ایمزٹی وی(اسپورٹس) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبرا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کو اچانک بڑے دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیم کے 29 سالہ کپتان ایلٹن چگمبرا نے ٹیسٹ‘ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی کپتانی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے ساتھ 2-2 کی ٹی ٹوینٹی سیریز برابر کے کھیلنے کے بعد آل راﺅنڈر کپتان کا کہنا تھا کہ یہ استعفیٰ دینے کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے سینئر پلیئر کے طور پر ٹیم کے ساتھ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آخر میں افغانستان کے ساتھ 3-2 سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) نیوزی لینڈ نے 25 جنوری سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ جارحانہ بلے باز اور کیویز کپتان برینڈن میکلم صرف آخری میچ میں ان ایکشن ہوں گے ۔ ٹی 20 سیریز کے بعد اب پاکستان اور نیوزی لینڈ میں ون ڈے کا میدان سجنے کو ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 25 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائیگا ۔ میزبان ملک نے قومی ٹیم کیخلاف ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ۔ ایک روزہ میچز کیلئے کیویز کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ نیوزی لینڈ کے ون ڈے کپتان برینڈن میکلم سمیت بی جے واٹلنگ اور سپنر ہنری نکلس ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں ۔ برینڈن میکلم صرف تیسرے میچ میں ان ایکشن نظر آئیں گے جبکہ پہلے دو میچز میں ان کی جگہ کین ولیم سن بطور کپتان فرائض انجام دیں گے
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد کے نواحی علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 25 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے ۔ اسلام آباد میں سکیورٹی اداروں کا سرچ آپریشن ، بہارہ کہو سے 25 مشتبہ افراد گرفتار ، اسلحہ اور 50 کلو گرام بارودی مواد برآمد ۔ رینجرز، پولیس اور حساس اداروں نے بہارہ کہو کے علاقے میں قائم ہتیال نئی آباد میں سرچ آپریشن کیا ۔ آپریشن کے دوران گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں ، 50 کلو گرام بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ۔ پولیس نے بارودی مواد رکھنے والے 8 افراد کو بھی حراست میں لیکر پوچھ گچھ کیلئے تھانے منتقل کر دیا ہے
ایمزٹی وی(تعلیم)پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پرائمری اسکولوں میں مخلوط تعلیم کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق تمام پرائمری اسکولوں میں لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ داخلہ لے سکیں گے اس کا مقصدخواتین میں شرح تعلیم میں اضافہ کرنا ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں 16لاکھ سے زائد سے بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بلوچستان یونیورسٹی، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی، بولان میڈیکل کالج اور بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں سیکورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔
ایمز ٹی وی (کراچی)قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ڈیفنس میں وفاقی وزیرصنعت و پیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی کے گھر پر چھاپہ مارکر ان کے بیٹے اور 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ڈیفنس فیز 7 میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی کے گھرپرچھاپہ مارا، کارروائی کے وقت وفاقی وزیرموجود نہیں تھے تاہم ان کے بیٹے بلال مرتضیٰ جتوئی اور2 سرکاری گارڈزکوحراست میں لے کرنامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔
غلام مرتضیٰ جتوئی کے گھر پرچھاپے اورگرفتاریوں کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا اورمقامی پولیس نے واقعے سے مکمل لاعلمی کا اظہارکیا ہے۔
دوسری جانب جتوئی ہاؤس کے ترجمان نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سی ویو کے قریب ہمارے سیکیورٹی گارڈ اورایک افسر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، واقعےکےبعدرینجرزنےچاروں افرادکوتفتیش کیلئےمانگاتھا، کوئی بڑی بات نہیں ہے،امیدہےشام تک تمام افرادگھرآجائیں گے۔
ایمز ٹی وی (قاہرہ) شدت پسند تنظیم داعش نے مصر میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔قاہرہ کے نواح میں ہونے والے اس بم دھماکے کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
داعش کی طرف سے اس دھماکے کی ذمہ داری آن لائن آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے قبول کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں دیگر دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دریں اثناء مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کی برسی سے پہلے ہی حکومت سکیورٹی کے انتظامات سخت کر چکی ہے۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) علم کی پیاس ننھے مو ٹر مکینک کوصادق آباد اسٹنٹ کمشنر شکیل احمد بھٹی کے پاس کھینچ لائی۔اسکول میں داخلہ دلوانے کی فرمائش منٹوں میں پوری کر دی گئی۔ اسٹنٹ کمشنر نے اسکول بھیجنے کی فرمائش پوری کرنے کے ساتھ ساتھ نیا بیگ ،یونیفارم،کتابیں اور بائی سا ئیکل بھی دلوادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صادق آباد کا علاقہ مظہر کالونی کا رہائشی تیرہ سالہ ناصررضا اے سی آفس پہنچا اور اے سی شکیل احمد بھٹی سے مل کر بتایا کہ وہ موٹر مکینک کا کام سیکھ رہا ہے مگر پڑھنے کا شوق رکھتا ہے۔ جس کے بعد اے سی شکیل احمد بھٹی نے اس بچے کے والد سے فون پر بات کی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کو اپنے دفتر میں بلا کر اسکا فوری طور پر داخلہ اجمل باغ ہائی اسکول میں کروادیا۔
ایمز ٹی وی (کراچی)جناح ہسپتال کراچی کے ینگ ڈاکٹرز کا تنخواہوں اور الائونسزکی عدم ادائیگی پر دوسرے دن بھی احتجاج جاری ہے ، ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈی کا بائیکاٹ کر دیا جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ جناح ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا تنخواہوں اور الائونسز کی ادائیگی کے معاملے پر حکومتی یقین دہانی پر عملدرآمد نہ ہونے پر احتجاج دوسرے دن بھی جاری ہے ۔ ڈاکٹرز نے او پی ڈی کا کام بند کرا دیا جس کے باعث دور دراز سے آنیوالے مریضوں اور ان کے لواحقین پریشانی کا شکار ہیں ۔ ہسپتال کا ایمرجنسی کا شعبہ کھلا ہوا ہے ۔ ینگ ڈاکٹرز نے دھمکی دی ہے کہ مطالبات پورے نہیں ہوئے تو آپریشن تھیٹر میں بھی کام بند کردیا جائے گا اور آخر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایمرجنسی میں بھی کام بند کر دیا جائے گا ۔
ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) بھارتی شہر حیدرآباد میں سینکڑوں مشتعل طلبہ نے نعرے لگاتے ہوئے اور پلے کارڈز لہراتے ہوئے اس بھارتی طالبعلم کی ہلاکت پر احتجاج کیا، جسے چار دیگر طلبہ کے ہمراہ حیدرآباد یونیورسٹی کے چند شعبوں میں جانے سے روک دیا گیا تھا۔
مشتعل طلبہ نے حیدرآباد یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ایک وفاقی وزیر پر الزام عائد کیا کہ اُنہوں نے تب نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے ان ہندو طلبہ کے لیے سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر منصفانہ رویے کا مظاہرہ کیا تھا، جب ان کا گزشتہ سال حکمران ہندو قوم پرست جماعت کے حامی طلبہ کے ایک گروپ کے ساتھ تصادم ہوا تھا۔
پولیس ابھی اس امر کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس چھبیس سالہ طالبعلم کی موت کی وجہ حکام کا طرزِ عمل بنا۔ پولیس روہیت ومولا نام کے اس دلیت ذات کے طالبعلم کی موت کو خود کُشی قرار دے رہی ہے۔ روہیت ومولا اُس گروپ کا رکن تھا، جو بھارت میں ذات پات کے نظام میں سب سے نچلی ذات تصور کیے جانے والیے دلیتوں کی نمائندگی کرتا تھا۔
حیدرآباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر پورے ملک کی توجہ مرکوز ہے اور منگل کی صبح سے مختلف ٹی وی چینلز ان مظاہروں کے بارے میں تازہ ترین خبریں دے رہے ہیں۔ طلبہ نے اپنی کلاسوں کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور یونیورسٹی میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ پولیس کے درجنوں سپاہیوں کی موجودگی میں یہ طلبہ نعرے لگا رہے تھے، ’ہمیں انصاف چاہیے‘۔ پیر کو بھی دن بھر ہونے والے مظاہروں کے بعد پولیس نے آٹھ طلبہ کو حراست میں لے لیا تھا۔ اُدھر ممبئی یونیورسٹی میں بھی طلبہ نے احتجاج کیا اور حیدر آباد یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا۔
روہیت ومولا کی لاش ہوسٹل کے ایک کمرے میں چھت سے لٹکتی ملی تھی۔ اس سے کئی ہفتے پہلے یونیورسٹی نےان پانچ طلبہ کو سٹوڈنٹس ہوسٹل میں قیام کرنے یالائبریری اور دیگر سہولتوں سے استفادہ کرنے سے منع کر دیا تھا۔ ان پانچوں کو اکیس دسمبر کو معطل کر دیا گیا تھا اور تب سے وہ یونیورسٹی کے گیٹ کے باہر ایک خیمے میں رہ رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں یونیورسٹی حکام نے ان طلبہ کو تصادم کے سلسلے میں بے قصور قرار دے دیا تھا لیکن دسمبر میں یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا اور ان کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
احتجاج کرنے والے طلبہ کا موقف یہ ہے کہ ان طالب علموں کی معطلی کا فیصلہ وفاقی وزیر بندارُو دتا تریا کے دباؤ کی وجہ سے کیا گیا، جنہوں نے انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کو لکھے گئے ایک خط میں ان دلیت طلبہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت میں ذات پات کی بناء پر امتیازی سلوک کو 1947ء میں برطانیہ سے آزادی ملنے کے فوراً بعد سے خلافِ قانون قرار دیا جا چکا ہے تاہم بھارتی معاشرے میں اب بھی اس کی جڑیں بہت گہری ہیں۔
اس امتیازی سلوک کے آگے بند باندھنے کے لیے حکومت نے ملازمتوں اور یونیورسٹیوں وغیرہ میں نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کوٹے مخصوص کر رکھے ہیں۔