ایمزٹی وی(ایجوکیشن) وفاقی اردو یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اساتذہ پر تشدد کر نے والے طلبہ کے داخلے منسوخ کردیئے جبکہ ان کے جامعہ میں داخلے پر بھی سختی سے پابندی عائد کردی گئی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتۃ روز کلاس لینے کے دوران بین الاقوامی تعلقات میں دو طلبا تنظیموں کے اراکین کا آپس میں جھگڑا ہوا جس پر اساتذہ نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی جس کے رد عمل میں ان طلبا نے نہ صرف دیگر طلبا بلکہ اساتذہ پر بھی تشدد کیا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اصغر دشتی اورڈاکٹر فیصل جاوید شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انتظامیہ نے طلبہ کے خلاف فیصلہ لے لیا ہے ۔ ان طلبا میں بشیر، خالد اقبال،محسن خان، ساجد، عابد عابدی، شہباز بلوچ، محمد علی اور شیراز احمد شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن) وفاقی اردو یونیورسٹی میں گزشتہ روز دو طلبا تنظیموں کے تصادم کے دوران دو اساتذہ کرام ڈاکٹراصغر دشتی اور ڈاکٹر فیصل جاوید کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمنِ اساتذہ، عبدالحق کیمپس کے صدر اور رکن سینٹ پروفیسر نجم العارفین اور رکن سنڈیکیٹ ڈاکٹر اسماعیل موسیٰ نے طلبہ کی غنڈہ گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان طلبہ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے انہوں نے عبدالحق کیمپس میں اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئےعبدالحق کیمپس میں آج ہنگامی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن)جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ میں پروفیسر ریاض الاسلام آڈیو ویژول سینٹر کی افتتاحی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ اسکالرز کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کی تحقیق اور افکار کو فروغ دیا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر ریاض الاسلام انتہائی اعلیٰ درجے کے محقق اور شفیق اُستاد تھے جن کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر ریاض الاسلام آڈیوویژول سینٹر کا قیام لائق تحسین ہے ان کا مزید کہنا تھا جامعہ کراچی کے تحقیقی معیار کو بہتر بنانے میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔ ایک عظیم مورخ تاریخ کبھی مسخ نہیں کرتا اور غیر جانبدار ہوتاہے پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر نے شعبہ تاریخ کو سینٹر کے افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ریاض الاسلام ایک انتہائی اعلیٰ پائے کے محقق اور ایک شریف النفس انسان تھے۔ان کو تحقیق پر عبور حاصل تھااور ان کی تحریر میں گہرائی ہوتی تھی جو تحقیق کے لئے ناگزیر ہے۔پروفیسر ڈاکٹر جعفر احمد نے کہا کہ پاکستان نے تین عظیم مورخ پیداکئے جن میں پروفیسر اشتیاق حسین قریشی،پروفیسر ڈاکٹر محمود حسین اور پروفیسر ڈاکٹر ریاض الاسلام شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن) آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید نے کہا ہے کہ بچوں کا ادبی میلہ 26 سے 28 فروری تک داﺅد پبلک اسکول میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اس تین روزہ میگا چلڈرنز لٹریری میں سیکھنے کے ایک دلچسپ تجربے کے طور پر بچے اور لٹریچر ساتھ ساتھ ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ’’سی ایل ایف‘‘ کی بانی بیلہ رضا جمیل اور کینیڈا سے آئی ہوئیں بچوں کی ادیبہ رخسانہ خان نے بھی خطاب کیا۔ امینہ سید نے کہاکہ پاکستان میں 2011 سے ہونے والے بچوں کے ادبی میلوں کی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے مختلف اداکار، پرفارمرز، ممتاز ادیب اور ماہرین تعلیم اس میلے میں شرکت اور بچوں کو کام کی باتیں بتانے کے لئے بے تاب ہیں۔
ایمزٹی وی (ایجوکیشن)جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طالب علموں نے اپنے اساتذہ کی سربراہی میں گزشتہ روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس دوراں وفد میں شامل طلباء وطالبات نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے جناح میوزیم، ٹی وی اسٹوڈیو، ایف ایم ریڈیو اسٹوڈیو، لائبریری ، کمپیوٹر لیبارٹریز اور شعبہ میڈیا اسٹڈیز کا دورہ کیا بعد ازاں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے سرشاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب میں جامعہ کراچی کے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے سر سید احمد خان اور خان بہادر حسن علی آفندی کی جانب سے برصغیر میں مسلمانوں کی جدید تعلیم کیلئے انجام دی گئی خدمات اور کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی علی گڑھ یونیورسٹی کا ہمعصر ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا شمار اس وقت ملک کی اعلیٰ ترین جامعات میں ہوتا ہے، جہاں پر معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ طالبعلموں کی ملکی و غیرملکی مطالعتی دوروں اور اسٹوڈنٹس سوسائٹیز کے ذریعے مستقبل کے لیڈرز کے طور پر تربیت کرنے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے کے اسکولوں کی سیکیورٹی سے متعلق حکومت سندھ کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی۔ عدالت نے اسپیشل سیکریٹری ایجوکیشن اور ڈی جی اسکولز منسوب صدیقی کو طلب کرلیا سندھ ہائیکورٹ میں صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے میں کسی بھی اسکول میں سیکیورٹی کے نام پر کوئی فیس وصول نہیں کی جارہی رپورٹ پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ثبوت موجود ہیں کہ پرائیوٹ اسکولز سیکیورٹی کے نام پر فیس وصول کررہے ہیں۔ عدالت نے رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری ایجوکیشن اور ڈی جی اسکولز منسوب صدیقی کو آج ہی طلب کرلیا۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے بورڈ آف گورنرز میں پرنسپلز کی مخصوص نشست پر آدمجی گورنمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد نسیم حیدر کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے غلام عباس بلوچ کو 20 ووٹوں سے شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق پروفیسر محمد نسیم حیدر کو کامیاب کرانے پر پرنسپلز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر صلاح الدین ثانی ،سپلا سندھ کے صدر پروفیسر علی مرتضیٰ ، سندھ ٹیچرزفورم کے صدر پروفیسر عزیر مدنی ، سندھ پروفیسر سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر امتیاز انڑ،سپلا کراچی کے صدر پروفیسر فیروز صدیقی، آل سند ھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور مرکزی رہنمائوں انورعلی بھٹی، محمد انور، مرتضیٰ شاہ، پرویز ہارون، خان محمد، دوست محمد دانش ، عالم شیر، محمد ساجد اور عبدالرحمن نے کالجز اور ہائر سیکنڈری کے پرنسپلز کا شکریہ اداکیا۔