Monday, 18 November 2024

ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی میں تقسیم اسناد کا جلسہ کل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر معظم علی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ تقسیم اسناد میں 1779 طلبا و طالبات کوڈگریاں جبکہ 238 طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل تفویض کئے جائیں گے علاوہ ازیں تمام کلیات میں پہلی پوزیشن لانے والے طلبہ کو شہداءآرمی پبلک اسکول کے نا م سے منسوب گولڈ میڈل دیا جائے گا۔

ایمزٹی وی(اسپورٹس) ملائشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 25ویں اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر نے 2، رضوان علی اور علی شان نے ایک ایک گول کیا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے پہلے کوارٹر میں دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن دوسرے ہاف کے 20ویں منٹ میں علی شان نے پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور 4 منٹ بعد ہی رضوان علی نے ایک اور گول داغ کر سبقت کو دو درجے تک بڑھا دیا، تھوڑی ہی دیر بعد جاپان کو پنالٹی کارنر ملا لیکن شوتا یانادا گول کرنے میں ناکام رہے، اس طرح دوسرے کوارٹر کے اختتام تک گرین شرٹس کو جاپان پر 0-2 کی برتری حاصل تھی۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے عوام سے  ٹیلی فونک بات چیت پر پاناما لیکس کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ بظاہر بہت عجیب لگتا ہے لیکن انہوں نے آف شور کے متعلق کوئی غلط خبر نہیں دی ہے اور وہ معلومات درست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ تمام معلومات نہ صرف صحافیوں نے جمع کی ہیں بلکہ اس میں وکیلوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے صدر پیوٹن نے کہا کہ پاناما لیکس کی رپورٹیں کسی خاص شخص کو مخصوص کام کی ذمے دار نہیں ٹھہراتیں بلکہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پانی کس قدر گدلا ہے، اس سے امکان ہے کہ آف شور کی رقم صدر سمیت کئی آفیشلز تک فراہم کی جاتی ہیں۔ پیوٹن نے الزام لگایا کہ ان رازوں کے افشا ہونے میں امریکی حکام نے کام کیا جسے انہوں نے ’’اشتعال انگیز اقدام‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات پر اثر انداز ہونا تھا واضح رہے کہ پاناما پیپرز میں روسی صدر کے قریب دوست سرگائی رولڈوگِن پر’دو ارب ڈالرز کی ممکنہ ہیر پھیر‘ کا الزام لگایا گیا تھا جو جعلی کمپنیوں اور بینکوں کے ذریعے ممکن بنائی گئی تھی۔

ایمزٹی وی (تعلیم) جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک میں رینجرز کی بھاری نفری پہنچی جہاں بلاک کے داخلی اور خارجی راستے بند کرتے ہوئے دفاتر کی تلاشی کے بعد 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے اچانک جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے وہاں تلاشی لینا شروع کردی جب کہ اہلکاروں نے ایڈمن بلاک کے مختلف کمروں میں چھان بین بھی کی جس کے بعد 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔
جامعہ کراچی کے سیکیورٹی ایڈوائزر خالدعراقی نے 5 افراد کوحراست میں لینےکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پانچوں افراد کاتعلق جامعہ کراچی کےشعبہ اکاؤنٹس سے ہے جب کہ شعبہ اکاونٹ میں کارروائی کی وجوہات کا کوئی علم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے کل ہونے والے کانووکیشن کے باعث تعلیمی سرگرمی آج کے لئے بند کی تھی۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد) وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ 5 سالوں کے دوران صدر پاکستان نے سزائے موت کے تمام مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ 5 برسوں میں سزائے موت کے 513 قیدیوں نے رحم کی اپیلیں صدر کو بجھوائیں لیکن صدر پاکستان نے تمام اپیلوں کو مسترد کردیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق اس وقت بھی سزائے موت سے متعلق 13 کیس صدر مملکت کے فیصلے کے منتظر ہیں جب کہ وزارت داخلہ کے پاس سزائے موت کی 38 اپیلیں زیر التواء ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ میں سیف سٹی اسلام آباد منصوبے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد سیف سٹی کا منصوبہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے جو رواں ماہ کے آخر میں مکمل فعال ہوجائے گا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق سیف سٹی اسلام آباد کا منصوبہ 124 ملین ڈالرکی لاگت سے مکمل ہوگا جب کہ منصوبے پر 9.53 ارب روپے کے علاوہ 4 ارب ڈیوٹیوں اور ٹیکس کی مد میں ادا کیے جاچکے ہیں
ایمزٹی وی (تعلیم)ڈی ایچ اے سٹی سپر ہائی وے کراچی میں ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نئے کیمپس کے قیام کے معاہدے پر دستخط اور سنگ بنیاد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ اور ڈاؤ یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عشرت العباد خا ن کا کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی گزشتہ 12 برسوں کی بے مثال ترقی ملک کی دیگر جامعات کے لئے ایک روشن اور قابل تقلید مثال ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی اپنی بے مثال ترقی کے باعث اب گلوبل برانڈ بن چکی ہے جبکہ یونیورسٹی کا اوجھا کیمپس ایک چھت تلے تمام طبی سہولتوں کی فراہمی کی نمایاں مثال ہے۔
اس موقع پر ۔ کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ، بانی وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پر وفیسر ڈاکٹر مسعود حمید خان ، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر زبیر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے

ایمزٹی وی (تعلیم) فا طمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں میلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پروائس چانسلر فا طمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے کہا کہ فا طمہ جناح ویمن یونیورسٹی اپنی طالبات کو عملی تربیت اور زمانے کے سا تھ چلنے کے لئے مواقع مہیا کرتی رہے گی جبکہ اس موقع پر بانی صدر اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس ثمینہ فا ضل نے بھی خطاب کیا۔

ایمز ٹی وی (راجن پور) راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن جاری ہے ، دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ایلیٹ فورس کے مزید تین سو جوان علاقے میں پہنچ گئے ہیں جو چھوٹو گینگ کیخلاف کی جانے والی کارروائی میں حصہ لیں گے ۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کی جانب سے آپریشن کے دوران کچے کے دو کلومیٹرز کے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے اور ڈاکوئوں کا مکمل صفایا کیا جاسکے ۔ اس سے قبل پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ کچے کے علاقے کو ہر صورت ڈاکوئوں سے پاک کروایا جائے گا ۔

ایمزٹی وی (تعلیم) نئے تعلیمی سال کے آغاز پر سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو مفت فراہم کی جانے والی درسی کتب ختم ہو گئیں جبکہ دکانداروں نے قیمتیں بڑھانے کیلئے مارکیٹ میں بھی مصنوعی قلت پیدا کردی۔
تفصِلات کے مطابق صوبائی حکومت کی پالیسی کے تحت محکمہ تعلیم راولپنڈی کی ہدایت پر ضلع بھر کے 1534پرائمری ، مڈل اسکولوں میں ہزاروں نئے بچوں کا مختلف کلاسوں میں داخلہ کیا گیا ۔ ان بچوں کو مفت درسی کتب کی فراہمی محکمہ تعلیم کے ذمہ ہے لیکن راولپنڈی میں نئے داخل ہونے والے بچوں اوران کے والدین کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اسکولوں کی انتظامیہ نے انہیں بتایاکہ مطلوبہ تعداد میں درسی کتب نہ ہونے کے باعث بچوں کو درسی کتب بازار سے خود خریدنی ہوں گی جس پر والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ،والدین کا کہنا ہے کہ حکومت نے بچوں کو زبردستی داخل کیالیکن اب درسی کتب نہیں دی جارہی ہیں ،والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ،اس حوالے سے ای ڈی اوایجوکیشن قاضی ظہورالحق نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ جن اسکولوں کوکتابیں نہیں ملیں انہیں مطلوبہ تعداد کے مطابق کتابیں جلدفراہم کریں گے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سپریم کورٹ نے چیئرمین ، میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعہ 2 ماہ کے اندر کرانے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد سندھ حکومت کی طرف سے کیے گئے تبادلوں کو بھی کالعدم قرار دیدیا ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین کے انتخاب کے حوالہ سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی ۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا خفیہ رائے شماری کے ذریعہ انتخاب کرانے کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے چیئرمین اور میئر کا الیکشن خفیہ رائے شماری سے کرانے کا حکم دیا ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو دو ماہ کے اندر چیئرمین ، میئر اور مخصوص نشتوں پر انتخاب کرانے کا بھی حکم دیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کی نشستوں میں اضافہ اور نوجوانوں کی نشستیں قانونی ہیں ۔ مخصوص نشستوں پر انتخابات پارٹی فہرستوں پر کرائے جائیں ، عدالت نے مزید قرار دیا کہ سندھ حکومت کا انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد شو آف ہینڈ کے ذریعہ الیکشن کرانا غیر قانونی ہے ۔ عدالت نے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد سندھ حکومت کی طرف سے کیے گئے تبادلوں کو کالعدم قرار دیدیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت مخصوص نشستوں کے انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا 18 اے کا نوٹیفکیشن دو ہفتوں میں بحال کرے اور اگر یہ نوٹیفکیشن بحال نہ ہو تو موجودہ طریقہ کار کے تحت یہ انتخابات کرائے جائیں ۔ سندھ حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترمیم کرنے کا اختیار ہے مگر انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد قانون میں ترمیم غیر قانونی ہے ۔