Tuesday, 19 November 2024

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) جمائمہ گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی وئب سائٹ ٹوئٹر پر صادق خان کو لندن کا پہلا مسلمان میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لندن تمام ثقافتوں اور مذہبوں سے تعلق رکھنے والا شہر ہے اور صادق خان کا اس شہر کے مئیر کے طور پر منتخب ہونا نوجوان برطانوی مسلمانوں کے لیے ایک اہم مثال ہے جمائمہ کا کہنا تھا مجھے افسوس ہے کہ ان کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ اور کنزرویٹو جماعت کے امیدوار کی انتخابی مہم نے کچھ خاص اثر نہیں دکھایا واضح رہے کہ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد صادق خان تاریخ میں لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوگئے ہیں جب کہ انہوں نے اپنے حریف کے طور پر جمائمہ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دی۔

ایمزٹی وی (تعلیم) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں 16مئی سے ایک ساتھ شروع ہورہے ہیں۔ امتحانا ت میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعے رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹس ارسال کردی گئی ہیں جبکہ امیدواروں کی سہولت کے لئے رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔

ایمزٹی وی (تعلیم)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 15ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بطور مہمان خصوصی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ قابل فخر تعلیمی ادارے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، خواتین معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرکے قومی ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان بچوں اور بچیوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں جو غربت و افلاس کے باعث معیاری تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس موقع پر۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار ، وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز و دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سفارت کاروں کے علاوہ فیکلٹی ممبران ، طلبا و طالبات اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)عمران خان عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں ۔ عمران خان پہلے مدینہ منورہ میں روزہ رسولؐ پر حاضری دیں گےجبکہ عمرہ کر کے اتوار کو وطن واپسی آئیں گے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو سعودی عرب میں سرکاری پروٹوکول ملے گا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں ہونے والے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعہ میں قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ظالمانہ جرم کے مرتکب ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات نہ صرف غیر اسلامی ہیں بلکہ غیر انسانی بھی ہیں جب کہ غیرت کے نام پر ایسا فعل صرف قتل قرار دیا جاسکتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ واضح رہے کہ ایبٹ آباد کے گاؤں مکول سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ عنبرین نامی لڑکی کو جعلی مقامی جرگے نے اپنی سہیلی صائمہ کے مبینہ فرار میں مدد دینے کے الزام میں ہلاک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ علاقے کے کونسل ناظم پرویز اور 15 افراد پر مشتمل جرگہ نے لڑکی کو پہلے دوپٹہ گلے میں ڈال کر پھندا لگایا اور بعد میں فرار میں ملوث سہولت کار مبینہ مفرور صدیق کی گاڑی میں لاش کو سیٹ کے ساتھ باندھ کر آگ لگا دی تھی۔

ایمز ٹی وی (کو ئٹہ )کوئٹہ میں ایف آئی اے نے حراست میں لیے جانے والے نادرا افسران سے کئی راز اگلوا لیے ۔ آفسران نے قلعہ عبداللہ میں 90 ہزار غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کا بھی انکشاف کیا ۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر واقع نادرا کے دفتر 4 مئی کو چھاپہ مارا جہاں سے چار افسران سمیت 9 افراد کو حراست میں لے لیا ۔ گرفتار ہونے والوں میں نادرا آفس کے 2 ڈی ای او خالد اور ظہیر ، تین سیکورٹی اہلکار ، 2 خواتین ڈی ای او اور نادرا کے 2 ملازمین شامل ہیں جنہوں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ سے 90 ہزار غیر ملکیوں کو شناختی کارڈز جاری کئے ۔ ایک شناختی کارڈ پر 40 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک رشوت وصول کی جاتی تھی ۔ شناختی کارڈ کے اجراء میں اعلیٰ افسران اور بااثر شخصیات کے بھی ملوث ہونے کے بھی ثبوت فراہم کئے ہیں ۔ یہ جعلی شناختی کارڈ مقامی لوگوں کے خاندان میں شامل کئے گئے ہیں ۔ ملزمان سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے

ایمز ٹی وی (لاہور) عالمی ساکھ کے لحاظ سے دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ، امریکا کی یونیورسٹیاں ٹاپ تھری پر ہیں ، برطانوی کیمبرج اور اوکسفورڈ یونیورسٹی کی دو درجے تنزلی ، فہرست میں پاکستان اور بھارت کی کوئی یونیورسٹی شامل نہیں ۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے عالمی ساکھ کے لحاظ سے دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں پہلی تین پوزیشنز پر امریکی یونیورسٹیاں ہارورڈ یونیورسٹی ، میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ، سٹینفورڈ یونیورسٹی براجمان ہیں۔ برطانیہ کی کیمبرج اور اوکسفورڈ دو درجے کی تنزلی کے بعد بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔گذشہ سال کے مقابلے میں 100 بہترین یونیورسٹیوں میں ایشیائی یونیورسٹیوں کی تعداد 10 سے بڑھ کر 17 ہو گئی ہے ۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ برطانیہ رینکنک میں تنزلی کا شکار ہے جبکہ اس کی دو یونیورسٹیز رینکنگ سے خارج بھی ہوئی ہے ۔ تاہم دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں پاکستان اور بھارت کی کوئی یونیورسٹی شامل نہیں ہے ۔

ایمزٹی وی (کو ئٹہ )پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چار بچیوں کی لاشوں کو پانی کی ایک ٹینکی سے نکالا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والی چاروں بچیاں بہنیں تھیں جبکہ ان کی والدہ کو بے ہوشی کی حالت میں ٹینکی سے نکالا گیا۔ ایئر پورٹ روڈ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چاروں بچیوں کی ہلاکت کا واقعہ اسمنگلی روڈ پر کلی خیزی کے علاقے میں پیش آیا۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ چاروں لاشوں کو ان کے گھر کے اندر موجود پانی کی ٹینکی سے نکالا گیا جبکہ بچیوں کی والدہ بھی ٹینکی میں پڑی تھی جسے بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا۔ بچیوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور ان کی والدہ کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ بچیوں کے والد محمد خان نے بتایا کہ بچیوں کی عمر دو سال سےسات سال کے درمیان تھی۔ ہلاک ہونے والی بچیوں میں سے دو اسکول کی یونیفارم میں تھیں غالباً ان کی ہلاکت کا واقعہ ان کی اسکول سے واپسی کے بعد پیش آیا۔

ایمز ٹی وی (لاہور) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ڈی جے بٹ کے معترف نکلے ، ڈی جے بٹ سے کیا ہوا وعدہ وفا کر دیا ، ڈی جے بٹ کو 9 مئی کو پشاور کے جلسے کا کنٹریکٹ مل گیا ۔ ڈی جے بٹ دوبارہ ان ایکشن عمران خان سے لاہور میں ہونے والی دو ملاقاتیں رنگ لائیں ، عمران خان نے وعدہ وفا کر دیا ، ڈی جے بٹ کا دعویٰ ، پرانے معاملات پر صلح صفائی ، بالاآخر ڈی جے بٹ کو پی ٹی آئی کا جلسہ مل ہی گیا ، ڈی جے بٹ کا کہنا ہے کہ انہیں 9 مئی کو پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے کا کنٹریکٹ دیدیا گیا ہے ۔ ڈی جے بٹ کہتے ہیں کہ اب وہ پشاور کے جلسے میں میوزک کا بھرپور تڑکا دیں گے ۔ ڈی جے بٹ کی کارکردگی میوزک کے سٹائل کی عمران خان نے خوب تعریف بھی کی ہے ۔ ڈی جے بٹ کی جانب سے جاری عمران خان کے پیغام میں کپتان نے ڈی جے بٹ کے خوب گن گائے ۔ کپتان کو ڈی جے بٹ کا میوزک سٹائل بھی بھلا لگتا ہے اور کہتے ہیں کہ ڈی جے بٹ نے جو جلسوں کا انداز دیا باقی لوگ کاپی کرنے پرمجبور ہوئے۔

ایمز ٹی وی (لیہ) نتقام کی آگ بجھانے کیلئے اکتیس بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ لیہ میں دکاندار کے چھوٹے بھائی نے مٹھائی میں زہر ملایا ، بڑے بھائی کے تشدد کا بدلہ لینے کے لیے حد سے گزر گیا ۔ لیہ میں خوشی کے موقع پر موت بانٹی گئی ، ایک ہی خاندان کے 9 افراد سمیت اکتیس بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ متاثرہ خاندان کے زخم ابھی ہرے ہی تھے کہ مزید لیہ کا گاؤں چک نمبر ایک سو پانچ جہاں عمر حیات کے گھر خوشی پر موت نے رقص کیا ۔ اکتیس افراد کو اچک لیا ۔ متاثرہ خاندان دکھ سے سنبھلنے بھی نہ پائے تھے کہ تھمتے آنسو پھر بہہ نکلے ۔ قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بننے والی مٹھائی زہریلی کیسے ہوئی ؟ دکاندار طارق کے چھوٹے بھائی خالد نے زہر ملانے کا اعتراف کرلیا ۔ مجسٹریٹ کو بیان قلمبند کراتے ہوئے اٹھارہ سالہ ملزم بولا بڑا بھائی تشدد اور بات بات پر بے عزت کرتا تھا بدلہ لینے کیلئے اور کاروبار تباہ کرنے کیلئے انتہائی اقدام اٹھایا ۔ ملزم خالد کی نشاندہی پر پولیس نے کھیتوں میں چھپائی گئی زہریلی دوا کی بوتل بھی برآمد کرلی ۔ زہریلی مٹھائی کھانے سے جاں بحق ہونے والوں میں آٹھ بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے بارہ افراد بھی شامل ہیں ۔ کئی متاثرہ افراد اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ لیہ میں اکتیس افراد کی موت کا سبب بننے والی مٹھائی زہریلی کیسے ہوئی؟ بالآخر پتہ چل ہی گیا دکاندار کے چھوٹے بھائی نے دانستہ زہر ملانے کا اعتراف کرلیا ۔ ملزم کا کہنا ہے بڑا بھائی تشدد کرتا تھا ، بدلہ لینے کیلئے انتہائی اقدام اٹھایا ، پولیس نے بوتل بھی برآمد کرلی ۔