ایمزٹی وی (تعلیم)ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے میٹرک سائنس اور جنرل ریگولر وپرائیویٹ ضمنی امتحانات 2015کے پرچوں میں فیل ہو جانے والے طلباءو طالبات کو کہا ہے کہ وہ اپنے امتحانی فارمز 2016بغیر لیٹ فیس کے 25جنوری سے12فروری 2016تک جمع کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ریگولر طلبہ اپنے امتحانی فارمز اپنے تعلیمی ادارے کے توسط سے جمع کرائیں گے ،تاہم پرائیویٹ طلبہ اپنے فارمز متعلقہ بینکوں میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق امتحانی فارمز 15سے19فروری تک200روپے لیٹ فیس، 22سے26فروری 500روپے لیٹ فیس، 29سے 4مارچ 2016تک 1200روپے لیٹ فیس کے ساتھ وصول کئے جائیں گے. اور بغیر لیٹ فیس کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ طلباءوطالبات فارمزنیشنل بینک، حبیب بینک، عسکری کمرشل بینک اوریونائیٹڈ بینک کی بورڈ آفس کی برانچوں سے حاصل کرکے وہیں جمع کروا سکتے ہیں۔
ایمزٹی وی (تعلیم)وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار آصف علی کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر جامعہ اردو کی حدود میں بیرونی عناصر کا داخلہ قطعی ممنوع ہے۔ طلبہ شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں،داخلے کے خواہشمند بھی قومی شناختی کارڈ اور داخلہ فارم کی رسید اپنے ساتھ لائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سینیٹ میں سانحہ چارسدہ کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، قرارداد میں کہا گیا کہ دہشت گردی کےخلاف اقدامات کی مانیٹرنگ کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سےجاری ہے جس پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا حکومت کو برا بھلا کہنے کے بجائے اصل معاملات پرتوجہ دی جائے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے حکومتی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن اصل میں نواز نیشنل ایکشن ہے۔ ساری چڑھائی صرف سندھ اور پی پی پر ہے،دہشت گرداسلام آباد اور پنجاب میں بیٹھے ہیں۔
ایمزٹی وی (تعلیم) رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم نے کہا ہے کہ ذہین اور مستحق بچوں کو بہترین تعلیمی سہولتوں کی فراہمی انتہائی مستحسن اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی میں لیومنری لرننگ سرکل کے تحت اسکالر شپ پروگرام کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالوسیم نے کہا کہ میرے لئے انتہائی خوشی کی بات یہ ہے کہ یہ ادارہ میرے حلقہ میں یہ خدمات انجام دے رہا ہے اور اس حوالے سے میں کسی بھی کام کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ لیومنری لرننگ سرکل کی ماسٹر ٹرینر مسز ثمرین خان نے اسکالر شپ پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اسکالر شپ پروگرام کے تحت منتخب بچوں کو 3 برس کی عمر سے اگلے چار برس تک نہ صرف معیاری تعلیمی سہولتیں اور نصابی ساز و سامان مفت فراہم کیا جائے گا بلکہ ان کے اہل خانہ کو ان کی معاشی ضرورت کے مطابق ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (نیویارک) اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے والی ٹیم میں شامل ایک کمانڈو نے القاعدہ کے سربراہ کی لاش کی تصویر اپنے پاس محفوظ کرلی تھی ۔
اس بات کا انکشاف ایک امریکی جریدے نے کیا ۔جریدے کے مطابق امریکی کمانڈوز کی ٹیم میں شامل میتھیو بیسونیٹ نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد لی گئی تصاویر میں سے ایک فوٹو اپنے پاس محفوظ کرلی تھی ۔
تاہم میتھیو نے اب اپنے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈرائیو اس شرط کے تحت تفتیش کاروں کے حوالے کی ہے کہ اس کے خلاف غیرقانونی طور پر تصویر رکھنے کا مقدمہ نہیں چلایا جائے گا ۔
میتھیو کے وکیل نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے ۔اس سے قبل 2012 میں میتھیو بیسونیٹ نے اپنی کتاب ’’نو ایزی ڈے‘‘ میں اسامہ بن لادن پر حملے کی تفصیل لکھی تھی جس پر پینٹا گون اور دیگر فوجی اداروں نے سخت ناراضی کا اظہار کیا تھا ۔
ایمز ٹی وی(تعلیم) ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سکینڈری و ہائرسیکنڈری میرپورخاص نیاز احمد لغاری کا ڈگری کے مختلف اسکولوں پر اچانک چھاپہ بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے تدریسی و غیرتدریسی عملے کی حاضری کی تصدیق اور ریکارڈ کی چھان بین۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن میرپورخاص نیاز احمد لغاری نے مختلف اسکولوں پر اچکانک چھاپہ مار ا اور اسکول گیٹ بند کرواکرڈیوٹی پر موجود تدریسی و غیرتدریسی عملے کی حاضری کی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے تصدیق کی۔ 182کے عملے میں سے 5ٹیچرز کے نشان انگوٹھا سسٹم میں ظاہر نہ ہونے پر ڈائریکٹر آفس سے تازہ احکامات ملنے تک انتظار کرنے کے لئے کہا گیا۔ اتفاقیہ چھٹی پر جانے والے عملے کی درخواستوں اور متعلقہ ہیڈز کی منظوری کو بھی تفصیل سے دیکھا گیا۔
ایمز ٹی وی (چارسدہ) چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کا ایک اور زخمی دم توڑگیا ، شہدا کی تعداد اکیس ہوگئی، مہمند سے تعلق رکھنے والا محمد ایاز لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھا۔ حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سانحہ باچا خان یونی ورسٹی کا مقدمہ انسداد دہشت گردی مردان میں سرڈھیری تھانہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کرلیا گیاہے ۔ ایف آئی آر میں دہشتگردوں کے یونی ورسٹی میں داخلے کا وقت ساڑھے آٹھ بجے بتایا گیا ہے ۔
کراچی سے خیبر تک فضا سوگوار ہے،ہر طرف اداسی چھائی ہے،سانحہ چارسدہ پر ہرآنکھ اشک بار ہے،تعلیم دشمنوں نے ایک اور زخم دے دیا،کسی سے اسکی زندگی کاسرمایہ چھینا،تو کسی کی دنیا ہی ویران کردی۔
چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد ملک بھر میں یوم سوگ ہے۔ملک بھرمیں آج قومی پرچم سرنگوں ہے جب کہ خیبرپختونخوا حکومت نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے،خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایت پر چارسدہ سمیت صوبہ بھر میں آج تعلیمی ادارے کھلے ہیں۔مختلف شہروں کے اسکولوں میں شہدا کے لیے دعائیہ تقاریب جاری ہیں۔ سانحہ چارسدہ کے غم میں وزیراعظم ہاؤس ،ایوان صدر،پارلیمنٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری ، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔
تحقیقاتی ادارے علم دشمنوں کا آلہ کار بننے والےدرندوں کی مسلسل کھوج لگارہےہیں ، نادرا کے ڈیٹا سے دو کی شناخت کرلی گئی ہے ایک کا نام عباس افغانی جسے عباس سواتی بھی کہا جاتا تھا ، اور دوسرا علی رحمان ، دیگر دو کی شناخت تاحال نہیں ہوئی ، تاہم ا ن میں سے ایک اٹھارہ سال سے کم عمر بتایا جاتاہے ۔
ذرائع کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا ہے دہشت گرد،افغان صوبے ننگرہار کے قریب کسی سے رابطے میں تھے۔دہشت گرد وں سے خود کش جیکٹس اور دستی بموں سمیت بہت سا غیر استعمال شدہ اسلحہ ملا ، سیکیورٹی فورسز انہیں نہ روکتیں تو یہ نہ جانیں علم کی مزید کتنی شمعیں گل کردیتے-
ایمز ٹی وی (تعلیم)ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے خلاف ضابطہ کام کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیاہے. اور رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن رفیعہ ملاح اور مانیٹرنگ آفیسراخلاق احمد کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر نجی تعلیمی اداروں کادورہ کرکے اپنی رپورٹ پیش کریں تاکہ ایسے نجی تعلیمی ادارے جو قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے. اس کے ساتھ ساتھ تمام غیررجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کو 30 یوم میں اپنے ادارے رجسٹرڈ کرانا ہوں گے ایسے ادارے جو30یوم میں اپنے ادارے کو رجسٹرڈ نہیں کروائیں گے تومدت گزرنے کے بعد قانون کے مطابق 500روپے یومیہ جرمانہ 6ماہ کی قید کی سزا ہوگی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ذریعے انہیں سیل کر دیا جائے گا جبکہ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچے داخل کروانے سے قبل اس با ت کی یقین دہانی کرلیں کہ ادارہ رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔ غیر رجسٹرڈ ادارے میں اپنے بچے کو ہر گزداخل نہ کروائیں کیونکہ غیر رجسٹرڈ ادارے کا لیول صرف ایک کوچنگ سینٹر کے برابر ہوتا ہے ۔