ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف پہلے ہی اقتصادی راہداری منصوبے کو پوری قوم کا منصوبہ قرار دے چکے ہیں جب کہ منصوبے کے ثمرات سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت مغربی صوبوں کو محروم نہیں رکھا جائے گا۔
لاہور میں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک شاندار تحفہ ہے اور اس کی کامیاب تکمیل سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا جب کہ یہ منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا اور پاکستان کوافغانستان’ وسط ایشیائی ریاستوں اور چین کے لیے تجارتی مرکزبنا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف پہلے ہی اس منصوبے کو پوری قوم کا منصوبہ قرار دے چکے ہیں جب کہ منصوبے سے خیبرپختونخوا وار بلوچستان سمیت مغربی صوبوں کو محروم نہیں رکھا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ترقی کے لیے نجی شعبہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی بھرپور شرکت کے بغیر اقتصادی ترقی کے تمام منصوبے نامکمل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وژن 2025 کے تحت پاکستان کوآئندہ 10 برسوں میں دنیا کی 25 ویں بڑی معیشت بنانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں جب کہ اس مقصد کے حصول میں برآمدات کے شعبے کا کردار بہت اہم ہے۔
ایمز ٹی وی(نئی دلی)بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کو ہوا دینے میں انتہا پسندوں نے بھارتی کرکٹر اور فاسٹ باؤلر محمد شامی کے اہلخانہ کو گائے ذبح کرنے کے الزام پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ محمد شامی کے والد نے ایک بیان میں بتایا اس سے پہلے ان کے بیٹے محمد حسیب کو بھی پولیس نے گائے ذبح کرنیوالوں کی مدد کرنے کے شبہ میں گرفتار کر لیا تھا اور ضمانت پر رہائی ملی۔بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ انہیں رضوان احمد نامی شخص کے بارے میں گائے ذبح کرنے کی اطلاع ملی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو محمد شامی کا بھائی محمد حسیب بھی وہاں موجود تھا جس نے پولیس افسر پر تشدد کیا۔ بھارت میں مودی سرکار کے زیر سایہ گائے ذبح کرنے کے الزام میں مسلمانوں پر تشدد معمول بن چکا ہے۔ واضح رہے اس سے پہلے مسلمان اداکار اور شوبز سے وابستہ افراد ہندو انتہا پسندوں کے تعصب شکار ہو چکے ہیں۔
ایمزٹی وی(بزنس) دنیا کے 400 امیر ترین ارب پتی 2016 کے پہلے ہفتے میں 194 ارب ڈالر سے محروم ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ان ارب پتی افراد کی آمدنی میں چین کے معاشی مسائل، تیل کی گرتی ہوئی قیمت اور امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کی وجہ سے کمی ہوئی۔ دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کو ساڑھے 4 ارب ڈالر اور دوسرے امیرترین شخص آمانسیو اورٹیگا کو3 ارب 40 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچا۔
ایمز ٹی وی(کراچی)جوش خطابت میں سیاسی رہنماؤں کبھی کبھار تنقید کا نشانہ بنتے رہتے ہیں لیکن ہمارے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زبان اور یاداشت ایسی ہے کہ جس کی وجہ سے آئے دن کوئی نا کوئی چٹکلہ چھوٹ ہی جاتا ہے ایسا ہی موقع ایگلیٹ پولیس کے 28 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں پیش آیا جب انہیں ایک شعر مکمل کرنے کے لئے بھی اپنے سیکیورٹی اسٹاف کی ضرورت پڑ گئی۔
جگہ جگہ اپنی غائب دماغی کا مظاہرہ کرنے والے 83 سالہ قائم علی شاہ توکپتانی چھوڑنے کو تیارنہیں لیکن پیپلز پارٹی بھی انہیں قائم رکھنے پرمصر ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اب بھی ایسے سنجیدہ چٹکلے چھوڑتے ہیں جس پر پہلے ہنسی اور پھر غصہ آنے لگتا ہے کہ ہماری سیاسی قیادت کہاں کھڑی ہے ،ایسا ہی واقعہ رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹرکراچی میں ایگلیٹ پولیس کے 28 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے دوران پیش آیا جب قائم علی شاہ کو اپنا شعر ممل کرنے کے لئے بھی دوسروں کی مدد لینا پڑ گئی۔
قائم علی شاہ نے اپنی بات میں وزن پیدا کرنے کے لئے علامہ اقبال کا مشہورومعروف شعرپڑھنے کی کوشش کی اور ایک ہی صف پر کھڑے ہوگئے ہی پراٹک کررہ گئے۔ اس دوران ان کے سیکیورٹی اسٹاف نے محمود وایازیاد دلایا تو انہوں دوسرا مصرعہ نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز مکمل کیا
ایمز ٹی وی (پشاور)محکمہ تعلیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کینٹ کے علاقے میں واقع تمام سرکاری و نجی اسکول بند کرا دیئے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے کینٹ نوتھیہ اور گلبرگ کے علاقوں میں اسکول بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ای ڈی او محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ہم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صرف کینٹ کے علاقے میں اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ دوسری جانب سیکیورٹی خدشات کے باعث اسکول بند کرنے کی خبر جیسے ہی شہر کے دوسرے علاقوں میں پہنچی تو وہاں بھی بہت سے سرکاری و نجی اسکولز بند کر دیئے گئے ہیں جب کہ والدین خوف کے مارے اپنے بچوں کو لینے اسکول پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں بھی پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 144 طالب علموں سمیت 148 افراد شہید ہو گئے تھے۔
ایمز ٹی وی(پشاور) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا میں گلوبل وارمنگ کے چرچے ہیں اور پاکستان خصوصاً پنجاب میں درختوں کا صفایا کیا جارہا ہے وہاں درخت نہیں میٹرو بسیں اور اورنج ٹرینیں اگائی جارہی ہیں۔
پشاور میں شجرکاری مہم کا جائزہ لینے کے بعد میڈ یا سے بات چیت کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برسوں میں 200 ارب روپے مالیت کے درخت کاٹ کر بیچ دیئے گئے ۔ پنجاب کے چھانگا مانگا جنگل میں اب 75 ہزار میں سے صرف 5 ہزار درخت رہ گئے ہیں ۔ میانوالی کے جنگلات کو کاٹ کر صاف کردیا گیا ہے اور چیچہ وطنی میں ٹمبر مافیا نے 46 ہزار درخت کاٹ دیئے انہیں کوئی روکنے والا نہیں ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں گلوبل وارمنگ کا چرچہ ہے اور ہمارا ملک گلوبل وارمنگ میں 10 ویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ پنجاب میں درخت اور جنگلات کاٹے جارہے ہیں ۔ پنجاب میں درختوں کے بجائے میٹرو اور اورنج ٹرینیں اگائی جارہی ہیں، ہم نے جو شجر کاری مہم شروع کررکھی ہے اس کے مطابق اب تک ساڑھے 11 کروڑ درخت لگائے جا چکے ہیں ہمارا ہدف ہے کہ رواں برس مارچ تک 26 کروڑ درخت لگا دیئے جائیں ۔ جبکہ 2018 تک ایک ارب 20 کروڑ درخت لگانے کا عزم کر رکھا ہے ۔ ہم 60 فیصد درخت قدرتی ماحول میں قدرتی طریقے سے اگائیں گے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس مہم میں عوام کو شریک کررکھا ہے اور درختوں کی حفاظت کےلئے نگہبان بھی رکھے گئے ہیں ۔ مقامی افراد درختوں کا تحفظ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتا یا کہ ہم نے خبیر پختون خواہ کو گلوبل کامن فنڈ میں رجسٹر کروادیا ہے اب درخت اگانے کی مہم کو 100 ارب ڈالر کی عالمی فنڈنگ بھی ہوگی اوراس مہم کا جائزہ لینے کےلئے تحفظ جنگلی حیات کی عالمی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف کو بھی دعوت دے رکھی ہے ۔
ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) دنیا بھر کے کروڑوں افراد مشہور ویڈیو کالنگ سروس اسکائپ کا استعمال کرتے ہیں۔اس کے علاوہ بہت سے کاروباری لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اسکائپ کے بزنس کسٹمر کیلئے گروپ کالنگ کی سہولت سے کافی عرصے سے موجود ہے تاہم اب مائیکروسافٹ نے اسکائپ کی دسویں سالگرہ کے موقع پر اینڈرائڈ صارفین کیلئے بھی گروپ کالنگ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے جو بالکل مفت ہو گا۔گروپ کالنگ فیچر اسکائپ کو دوسری سروسز کے مقابلے کے خاص مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے خاتمے ک لئے دونوں ممالک کا مشترکہ دورہ کریں گے۔ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بڑہتی کشیدگی کے خاتمے کے لئے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں دونوں اعلیٰ شخصیات پیر کو سعودی عرب اور پھر ایران جائیں گی جہاں وہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، اس دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف دونوں ممالک کی قیادت کو کشیدگی کے خاتمے کے لئے ثالثی کی پیشکش کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذہبی عالم شیخ نمر باقر النمر کا سر قلم کے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔ موجودہ صورت حال میں ایک ماہ کے دوران پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کےلئے سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر الگ الگ دورہ کرچکے ہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) شدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت کے لیے غیر قانونی طور شام جانے کی کوشش کرنے والے کراچی کے 2 نوجوانوں نے اہل خانہ اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے ہونے والی نفسیاتی کاؤنسلنگ کے بعد شدت پسند خیالات اور 'مسلح جدوجہد' میں شمولیت کا فیصلہ ترک کر دیا۔
دونوں نوجوانوں کو شام جانے کی کوشش کرتے ہوئے ایران سے گرفتار کیا گیا تھا. کراچی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجا عمر خطاب نے دعویٰ کیا کہ ماہر نفسیات کے مطابق دونوں نوجوان، جن کی عمریں 20 برس کے لگ بھگ ہیں، اب عسکریت پسندی کی طرف رجحان نہیں رکھتے تاہم پھر بھی ان کی نگرانی کی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق کراچی کے مڈل اور اپر مڈل کلاس خاندانوں سے تعلق رکھنے والے اِن دونوں نوجوانوں کو ایرانی حکام نے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجسنی (ایف آئی اے) کے حوالے کیا جس کے بعد انھیں کوئٹہ پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔
بعد ازاں ان نوجوانوں کو کراچی میں سی ٹی ڈی حکام کے حوالے کردیا گیا۔سی ٹی ڈی عہدیدار کے مطابق ان نوجوانوں کو شام پہنچنے کی کوشش میں تقریباً ایک ماہ سے زائد عرصے تک انتہائی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، یہی وجہ ہے کہ وہ اب دوبارہ اس بارے میں سوچیں گے بھی نہیں۔
راجا عمر خطاب نے بتایا کہ ابو خالد عرف ابو عقبہ سے بذریعہ ٹوئٹر رابطے سے پہلے دونوں نوجوانوں کا کوئی جہادی بیک گراؤنڈ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں موجود عسکریت پسند گروپ داعش نے ان نوجوانوں کی کراچی میں ایک ملاقات کا اہتمام کیا اور انھیں ترکی کی سرحد پر پہنچنے کا کہا گیا جہاں سے انھیں وصول کرکے داعش میں بھرتی کیا جاسکتا۔
دونوں نوجوانوں (جن کی شناخت خفیہ رکھی گئی) نے بلوچستان میں انسانی اسمگلروں کو ایران جانے کے لیے 2 لاکھ 60 ہزار روپے ادا کیے اور آخرکار دیگر 25 افراد کے ساتھ انھیں گاڑی میں لے جایا گیا، سمت کے اندازے کے بغیر وہ ایک ماہ تک سفر کرتے رہے لیکن ترکی کی سرحد پر پہنچنے میں کامیابی حاصل نہ ہوئی اور یہی وہ وقت تھا جب ایرانی حکام نے انھیں گرفتار کیا اور ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ سی ٹی ڈی عہدیدار کا ماننا ہے کہ نوجوانوں کی جانب سے داعش میں شمولیت کی کوششوں کا یہ واحد مصدقہ کیس ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید ثبوت حاصل نہیں ہوسکے کہ پاکستان سے لوگ داعش میں شمولیت کے لیے جارہے ہیں۔ راجا عمر خطاب کے مطابق چونکہ مذکورہ نوجوان کسی قسم کا عسکری پس منظر نہیں رکھتے تھے، لہذا ماہرِ نفسیات اور اہلخانہ کی مدد سے 'بحالی' کے بعد انھیں رہا کردیا گیا۔
پولیس افسر کا مزید کہنا تھا، 'سانحہ صفورہ کے بعد اور سیالکوٹ، پنجاب سے ہونے والی گرفتاریوں اور داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی جانب سے نامزد کردہ داعش کے رہنما حافظ سعید اور شاہد شاہد اللہ کی گرفتاری کے بعد بھی داعش سے متاثرہ ان شدت پسندوں کے آپس میں روابط کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔' ان کامزید کہنا تھا کہ داعش سے متاثرہ یہ خود ساختہ عسکریت پسند گروپ اپنے طور پر آزادانہ کام کر رہے ہیں اور ان کے پاس کوئی ایسا واحد پلیٹ فارم نہیں ہے، جہاں وہ متحدہ ہوکر دہشت گردی کے اقدامات کرسکیں۔
سی ٹی ڈی عہدیدار کے مطابق داعش سے متاثرہ یہ عسکریت پسند مذہبی تنظیموں جیسے تنظیمِ اسلامی سے بننے والے مختلف دھڑے ہیں جبکہ تنظیم اسلامی کے داعش سے براہ راست روابط کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ داعش میں شمولیت کا فیصلہ ترک کر دیا
تاہم ان کا کہنا تھا کہ حافظ عمر،حافظ ناصر، علی رحمٰن، اختر عشرت اور اسد رحمٰن پر مشتمل تنظیم کا ایک گروپ داعش سے متاثر پایا گیا اور ان میں سے کچھ کو صفورہ چورنگی پر اسماعیلی کمیونٹی کی بس اور امام بارگاہوں پر حملوں اور پولیس اہلکاروں اور سماجی کارکن سبین محمود کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
راجا عمر خطاب نے اعتراف کیا کہ داعش سے متاثرہ گروپ نے صفورہ کیس میں اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد سبین محمود کے ڈرائیور اور سب انسپکٹر ملک اشفاق کو قتل کیا جو صفورہ کیس کے ملزم طاہر منہاس کے خلاف ثبوت اکٹھے کر رہے تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے وہ صرف اپنی موجودگی ظاہر کرنا چاہتے ہیں اور حقیقت میں سبین محمود کے ڈرائیور اور پولیس انسپکٹر کے قتل سے ان دونوں کیسز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔