Tuesday, 19 November 2024

ایمز ٹی وی ( انٹرنیشنل) ضلع بلرام پور میں مسافر بس نہر میں گرنے سے 13 افراد ہلاک جب کہ 53 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بلرام پور میں مسافر بس تیز رفتاری کے باعث نہرمیں جاگری جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے جن میں سے 16 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے میں زیادہ زخمی ہونے والے 16 افراد کو فوری طور پر امبیکاپورڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ 37 زخمی بلرام پورکے مقامی اسپتال میں ہی زیرعلاج ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بس رائے پورسے گڑھوا کے مقام پرجارہی تھی کہ راستے میں ایک موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پل سے نہر میں جاگری۔ دوسری جانب چھتیس گڑھ کے وزیراعلی رامن سنگھ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے

ایمز ٹی وی (شیخو پو رہ) لاہور میں گلشن اقبال پارک میں بم دھماکے کے بعد پولیس کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخو پورہ میں پولیس مقابلے میں آٹھ مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو شیخو پورہ کے علاقے شرق پور میں ہوا جہاں پولیس نے ایک اطلاع پر چھاپہ مارا۔خانیوال میں مبینہ پولیس مقابلہ، ’چار شدت پسند ہلاک‘ راجن پور: مبینہ پولیس مقابلہ، ایک اہلکار ہلاک، پانچ زخمی‘ لاہور پولیس مقابلے میں ’پانچ دہشت گرد ہلاک‘صحافی عبدالناصر کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ شدت پسند شب معراج کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔جب پولیس وہاں پہنچی تو مبینہ شدت پسندوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی فائرنگ میں آٹھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوع سے چار کلاشنکوف، چار پستول، چھ کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور چار موٹر سائیکلیں بھی قبضہ میں لے لیں۔خیال رہے کہ اس سے پہلے فروری میں بھی شیخو پورہ کے علاقے میں اسی طرح کے ایک مبینہ مقابلہ میں پولیس نے سات مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔پولیس نے گذشتہ مہینے میں بھی لاہور اور شیخورہ کے درمیانی علاقے میں سگیاں پل کے قریب تحریک طالبان پاکستان کے چھ مشتبہ ارکان کو ایک پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔لاہور میں گلشن اقبال پارک میں بم دھماکے کے بعد پولیس نے شدت پسندوں کےخلاف کارروائیاں تیز کی ہیں۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کو اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپس مالکان کو 2 روپے سے بھی کم مارجن ملتا ہے، مالکان پٹرول میں ملاوٹ نہ کریں تو پمپ نہیں چل سکتا۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں بھی وزیر پٹرولیم نے قومی اسمبلی میں جواب جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمت دنیا میں سب سے کم ہے، پاکستان میں پٹرول کی قیمت 41 روپے فی لیٹر کم ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ بجٹ میں پٹرول پر جتنا ٹیکس رکھا وہ بھی حاصل نہیں ہو رہا، میری خواہش ہے حکومت پٹرول مفت فراہم کرے لیکن اس کے لئے صوبوں کو بھی اپنا حصہ برداشت کرنا ہوگا

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے سرجانی ٹاؤن سے قتل میں ملوث ملزم جبکہ پی آئی بی کالونی سے اسٹریٹ کرائمز کے دو ملزمان پکڑ لئے ہیں۔سرجانی ٹاؤن میں انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث ملزم منیر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے 25 اپریل کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر خاتون کو قتل اور اس کی بیٹی کو زخمی کردیا تھا۔دوسری جانب پی آئی بی کالونی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ایمزٹی وی (تعلیم) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات کے شفاف انعقاد میں محمد عمران خان چشتی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، ان کی عدم موجودگی سے امتحانات میں نقل مافیا اور کرپٹ عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوسکتے تھے ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور تنظیموں نے اپنے اپنے بیانات میں کیا۔ ماہرین تعلیم نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں امتحانات کے انعقاد میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، کمپیوٹرائزڈ ایڈمٹ کارڈ کا اجراء اور مارکس شیٹ پر امیدوارکی تصویر سمیت دیگر قابل قدر اقدامات محمد عمران خان چشتی کی محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کے مستقبل کے بہترین مفاد میں ضروری ہے کہ تجربہ کار افسران خصوصاً محمد عمران خان چشتی کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

ایمز ٹی وی ( خیبر پختونخوا)پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع ابیٹ آباد میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل عنبرین نامی جس طالبہ کی جلی ہوئی لاش ملی تھی اسے مقامی جرگے کے حکم پر ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی پر اپنی سہیلی کے مبینہ اغوا میں مدد دینے کا الزام تھا۔طالبہ کی ہلاکت کے کیس میں 25 مشتبہ افراد گرفتار حکام کا کہنا ہے کہ پہلے عنبرین کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کیا گیا اور بعد میں اس کی لاش کو سوزوکی کیری ڈبے میں جلا دیا گیا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے پولیس حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا تھا کہ لڑکی کو زندہ جلایا گیا تھا۔حکام کے مطابق واقعے میں ملوث 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں جرگے کے ارکان بھی شامل ہیں۔تھانہ ڈونگا گلی کے انچارج نصیر خان نے بتایا کہ گذشتہ روز بدھ کوگلیات کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ میں انارکلی کی واپسی، مشہور زمانہ فلم ’مغل اعظم‘ کے سیکوئل کا اعلان کردیا گیا ۔فلمساز کے آصف کے اس فلمی شاہکار کو برصغیر کے سینما میں کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت حاصل ہے۔ 1960 کی یہ سپر ہٹ ریلیز اپنے دور کی مہنگی ترین اور سب سے کامیاب فلموں میں سے ہے جس کی کاسٹ ، کردار، کہانی ، موسیقی اور عکس بندی، ہندی سینما میں آج بھی اپنی مثال آپ ہے۔

ساٹھ کی دہائی کی اس فلم میں انارکلی کا مرکزی کردار مدھوبالا نے یادگار بنایا تھا۔ انارکلی کی واپسی کے نام سے ’مغل اعظم‘ کے سیکوئل کا اعلان اس تاریخی فلم کے معاون ہدایتکار پروڈسر سلطان احمد کی اہلیہ فرح خان نے حال ہی میں کیا ہے۔ چھپن برس بعد انارکلی کے اس کردار کو ایک بار پھر بڑی اسکرین پر لانے کا یہ خواب، فرح احمد کے مطابق ان کے مرحو م شوہر کا خواب تھا جس کا اسکرپٹ’ مغل اعظم‘کی ریلیز کے فوری بعدہی تیار کر لیا تھا۔

ایمز ٹی وی (کھیل) آئی سی سی نے خبردار کیاکہ ٹوئنٹی 20 کی مقبولیت سے کرکٹرز میں ڈوپنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ ہم اس سے نبرد آزما ہونے کیلیے تیار ہیں، مختصر طرز میں بگ ہٹنگ کی مانگ ہے جبکہ کھلاڑی بھی انجریز سے جلد چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ہمارے کھیل میں بھی اب ڈوپنگ خدشات پہلے سے کہیں زیادہ ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں کے باقاعدگی سے ڈوپ ٹیسٹ لیے جائیں۔ ڈیو رچرڈسن نے مزید کہا کہ کرکٹ کو فکسنگ سے خطرات لاحق اور اس سے نمٹنے کیلیے ہمارا اینٹی کرپشن یونٹ تندہی سے کام کررہا ہے۔

ایمزٹی وی (تعلیم)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام سندھ ہینان یونیورسٹیز فورم کے اختتامی اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلا س اسے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی جامعات کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک میں اعلیٰ تعلیم کو مزید فروغ ملے گا۔اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 7 برس میں 10 سے زائد سرکاری جامعات قائم کی ہیں جنہیں تمام تر سہولتیں اور وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ ہینا ن یونیورسٹیز فورم کے انعقاد کے دوران پاکستان کی14اور چین کی4جامعات نے 56معاہدے کیے ہیں جن کے تحت یہ جامعات طلبا اور فیکلٹی کے افراد کے تبادلوں کے پروگرام ترتیب دیں گیچینی اور پاکستانی جامعات کے سربراہان نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک میں مشترکہ مالی تعاون سے پاک چائنا ریسرچ سینیٹرز قائم کیا جائے گا، ساتھ ہی چین اور پاکستان کی جامعات کے طلبا کے تبادلوں کے لیے پہلے مرحلے میں شارٹ ٹرم کورسز کے لیے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا اور کہا گیا کہ دونوں ممالک کی جامعات پہلے مرحلے میں طلبا کو چار سے چھ ہفتوں کے شارٹ کورسز کے لیے بھیجیں گی جن کو گیسٹ ویزے جاری کیے جائیں گے۔ جامعات تعلیم سمیت رہائش اورخوراک فراہم کریں گی۔اس موقع پر پاکستان کی 14 جامعات اور ہینان کی 4 جامعات کے درمیان باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کیے گئے ۔

ایمز ٹی وی ( انٹرنیشنل) بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے جنگی جرائم کے الزام میں گرفتار جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان نظامی کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیر نے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم بنگلادیش کی اعلیٰ عدالت نے مطیع الرحمان نظامی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹریبونل کے سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد ہونے کے بعد امیر جماعت اسلامی کے پاس اب واحد راستہ صدر سے رحم کی اپیل ہے، اگر صدر بھی ان کی رحم کی اپیل مسترد کردیتے ہیں تو پھر انھیں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت جنگی جرائم کے ٹریبونل کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کر رہی ہے جب کہ ہیومن رائٹس واچ بھی کہہ چکا ہے کہ تحقیقات کے لئے عدلیہ کا طریقہ بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتا۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی پر 1971 میں مخالفین کو قتل کرنے، لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور تشدد کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ بنگلادیش کی سیکولر وزیراعظم حسینہ واجد نے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے 2010 میں ایک ٹریبونل تشکیل دیا تھا جس کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اب تک 4 سیاستدانوں کو سزائے موت دی جا چکی ہے