Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (تجارت) ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دس ماہ کے دوران ٹیکس وصولیاں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد اضافے سے 2341 ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 1935 ارب روپے کا ٹیکس وصول ہوا تھا۔ دوسری جانب رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کے تحت اب تک 8 ہزار 947 افراد نے 84 کروڑ 50 لاکھ کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کرایا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران حکومت 3104 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کر لے گی۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی آج سے دوبارہ سپریم کورٹ میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔ چیف جسٹس کے سامنے پاناما کمیشن کا معاملہ سرفہرست رہنے کا امکان ہے۔ چیف جسٹس ترکی میں سات روزہ جوڈیشل کانفرنس میں شریک ہونے کے بعد جمعہ کی شب وطن واپس پہنچے تھے۔ اگر چہ چیف جسٹس کے ترکی جانے سے قبل ہی وزیراعظم آفس کی جانب سے پاناما انکوائری کمیشن تشکیل دینے کے حوالے سے ایک مراسلہ سپریم کورٹ بھیج دیا گیا تھا تاہم اس پر کوئی پیشرفت چیف جسٹس کی عدم موجودگی کے باعث نہیں ہو سکی تھی۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز رجسٹرار سپریم کورٹ نے پاناما کمیشن کا مراسلہ چیف جسٹس کے آفس اسٹاف کے حوالے کر دیا ہے جس پر آئندہ چند روز میں چیف جسٹس کی جانب سے کوئی پالیسی فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار پہلے ہی بیان جاری کرچکے جس میں پاناما پیپرز معاملے پر عدلیہ کے کردار کی حمایت جبکہ کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ’تیرے نیناں‘، ’متوا‘ اور دوسرے بہت سے سپرہٹ گانے بالی وڈ کو دینے والے پاکستانی گلو کار شفقت امانت علی خوبصورت گائیکی کی وجہ سے سرحد کی دونوں جانب یکساں مقبول ہیں۔شفقت اپنی اس غیرمعمولی شہرت کا کریڈٹ بالی وڈ کودیتے ہیں۔

شفقت امانت علی خان کا کہنا ہے کہ ’بالی وڈ آپ کے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور سنوارنے میں نہ صرف مدد کرتا ہے بلکہ بالی وڈ کے ذریعے آپ کاٹیلنٹ دنیا کے ہراس کونے تک پہنچتا ہے جہاں اردو اور ہندی سمجھی جاتی ہے۔ مجھے ہمیشہ اپنے گانوں ’یہ حوصلہ‘، ’بن تیرے‘،’ توہیرمیرا‘ اور’تیری جھکی نظر‘پرتعریفیں ملتی ہیں۔ لوگوں کویہ گانے یاد ہیں۔‘

پاکستان اور بھارت کے تعلقات پربات کرتے ہوئے شفقت امانت نے کہا ” کچھ لوگ وقفے وقفے سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات خراب کرتے ہیں اورایسا کرنے کے لئے انہیں پیسہ ملتا ہے۔ ایسے لوگوں کی پرواہ کئے بغیر دونوں ملکوں کے درمیان امن، محبت اوربھائی چارے کے فروغ کے لئے کام کرتے رہنا چاہئے۔ایسے لوگ کسی کے دوست نہیں ہوتے۔“

’شہرت کیسی لگتی ہے؟‘اس بارے میں شفقت کا کہنا تھا ” میرے والد امانت علی خان بہت مشہور گلوکار تھے اور میرے چچا بھی۔کم عمری سے اپنے گھرمیں شہرت دیکھی۔ جب میں مشہور ہوا تو مجھے بہت خوشی ہوئی کیونکہ شہرت حاصل کرنے کے لئے مجھے انتظارکرنا پڑا تھا لیکن میں نے کوشش کی کہ شہرت میرے دماغ پرسوار نہ ہو۔“

شفقت امانت علی نے صنم سعید اورمحب مرزا اسٹاررفلم ”بچانا“ کا گانا ”یاری“ گایا ہے۔ ”بچانا“ پاکستان اوربھارت کا مشترکہ پروجیکٹ ہے۔”یاری“ کی موسیقی بھارتی کمپوزر نے دی ہے جبکہ گانا پاکستانی رائٹرنے لکھا ہے۔شفقت ان دنوں اپنے کچھ سولوگانوں پرکام کررہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (تجارت) یورپی یونین ممالک اور برطانیہ کو پاکستان سے آم کی ایکسپورٹ با اثر اور بڑے فارم مالکان کی اجارہ داری کا شکار ہوگئی ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے پاکستانی آم کی کنسائمنٹ میں فروٹ فلائی کی موجودگی پر انتباہ کے بعد پاکستان میں فروٹ فلائی سے پاک باغات کی رجسٹریشن اور ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کو لازمی قرار دیا گیا تاہم دونوں کڑی شرائط پوری کیے جانے کے باوجود پاکستان یورپی ممالک میں اپنا مارکیٹ شیئر حاصل کرنے میں ناکام ہے۔ سال 2013 تک پاکستان یورپی ملکوں اور برطانیہ کو 15ہزار ٹن آم برآمد کررہا تھا جو پابندی کے خدشے کے باعث متعارف کرائے جانے والے طریقہ کار کی وجہ سے کم ہوکر2014 میں 4ہزار ٹن اور 2015 میں 6ہزار ٹن رہی۔ دوسری جانب پاکستان میں یورپی یونین اور برطانیہ کو ایکسپورٹ کے لیے رجسٹرڈ باغات ایکسپورٹ کے لیے خدشہ بن گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رجسٹر کیے جانے والے باغات میں سے بیشتر بااثر افراد اور سیاسی شخصیات کی ملکیت ہیں جن کی سندھ اور پنجاب میں تعداد 150کے قریب بتائی جاتی ہے۔ آم کی تجارت سے وابستہ افراد کے مطابق رجسٹرڈ باغات نے اپنی مناپلی قائم کرلی ہے اور رجسٹرڈ باغات کے مالکان دیگر باغات کے مقابلے میں75فیصد تک زائد قیمت طلب کررہے ہیں۔ یورپ اور برطانیہ کو آم ایکسپورٹ کرنے والے برآمد کنندگان کو رجسٹرڈ باغات کے مالکان کی بلیک میلنگ کا سامنا ہے۔ اس بارے میں ایکسپورٹرز نے بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ باغات کے مالکان آم کی من مانی قیمت طلب کررہے ہیں حالانکہ ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کی شرط کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد رجسٹرڈ باغات سے حاصل کیے گئے آم ایکسپورٹ کرنے کی شرط بلاجواز ہے۔

ایمزٹی وی (مینگورہ) مینگورہ میں جمعیت علمائے اسلام کا جلسہ عام کاانعقاد کیا گیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پانامالیکس یہودی لابی کی سازش ہے عمران خان نے خود کہاتھا کہ جوڈیشنل کمیشن کے ذریعے انکوائری کی جائے لیکن آج وہ اس سے بھاگ رہے ہیں۔اس موقع پر ان کامزید کہنا تھا کہ ن کی خود پاناما میں کمپنیاں ہیں وہ نوازشریف پر الزام لگا رہے ہیں۔ عمران خان بچوں والی سیاست کرتے ہیں۔ وہ آج کچھ اور کہتے ہیں کل کچھ اور۔ انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین پرالزام لگایاکہ وہ پاکستان میں یہودی لابی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ مولانا نے اپنے خطاب میں یہ دعوی بھی کیاکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک سازش کے تحت لایا گیا۔ جلسے میں گو عمران گو اور شیم پی ٹی آئی شیم کے نعرے وقفے وقفے سے گونجتے رہے.

ایمزٹی وی (پشاور)پشاور کے علاقہ تہکال بالا میں ایک دینی مدرسے پر دستی بم کے حملے میں چودہ افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تہکال میں واقع مسجد بیت المکرم کے ساتھ ملحقہ مدرسے میں اس وقت دھماکہ ہوا جب درس قرآن کے بعد وہاں لوگ کھانا کھانے میں مصروف تھے۔ ایس پی کینٹ کاشف ذوالفقار کے مطابق دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی جبکہ وہاں موجود ایک محافظ نے حملہ آور پر فائرنگ کر دی جس سے وہ زخمی ہو گیا جسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی عباس مروت نے چودہ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں میں پانچ سے تیرہ سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔ تیرہ زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال جبکہ ایک کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

ایمزٹی وی (فیصل آباد) فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں مضر صحت دودھ سوڈا پینے سے بچوں سمیت 100 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ پولیس نے دکاندار اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری کے مالک کوگرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مراد آباد میں سرور گجر نامی شخص نے دودھ کی نئی دکان کا افتتاح کیا اور اس موقع پر اس نے محلے میں مفت دودھ سوڈا تقسیم کیا۔ مضر صحت دودھ سوڈا پینے سے سو سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی جبکہ متاثرہ افراد میں خواتین بھی شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کو قریبی جنرل اسپتال منتقل کیا گیامگر اسپتال میں عملے کی کمی اور متعلقہ سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کی اکثریت کو الائیڈ اسپتال ریفر کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے پاس ایمبولینسز نہ ہونے کے باعث لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مریضو ں کو لے جاتے رہے۔ حالت بہتر ہونے پر 55 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ دوسری طرف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دودھ سوڈا تقسیم کرنے والے شخص سرور گجر اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری کے مالک ملک یونس کو گرفتار کرکے دودھ کی دکان اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری کو سیل کردیا۔ جبکہ محکمہ صحت کی درخواست پر تھانہ غلام محمد آباد میں واقعہ کا مقدمہ دکاندار اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری مالک کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے ٹی او آرز پر مشاورت اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی رہائشگاہ پر ہونے والے اجلاس میں پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، ایم کیوایم، مسلم لیگ (ق) ، اے این پی، جماعت اسلامی اوردیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور دیگرجماعتیں اپنے مرتب کردہ ٹی اوآرز پیش کریں گی۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمیشن کے متفقہ ضابطہ کار لانے کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے اورجوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کا آغاز وزیراعظم سے کرنے کامطالبہ اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ بھی کیاجائے گا۔

ایمزٹی وی (کراچی) لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر جان بلوچ کے خلاف حکومت سندھ نے عدالتوں میں زیر سماعت 11 مقدمات جیل میں چلانے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔ عزیر جان بلوچ کے خلاف قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے اور ڈکیتی کے مقدمات شامل ہیں۔ حکومت سندھ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عزیر کے خلاف مقدمات جیل میں چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکشن کے مطابق عزیر بلوچ کے خلاف درج 56 مقدمات میں سے 11 مقدمات کی سماعت جیل میں ہو گی۔ مقدمات میں 3 قتل، 7 پولیس مقابلوں اور 1 ڈکیتی کا مقدمہ شامل ہے۔ ملزم کی گرفتاری سے قبل ان 11 مقدمات میں عدالتوں میں عزیر بلوچ، نور محمد عرف بابا لاڈلا اور غفار ذکری سمیت گینگ وار کے 30 سے زائد ملزموں کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ عدالت نے ملزموں کی عدم گرفتاری کے بعد دائمی وارنٹ بھی جاری کر رکھے تھے۔ عزیر بلوچ کے خلاف دہشت گردی، تھانوں پر حملے، پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف تھانوں میں درج مقدمات کو بھی یکجا کیا جارہا ہے

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)انڈونیشیا کے وزیرمذہبی امورلقمان حکیم نے کرپشن کا مرض کھوج لیا اوردلچسپ وجوہات بھی بتا دیں۔ کہتے ہیں کرپشن کی وجہ لالچی بیویاں ہیں۔ ان کی فرمائشیں شوہروں کو کرپشن کی منزل تک لے جاتی ہیں۔

وزراء اوربیوروکریٹس بیویوں کو خوش رکھنے کے لیے بدعنوانی میں لت پت ہوجاتے ہیں۔