Monday, 18 November 2024

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض سمیت دیگر صوبوں میں موسلادھار بارش کے بعد نظام زندگی شدید متاثر ہے جب کہ طلبا کی حفاظت کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔ دارالحکومت ریاض میں شدید بارش کے بعد متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے سول ڈیفنس محکمے کا کہنا ہے کہ  اب تک 4 ہزار سے زائد افراد نے مدد کے لئے فون کیا جب کہ بارش کے بعد امدادی ٹیمیں پانی نکالنے کے لئے مصروف ہیں۔ ریاض کے پرنس فیصل بن بندر اور سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل سلیمان العمر ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں دوسری جانب محکمہ موسمیات شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات کے مطابق کام کریں

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستان کے نوجوان اداکاروں کی بھارتی فلموں میں پزیرائی کے بعد سینئر اداکاروں کو بھی بالی ووڈ فلموں کی آفرز ہونا شروع ہو گئی ہیں تفصیلات کے مطابق نامور فلم اداکار غلام محی الدین کو بالی ووڈ کے معروف فلم رائٹر جاوید اختر کی جانب سے بھارت آنے اور فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔لیجنڈ اداکار غلام محی الدین نے جاوید اختر کی جانب سے دی گئی آفر کی تصدیق کی ہے اور باعزت طریقے سے کسی بھی بھارتی فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے

ایمزٹی وی(اسپورٹس) محسن حسن خان کوچنگ کی دوڑ سے باہر ہو گئے، شہریارخان کے کہنے پر وہ نجم سیٹھی سے اپنے ’’معاملات ٹھیک ‘‘ کرنے پر آمادہ تھے مگر عوامی سطح پر معذرت سے انکار کردیا تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ اوپنر محسن خان کو چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش کی تھی مگر انھوں نے اسے قبول نہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کوچ کی صورت میں گیا تھا اب وہی بن کر واپس آئوں گا، شہریارخان ان کیلیے نرم گوشہ رکھتے ہیں، انھوں نے کوچنگ کی پوسٹ سونپنے کا بھی سوچا مگر ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے محسن خان سے تعلقات اچھے نہیں ہیں سابق کرکٹر نے ٹی وی پر کئی بار انھیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا، چیئرمین بورڈ نے محسن کو مشورہ دیا کہ وہ نجم سیٹھی سے اپنے ’’معاملات ٹھیک‘‘ کر لیں تاکہ کوچ بنانے کی راہ ہموار ہو جائے۔ وہ اس پر تیار بھی ہو گئے لیکن پھر ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نے عوام سطح پر معذرت کا مطالبہ کیا تو محسن خان آمادہ نہ ہوئے، الٹا انھوں نے ایک اور پریس کانفرنس کر دی جس میں کوچ کی تلاش کے طریقہ کار پر ہی سوال اٹھا دیا۔

ایمز ٹی وی (چاغی) ایف سی کی جانب سے پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 340 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ ایف سی کی جانب سے مصدقہ اطلاعات پرپاک افغان سرحد پر کارروائی کی گئی، کارروائی کے نتیجے میں اونٹوں کے ذریعے چرس اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جسے فورسزنے ناکام بنادیا، برآمد کی جانے والی چرس کی مقدار 340 کلوگرام بتائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر با ضابطہ طور پر کوئی باڑ نہیں جس کے باعث اسمگلنگ عام ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے حال ہی میں پاک افغان بارڈر پرکارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے حاضرسروس ایجنٹ کل بھوشن یادوکو گرفتارکیا تھا۔

ایمز ٹی وی (کراچی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کراچی کے امن سے مشروط ہے ، پرامن کراچی اور ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ ، کراچی آپریشن پر اہم اجلاس کی صدارت ، کراچی کا امن پاکستان کی معاشی ترقی کی ضمانت قرار ، آرمی چیف کا دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ، اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی ، کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی ایم آئی ، ڈی جی ملٹری آپریشنز اور ڈی جی رینجرز بھی شریک ہوئے ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن کا بنیادی مقصد دہشتگردی سے پاک پر امن کراچی ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بعد ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے سازگار ماحول میسر ہوگا ۔ اس سے قبل ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ زمینی اور فضائی افواج کے درمیان بہتر مطابقت قابل ستائش ہے

ایمز ٹی وی (راجن پور) پولیس اور رینجرز کی جانب سے راجن پور کے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن 17ویں روز بھی جاری ہے جب کہ گینگ نے 22 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ راجن پور کے چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے اور گزشتہ روز کارروائی کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے جب کہ چھوٹو گینگ کے کارندوں نے 22 اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا تھا جس کے بعد گینگ کا کہنا ہے کہ فوری طور پر آپریشن بند کیا جائے اور گرفتار کئے گئے کارندوں کو چھوڑا جائے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہم نے 2014 میں دھرنے کا تماشہ خندہ پیشانی سے برداشت کیا لہٰذا اب حکومت کے صبر کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔ وزیراعظم نوازشریف نے لندن پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چیک اپ کے لیے لندن آیا ہوں جب کہ پاناما لیکس کے حوالے سے قوم سے خطاب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا ، چوہدری نثار علی نے بھی حکومت کا نقطہ نظر اچھی طرح سے بیان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مجھ پر کیا الزامات ہے اور قانون کی کون سی خلاف ورزی ہوئی ہے حالانکہ ایسا کوئی کام بھی نہیں ہوا، ہم قوم کی خدمت محنت اور دیانت داری کے ساتھ کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ترقی کی رفتار تیز کی جائے جب کہ چیک اپ کے بعد دگنی رفتار سے کام کرکے پاکستان کے مسائل کو حل کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک صاحب ہر وقت موقع کی تاڑ میں رہتے ہیں اور ملک کی ترقی میں ہاتھ بٹانے کے بجائے حکومت کو کسی نہ کسی طریقے سے پریشان کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جب کہ 2014 کے دھرنے میں بھی سب نے دیکھا کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی لیکن ہم نے جمہوری روایات کو آگے بڑھانے کے لیے اس تماشے کو صبرو تحمل سے برداشت کیا لہٰذا اب ہمارے صبر کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ایک صاحب اپنے مقصد میں پہلے بھی کامیاب نہیں ہوئے تھے اور اب بھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منفی کردار پاکستان کے کسی بھی سیاستدان کو زیب نہیں دیتا، پاکستان ترقی، خوشحالی کو ترس رہا ہے اور ان چیزوں کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ کوئی بھی مسئلہ کھڑا کرکے ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کرے اور نہ ہم ایسا ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے ساتھ ایک اچھا تعلق رہا ہے لیکن آج اس تعلق کی یاد نہیں آرہی اور نہ ہمیں ضرورت ہے، وزیراعظم بننے کے بعد اس وقت کے صدر آصف زرداری کے پاس گیا تھا اور ملتان افتتاح میں بھی یوسف رضاگیلانی کو ساتھ لے کرگیا تاکہ جمہوری روایت مضبوط ہو۔

ایمزٹی وی (تعلیم) ہمدرد یونیورسٹی میں ہونے والے امتحان میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر مبینہ طور پرخود سوزی کرنے والے طالب علم کی موت کا معاملہ معمہ بن گیا جب کہ ان کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے عبدالباسط کو جلایا اور میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر نے عبدالباسط سے 10 لاکھ روپے پاس کرنے کے مانگے تھے۔ متوفی کے بھائی نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کروانے کیلئے تیموریہ تھانے میں درخواست جمع کروا دی ہے ۔
متوفی عبدالباسط کی والدہ نے نماز جنازہ سے قبل اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کالج کی انتظامیہ اور متعدد پروفیسر پر الزام عائد کیا کہ کالج میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور بچوں کو پاس کرنے کے لیے لاکھوں روپے طلب کیے جاتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ میرے بیٹے سے کالج کے ایک پروفیسر نے پاس کرنے کے لیے 10لاکھ روپے طلب کیے تھے جس پر وہ کافی پریشان تھا ،انہوں نے بتایا کہ میرے بیٹے کی المناک موت کے بعد اس کے دوستوں کو زبان بندی کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں گورنر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ میرے بیٹے کی موت کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے
۔کیونکہ میرے بیٹے نے خودسوزی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے ۔عبدالباسط کی والدہ کا کہنا ہے کہ ہمدرد یونیورسٹی میں کام کرنے والے سارے ڈاکٹر ایک جیسے نہیں لیکن ڈاکٹر ندیم کھوکھر بچوں کو پاس کرنے کے لئے لاکھوں روپوں کا مطالبہ کرتے ہیں، ڈاکٹرفرحت، ڈاکٹر ندیم کھوکھر،ڈاکٹرابرار اور ڈاکٹرفرقان میرے بیٹے کی موت کے ذمہ دارہیں اورانہی لوگوں نے اسے مارا ہے جب کہ کیمپس کا سیکیورٹی گارڈ بھی آگ لگانے میں ملوث ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم) بیلاروس کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز/ ریکٹرزکے وفد نے نائب اول برائے وزارت تعلیم وادم بوگوش کی سر براہی میں نمل کا دورہ کیا اور ریکٹر ضیا الدین نجم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ریکٹر نمل نے کہا نمل یونیورسٹی بیلاروس کی جامعات کے ساتھ ریسرچ اور اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام ترتیب دینا چاہتی ہے تا کہ پاکستان میں جدید تعلیم کی راہیں پیدا کی جا سکیں، نمل ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو مقامی اور بین الاقوامی 25زبانوں کی تعلیم دینے کے علاوہ سوشل سائنسز،انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنسز اور مینجمنٹ سائنسز کی تعلیم دے رہی ہے ۔
وفد کے سربراہ وادم بوگوش نے مستقبل میں نمل کے ساتھ بیلا روس کی جامعات کے تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیلا روس کے وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کا حصہ ہے جس میں یونیورسٹیز کے روابط کو فروغ دینے اور عملی تعاون پر زور دیا.

ایمزٹی وی (تعلیم) جماعت نہم کے نصاب سے سورۃ انفال اور سورہ جہاد کے باب کے اخراج کے خلاف15اپریل بروز جمعہ کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز سیاسی و سماجی تنظیموں کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس سے مہتمم جامعہ مدنیہ ہجیرہ و جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا کمال الدین آزاد،جماعت اسلامی ضلع پونچھ کے سابق امیر سردار محمد حلیم خان، قاری محمد حنیف خان، سردار مصطفی خان،سردار ذوالفقار خان، قاری محبوب حیات،مولانا کامران نسیم، قاری اصغر ندیم، سردار اختر چغتائی و دیگر نے خطاب کیا۔