ایمز ٹی وی ( تعلیم) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے کیمیکل انجینئرنگ شعبہ کی جانب سے 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش کا افتتاح ہوا۔
تقریب میں داؤد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ صنعتوں اور جامعات کے ماہرین میں رابطہ ہونا چاہئے جو کہ نہیں ہے۔ پاکستانی صنعت کے پیچھے رہ جانے کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ وہ جامعات میں ہونے والی تحقیق سے فائدہ نہیں اٹھاتی۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل ڈیسک) افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کےباہر خود کش حملے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، حملہ آوروں اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا, خودکش حملےکے بعد پاکستانی قونصل خانہ بند کردیا گیا۔
افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں کل صبح پاکستانی قونصل خانے کے باہر حملہ گیا گیا، افغان حکومتی ترجمان کے مطابق خودکش بمبار نے پاکستانی ویزہ کے حصول کے لیے لائن میں کھڑے لوگوں میں گھسنے کی کوشش کی لیکن روکے جانے پرخود کو دھماکے سے اڑالیا، اس موقع پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق اس علاقے میں کئی دھماکے سنے گئے، جبکہ ایک گھر میں چھپے مسلح افراد اور افغان سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، دھماکوں اور فائرنگ کے بعد قریب کے رہائشی علاقے اور اسکولوں کو خالی کرالیاگيا۔
سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق ابھی بھی دیگرحملہ آور پاکستانی قونصل خانےکی حدود میں موجود ہوسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (بزنس) عرب لائٹ خام تیل کی قیمت 25 ڈالر فی بیرل کمی کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے سے 13 روپے تک کمی آنے کا امکان ہے۔
عرب لائٹ خام تیل کی قیمت تیرہ سال کی کم ترین سطح پر آنے سے پاکستان میں بھی پٹرول 9 روپے ، ہائی سپیڈ ڈیزل پونے 9 روپے سستا ہونے کا امکان ہے جبکہ مٹی کا تیل 9 روپے 77 پیسے اور لائٹ ڈیزل 8 رروپے 55 پیسے تک سستا ہو سکتا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔
آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا، دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کا زیادہ ترانحصاراپنے فاسٹ اٹیک پر ہی ہے، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ محمد عامر کی واپسی سے اٹیک مزید مہلک ہوچکا، اس کے سامنے ان فارم کیویز بیٹسمینوں کی ایک نہیں چل پائے گی۔ ٹیم میں یارکر اور ریورس سوئنگ میں ماہر وہاب ریاض بھی موجود ہیں جب کہ عمرگل، انور علی اور عامر یامین کی خدمات بھی میسر ہیں۔ بیٹنگ کے شعبے میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، سرفرازاحمد اورکپتان شاہد آفریدی اہم ہتھیار ہوں گے۔
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شاہد آفریدی، احمد شہزاد، افتخار احمد، محمد عامر، محمد رضوان، سرفراز احمد، صہیب مقصود، عمر گل، عامریامین، انور علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، سعد نسیم، شعیب ملک، عمر اکمل اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن کیویز کی قیادت کریں گے جب کہ اسکواڈ میں ٹوڈ اسٹل، گرینٹ ایلیٹ، میٹ ہینری، مچل میکلنگن، کولن مونرو، مچل سینٹنر، کوری اینڈریسن، ٹرینٹ بولڈ، مارٹن گپٹل، ٹام لیتھم، ایڈم ملنے، لیوک رونچی اور روس ٹیلر شامل ہیں۔
ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) پاکستان میں یوٹیوب پر پابندی اعلیٰ ترین ملکی عدالت کی جانب سے عائد کی گئی تھی کیونکہ یوٹیوب پر اسلام اور پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز مواد دستیاب تھا۔ یوٹیوب پر پابندی اُس وقت لگائی گئی تھی، جب امریکا میں بنائی گئی ایک فلم کو اِس پر اَپ لوڈ کیا گیا تھا۔ یہ فلم پیغمبرِ اسلام کے حوالے سے بنائی گئی تھی۔ اِس فلم کے حوالے سے کئی مسلمان ملکوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے ہوئے، جن میں کم از کم بیس افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ پاکستانی سپریم کورٹ نے ستمبر سن 2012 میں یہ پابندی عائد کی تھی۔
مقامی ایڈیشن کے حوالے سے گوگل کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ اب پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے انٹرنیٹ صارفین یوٹیوب کا مقامی ایڈیشن دیکھ سکتے ہیں۔ اِس طرز کے ایڈیشن میں تینوں ملکوں کے شائقین کے لیے یوٹیوب پر اُن کی زبانوں میں پروگرام اور دوسرا ویڈیو مواد دستیاب ہو گا۔ یوٹیوب کا کنٹرولنگ ادارہ گوگل، ماضی میں بھی ایسی سہولت کئی ملکوں کے لیے پہلے سے شروع کر چکا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اِس پیش رفت سے گوگل نے مقامی تنازعات سے دور رہنے کی کوشش کی ہے۔
پاکستان کے لیے گوگل کی یوٹیوب کا انٹرنیٹ ایڈرس youtube.com.pk ہے۔ یوٹیوب اِس وقت انٹرنیٹ پر موجود ہے لیکن پاکستان میں اسے عدالتی پابندی کا ہنوز سامنا ہے۔ گوگل اور پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ اِس نئے ایڈیشن سے سپریم کورٹ اپنی عائد کردہ پابندی ختم کر دے گی۔ پاکستان کے ایک سینیئر حکومتی اہلکار کے مطابق یوٹیوب کی بحالی کے بعد پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کسی بھی متنازعہ مواد کو ہٹانے کے لیے گوگل سے رابطہ کر سکے گی۔
یہ بھی خیال کیا گیا ہے کہ گوگل کو اب پاکستانی عدالتِ عظمیٰ کے مقرر کردہ معیار کو تسلیم کرنا ہو گا۔ اس مناسبت سے گوگل کو کسی بھی متنازعہ مواد کو ہٹانے کے لیے پاکستانی حکومت کی پیش کردہ درخواست کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ اِس حوالے سے انٹرنیٹ سرچ انجن کے بڑے ادارے گوگل کا کہنا ہے کہ کسی ویڈیو کو ہٹانے کی درخواست کا پہلے بھرپور جائزہ لیا جائے گا اور اُس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ متنازعہ ویڈیو کو ہٹایا جائے یا نہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ اسلام آباد حکومت اور گوگل کے درمیان گزشتہ ہفتوں کے دوران رابطے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہا ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل ڈیسک) وائٹ ہاوس ترجمان جوش ارنسٹ کے مطابق صدر اوباما نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ٹیلی فون کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے یوکرین اورشام کے بحران کا سیاسی حل نکالنے کے لیے اقدامات پر زور دیا ۔
روسی صدارتی آفس سے جاری بیان کے مطابق صدر اوباما اور صدر پیوٹن نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے پر بھی زور دیا، جبکہ یوکرین اور شام کے بحران سمیت کوریائی خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔