Saturday, 16 November 2024

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) سال 2015 پاکستانی نوجوانوں کی کامیابیوں کا سال ثابت ہوا ہے۔ اس سال پاکستان کے کئی نوجوانوں نے سائنس، ٹیکنالوجی، ادب، آرٹ اور ریاضی کے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے عالمی اعزازات حاصل کئے ہیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں پاکستانی بچوں کی کامیابیوں نے ہمیشہ سے دنیا کو حیران کیا ہے۔ دنیا کے کم عمرترین 'مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل' کا عالمی اعزاز پاکستانی نژاد برطانوی طالب علم پانچ سالہ اعیان قریشی کے پاس ہے۔ ان سے پہلے یہ عالمی اعزاز مہروز یاور، عزیز اعوان اور مرحومہ ارفعہ کریم نے حاصل کیا تھا۔

حمزہ شہزاد کم عمر ترین 'مائیکرو سافٹ آفس پروفیشنل'

اس برس ایک پاکستانی نژاد برطانوی طالب علم چھ سالہ حمزہ شہزاد نے مائیکروسافٹ کی دنیا میں پاکستانی بچوں کی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے۔

ٹیکنالوجی کی دنیا کے ننھے ماہر حمزہ شہزاد نے اس سال مئی میں مائیکرو سافٹ آفس سویٹ کا امتحان پاس کر کے دنیا کے کم عمر ترین سند یافتہ 'مائیکرو سافٹ آفس پروفیشنل کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ مائیکرو سافٹ آپریٹنگ سسٹم میں پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے دنیا کے دوسرے کم عمرترین 'ایم سی پی' ہیں۔

لندن میں کرائیڈن کے رہائشی حمزہ شہزاد نے مائیکرو سافٹ آفس اور اس کے مختلف استعمال کےحوالے سے صلاحیتوں کا امتحان پاس کیا ہےجو دراصل ڈیسک ٹاپ پر کاروبار کی اپیلی کیشنز ہے۔

 

ریاضی میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے رجنیش انیل بھاٹیہ

 بنکاک میں ہونے والے ریاضی کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں پاک ترک اسکول کے ایک غیر معمولی ذہین طالب علم رجنیش انیل بھاٹیہ نے طلائی تمغہ جیتا۔ 

'انٹرنیشنل اسکول میتھ چیلنج ' نامی ریاضی کا سالانہ مقابلہ پین ایشیا انٹرنیشنل اسکول کی طرف سے نومبر کے مہینے میں بنکاک میں منعقد کیا گیا تھا۔

 ٹاپ انٹرنیشنل اسکولوں کے ذہین طلبہ کے اس مقابلے میں جامشورہ سندھ کے رہائشی طالب علم رجنیش انیل بھاٹیہ نے طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ اسی اسکول کے طالب علموں ہارون یلمیز نے چاندی اور عبدالواسع کندھیر اور عبدالوسع میمن نے کانسی کے تمغے حاصل کئے۔

 

مباحثوں کا بین القوامی مقابلہ تین پاکستانی طلبہ کی جیت

 اس سال میکسیکو میں ہونے والا مباحثوں کا ایک بین الاقوامی مقابلہ پاکستان کے تین ہونہار طالب علموں نے جیتا جنہوں نے نا صرف فائنل مقابلے میں کوریا کی ٹیم کو شکست دی بلکہ مقابلے کے ٹاپ مقررین کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

 پندرہ سالہ تین پاکستانی طالب علم زینب حمید، عظیم لیاقت اور احمد نے 45 ملکوں کی ٹیموں کے مباحثوں کے ٹورنامنٹس کے دو مقابلوں میں حصہ لیا اور مخلوط ٹیم ٹریک مقابلے کے لیے پاکستان کی نمائندگی کی۔

زینپ حمید کراچی گرامر اسکول کی طالبہ ہیں انھیں مقابلے کی ٹاپ مقررہ کے طور پر بھی نامزد کیا گیا۔ ان کے علاوہ عظیم لیاقت سلامت انٹرنیشنل کیمپس فار ایڈوانس اسٹڈیز لاہور کے طالب علم ہیں۔ انھوں نے مقابلے کے دوسرے ٹاپ مقرر کا اعزاز حاصل کیا جبکہ  ایچی سن کالج کے طالب علم احمد شجان کو  200 طالب علموں کے اس مقابلے میں ٹاپ فائیو مقرر نامزد کیا گیا۔

 

خلاء میں بستیوں کے ڈیزائن کا مقابلہ شاہ میر کی دوسری پوزیشن

 امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ کی خلائی بستیوں کا خاکہ تیار کرنے کے بین الاقوامی مقابلے  ’اسپیس سٹلمنٹ ڈیزائن کانٹیسٹ‘2015 ء کے فاتحین میں پاکستان کے ایک ذہین  طالب علم شاہ میر کا نام بھی شامل ہے۔ جنھوں نے اس سال خلائی بستیوں کے ڈیزائن کے لیے دسویں جماعت کے طلبہ کے مقابلے میں انفرادی حیثیت سے دوسرا انعام جیتا ہے۔

اس سال اس مقابلے میں امریکہ کی چودہ مختلف ریاستوں سمیت دنیا کے 21 ملکوں کے تین ہزار سات طلبہ نے 994  نمونے جمع کروائے تھے جبکہ شاہ میر نے اس مقابلے کے لیے بیرونی ماحول میں آبادکاری کا تخیلاتی خاکہ ‘بیونڈ انفینٹی‘ پیش کیا تھا۔

 

شہزاد خان کامن ویلتھ یوتھ ورکرز ایوارڈ کے فاتح

اس سال پاکستان کی طرف سے دولت مشترکہ بھر میں نوجوانوں کے لیے شاندار کام کرنے پر ایک پاکستانی نوجوان شہزاد خان کو  ’کامن ویلتھ یوتھ ورکرز ایوارڈ‘ 2015ء سے نوازا گیا ہے۔

سماجی کارکن شہزاد خان پاکستان کی ایک غیر سرکاری تنظیم 'چنن ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن' کے بانی ہیں، جو نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے کام کرتی ہے ۔۔دولت مشترکہ کی جانب سے نوجوانوں پر ان کے پائیدار اثرورسوخ کو تسلیم کرتے ہوئے انھیں ایشیا سے کامن ویلتھ یوتھ ورکرز ایوارڈ  کا فاتح قرار دیا گیا۔

 

گلالئے کامن ویلتھ یوتھ ایوارڈ کی فاتح

پاکستانی سرگرم سماجی کارکن گلالئے نے اس سال دولت مشترکہ کی طرف سے ایشیا کے لیے''کامن ویلتھ ایوارڈ برائے ایکسیلنس اینڈ ڈویلپمنٹ'' جیتا ہے۔ انھوں نے یہ ایوارڈ خواتین  اور لڑکیوں کے حقوق کے لیے شعور و آگہی کا کام کرنے پرحاصل کیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ گلا لئے 16 سال کی عمر سے خواتین کے لیے کام کر رہی ہیں وہ 'اوئیر وومن' نامی ایک فلاحی تنظیم کی سربراہ ہیں۔ اس تنظیم کا مقصد نوجوان لڑکیوں کو صنفی امتیاز سے بالاتر ہو با اختیار بنانا ہے۔

 

کوئینز ینگ لیڈرز کے فاتحین

اس سال کوئینز ینگ لیڈرز 2016ء کا اعزاز پاکستان کے دو ہونہار نوجوان محمد عثمان خان اور زینب بی بی نےحاصل کیا۔ محمد عثمان خان کو تعلیم پر ان کی خدمات کےحوالے سے منتخب کیا گیا ہے جبکہ پاکستانی طالبہ زینب بی بی کو ان کے ماحولیاتی کاموں کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

سماجی کارکن محمد عثمان خان نے ایک تعلیمی پروگرام 'بیک ٹو لائف ایجوٹینمنٹ' کے نام سے ڈیزائن کیا ہے، یہ پروگرام سڑک کے بچوں کی تعلیم کےحوالے سے سہولیات فراہم کرتا ہے. وہ بیلی آرگنائزیشن' کے نام سے ایک تنظیم چلاتے ہیں۔

غیر معمولی ذہین طالبہ زینب بی بی نےقابل تجدید توانائی کے شعبے میں کام کیا ہے وہ فضلہ ٹشو پیپر سے بائیو ایتھنول یا بائیو فیول بنانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ زینب نے پاکستان میں ایک 'کیمیلینا سٹیوا' نامی امریکی پودا متعارف کرایا ہے جو بائیو ایتھنول یا بائیو ڈیزل پیدا کرتا ہے۔

 

جرمن ریسرچ ایواڈ جیتنے والے سائنس دان

اس برس جرمن وزارت برائے تعلیم اور تحقیق کا ایوارڈ ایک پاکستانی سائنس دان نعیم رشید جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر نعیم رشید پاکستان میں کامسٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تدریس کے شعبے سے منسلک ہیں۔

برلن میں ہونے والی ساتویں گرین ٹیلنٹس ایوارڈ  2015 کی ایک شاندار تقریب میں انھیں پائیدار ماحولیاتی توانائی پر بہترین تحقیقی منصوبہ پیش کرنے پر گرین ٹیلنٹس ایوارڈ 2015 سے نوازا گیا ہے۔

اس سال گرین ٹیلنٹ ایوارڈ کے لیے دنیا کے 90 ممالک سے550  امیدواروں نے اپنی سائنسی تحقیق پیش کی تھی۔ ڈاکٹر رشید کی تحقیق فضلہ مواد اور مائیکرو ایلجی یا کائی سے بائیو توانائی کی پیداوار پر تھی

 

انٹرنیشنل وکی لوز ارتھ مقابلہ پاکستانی فوٹو گرافر نے جیتا

 قدرتی مناظر کی تصاویر کے ایک بین الاقوامی مقابلے وکی لوز ارتھ کانٹیسٹ 2015 کے لیے پاکستان کے ایک فوٹو گرافر زعیم صدیقی کی تصویر کو سب سے خوبصورت قرار دیا گیا ہے۔

وکی پیڈیا کامن کے پلیٹ فارم پر اس مقابلے کے لیے 8,900 شرکاء کی جانب سے 108,000 تصاویر پیش کی گئی تھیں جن میں سے 26 ممالک کے فوٹو گرافروں کی  259 منتخب تصاویر میں سے زعیم صدیقی کی تصویر نے یہ مقابلہ جیت لیا۔

زعیم صدیقی نے صوبہ گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں واقع  ایک خوبصورت جھیل' شنگریلا' کی فطرت سے قریب ترین تصویر کشی کرنے پر وکی لوز ارتھ کا پہلا انعام حاصل کیا۔ انھیں وکی مینیا 2016 کی کانفرنس میں بھی مدعو کیا جائے گا۔

 

 ایمزٹی وی  (کراچی) سندھ بھر میں منتخب بلدیاتی نمائندے آج اپنا حلف اٹھائیں گے۔ حلف نامے کا متن انگریزی، اردو اور سندھی زبان میں ہوگا۔ 

 

کراچی کی 6 ضلعی اور ایک ڈسٹرکٹ کونسل کے منتخب نمائندوں کی تقریب بھی آج ہوگی۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 186 بلدیاتی نمائندےوائی ایم سی گراؤنڈ میں حلف اٹھائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے سائٹ زون میں حلف اٹھانے والے ارکان کی تعداد 276ہے۔ضلع کورنگی میں نجی ہال میں 222 جبکہ ضلع شرقی کے186ارکان وفاقی اردو یونیورسٹی میں حلف اٹھائیں گے۔ 

 

ضلع ملیرکے 78 نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کی تقریب حلف برداری اولڈ ڈی ایم سی بلڈنگ قائد آباد میں ہوگی۔ جبکہ ضلع وسطی میں 306 ارکان کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں حلف اٹھائیں گے۔ ضلع کونسل میں حلف اٹھانے والے اراکین کی تعداد 38 ہے۔

 

تمام منتخب اراکین سے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران اور سیشن جج صاحبان حلف لیں گے۔بلدیاتی نمائندوں سے ایڈیشنل سیشن جج اور ڈی آر او صاحبان حلف لیں گے۔ 

ایمز ٹی وی (تعلیم) لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسزاوتھل نے مختلف شعبوں جس میں ایگریکلچر، میرین سائنسز، ڈی وی ایم، سوشل سائنسز، واٹر ریسورس مینجمنٹ اور انگلش کے فال سمسٹر 2015کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیاہے۔ فال سمسٹر کے امتحانات میں کل 847طلباءو طالبات نے حصہ لیا تھا ، جن میں 812 کامیاب قرار پائے اور نتائج کا تناسب 96فیصد رہا۔ جبکہ لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز اوتھل کے اعلامیہ کے مطابق اسپرنگ سمسٹر 2015-16کے تمام طلباء طالبات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اسپرنگ سمسٹر کی فیس 11جنوری سے 22 جنوری 2016تک جمع کرائیں۔

ایمزٹی وی(کراچی) میں گذشتہ روز پولیو مرکز کے قریب بم دھماکے کے بعد آج کراچی میں پولیو مہم کے تیسرے روز سیکورٹی انتہائی سخت ہے، کسی خدشےکے پیش نظر سیکورٹی پاکستان رینجرز کے حوالے کردی گئی ۔

 

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ سندھ رینجرز نے بھی حفاظتی انتظامات سنبھال لئے ہیں۔

 

ترجمان کے مطابق آج مہم کے تیسرے روزپولیس کے علاوہ سندھ رینجرز کے 2500 اہلکار بھی پولیو ورکز کی سیکورٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں رینجرز کی 170 موبائل وین اور 125 موٹر سائیکلوں پر سوار اہلکار خصوصی ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ 

 

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شرپسند عناصر پر نظر رکھیں اور کسی بھی گڑ بڑ کی صورت میں رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کریں۔  

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) انگریزی زبان کے عظیم ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر، لندن کی تاریخی آگ اور ہیسٹِنگز کی جنگ اس سال برطانوی پاؤنڈ کے سکوں پر دکھائی دیں گے۔ اس اقدام کا مقصد متعدد اہم، تاریخی اور یادگار واقعات اور افراد کو یاد کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی کرنسی پاؤنڈ سٹرلنگ کے سکے جاری کرنے والے ملکی ادارے رائل مِنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ محکمہ پہلی عالمی جنگ اور انگریز مصنفہ بیئٹرکس پوٹرکے بارے میں بھی یادگاری سکے جاری کرے گا۔ مِنٹ کے مطابق رواں برس ان واقعات، تنظیموں اور افراد سے متعلق خصوصی یادگاری سکے جاری کیے جائیں گے، جو برطانوی تاریخ میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔

   

   

سن 1616میں وفات پانے والے عظیم ڈرامہ نگار اور شاعر شیکسپیئر کی اس سال منائی جانے والی 400 ویں برسی کے موقع پر دو دو پاؤنڈ کے مختلف لیکن خصوصی سکے جاری کیے جائیں گے۔ ان سکوں پر شیکسپیئر کے شاہکار ڈراموں کے المناک، مزاحیہ اور تاریخی لمحوں کو یاد کیا جائے گا۔

دو پاؤنڈ کے ایسے ہی نئے سکوں پر دی گریٹ فائر آف لندن کی برسی کو بھی یاد کیا جائے گا۔ 350 برس قبل ایک بیکری میں لگنے والی یہ آگ اتنی پھیل گئی تھی کہ اس کے نتیجے میں لندن شہر کا ایک بڑا حصہ جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔

رائل منٹ کے مطابق پہلی عالمی جنگ میں برطانوی فوجی کردار کو سراہنے کے لیے دو پاؤنڈ کے خصوصی سکوں کے اجراء کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ جنگ سن 1914 سے 1918ء تک لڑی گئی تھی اور اسی نسبت سے اس جنگ کے سو برس مکمل ہونے پر خصوصی سکے جاری کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ دو پاؤنڈ کا سکہ برطانیہ میں عوامی سطح پر زیر استعمال سب سے بڑی مالیت کا سکہ ہے، جس سے پہلے کرنسی کی مالیت کی ترتیب میں ایک پاؤنڈ کا سکہ آتا ہے اور جس کے بعد پانچ پاؤنڈ سب سے چھوٹی مالیت کا کرنسی نوٹ ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ 1066ء میں ہونے والی ہیسٹِنگز کی جنگ کے ساڑھے نو سو برس مکمل ہونے پر پچاس پینس کے سکے پر یادگاری نقوش بھی وضع کیے جائیں گے۔

اسی طرح بچوں کی کہانیاں لکھنے والی مایہ ناز انگریز مصنفہ بیئٹرکس پوٹر کی 150 ویں سالگرہ کو بھی 50 پینس کے سکوں پر جگہ دی جائے گی۔ ان کے تخلیق کردہ پیٹر رَیبِٹ کے کردار کا نقش اسی مالیت کے سکوں پر چھاپا جائے گا۔

برطانوی سکوں کے اجراء کے ذمے دار ادارے کے ایک بیان کے مطابق تاریخی واقعات اور افراد کو ملکی کرنسی کے سکوں پر جگہ دینے کا مقصد برطانوی تاریخ کو عظیم موڑ دینے والوں کو یاد کرنا ہے، اس احساس کے ساتھ کہ ’ہم اپنے ماضی کی قدر کرتے ہیں‘۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) سوات میں شدت پسندوں کی جانب سے لڑکیوں کو کوڑے مارے جانے کی وڈیو کامعاملہ سپریم کورٹ نے نمٹادیا ۔

 

سپریم کورٹ نے سوات میں شدت پسندوں کی جانب سے لڑکیوں کو کوڑے مارے جانے کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد از خود نوٹس لیا تھا،جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ غالباً بچی کو کوڑے مارنے کی وڈیو جعلی تھی، یہ سوشل میڈیا پربھی جاری کی گئی ۔

 

چاند بی بی اور اس کے شوہر نے بیان دیا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ متاثرہ فریق کے وکیل نایاب گردیزی نے عدالت کو بتایا کہ دائر مقدمے کی ایف آئی آر بھی ختم کر دی گئی ہے ۔

ایمز ٹی وی (لاہور) موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی70 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے آدھا شہر تاریکی میں ڈوبا رہا، سردی میں اضافہ ہو گیا، مختلف شہروں میں منڈیاں اور بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ اسلام آباد، پشاور، گلگلت بلتستان، دیا میر، چترال، ملتان، جہانیاں، مظفر گڑھ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤدالدین سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں کے 70 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے بیشتر علاقے گھنٹوں تاریکی میں ڈوبے رہے۔ ترجمان ؒلیسکو کا کہنا تھا کہ فیڈرز کو ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے اور جلد ہی شہر کی بجلی بحال کر دی جائیگی لیکن رات گئے تک بجلی بحال نہ ہو سکی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، لاہور اور گجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش جبکہ ملک کے بالائی علاقوں مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) اٹلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اطالوی شہر بولزانو کے ایک میوزیم نے مہاجرین سے تنگ آ کر مفت انٹرنیٹ کی سہولت ختم کر دی۔

 

اطالوی صوبے جنوبی ٹرولیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بالزانو کے مذکورہ عجائب گھر کے حکام نے مفت وائی فائی بند کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ تارکین وطن کی بڑی تعداد اس سہولت کو استعمال کر نے لگی تھی۔

 

میوزیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں تارکین وطن روزانہ مفت وائی فائی استعمال کرنے کے لیے عجائب گھر کی عمارت میں جمع ہو جاتے تھے جس کی وجہ سے ’ناخوشگوار صورت حال‘ پیدا ہو رہی تھی۔

عجائب گھر کی ڈائریکٹر لیٹیزیا راگالیا کا کہنا تھا، ’’میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں اور میری رائے میں یہ جائز اور درست فیصلہ ہے۔‘‘

 

اٹلی کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مہاجرین کی مدد کرنے والی فلاحی تنظیموں کے علاوہ ملکی دانشوروں اور سیاست دانوں نے بھی نے انٹرنیٹ بند کرنے کے اس فیصلے پر عجائب گھر کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تاہم دائیں بازو کی قدامت پرست اطالوی سیاسی جماعت ’ناردرن لیگ‘ نے اس معاملے پر میوزیم انتظامیہ کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

عجائب گھر کی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تارکین وطن نے فری وائی فائی کا استعمال رواں برس اپریل کے مہینے میں کرنا شروع کیا تھا اور اس وقت میوزیم کی انتظامیہ نے انہیں خوش آمدید کہا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ صورت حال بتدریج قابو سے باہر ہوتی چلی گئی اور پناہ گزینوں نے زیادہ وقت میوزیم ہی میں گزارنا شروع کر دیا۔

 

راگالیا نے یہ بھی بتایا کہ مہاجرین نے میوزیم میں موجود بیت الخلاء بھی بکثرت استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔ مزید برآں تارکین وطن اور میوزیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے مابین تلخ کلامی کے واقعات بھی رونما ہونا شروع ہو گئے تھے۔

یورپ میں جاری تارکین وطن کے موجودہ بحران کے دوران یونان کے بعد سب سے زیادہ پناہ گزین بحیرہ روم عبور کر کے اٹلی پہنچے ہیں۔