Saturday, 16 November 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعظم سے اے پی سی کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا گوادر بندرگاہ منصوبے کا اختیار بلوچستان کو دیا جائے۔

اسلام آباد میں پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی زیرصدارت ہوئی۔ کانفرنس میں بی این پی نے اپنے مطالبات پیش کئے ۔بلوچ رہنماؤں کا کہنا تھا حکومت نے اے پی سی نہیں بلائی اس لئے ہمیں بلانی پڑی۔ وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں لیکن ہمیں ہمارا حصہ ملنا چاہیئے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا راہداری منصوبے میں کسی صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کانفرنس بلائی تو گوادر کیلئے گئی تھی لیکن اس کا رخ اقتصادی کوریڈور کی طرف ہو گیا۔

پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعظم سے گوادر پر اے پی سی کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ گوادر کے رہائیشیوں کا معاشی تحفظ یقینی بنایا جائے۔ گوادر کے لوگوں پر سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندی ختم کی جائے

ایمز ٹی وی (کراچی) ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس رنگ لے آئی، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں منتخب نمائندوں کی حلف برداری کا نوٹی فیکشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن چیئرمین،وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے شیڈول کافوری اعلان کرے۔ میئراورڈپٹی میئر کےانتخاب کیلئے شیڈول میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ براہ راست تینوں مراحل کے انتخابات ہو چکے،مخصوص نشستوں کے انتخابات کا اعلان بھی تک نہیں ہوا۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے الیکشن کمیشن اور اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان بھی کیا، ایم کیو ایم کے احتجاج کی دھمکی دینے کی دیر تھی کہ الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں نو منتخب نمائندوں کی حلف برداری کا نوٹی فیکشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلف برداری کے بعد مخصوص نشتوں پر الیکشن کا شیڈول جاری ہوگا ۔ سندھ اور پنجاب میں امیدواروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران حلف لیں گے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ججز بھی حلف برادری کے امورسر انجام دیں گے۔ دوسی جانب صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل نہ ہونے کو الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کورکاوٹ قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہناہے شیڈول میں تاخیر کی ذمے دار حکومت سندھ تھی۔

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) آج کمپیوٹر کے تیز رفتار دور میں گھریلو اشیا اس رفتار سے ترقی نہیں کررہیں جس طرح موبائل فون اور کمپیوٹر آگے بڑھ رہے ہیں لیکن اب کورین کمپنی نے ایک ایسا جدید فریج تیار کیا ہے جس کے کیمرے گھر پر بھی نظر رکھتے ہیں ۔

 

فریج کو ڈیجیٹل بورڈ کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے اور وہ فلم بھی دکھاتا ہے، خاندان کے تمام افراد اہم پیغامات یہاں چھوڑ سکتے ہیں اور دور ہونے کی صورت میں اس کے اسکرین پر پیغام اور ای میل بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فریج سے دور رہتے ہوئے اس کے اندر جھانک کر یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کھانے کےلیے اس میں کیا کچھ رکھا ہوا ہے۔

 

فریج کے اوپری دروازے پر 21 انچ کا ایک فل ایچ ڈی ایل سی ڈی اسکرین لگا ہے جو کیلنڈر، یادداشت، ہدایات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور بچے اس پر اپنی ڈرائنگ بھی بناسکتے ہیں، اس کے پاس ہی تین کیمرے لگے ہیں جو فریج کھولنے والے ہر فرد کو دیکھ کر اس کی ویڈیو بناتے ہیں اورسامنے کے واقعات بھی نوٹ کرسکتے ہیں جب کہ پھر ان تصاویر کو اسمارٹ فون پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ 

 

اس جدید فریج میں موجود کھانے کو جاننے کے لیے بھی ایپ استعمال کی جاسکتی ہے  یہی ایپ فریج کے ذریعے کھانا منگوانے کے لیے بھی استعمال ہوسکتی ہے۔

 

یہ انوکھا ریفریجریٹر آن لائن شاپنگ کرسکتا ہے اورخریدی ہوئی اشیا کا ریکارڈ اور رسیدیں بھی یاد رکھتا ہے، اس میں کریڈٹ کارڈ سے خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اسمارٹ فریج آپ کو تفریح بھی فراہم کرتا ہے کیونکہ اس میں بلیوٹوتھ وائرلیس اسپیکر بھی نصب ہیں جو موسیقی نشر کرسکتے ہیں۔ اگر اس کمپنی کا اسمارٹ ٹی وی آپ کے گھر میں ہے تو اس کے پروگرام وائرلیس کے ذریعے فریج کے ٹی وی اسکرین پر نشر ہوتے ہیں اور خواتین و حضرات باورچی خانے میں رہتے ہوئے اپنے پسندیدہ پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔ 

 

کمپنی کی جانب سے ابھی اس کی قیمت نہیں بتائی گئی لیکن اس فریج کی فروخت رواں سال ہی شروع کردی جائے گی اور اسے پہلی مرتبہ لاس ویگاس کی ایک الیکٹرانک نمائش میں پیش کیا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) نائیجیریا کے بعد آذربائیجان نے بھی  پاکستان سے جے ایف17 تھنڈر اور مشاق طیاروں سمیت دفاعی سازوسامان خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر دیا۔

 

پاکستانی دفاعی حکام کے مطابق آذر بائیجان اور نائیجیریا نے پاکستان کے دفاعی ساز و سامان کی خریداری کے لیے خواہش کا اظہار کیا ہے جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور مشاق طیارے شامل ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کرچکے ہیں۔

 

واضح رہے کہ چند روز قبل سری لنکا نے بھی پاکستان سے 8 جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدے ہیں جب کہ دیگر ممالک بھی پاکستان کے جنگی شاہکار کو خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) دنیا میں کچھ لوگ غیر معمولی صلاحیتوں کےمالک ہوتے ہیں اور اپنے کسی نہ کسی فن سے لوگوں کو توجہ انپی جانب کرلیتے ہیں ایسی ہی ایک خاتون برطانیہ میں موجود ہیں جو اپنے ناخن، بغیر سیاہی کے پین اور انگلی سے اپنے بدن پر الفاظ اور ڈیزائن بناتی ہے جو تھوڑی دیر بعد خودبخود مٹ جاتے ہیں۔

 

ہانا آربتھناٹ نامی برطانوی خاتون اگر اپنی جلد پر معمولی سا دباؤ ڈالیں تو اس پر سرخ نشان آجاتے ہیں کیونکہ وہ ایک مرض ڈرماٹوگرافیا میں مبتلا ہیں جو ایک قسم کی الرجی ہے اور یہ نشانات آہستہ آہستہ آدھے گھنٹے میں غائب ہوجاتے ہیں اور اسے ’’جلد پر تحریر‘‘ کا مرض بھی کہا جاتا ہے۔

 

آربتھناٹ پیشے کے لحاظ سے مصنف ہیں اور وہ خود کو ایسا اسکرین بورڈ کہتی ہیں جس پر بچے گلابی پلاسٹک شیٹ پر تحریر لکھ کر مٹاتے رہتے ہیں۔  خاتون کو ہر وقت یہ الرجی رہتی ہے اور وہ بہت دیر تک جلد کو دبانے سے بھی گریز کرتی ہیں تاہم محفلوں اور پارٹیوں میں وہ اس صورتحال سے لوگوں کو حیران بھی کرتی ہیں اور اپنی جلد پر ڈیزائن، اسمائیلیز اور تحریریں لکھتی ہیں۔

 

خاتون کے مطابق اس کیفیت سے انہیں بہت جلن ہوتی ہے اور پہلے یہ ناقابلِ برداشت تھا لیکن اب وہ اس حالت کو جھیل سکتی ہیں۔ ڈرماٹوگرافیا کا مرض اس وقت ہوتا ہے جب جلد کے نیچے موجود خلیے پر دباؤ پڑتا ہے تو جلد ہسٹامائینز نامی مرکب خارج کرتی ہے اور جلد پرسوجن سی آجاتی ہے۔ خاتون کو سب سے پہلے 5 سال قبل اس کیفیت کا احساس ہوا تھا جب ان کے چہرے اور ہاتھ پر سرخ نشانات بننا شروع ہوئے تھے۔

 

خاتون کے مطابق پہلے انہیں فیس واش سے الرجی ہوئی تھی اور جلد پر کئی گھنٹوں تک چبھن محسوس ہوتی رہی  اس کے بعد معمولی دباؤ اور خراش بھی ان کےلیے مصیبت بنتی گئی اور انہیں اپنی جلد میں آگ سی لگتی ہوئی محسوس ہوتی تھی لیکن اب یہ صورتحال قابو میں ہے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دے کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔

 

نیوزی لینڈ کے ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز اسکور کئے۔ اینجلو میتھیوز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی جب کہ تلکارتنے دلشان نے بھی 28 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 4 جب کہ ایڈم ملنے اور مچل سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کین ولیم سن نے اننگ کا آغاز کیا۔ گپٹل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن منرو نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 14 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی کی دوسری تیز ترین نصف سنچری اسکور کی، منرو نے اپنی اننگ میں 7 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ کین ولیم سن نے بھی 32 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

 

نیوزی لینڈ نے 143 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 10 اوورز میں پورا کر کے نا صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ 2 میچز پر مشتمل سیریز میں بھی سری لنکا کو کلین سوئپ کیا۔

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اورسی کی اعلیٰ معیارکی اسکریننگ اورمحفوظ انتقال خون کے کم معیار کے باعث تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کاعلاج بہترین طریقے سے نہیں ہو پا رہا۔

 

تھیلیسیمیا کے علاج میں انتقال خون کے بعد سب سے اہم چیز جسم سے فاضل فولاد نکالنے کی دوا انتہائی مہنگی اور مریضوں کی پہنچ سے دور ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے متاثرہ بچے 10سال کی عمر سے ہی مختلف پیچیدگیوں اور بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں، اس بیماری سے بچاؤ ہی اس کا بہترین علاج ہے۔ 

 

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو پاک چین میڈیکل کانگریس کے سلسلے میں پی ایم اے ہاؤس میں خون کی بیماریوں کے عنوان پر منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مقررین میں چلڈرن کینسر اسپتال کے ڈاکٹر شیمویل اشرف، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے ڈاکٹر ثاقب انصاری، پی ایم اے کراچی کے سابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قاضی واثق اورحسینی بلڈ بینک کے ڈاکٹر سعید علی حسین شامل تھے۔

 

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے بتایا کہ پاکستان میں 5 سے 7 فیصد آبادی یا 80 لاکھ افراد تھیلیسیمیا سے متاثر ہیں، ملک بھر میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہے جب کہ اس تعداد میں ہر سال 5 ہزارکا اضافہ ہورہا ہے، انھوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا متاثرین کے تمام اہل خانہ کی اسکریننگ لازمی ہونی چاہیے تاکہ 2 تھیلیسیمیا مائنر آپس میں شادی نہ کریں اور مزید ایسے بچوں کی پیدائش نہ ہو، دوران حمل 12ویں ہفتے کے دوران بھی ٹیسٹ کے ذریعے تھیلیسیمیا کا پتا چلایا جا سکتا ہے۔

 

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ شادی سے پہلے لڑکے کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ ہونا چاہیے اور مائنر ہونے کی صورت میں پھر لڑکی کا بھی ٹیسٹ کیا جائے، دونوں مائنر ہونے کی صورت میں آپس میں شادی نہ کریں، انھوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے حکومت کے ساتھ تمام سماجی تنظیموں کو بھی مربوط حکمت عملی کے تحت مل کر کام کرنا ہو گا۔ 

 

ڈاکٹر سعید علی نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 36لاکھ خون کی بوتلوں کی ضرورت ہوتی ہے جس کا ایک بڑا حصہ تھیلیسیمیا کے بچوں اور زچگیوں میں کام آتا ہے، 95 فیصد افراد صرف اپنے اہل خانہ کے لیے خون عطیہ کرنے آتے ہیں۔

 

انتقال خون سے پہلے ہیپاٹائٹس بی، سی، ایچ آئی وی ، سیفلیس اور ملیریا کی اسکریننگ لازمی ہونی چاہیے اور لوگوں کو بھی چاہیے کہ صرف رجسٹرڈ اور سہولیات کے حامل بلڈ بینکس سے خون حاصل کریں،انھوں نے کہا کہ خون کی کمی کی صورت میں انتقال خون سے پرہیز کرنا چاہیے ، بہتر ہے کہ ادویات کے ذریعے اس کمی کوپورا کیا جائے۔

 

ڈاکٹر شیمویل اشرف نے بتایا کہ ملک میں بچوں میں خون اور منہ کا کینسر بڑھ رہا ہے، سگریٹ پینے والے ہر100میں سے 80 افراد ہر سال کینسر کا شکار ہو جاتے ہیں، ہر ایک لاکھ میں سے 100بچے ہر سال کینسر کا شکار ہوتے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں 80سے 85فیصد کینسر کے کیسز مکمل طور پر قابل علاج ہیں لیکن بدقسمتی سے یہ شرح پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں 20سے 25 فیصد تک ہے۔

 

یہاں کینسر کا علاج بہت مہنگا ہے، ایک کیس پر 2 سے15 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں،دریں اثنا کانگریس کے سلسلے میں مالیکیولر پیتھالوجی کے موضوع پر ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹریز ہیڈ آفس میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس سے لیاقت نیشنل اسپتال اور میڈیکل کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ایم اسرار ناصر نے خطاب کیا۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)  ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ سعودی عرب کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے جس کے لیے وہ خطے میں فرقہ واریت کو ہوا دے رہا ہے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل بان کی مون کو ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایران خطے میں مزید کسی بھی قسم کی کشیدگی کو بڑھانے میں دلچسپی نہیں رکھتا تاہم سعودی عرب کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ خطے میں فرقہ واریت کو ہوا دے اور دہشت گردوں کی مدد جاری رکھے یا پھر اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھتے ہوئے خطے کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

 

جواد ظریف نے خط میں سعودی عرب پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاض میں بیٹھیں کچھ قوتیں پورے خطے کو صورتحال کو کشیدہ کرنا چاہتی ہیں جب کہ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے سعودی عرب اشتعال انگیزی میں بھی ملوث رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ دنوں شعیہ عالم سمیت 47 افراد کو پھانسی دیے جانے کے بعد ایران اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں جب کہ پھانسی کے بعد تہران میں مظاہرین نے سعودی سفارت خانے پر حملہ کرکے آگ لگا دی تھی جس کے بعد کئی خلیجی اور افریقی ممالک نے ایران سے سفارتی تعلقات کو ختم کرتے ہوئے فضائی رابطے منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایمز ٹی وی (بزنس) خام تیل کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے 10 کی نمایاں کمی ہوئی اور نرخ 12 سال کی کم ترین سطح پر آگئے۔

 

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور امریکی جاب مارکیٹ میں صورتحال بہتر ہونے کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ گزشتہ ہفتے بھی رک نہ سکا بلکہ چینی معاشی خدشات اور مارکیٹ میں تیل کی بھرمار نے قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا۔

 

جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں امریکی آئل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی) کے آئندہ ماہ فراہمی کے لیے نرخ 33.16 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے جو فروری 2004 کے بعد کم ترین سطح ہے جبکہ لندن انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں میں یورپی بنچ مارک برینٹ نارتھ سی خام تیل کی آئندہ ماہ ترسیل کیلیے قیمت 33.55 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔ دونوں برانڈ کی قیمتیں ایک ہفتے میں کم وبیش 10 فیصد نیچے آئیں۔ 

 

سٹی فیوچرز کے ماہر ٹم ایوانز کے مطابق پرائس ریکوری آئی بھی تو یہ مختصر مدتی ہو سکتی ہے مگر مارکیٹ کے بنیادی اشاریے تنزلی کی جانب ہیں اور اس کی تصدیق یکم جنوری کوختم ہونے والے ہفتے میں امریکی پٹرولیم ذخائر میں اضافے سے ہوئی ہے۔ تجزیہ کار جیسپرلالر کے مطابق چین سے متعلق خدشات نے کموڈیٹیز کی مستقبل میں طلب کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا ہے۔ تیل وگیس کے کنسلٹنٹ کارل لاری نے کہاکہ مجموعی طور پر طلب بڑھتی ہوئی دکھائی نہیں دیتی، اس لیے نئی صورتحال میں سپلائی طلب کی سطح تک کم کرنا ہوگی۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) اسکاٹ لینڈ یارڈ میں مقیم  پاکستانی نژاد پروڈیوسر زوالفقار شیخ اور تسنیمہ شیخ نے ڈرامہ سیریل ’’دیس پردیس، آنسو، تھوڑی خوشی تھوڑا غم، دی کاسل‘‘ قابل ذکر ہیں، ٹیلی ویژن پروڈکشن کے بعد اب انھوں نے پاکستان میں فلم کا ایک بڑا پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے وہ آیندہ ماہ پاکستان آرہے ہیں، اس فلم کا  اسکرپٹ لکھا جاچکا ہے، فلم کی موسیقی کے لیے وقار حسن کا انتخاب بھی ہوچکا ہے۔

 

ذوالفقار شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی اور کامیابی کا سن کر بہت خوشی ہوئی، میری خواہش ہے کہ ٹیلی ویژن پروڈکشن کی طرح پاکستان میں  فلمیں بھی پروڈیوس کروں، اس سلسلے میں تیاریان شروع کردی ہیں جلد پاکستان آکر اس کی تفصیلات سے سب کو آگاہ کروں گا۔

 

فلم کی کہانی اور میوزک مکمل کرنے کے بعد جولائی2016ء سے اس کی فلم بندی کا آغاز کردیا جائے گا جو اکتوبر تک جاری رہے گی۔ فلم کی شوٹنگ  برطانیہ اور یورپ  میں کی جائے گی، اس فلم میں معروف پاکستانی اداکار جلوہ گر ہوں گے، فلم کے لیے عمران عباس کو بطور ہیرو شامل کیا جارہا ہے۔