Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ نرگس فخری نے ادے چوپڑا کے حوالے سے گردش کرتی افواہوں پر ببانگ دہل تبصرہ کرتے ہوئے ادے کو اچھا دوست قراردے دیا۔بھارتی میڈیا میں گردش کرتی اطلاعات کے مطابق بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری اورادے چوپڑا آج کل ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نرگس فخری سے ان کی ادے چوپڑا سے خفیہ ملاقاتوں کی خبروں سے متعلق سوال کیا گیا تو اُن کا کہنا تھاکہ نئے لوگوں سے میری ملاقاتوں کا سلسلہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھرمیں ہے۔ اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ اودے چوپڑا بہت دلچسپ آدمی اور میرے اچھے دوست ہیں۔ ہر شخص کو اچھے دوست کی تلاش ہمیشہ رکھنی چاہیے۔

ملاقاتوں کے حوالےسے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں رہنے والے مرد بہت سادہ ہیں، خواتین کو متاثر کرنے کے لئے عام طور پر وہی پرانے طریقے اور الفاظ کا استعمال کرتے ہیں ۔نرگس فخری آنے والے دنوں میں بھارتی کرکٹراظہر الدین کی زندگی پر بننے والی فلم میں’اظہر‘ میں ماضی کی معروف اداکارہ سنگیتا بجلانی جو کہ معروف بھارتی کرکٹر کی دوسری بیوی تھیں، کا کردار ادا کررہی ہیں۔

 

ایمزٹی وی(تعلیم)وفاقی اردو و جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پرفیسر وحیدالرحمان عرف یاسر رضوی کو دنیا سے گئے ایک سال کا عرصہ بیت گیا لیکن ان کے قاتل آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ برس 29 اپریل کو ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم افراد نے پروفیسر وحیدالرحمان کو گولیاں کا نشانہ بنایا ۔ جہاں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پروفیسر وحید الرحمان جامعہ کراچی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے بیک وقت پرفیسر تھے۔ انہوں نے وفاقی اردو یونیورسٹی سے ماسٹرزاور پی اییچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اورپھر جامعہ کراچی سے منسلک ہوگئے۔ آج پروفیسر وحید الرحمان کی یاد میں ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ ان کے قاتلوں کے گرفتاری کے حق میں کراچی پریس کلب میں احتجاج کیا جائے گا

ایمز ٹی وی (تجارت) عالمی بینک كا كہنا ہے كہ پاكستان کی اقتصادی ترقی كی رفتار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور 2017 میں پاكستان كی جی ڈی پی كی شرح میں اضافے کا امکان ہے۔ عالمی بینك كی جانب سے پاكستان میں ترقی كے حوالے سے جاری كردہ رپورٹ میں اقتصادی ترقی و استحكام كی بحالی پر حكومت پاكستان كی كوششوں كو سراہتے ہوئے كہا گیا ہے كہ بین الاقوامی ماركیٹ میں تیل كی قیمتوں میں كمی اور پاكستان كو موصول ہونے والی ترسیلات زر میں اضافے سمیت بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیاں پاكستان میں اقتصادی ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے كہ پاكستان میں سركاری و نجی سرمایہ كاری میں كمی كا تسلسل بھی برقرار رہا ہے اگرچہ پاكستان میں اقتصادی ترقی و استحكام بحال ہوا ہے مگر ملكی معیشت مستقل بنیادوں پر مضبوط بنانے کے لیے ابھی بھی بہت كچھ كرنے كی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں كہا گیا ہے كہ رواں مالی سال كے پہلے 8 ماہ كے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو كی جانب سے حاصل كی جانے والی ٹیكس وصولیوں میں اضافے كی شرح بہت حوصلہ افزا ہے اورپاكستان كو درپیش ریفامز كے چیلنجز میں مالیاتی استحكام سب سے بڑا چیلنج ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بھی خوش آئند بات ہے كہ حكومت مالیاتی نظم و نسق كو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے اور غیر ضروری اخراجات كو كنٹرول كیا جارہا ہے، زیادہ تر اخراجات پبلك سیكٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) كے تحت كیے جارہے ہیں جوكہ بہت مثبت پیشرفت ہے۔ رپورٹ میں كہا گیا ہے كہ ملك كے زرمبادلہ كے ذخائر میں اضافے كے حوالے سے عالمی ماركیٹ میں تیل كی قیمتوں میں كمی كا اہم كردار ہے جب كہ رواں مالی سال 2015:16 كے پہلے 6 ماہ كے دوران اوورسیز پاكستانیوں كی جانب سے بھجوائی جانے والی 9.7 ارب ڈالر كی ترسیلات زر كے باعث تجارتی خسارے كے اثرات زائل كرنے میں مدد ملی ہے كیونكہ عالمی منڈی میں تیل كی قیمتوں میں كمی كے باعث پاكستان كے تیل كے درآمدی بل میں 9.1ارب ڈالر كی كمی واقع ہوئی ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) دیہی علاقوں میں سود خوروں کے معاشی جال سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے بیرون ملک جانے والے پاکستانی نوجوان پر بننے والی خصوصی دستاویزی فلم سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مقبول ہوگئی۔ عرب نشریاتی ادارے (الجزیرہ) کی جانب سے باہر ممالک مزدوری کے لئے جانے والے ایک عام پاکستانی کی زندگی پر بننے والی خصوصی دستاویزی فلم عوام میں مقبول ہوگئی۔

اس فلم میں پنجاب کے ایک گاؤں ’حکیم والا‘ میں رہائش پذیر 29 سالہ محمد شریف کے حالات کو تفصیلی بیان کیا گیا ہے، دیہاتی شخص نے محنت کر کے کپاس کاشت کی۔ فصل تیار ہونے سے قبل پورے گاؤں کے کھیتوں میں مہلک بیماری پھیل گئی اور فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

فصل کی بیماری دور کرنے کے لئے گاؤں کے لوگوں نے سود خوروں سے قرضہ لیا مگر مکمل تباہی اور نقصان کے باعث کوئی بھی قرضے کی ادائیگی نہ کرسکا ۔ شریف اپنے گھر کا اکلوتا جوان ہے اور ساتھ ہی ساتھ گاوٗں کا واحد ڈرائیور بھی اور اسی فن کے سبب گاؤں کی پنچایت، بزرگوں اوردوستوں کےمشورے پرعمل کرتے ہوئے اس نےدبئی جانے کا فیصلہ کیا۔

فلم میں مزید بتا یا گیا ہے کہ گاؤں کے لوگوں نے اپنی تمام تر قیمتی اشیا ء اور زمینیں فروخت کر کے شریف کودبئی بھیجنے کے انتظامات کئے ہیں تاکہ قرضے سے نجات حاصل ہوسکے۔ دبئی پہنچنے پرپہلے سے مقیم دوستوں اور رشتے اداروں نے شریف کے اس اقدام کو غلط قرار دیا اور وہاں کے حالا ت سختیوں کے حوالے سے آگاہی دی ۔ گاؤں کے حالات بدلنے کی سوچ لئے جانے والے اس جواں نے تمام تر مصائب اورسختیوں سے لڑنے ہوئے دبئی میں قیام کا فیصلہ کیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ شریف اپنے اور گاؤں والوں کے خوابوں کو تعبیر دینے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی پیسے کمانے کی غرض سے مزدور ویزوں پر خلیجی ممالک کا سفر کرتے ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) امریکی راز افشا کر کے دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والے جاسوس ایڈورڈ اسنوڈن پر بنی ہالی ووڈ فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ سی آئی اے ایجنٹ سے جاسوس بننے والا اسنوڈن اپنی صلاحیتوں سے سب کی توجہ حاصل کرگیا۔ لیکن دنیا بھر کے راز افشا کرنے کے بعد اسنوڈن کی زندگی مشکلات میں گھر گئی۔ اسنوڈن پر بنائی جانے والی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح اس نے ان معلومات کو افشا کیا، اس دوران اسے کیا مشکلات پیش آئیں اور بعد میں اسے کیسے حالات سے گزرنا پڑا۔

فلم کی ہدایت کاری آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار اولیور اسٹون نے دی ہے۔ اسنوڈن کا کردار اداکار جوزف گورڈن نے ادا کیا ہے جبکہ ان کے مقابل شیلین ووڈلے نے اسنوڈن کی گرل فرینڈ کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم ’اسنوڈن‘ 16 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) علی ظفر جہاں جاتے ہیں اپنی پرفارمنس سے میلہ لوٹ لیتے ہیں۔ لیکن، اسلام آباد میں ہونے والے ثقافتی اور اسپورٹس فیسٹول کی افتتاحی شام خود علی ظفر کے لئے بھی ناقابل فراموش تجربہ بن گئی۔ ذرائع کےمطابق علی ظفر کی لائیو پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے30 ہزار سے زائد افراد پہنچنے جو منتظمین کی توقعات سے بھی زیادہ تھے۔

جوں جوں علی ظفر نے اپنے سپرہٹ گانے ’آسمان کو چھوتے جائیں‘، ’چل دل میرے‘، پاکستان سپرلیگ کا ترانہ اور ’چھنو‘ پیش کئے، حاضرین کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا چلاگیا۔ اور جب علی نے اپنا مشہور گانا ’مستی‘ گانا شروع کیا تو یہ محفل کا نقطہ عروج ثابت ہوا اور تمام افراد علی کے ساتھ ساتھ گانے میں شریک ہوگئے۔

جذبات سے بے قابو ہجوم نے سیکورٹی کی تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے اسٹیج تک پہنچنے کی کوشش کی تاکہ وہ علی ظفرکے ساتھ ہاتھ ملا سکیں اور سلیفی بنا سکیں۔ علی نے موقع کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے گانا جلد ختم کیا اور اسٹیج سے تقریبا اڑتے ہوئے نیچے اترے جہاں سیکورٹی نے انہیں اپنے حصار میں لے لیا۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ اس سب نے مجھے اپنی ایک فلم کی شوٹنگ یاد دلا دی جس میں میں نے لائی جمپ اور بھاگنے کا سین پکچرائز کرایا تھا۔

 

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ چھوٹے جزیروں کی اقوام کے ان دعوؤں کو تقویت دیتی ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں ںصف ڈگری کا اضافہ دوررس اثرات کا حامل ہو گا۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں پیرس موسمیاتی معاہدے پر دستخط کیے گئے جس میں صنعتی دور سے پہلے کے درجہ حرارت کے مقابلے میں درجہ حرارت میں اضافے کی دو حدود کو شامل کیا گیا ہے جو کہ 1.5 ڈگری اور 2.0 ڈگری سیلسیئس ہے۔

یورپ کے تحقیق کاروں کی ایک ٹیم کے تحقیقاتی جائزے کے مطابق درجہ حرارت میں مزید 0.5 ڈگری سیلسیئس کے اضافہ کی صورت میں سطح سمندر 10 سینٹی میٹر بلند ہو سکتی ہے۔ اس تحقیقی رپورٹ کو مرتب کرنے والے ایک موسمیاتی سائسندان کارل شلیوسنر کا تعلق جرمنی کے موسمیاتی تجزیات کے ادارے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری تحقیق اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ 1.5 ڈگری سیلسیئس کا اضافہ نہایت ہی محفوظ حد ہو گی"۔

سائنسدانوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پانچویں جائزہ رپورٹ میں استعمال ہونے والے ماڈلز کا تجزیہ کیا۔ ان کی تحقیق کا محور دنیا کے 25 خطے تھے جہاں انہوں نے 1.5 ڈگری اور 2.0 ڈگری سیلسیئس کے اضافے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے 11 اشاریے مقرر کیے جن میں فصلوں کی پیداوار، شدید موسم اور پانی کی دستیابی اور سطح سمندر کی بلندی جیسے اثرات کا جائزہ لینا شامل ہے۔ تاہم اس تحقیق کی نتائج عالمی سطح پر یکساں نہیں ہیں۔شلیوسنر نے کہا کہ "شمالی عرض بلد میں موسمیاتی تبدیلیاں فائد مند ہو سکتی ہیں۔ وہاں (آب و ہوا) زیادہ گرم ہو رہی ہے اور یہ کھیتی باڑی کے لیے زیادہ مفید ہے۔"

رواں صدی کے اواخر میں درجہ حرارات میں 0.5 ڈگری سیلسیئس کے اضافہ سے گرم مرطوب علاقے زیادہ متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی آب وہوا جس میں درجہ حرارت 0.5 ڈگری کی نسبت 2 ڈگری ہو گا وہاں گرمی کا دورانیہ 50 فیصد طویل ہو جائے گا۔شلوسنر نے مزید کہا کہ "اگر درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 اور 2.0 ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہتا ہے تو اہم (زرعی اجناس) کی پیدوار میں بہت زیادہ کمی جبکہ گندم اور مکئی کی پیدوار میں دگنی کمی ہو سکتی ہے۔" اس کے علاوہ شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سمیت بحیرہ روم کے علاقے بھی درجہ حرارت میں اضافے سے متاثر ہو ں گے۔

یہ وہ خطہ ہے جہاں پانی کی کمی کا مسئلہ پہلے ہی درپیش ہے اور یہاں درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سیلسئیس کے اضافے کی صورت میں دستیاب پانی کے وسائل میں 10 فیصد کمی واقع ہو سکتی ہے۔ شلیوسنر نے کہا کہ "2.0 ڈگری سیلسیئس کے اضافے کی صورت میں یہ کمی دگنی ہو کر 20 فیصد ہو جائے گی"۔ اگر درجہ حرارت میں اضافہ کم حد تک رہتا ہے تو اس صورت میں سمندری حیات اور ساحلی پٹی کی حفاظت کرنے والی سمندری چٹانوں کو نئی صورت حال کے مطابق ڈھلنے کے لیے مزید وقت مل سکتا ہے۔

درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سیلسئیس کے اضافے کی صورت میں سطح سمندر میں بلندی میں اضافے کی رفتار نہایت کم ہو سکتی ہے۔ شلوسنر نے کہا کہ اس تحقیاتی جائزہ رپورٹ میں غریب اور ترقی پذیر ممالک کے دعوؤں کی سائسنی بنیادوں پر تصدیق ہوتی ہے اور باالآخر پیرس معاہدے میں ان کے تحفظات کو دور کرنے کی کوش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس تحقیق سے پالسیی سازوں اور حکومتوں کو موسمیاتی تبدیلی کے متعلق صحیح فیصلے کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) سعودی عرب کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ میں تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر محمد بن عبداللہ المرعول کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا کے سفر کرنے کے خواہش مند سعودی شہریوں کو 30 روز تک کے قیام کے لیے ویزے سے مستثنی کردیا گیا ہے تاہم یہ سہولت میڈیا مقاصد کے لیے نہیں ہو گی محمد بن عبداللہ المرعول کا مزید کہنا تھا کہ یہ ویزا فری داخلہ ناقابل تجدید ہوگا اور اسے قیام کے ویزے میں تبدیل نہیں کرایا جاسکے گا۔ ان کے مطابق مذکورہ چھوٹ سے سفارتی پاسپورٹ کے علاوہ خصوصی اور عام پاسپورٹ کے حامل افراد مستفید ہوسکیں گے اور اس کا اطلاق 10 مارچ 2016 سے نافذ العمل ہے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سٹیفن ڈے مستورا کا کہنا ہے کہ امریکا اور روس شامی امن مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطح پر مداخلت کریں سٹیفن ڈے مستورا نے امریکا اور روس سے شام میں امن عمل کامیاب بنانے کے لیے تعاون کا مطالبہ کیا ہے ڈی مستورا کا کہنا ہے کہ فروری میں طے پانے والے سیز فائر معاہدہ کو ٹوٹنے سے بچا لیا گیا ہے، تاہم یہ کسی بھی وقت ختم ہو سکتا ہے ۔ جینوا میں شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا مرحلہ جاری ہے جس میں خانہ جنگی اورملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

ایمز ٹی وی (صادق آباد) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے کا شوق رکھنے والے کچھ لوگ پاکستان میں افراتفری پھیلا کر پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف صادق آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے پہلے فیز کے افتتاح کے موقع پر منقعدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے نواز شریف حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے راہداری منصوبے پر 46 ارب ڈالرکی سرمایہ کی ہے اور اس منصوبے پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے موجودہ حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا اور یہ موجودہ حکومت پر بین الاقوامی سطح پر اعتماد کی ایک اور مثال یہ ہے کہ چین 36 ارب ڈالر کے بجلی کی منصوبوں پر سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں شمسی توانائی کے منصوبے سے بجلی پیدا ہو رہی ہے ۔ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ بجلی بنانے کا منصوبہ جاری ہے ۔ نواز شریف نے اپنے پیسوں سے 36 سو میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر بلوکی ، حویلی بہادر شاہ ، جھنگ میں کام شروع کرایا ہے ۔ نیلم جہلم منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔ نندی پور منصوبہ مکمل کیا ہے انشاءاللہ اگلے سال کے آخر تک یا 2018 کی شروعات میں پاکستان کو بجلی کی کمی کے اندھیروں سے نکال دیں گے ۔ انہوں کہا کہ کچھ لوگوں کو دھرنوں کا شوق ہے وہ پاکستان میں ترقی نہیں چاہتے وہ کہتے ہیں "ساڈھی واری آن دیو میاں صاحب " ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بہاولپور ، ۔رحیم یار خان ، صادق آباد میں ترقی نہیں چاہتے ہیں ، یہ لوگ منفی سیاست کرکے پاکستان پر وار کرنا چاہتے ہیں ، اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے عناصر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور ان لوگوں کو ناکام بنائیں ۔ شہباز شریف نے کہا مطالبہ تھا کہ حکومت پانامہ لیکس پر کمیشن بنائے اب حکومت نے کمیشن بنادیا ہے جو لوگ بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے تھے وہ اپنا کیس لیکر آئیں مگر یہ نہیں جا رہے ہیں