ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)قطر میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کے اجلاس میں پیداوار کے انجماد پر اتفاق نہ ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اجلاس کے بےنتیجہ رہنے کے چند گھنٹوں بعد ہی قیمتوں میں پانچ فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ یہ اجلاس تیل کی پیداوار کو موجودہ شرح پر منجمد کرنے کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ اس پر اتفاق کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہو سکےگا۔ تاہم تیل کی مارکیٹ میں ایران کے کردار کی وجہ سے اجلاس میں پیداوار منجمد کرنے پر اتفاقِ رائے نہ ہو سکا۔ سعودی عرب اپنی تیل کی پیداوار پر اس وقت تک کوئی حد مقرر نہیں کرنا چاہتا جب تک ایران بھی ایسا ہی کرنے پر تیار نہ ہو جائے۔دھر ایران بین الاقوامی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد زیادہ سے زیادہ تیل فروخت کرنا چاہتا ہے اور اس نے اس اجلاس میں شرکت بھی نہیں کی۔ چھ گھنٹوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد قطر کے توانائی کے وزیر محمد بن صالح ال سدا نے کہا تھا کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو ’مزید وقت کی ضرورت ہے۔‘ اجلاس میں اوپیک کے رکن ممالک کے ساتھ روس جیسے ممالک نے بھی شرکت کی جو تیل برآمد تو کرتے ہیں لیکن اوپیک کے رکن نہیں ہیں۔ محمد بن صالح ال سدا کا کہنا ہے کہ ’ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمیں اوپیک میں شامل اور دیگر تیل برآمد کرنے والے ممالک کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے مزید وقت کی ضرورت ہے۔‘
ایمز ٹی وی (کھیل) بھارتی آل رائونڈر رویندرا جڈیجا کی شادی میں ہوائی فائرنگ نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، گھوڑا بدکنے سے دولہا گرتے گرتے بچے جبکہ فوری طور پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ جڈیجا جب اپنی بارات کے ساتھ گھوڑے پر سوار ہوکر نکلے تو ان کے کسی قریبی رشتے دار نے ہوائی فائرنگ شروع کردی، جس سے گھوڑا بدک گیا، جڈیجا نے خود کو بڑی مشکل سے گرنے سے بچایا تاہم فائرنگ کی آواز سن کر لودھیکا پولیس اسٹیشن کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور تفتیش شروع کردی، ایک آفیسر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہاں پر فائرنگ کی اطلاع کنٹرول روم سے ملی، ہم فوٹیج چیک کررہے ہیں۔ ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ جس اسلحے سے فائرنگ کی گئی وہ لائسنس یافتہ بھی ہے یا نہیں اور اگر لائسنس والے اسلحے سے بھی فائرنگ کی گئی تب بھی یہ غلط بات اور جرم ثابت ہونے پر تین برس جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس ناخوشگوار واقعے کے بعد 27 سالہ جڈیجا کی ریوا سولنکی سے شادی کی رسومات خوش اسلوبی سے ادا ہوئیں، اس موقع پر جڈیجا کے ساتھی کرکٹرز اور بڑی تعداد میں مشہور شخصیات بھی موجود تھیں۔
ایمز ٹی وی( انٹرنیشنل) سعودی عرب میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 12افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر جوبیل میں پٹرولیم مصنوعات بنانے والی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں12 افراد ہلاک ہوگئے، جوبیل کے صنعتی زون کے ترجمان عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں آتشزدگی اس وقت ہوئی جب یہاں بحالی کا کام جاری تھا، واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کیمیکلز سے جھلس کر ہلاک ہوئے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں فیکٹری کے11 ملازمین زخمی بھی ہوئے جن میں سے6 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بیشتر صنعتی لیبر غیر ملکی ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں 7.8 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں اب تک 272 افراد ہلاک اور 1500 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایکواڈور میں آنے والے زلزلے کے باعث سب سے زیادہ تباہی موئسنے اور گوئیایا کوئل کے علاقوں میں ہوئی۔ زلزلے کے نتیجے میں عمارتیں گرنے اور مختلف حادثات میں 272 افراد ہلاک جب کہ سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ زلزلے کے باعث سیکڑوں عمارتوں میں دراٹیں پڑ گئی ہیں جب کہ مواصلاتی نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ مونٹا کے ایئرپورٹ پر کنٹرول ٹاور گرنے کے باعث فضائی آپریشن فوری طور پر معطل کردیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے سیکڑوں میل دور دارالحکومت کیوٹو سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ موجود ہونے کے باعث لوگوں نے محفوظ مقامات پر پناہ لے رکھی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ایکواڈور میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی علاقے موئسنے سے 27 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا۔ ایکواڈور کے جیو فزکس انسٹیٹیوٹ کے مطابق زمین میں زلزلے کی گہرائی 20 کلو میٹر تھی جس کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔ زلزلے کے بعد پیسیفک سونامی سینٹر کی جانب سے خطرناک سمندری لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم ایکواڈور حکام کی جانب سے سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ایکواڈور کے نائب صدر جارج گلاسیڈ نے زلزلے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے ملک کے 6 صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (کھیل) اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں انہوں نے فرانسیسی حریف کو شکست دی۔ ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں رافیل نڈال اور گائیل مونفلس مد مقابل ہوئے۔ عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال نے پہلا سیٹ سات پانچ کے اسکور سے جیتا۔ گائیل مونفلس نے دوسرے سیٹ میں سات پانچ سے کامیابی سمیٹ کر مقابلہ برابر کر دیا۔ رافیل نڈال نے فیصلہ کن سیٹ میں فرنچ حریف کو چھ صفر سے مات دے کر مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔
ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) بھارتی ریاست گجرات میں پٹیل برادری اپنے حقوق کے لئے ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئی اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی جب کہ درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں حالات اس وقت کشید ہوئے جب سردار پٹیل گروپ کے سربراہ لال جی پٹیل نے پولیس کی جانب سے اپنی برادری کے لئے سرکاری نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں کوٹہ نہ ملنے اور ہاردک پٹیل سمیت برادری کے دیگر افراد کی رہائی کے لئے ’جیل بھرو مہم‘ کا اعلان کیا۔ جیل بھرو مہم کے اعلان کے بعد گجرات کے مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں پٹیل برادری کے افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف مظاہرے شروع کردیئے، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی جارچ اور آنسو گیس شیل فائر کئے جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی جب کہ درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے گجرات کے گاؤں مہسنا میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جب کہ احمد آباد، مہسنا، سورت اور راجکوٹ میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے تاکہ مظاہرین ایک دوسرے سے رابطے میں نہ رہ سکیں۔ دوسری جانب وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ آنندیبن پٹیل کو فون کر کے حالات کو کنٹرول کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی حکومت نے کشیدگی والے شہروں میں ریپڈ ایکشن فورس کی 4 کمپنیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ مرکز سے سی پی آر ایف کی 10 کمپنیوں کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بھی ناگوشگوار واقعہ سے نمٹا جا سکے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی بھارتی ریاست گجرات کے مختلف شہروں میں پٹیل برادری نے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں اقلیتی کوٹے کے لئے احتجاج کیا تھا جس میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 3 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے تاہم مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے تھے۔