مداح موجود تھے ۔
ریڈ کارپٹ تقریب میں دی اینگری برڈز کی کاسٹ نے شرکت کی اور اینگری برڈز کا کاسٹیوم پہنے فنکاروں کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا ۔ دی اینگری برڈز کی کہانی خوشگوار زندگی گزارنے والے پرندوں کی ہےجب برے جانور انہیں تنگ کرنے آجاتے ہیں ۔ شرارتوں سے بھرپور اینی میٹڈ فلم دی اینگری برڈز بیس مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی ۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ویسٹ ورجینیا میں امریکی صدارتی نامزدگی کے لیے ہونے والے پرائمری انتخابات میں ڈیمو کریٹک امیدوار برنی سینڈرز نے ہیلری کلنٹن کو شکست دے دی ، ری پبلکن کے واحد ڈونلڈ ٹرمپ ویسٹ ورجینیا اور نیبراسکا سے کامیاب قرار پائے امریکی ریاستوں ویسٹ ورجینیا اور نیبراسکا میں ڈیمو کریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی کے پرائمری انتخابات منعقد کیے گئے ۔ ویسٹ ورجینیا میں ڈیمو کریٹ امیدوار برنی سینڈرز نے ہیلری کلنٹن کو شکست سے دوچار کر دیا ۔ برنی سینڈرز انتخاب جیتنے کے بعد صدارتی امیدوار بننے کے لیے پُر امید ہے تاہم مجموعی طور پر وہ ہلیری کلنٹن سے پیچھے ہیں ۔ آئندہ مہینے کیلیفورنیا کے پرائمری انتخابات جیتنے کی صورت میں وہ ہیلری کلنٹن کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں دوسری جانب رپبلکن پارٹی کے واحد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ویسٹ ورجینیا اور نیبراسکا ریاست میں فاتح قرار پائے ہیں ۔ کوئی حریف مدمقابل نہ ہونے کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار تصور کیے جاتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (صحت) ایک خاص نلکی کسی بھی گندے تالاب اور جوہڑ کے پانی کو گردوغبار اور جراثیم سے پاک کرکے اسے فوری طور پر پینے کے قابل بناسکتی ہے اور دنیا میں اب تک یہ ہزاروں لاکھوں کی جانیں بچاچکی ہے۔
لائف اسٹرا کسی کیمیکل اور بیٹری کی بغیر کام کرتی ہے اور 22 سینٹی میٹر لمبی اس نلکی میں دریا، ندی، اور پانی کے رکے ہوئے آلودہ ذخیرے کو مرحلہ وار صاف کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ پانی میں موجود ہر قسم کے وائرس اور بیکٹیریا کو ختم کرکے پانی کو صاف و شفاف بناتا ہے۔
اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پانی کے99.9999 فیصد بیکٹیریا ختم کردیتی ہے جن میں ای کولائی، وائبر کالرا، شگیلہ اور سالمونیلا بیکٹیریا اور جراثیم سرِ فہرست ہیں۔ دنیا میں ہر 15 سیکنڈ میں آلودہ پانی سے ایک بچہ مرجاتا ہے اور اندازہ ہے کہ دنیا میں 90 کروڑ سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔
لائف اسٹرا کا وزن صرف 2 اونس ہے جسے جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔ ایک نلکی ایک ہزار لیٹر تک پانی صاف کرسکتی ہے جو ایک صحتمند ا?دمی ایک سال میں پیتا ہے۔ اسے استعمال کرنا بھ آسان ہے، بس نلکی کو آلودہ پانی میں ڈالیے اور پانی چوس کر پینا شروع کردیجئے۔ اس میں موجود کئی پرتیں تمام گردوغبار اور جراثیم کو صاف کردیتی ہیں۔ لیکن اس سے پانی میں موجود بھاری دھاتیں، سنکھیا اور سمندری پانی صاف کرنے کی صلاحیت موجود نہیں۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی وڈ کی سابق خوبرو اداکارہ سنگیتا بجلانی نے تقریباً 5سال بعد اپنے سابق شوہر کرکٹر اظہرالدین سے رابطہ کیا ہے اور اظہرالدین کے کرکٹ کیریئر کے حوالے سے بننے والی انن کی فلم’’اظہر‘‘میں اپنے کردار پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
سنگیتا بجلانی نے سابق شوہر کو گزشتہ روز غصے سے بھرا فون کیا اور سخت لہجے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم اظہر میں انھیں جس کردار کی عورت ظاہر کیا جارہا ہے انھیں اس پر شدید تحفظات ہیں۔انھوں نے ریلیز سے پہلے فلم دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) آسٹریلوی ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو دہائیوں سے بحر الکائل میں سطح سمندر تیزی سے بلند ہو رہی ہے ، سولومون میں سطح سمندر بلند ہونے سے پانچ جزیرے غرق ہو گئے ۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر کام کرنے والے آسٹریلوی ماہرین کا کہنا ہے کہ سطح سمندر کے بلند ہونے اور زمین کے کٹاؤ کے باعث بحرالکاہل میں جزیرے غرق ہو رہے ہیں سولومون میں سطح سمندر کے بلند ہونے سے 5 جزیرے زیر آب آ گئے ۔ اس سے پہلے متعدد جزیرے غرق ہونے سے سے کئی دیہات مکمل تباہ ہو گئے تھے ان جزائر میں سطح سمندر گذشتہ دو دہائیوں سے سالانہ دس ملی میٹر بلند ہو رہی ہے ۔ تحقیق کے مطابق بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے یہ پہلی سائنسی تصدیق ہے۔
ایمز ٹی وی(صحت) ماہرین نے فون کے ذریعے پھیپھڑے اور سانس کے امراض کو معلوم کرنے کا ایک طریقہ وضع کیا ہے جس کے ذریعے دور بیٹھا ڈاکٹر کسی بھی مریض میں دمے اور سانس جیسی بیماریوں کی تشخیص کر سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف واشنگٹن کے پروفیسر آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینیئرنگ، شویتک پٹیل نے کہا ہے کہ خواہ کوئی بھی فون ہو، اس سے کال کر کے فون کے ریسیور پر لمبی پھونک ماریئے اور دوسرے سرے پر موجود ماہر پھیپھڑے کی کیفیت معلوم کرسکتا ہے۔ ’اسپائرو کال‘ نامی نظام کے ذریعے محض ایک فون کال سے دور بیٹھا ڈاکٹر کسی مریض میں دمے، سانس اور سسٹک فائبروسِس جیسے امراض کا پتا لگا سکتا ہے۔
یہ تحقیقات سی ایچ آئی کانفرنس میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ پھیپھڑے کے مرض کے شکار لوگ خاص انداز سے سانس لیتے ہیں۔ مریض گہری سانس لیتا ہے اور فوری اور تیزی سے خارج کرتا ہے۔ فون کے حساس مائیکروفون سانس کی شدت اور آواز کو نوٹ کرکے اس کی ڈیٹا مرکزی نظام میں بھیجتے ہیں جہاں الگورتھم پروگرام اس معلومات کا نوٹ کرکے پھیپھڑے کی کارکردگی کا جائزہ لیتا ہے۔ تحقیقی رپورٹ کے مرکزی مصنف ماینک گوئل نے کہا کہ ’ پھیپھڑے کے امراض پوری زندگی موجود رہتے ہیں لہذا کچھ ایسی سہولت ہونی چاہئے کہ مریض کو باربارڈاکٹرکے پاس نہ جانا پڑے بلکہ گھرسے ہی ان کے پھیپھڑوں کے چیک اپ کا کوئی نظام ہونا چاہئے اورفون کے ذریعے یہ ممکن ہے۔
اسپائرواسمارٹ نظام کو اب بنگلہ دیش اوربھارت میں آزمایا جارہا ہے۔ گزشتہ چار برس سے ان سائنسدانوں نے 4 ہزارسے زائد مریضوں کا ڈیٹا لیا ہے جو امریکا، بھارت اور بنگلہ دیش میں موجود ہے اوراس کے لئے خاص کلینک قائم کئے گئے ہیں جہاں اسپائرو میٹرموجود تھے۔ اب اس نظام کو فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی امریکا کی جانب سے قبولیت کا انتظارہے۔
اس میں مائیکروفون ایک اہم کردار ادا کرتا ہے اور کسی بھی فون کے ذریعے اس کا اندازہ لگانا ممکن ہوتا ہے۔ اس سے آوازاورپھونک کے نمونے ایک ڈیٹا بیس تک جاتے ہیں جہاں الگورتھم آواز کی کیفیت سے مرض کی شدت ناپتا ہے۔ اس کے علاوہ انہی ماہرین نے تھری ڈی پرنٹڈ سیٹی بھی تیارکی ہے جسے بجا کر مریضوں کی سانس اور پھیپھڑے کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔
ایمز ٹی وی(صحت)امریکا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشس ڈیزیز کے ماپرین کے مطابقان کی بنائی ہوئی ویکسین (PfSPZ) ایک سال تک ملیریا کو ٹال سکتی ہے کیونکہ پلازموڈیم فالکیپرم سے محفوظ رکھتی ہے جو ملیریا پھیلانے والا ایک طفیلیہ (پیراسائٹ) ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کے فیز ون کلینکل ٹرائلز ( طبی آزمائش) شروع ہوچکی ہے جس کی تفصیلات ہفت روزہ مشہور سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہوئی ہے۔ ان تجربات سے معلوم ہوا کہ بالغ اور صحت مند افراد کو یہ ویکسین دے کر انہیں ایک سال تک اس موذی اور جان لیوا مرض سے بچایا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ویکسین کی تحقیق میں 18 سے 45 سال تک کے 59 افراد کو شامل کیا گیا جب کہ مزید 32 صحت مند افراد کو بھی شامل کرکے انہیں ویکسین نہیں دی گئی اور انہیں مشاہدے کے لیے رکھا گیا، اس دوران بعض کو 2، 3 اور کچھ کو 4 مرتبہ ویکسین دی گئی اور 3 ہفتے بعد انہیں مچھروں والی جگہ پر رکھا گیا اس طرح جن لوگوں نے 3 ویکسین ملی ان میں 70 فیصد افراد کے خون میں ملیریا کے آثار نہیں دیکھے گئے لیکن جن رضاکاروں کو 4 مرتبہ ویکسین لگائی گئی وہ ملیریا سے مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ماہرین کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا کہ پٹھوں کی بجائے رگ میں ویکسین لگانے والے رضاکار ملیریا سے دور رہے اور اس کا بہتر نتیجہ ظاہر ہوا۔ مجموعی طور پر مطالعے میں شامل اور ویکسین لینے والے 55 فیصد افراد ملیریا کے شکار نہیں ہوئے حالانکہ انہیں ملیریا والے مچھروں نے بھی کاٹا تھا۔ سائنسدانوں کے مطابق اس ویکسین کے صحت پر کوئی مضر اثرات بھی نہیں دیکھے گئے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)تھائی لینڈ میں جدید ٹیکنالوجی سے نقل کرنے والے طالبعلموں کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بینکاک کی رنگسٹ یونیورسٹی میں سمارٹ واچز اور کیمرے کی مدد سے جدید چیٹنگ اسکینڈل سامنے آیا ہے ۔ طالبعلموں نے میڈیکل کے ایک ٹیسٹ کےد وران اپنے چشموں میں لگے چھوٹے کیمروں سے ہال کے باہر موجود ایک ٹیم کو امتحانی پرچوں کی فلم بنا کر بھیجی ، جواباً ٹیم نے سوالوں کے جواب سمارٹ واچز پر بھیجے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق چیٹنگ اسکینڈل میں ملوث طالبعلموں کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا ہے اور تقریباً 3,000 طالب علموں کو امتحان دوبارہ دینے کا حکم دیا گیا ہے ۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) کراچی میں ’برائیڈل کورٹیئرویک ۔۔دی گولڈن ایڈیشن‘۔۔ یعنی اگر عرف عام میں کہیں تو ’برائیڈل شو‘۔۔ فیشن اور گلیمر کی رنگینیاں سمیٹے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ سب کی توجہ کا مرکز رہا اور بالآخر اپنے اختتام کو پہنچا۔ برائیڈل شو میں تین دنوں تک ملک کے ٹاپ فیشن ڈیزائنرز نے اپنی تخلیقات اور تصور کو دلکش ملبوسات کی شکل میں ماڈلز کے ذریعے عوام کے ذوق کی تسکین کے لئے پیش کیا۔
شو کے لئے حسبِ روایت اس بار بھی انتہائی شاندار اسٹیج سجایا گیا تھا جس نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ شو کے پہلے دن ملک کے عروسی رجحانات کو یکجا کردیا گیا جبکہ تیسرے دن نکی نینا، رنگ جا، عمران راجپوت، عائشہ عمران، آصفہ و نبیل، عامر عدنان، سونیا بٹلہ اور گرینڈ کو رٹیئرز نے اپنے منفرد اور خوبصورت ملبوسات نمائش کے لئے پیش کئے۔
گرینڈ کورٹییرز میں زارا شاہ جہاں، کامیرہ روکنی، شمائل انصاری، شہرزاد، ثانیہ و عمیر، ندا ازویر، عمیر سید اور عیلان شامل تھے ۔
عامر عدنان کی کلیکشن کو ریمپ پر پیش کرنے والوں میں بہت سے سپر اسٹارز جیسے اظفر رحمٰن، عرفان خان، جارج فلٹن، نور حسن، فہد مرزا، اعجاز اسلم، وقارعلی خان، معمر رانا، شہزاد شیخ، علی سفینا، جاوید شیخ، احسن خان، عدنان صدیقی، ثروت گیلانی، حرا ترین، فلا خان اور ایشا شامل تھے۔
سونیا بٹلہ کی کلیکشن کو زیب تن کیا ٹی وی اور فلم کے سپر اسٹارز ہمایوں سعید اور سوہائی علی ابڑو نے جبکہ ان کا بھرپور ساتھ نبھایا ڈاکٹر جواد اور مسرت مصباح نے۔ زاہد احمد، یاسر مظہر، آغا علی اور سمیع خان نے عمران راجپوت کے لئے ریمپ پر واک کی۔
آصفہ اور نبیل کے ملبوسات کی نمائش ثنا جاوید جبکہ جنید خان نے رنگ جا کی تخلیقات پیش کیں جنہیں شو کے شرکاء نے بے حد سراہا۔
برائیڈل ویک سال میں دو مرتبہ، دو شہروں یعنی کراچی اور لاہور میں ہوتا ہے۔ ہم ٹی وی کی سربراہ سلطانہ صدیقی کے بقول ”اس تقریب کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنا ہے۔ ہم شوز کے ذریعے فیشن انڈسٹری کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جو فیشن کی صنعت کے روشن مستقبل کا ضامن ہے۔“
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے سابق سربراہ مطیع الرحمان نظامی کو ڈھاکہ جیل میں پھانسی دے دی گئی ، ان پر اکہتر کی جنگ کے دوران پاک فوج کا ساتھ دینے اور جنگی جرائم کے الزامات تھے ۔ شہر میں ہنگامے پھوٹ پڑے ، جگہ جگہ پولیس اور مطیع الرحمان کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔ مطیع الرحمان 71 کی جنگ کے دوران البدر ملیشیا کے سربراہ تھے جس نے جنگ کے دوران بغاوت سے انکار کر کے پاک فوج کا ساتھ دیا تھا ۔ بنگلہ دیش بننے کے بعد ان کے لیے بنگلہ دیش میں رہنا دشوار ہوا تو وہ پاکستان چلے آئے تاہم شیخ مجیب کے قتل کے بعد وہ واپس بنگلہ دیش چلے گئے ۔ 1991 میں مطیع الرحمان پارلیمنٹ کے ممبر بنے ، 2001 میں ان کو جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا گیا ۔ 2001 میں وہ دوبارہ پارلیمنٹ کے ممبر منتخب ہوئے اور 2003 تک زراعت کے وزیر بنے جبکہ 2003 سے 2006 تک انڈسٹری کے وزیر رہے ۔ 4 مئی 2011 کو جنگی جرائم کے الزام میں گرفتار ہوئے اور 30 جنوری 2014 کو انہیں 13 ساتھیوں سمیت سزائے موت سنا دی گئی۔