Tuesday, 19 November 2024

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) اداکارہ وماڈل سوہائے علی آبڑو نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بقاء ، بحالی اوربہتری کے لیے رومانٹک، کامیڈی اورایکشن فلمیں بنانا موجودہ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ نوجوان فنکارہرطرح کے کردارنبھانے کی خوب صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان فلم میکرز بھی اس سلسلہ میں اپنی مثال آپ ہیں۔ انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کے لیے ہمیں پہلے مرحلے میں ایسی ہی فلمیں بنانا ہونگی اوراس کے بعد تجربانی فلموں کی طرف جانا ہوگا۔

سوہائے علی آبڑو نے کہا کہ ٹی وی ڈراموں سے سلور اسکرین پرآنے کے بعد ایسا رسپانس ملے گا ، اس کے بارے میں سوچا نہ تھا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے جہاں میری ایکٹنگ کوسراہا، وہیں میرے رقص کوبھی پسند کیا گیا۔ یہ سب تو ایک اچھے فلمی فنکارکے لیے ضروری ہے کہ وہ اداکاری ہی نہیں بلکہ رقص پربھی مہارت رکھے۔ میں نے شوبزکی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے ہی اس کی تربیت حاصل کرلی تھی، جس کی وجہ سے جب بڑی اسکرین پرمیری انٹری ہوئی تومجھے کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

نوجوان فلم میکرز نے نئے فنکاروں کی مدد سے جوقدم آگے بڑھایا ہے، اس کوخاصا سراہا جارہا ہے۔ اچھی اورمعیاری فلمیں بن رہی ہیں جب کہ ملک بھرمیں سینماگھروں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سوہائے علی آبڑونے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ ہمارا ٹارگٹ ہے لیکن اس کے لیے ہمیں ایسی فلمیں بنانے پرتوجہ دینا ہوگی جس سے دیارغیر میں بسنے والوں کو متاثر کیا جا سکے۔

 

ایمز ٹی وی (بزنس)نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے چوالیس پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی تاہم فروری میں کے الیکٹرک نے اپنے پاور پلانٹس سے کم بجلی پیدا کی اور آئی پی پی پیز سے بجلی خریداری کی وجہ سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑا جس کی وجہ سے قیمت میں پچھتر پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔ ماہانہ تین سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین ریلیف سے محروم رہیں گے۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر واقع نادرا کے دفتر پر چھاپہ مار کر 9 افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونیوالے نادرا ملازمین میں 2 ڈی ای او خالد اور ظہیر، تین سیکیورٹی اہلکار، 2 خواتین ڈی ای او اور نادرا کے 2 ملازمین شامل ہیں۔

ان افراد پر عوام سے رشوت لینے کا الزام ہے جس پر انہیں گرفتار کیا گیا اور تفتیش کی جا رہی ہے -

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن بھی ٹیکس سے بچنے کے لیے شو آف کمپنی بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کی بہو ایشوریا رائے بچن کا نام ٹیکس بچانے کے لیے بیرون ممالک شو آف کمپنیاں بنانے والوں کی فہرست میں شامل تھا تاہم اب ایک اور بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کا نام بھی پاناما لیکس کی زد میں آگیا ہے۔

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن کی برطانوی جزائر ورجن میں کمپنی خریدنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے مطابق اداکار نے میری لیبون انٹرٹینمنٹ نامی کمپنی کے تمام حصص 31 اکتوبر 2013 کو خرید لیے تھے جس کے بعد وہ اس کمپنی کے اکلوتے مالک بن گئے تھے جب کہ یہ کمپنی بیرون ممالک میں ہندی فلموں کے حقوق خریدنے، بیچنے اور استعمال کرنے میں شامل رہی ہے تاہم 2014 میں اجے نے کمپنی سے استعفیٰ دیتے ہوئے 2 اور غیر ملکی کمپنیز کو اتھارٹی بنادیا تھا جس میں سے ایک کمپنی کی مالکہ ان کی بیوی اداکارہ کاجول ہیں۔

دوسری جانب اداکار اجے دیوگن نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک ہندی فلموں کے حقوق خریدنے کے لیے کمپنی خریدی تھی جس کی مکمل معلومات ریزرو بینک آف انڈیا کو فراہم کردی تھیں۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے شہر قائد کی تمام قومی شاہراؤں، فلائی اوورز اور گرین بیلٹ پر لگے سائن بورڈ کو 15 روز میں ہٹانے کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 2 رکنی بینچ نے کراچی میں لگے غیرقانونی بل بورڈز اورسائن بورڈز کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کراچی میں ہیوی بل بورڈز لگائے گئے ہیں اگر یہ کسی پر گر گئے تو بہت بڑا جانی نقصان ہوسکتا ہے،سائن بورڈ نہ ہٹائے گئے تو ذمے داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی جب کہ سائن بورڈ کے معاملے پر بلدیہ عظمی کراچی کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں۔ عدالت نے شہر کی تمام قومی شاہراؤں، فلائی اوورز، گرین بیلٹ پرلگے غیرقانونی سائن بورڈ کو 15 روز میں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ کئی ایسے علاقے ہیں جہاں بل بورڈ اور سائن بورڈ لگانے کی ضرورت بھی نہیں تھی وہاں بل بورڈ لگادیئے گئے، گرین بیلٹ، فٹ پاتھوں اور شاہراؤں پرلگے 90 فیصد بل بورڈزغیرقانونی ہیں جنہیں 15 روز کے اندر ہٹایا جائے۔ واضح رہے کہ 11 مارچ کو عدالت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو 15 روز میں تمام بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے باوجود شہر قائد سے غیرقانونی سائن بورڈز نہیں ہٹائے گئے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ ٹی او آرز وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دیئے۔ زرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈ کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں لکھا گیا کہ ٹی او آرز تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر تیار کئے ہیں لہذا حکومت ان ٹی او آرز پر عمل درآمد کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنائے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی سمیت پارلیمنٹ میں موجود دیگر اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز میں سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ننجا ٹرٹلز کی فوج ایک بار پھر تہلکہ مچانے آرہی ہے۔ ہالی وڈ سائنس فکشن فلم ٹین ایج میوٹنٹ ننجا ٹرٹلز آؤٹ آف دا شیڈوز کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا۔خوف اور دہشت کا راج جاری، کس کی ہوتی ہے جیت اور کس کی ہار، ننجا ٹرٹلز کی فوج ایک بار پھر دنیا کو بچانے کے لیے میدان میں اتر آئے۔ سائنس فکشن فلم ٹین ایج میوٹنٹ ننجا ٹرٹلز آٴؤٹ آف دا شیڈوز کا نیا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

فلم 2014 کی ہٹ فلم ٹین ایج میوٹنٹ ننجا ٹرٹلز کا سیکوئل ہے۔ اس بار ننجا ٹرٹلز ڈبل پاور کے ساتھ دشمن کا سامنا کریں گے۔ فلم میں مرکزی کردار میں ہالی ووڈ اداکارہ میگن فاکس نظر آئیں گی۔ لرزہ خیز ہنگامہ اور ایکشن سے بھرپور فلم جون میں سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) امریکامیں پاکستانی نژاد فنکارہ فوزیہ مرزا کو’ چیمپئن آف چینج‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وائٹ ہاؤس میں ’چیمپئن آف چینج‘ ایوارڈ حاصل کرنے والی فوزیہ مرزا نے آرٹ، ڈرامہ اور کامیڈی میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔فوزیہ مرزا کے والدین کا تعلق کراچی سے ہے۔

فوزیہ مرزا کا کہنا ہے کہ اپنے کام کے ذریعے انہوں نے یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کی کہ امریکا میں موجود پاکستانی بھی،زندگی کے انہی حالات سے گزرتے ہیں جن سےامریکی گزرتے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں اور پاکستانیوں کے خلاف معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمی دور کرنے کی کوشش کی۔

ایمز ٹی وی ( راولپنڈی) پاک سر زمین کو امن کے دشمنوں سے پاک کرنے کا عزم۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گیارہ دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ موت کی سزا پانے والے دہشتگرد فورسز اور اسکولوں پر حملوں اور عام شہریوں کے اغوا برائے تاوان سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ تمام دہشتگردوں کو سنگین کارروائیوں پر فوجی عدالتوں نے موت کی سزا سنائی تھی۔ سزا پانے والوں میں محمدعمر، حمیداللہ، رحمت اللہ، محمد نبی، مولوی دلبر خان، رضوان اللہ، گل رحمان، محمد ابراہیم، سردار علی، شیر محمد خان اور محمد جواد شامل ہیں۔ دہشتگرد حمید اللہ، رحمت اللہ ، محمد نبی اور دلبر خان کالعدم تحریک طالبان کے سرگرم رکن تھے۔ چاروں مجرم گلگت بلتستان میں مختلف کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) احتساب عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل میں نامزد ملزم سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 10 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفاری جاری کردیئے ہیں۔ ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم کی عدالت میں ہوئی، اس موقع پر ایف آئی اے نے مقدمے کے 7 نئے چالان عدالت میں پیش کئے جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 10 ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 512 کے تحت مفرور قرار دیا گیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کا چالان سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ایف آئی اے کو تمام ملزمان کو گرفتار کر کے 19 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا۔