Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) گلوکار و اداکار عمیر جسوال نے کہا کہ پاکستان میں بہترین فلمیں بن رہی ہیں جس کے باعث اب ڈراموں میں مثبت مقابلے کی فضاء دیکھنے کو مل رہی ہے، پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں منفرد و معیاری کہانی و پروڈکشن کے باعث پسند کیے جارہے ہیں ۔

عمیر کا کہنا تھا کہ فلموں کی وجہ سے پاکستانی ڈرامے متاثر ہورہے تھے لیکن امید ہے اب دوبارہ بہترین اور معیاری ڈرامہ دیکھنے کو ملیں گے۔ عمیر جسوال، سلطنت مغلیہ کے پس منظر میں بننے والے ڈرامے’’مور محل‘‘ میں نواب عاشر جہاں کے کردار میں نظر آئیں گے۔ ڈرامہ کی ہدایتکاری سرمد سلطان کھوسٹ نے انجام دی ہے جب کہ اس کی کہانی معروف مصنف سرمد صہبائی نے لکھی ہے۔ڈرامہ کی کاسٹ میں میشا شفیع‘ فضا علی‘ ثانیہ سعید ‘ حنابیات خان اور دیگر شامل ہیں۔

عمیر جسوال نے مزید کہا کہ ڈرامے کو حقیقت سے قریب تر کرنے کے لیے مغلیہ سلطنت کو بہت باریک بینی سے دکھایا گیا ہے اورکرداروں کے ملبوسات سے لے کر اسٹیج تک ہر چیز کا بہت خیال رکھا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کو فلم ’’پیکو‘‘ اوراداکارہ کنگنا رناوت کو فلم ’’تنو ویڈز منو ریٹرن‘‘ میں بہترین اداکاری پر’’نیشنل فلم ایوارڈز‘‘ سے نوازا گیا۔
بھارتی فلم نگری کے سب سے بڑے 63 ویں ’’نیشنل فلم ایوارڈز ‘‘ کی تقریب نئی دلی کے کنونشن سنٹر وگیان بھاون میں منعقد ہوئی جس میں بھارتی صدر پرناب مکھرجی، امیتابھ بچن، کنگنا رناوت سمیت دیگر سیاسی، سماجی اور فلم کی نگری کی شخصیات نے شرکت کی۔

میگا اسٹار امیتابھ بچن کو فلم’’پیکو‘‘ میں شاندار کارردگی پر چوتھی بار اور اداکارہ کنگنا رناوت کو فلم’’تنو ویڈزمنو ریٹرن‘‘ میں بہترین اداکاری پر تیسری بار’’ نیشنل فلم ایوارڈز‘‘ سے نوازا گیا جب کہ بالی ووڈ کے معروف فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کو فلم’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں بہترین ہدایتکاری اور سلمان خان کی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کو ’’بیسٹ پاپولرفلم کے لیے ’’نیشنل فلم ایوارڈز‘‘ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت نے گزشتہ سال بھی فلم’’کوئین‘‘ میں بہترین اداکاری پر ’’نیشنل ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا تھا۔

ایمز ٹی وی (کھیل) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان نے ایک درجہ ترقی پاکر تیسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ سالانہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ 6 پوائنٹس کے فرق سے بھارت دوسرے اور صرف ایک پوائنٹس کے فرق سے پاکستان 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں سب سے بڑا دھچکا جنوبی افریقا کو لگا جو 3 درجہ تنزلی کے بعد تیسری سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئی جبکہ انگلینڈ 105 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، نیوزی لینڈ پانچویں، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں ، بنگلادیش نویں اور زمبابوے کی ٹیم دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمٹ )لاس اینجلس ہالی وڈ اینی میٹڈ فلم ”دی جنگل بک“ مزید چار کروڑ چوبیس لاکھ ڈالر کما کر مسلسل تیسرے ہفتے بھی امریکی باکس آفس پرسر فہرست ہے جبکہ ”ہنٹس مین :ونٹرز وار“ مزید ترانوے لاکھ ڈالر سمیٹ کر دوسرے ہفتے بھی دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔

جان فیورو کی ڈائریکشن میں بننے والی اینی میٹڈ فلم ”جنگل بک“ موگلی نامی لڑکے کے گرد گھومتی ہے جس کی پرورش بھیڑیوں نے کی اوراس کی زندگی کو ایک خونخوار شیر سے خطرہ ہے۔

فلم اب تک پچیس کروڑ ڈالر سے زیادہ کما چکی ہے۔ ہنٹس مین : ونٹرز وار دوہزار بارہ میں بننے والی فلم ”سنو وائٹ اینڈ دی ہنٹس مین“ کی پریوں کی کہانی سے پہلے کے واقعات پر مبنی ہے۔ نئی مزاحیہ فلم ”کیانو“ نے ترانوے لاکھ ڈالرکما کر ”باربر شاپ : دی نیکسٹ کٹ“ سے تیسری پوزیشن چھین لی۔

فلم کے مرکزی کردار جورڈن پیل اور کیگن مائیکل کی بلی کے مغوی بچے کو چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں۔ فلم ”مدرز ڈے“ اب تک شائقین کی توجہ حاصل کرنے یں ناکام رہی ہے اور محض تراسی لاکھ ڈالر کما سکی۔ ”باربرشاپ: دی نیکسٹ کٹ“ پہلی پانچ فلموں میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمٹ )اداکارہ مہوش حیات، ایمان علی اور ماہرہ خان نے اپنے جونیئر اور نئے فنکاروں کے ہمراہ فلموں میں کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صرف اپنی پسند کے ہیروز کے ہمراہ کام کریں گی۔ ان فن کاراؤں نے معاوضہ بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں کام کرنے والے فلمساز تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں اور انھوں نے مزید نئی با صلاحیت لڑکیوں کی تلاش کا کام تیز کر دیا ہے۔

ایمز ٹی وی ( انٹر ٹینمٹ)پڑوسی ملک میں ایکٹنگ سکھانے والے معروف اداروں نے پاکستانی ڈرامے دکھا کر اپنے نوجوانوں کو اداکاری کی تربیت دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا لیکن اب تو بھارت میں پاکستانی ڈراموں کو دیکھنے کے بعد نوجوان فنکاروں کی ڈیمانڈ بالی وڈمیں بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ایک کے بعد ایک فنکار بھارت یاترا کر رہا ہے اور بڑے بجٹ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہا ہے۔ اس کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمارے ملک کی معروف اداکارہ سجل علی نے بھی بالی وڈ میں زبردست انٹری دے دی ہے۔ اس حوالے سے ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سجل علی کا کہنا تھا کہ ایکٹنگ کا شوق تو بچپن سے ہی تھا لیکن کبھی سوچا نہ تھا کہ اتنی جلدی مجھے کامیابی مل جائے گی۔ سال 2011ء میں فنی سفر شروع کیا تو میں اور میری فیملی سمیت قریبی دوست یہ بات نہیں جانتے تھے کہ پہلے ڈرامے کے آن ایئر ہوتے ہی میں ٹی وی انڈسٹری کا ایک مضبوط حصہ بن جاؤں گی۔ اس شہرت کے چرچے جونہی بالی وڈ تک پہنچے تو پھر وہاں سے بھی فلموں میں مرکزی کرداروں کی پیشکش ہونے لگی لیکن میں نے ان تمام آفرز کو قبول کرنے سے صرف اس لیے انکار کیا کیونکہ مجھے بالی وڈ میں کام کرنے سے زیادہ اپنے ملک کی عزت عزیزتھی۔ یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ یاترا کے لیے دیر سے نکلنا پڑا مگر کہتے ہیں کہ دیر آئے درست آئے۔ انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں انتہائی پروفیشنل ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے بلکہ فلم اور ٹی وی کے کام میں واضح فرق بھی یہاں کام کرکے پتہ چل رہا ہے۔ فلم ایک بڑا میڈیم ہے اوراس کی اپنی ہی ڈیمانڈہوتی ہیں جن کوپورا کیے بنا فلمی صنعت کا حصہ بننا ممکن نہیں ہوتا۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ گروپس بشمول امپروومنٹ آف ڈویژن، بینیفٹ کیسز ،ایڈیشنل سبجیکٹس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء میں شرکت کے خواہشمند پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم متعلقہ سیکشنوں سے تصدیق کے بعد جبکہ ریگولر امیدوار اپنے کالج پرنسپل سے تصدیق کے بعدبروز منگل 3 مئی سے بروز جمعہ 6مئی 2016ء تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ انٹربورڈ آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کو بتا دیا گیا ہے کہ اگر انہیں ایف 16 طیارے خریدنے ہیں تو اس کی ادائیگی اسے ہی کرنا ہوگی جب کہ بعض سینیٹرز طیاروں کی ادائیگی میں پاکستان کو دی جانے والی سبسڈی کے حامی نہیں تاہم کانگریس نے طیاروں کی فروخت کی اجازت دے دی ہے جس کے لئے 70 کروڑ امریکی ڈالر پاکستان کو ادا کرنا ہوں گے دوسری جانب امریکی سینیٹ میں محکمہ خارجہ کی کمیٹی کے چیئرمین باب کارکر نے پاکستان کو طیاروں کی فروخت کی مخالفت کی جب کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کے معاملے پر بھارت کی جانب سے بھی شدید احتجاج سامنے آیا تھا اور بھارتی لابی نے ایک مرتبہ طیاروں کی ڈیل میں روڑے اٹکا دیئے ہیں واضح رہے کہ 11 فروری کو امریکی محکمہ خارجہ نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے 8 ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں امریکا کی جانب سے 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم امریکا کو ادا کرنا تھی۔

ایمز ٹی وی (تجارت) سعودی عرب کی بڑی اور با اثر کمپنیوں میں شامل سعودی بن لادن گروپ نے 77 ہزار غیرملکی ورکرز کو نکال دیا۔ یہ بات ایک اخبار کی رپورٹ میں کہی گئی جس پر بن لادن گروپ نے بعض عملے کو فارغ کیے جانے کی تصدیق کی مگر تعداد نہیں بتائی۔ الوطن اخبار کے مطابق کمپنی کے ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں بھی نہیں دی جا رہی تھیں، ملازمین نے ہنگامہ آرائی بھی کی۔ سعودی بن لادن گروپ کے ترجمان نے کہاکہ افرادی قوت میں تبدیلی خاص طور پر جب بعض پروجیکٹس ختم یا ختم ہونے کے قریب ہوں تو معمول کی بات ہوتی ہے، ختم کی بھی بہت سی آسامیاں میعادی یا مخصوص پروجیکٹس سے متعلق تھیں، ہم فارغ کیے گئے عملے کی ذمے داریاں پوری کریں گے، قانون کے مطابق ان کے بقایا جات دیے جا چکے ہیں۔ الوطن نے کمپنی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فارغ کیے گئے 77 ہزار کارکنوں کو ایگزٹ ویزے تھما دیے گئے ہیں. کمپنی میں 2لاکھ تارکین وطن ملازم تھے، اس کے علاوہ مقامی 17ہزار ملازمین میں سے بھی 12ہزار فارغ کیے جائیں گے جو انجینئرز، ایڈمنسٹریٹرز اور انسپیکٹرز کے عہدوں پر کام کررہے ہیں۔ ایک اور رپورٹ میں الوطن نے کہاکہ 50ہزار غیرملکی مزدوروں نے سعودی عرب سے جانے سے انکار کردیا ہے کیونکہ ان کی 4 ماہ سے زیادہ کی تنخواہیں رکی ہوئی ہیں۔ ایک اور اخبار عرب نیوز نے کہاکہ سعودی بن لادن گروپ کے ملازمین نے بڑے پیمانے پر چھانٹی کی تصدیق کی اور کہاکہ تنخواہیں نہ ملنے پر مکہ میں ملازمین نے کمپنی کی کئی بسیں بھی جلادیں۔ حکام نے وجہ بتائے بغیر 7 بسیں جلائے جانے کی تصدیق کی۔

ایمز ٹی وی (تجارت) عالمی منڈی کی دیکھا دیکھی مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی قیمتوں میں 5 روپے اضافے کا امکان ہے ۔ ایک ماہ کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 22 ڈالر کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ مئی کے لئے ایل پی جی کی قیمت کا تعین 363 ڈالر فی میٹرک ٹن کیا گیا ہے ۔ عالمی منڈی میں ایل پی جی کی قمیت بڑھ جانے سے مقامی مارکیٹ میں بھی اس قیمت میں اضافے کا امکان ہے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 5 روپے فی کلو بڑھ سکتی ہے ۔