ایمز ٹی وی (کراچی)سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق کیس میں نامزد ایک ملزم عثمان معظم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ رؤف صدیقی کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا جو عدالت میں ہی موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹرعاصم حسین کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انکے موکل کو علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا جائے۔دوران سماعت ملزمان کے وکلا کو گواہوں کے بیانات کو نقول بھی فراہم کی گئیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔آئندہ سماعت پر ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل) امریکی دفترخارجہ کی جانب سے پٹھان کوٹ حملے پر پاکستانی موقف کی تائید کے ساتھ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کو سراہا گیا۔پریس بریفننگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ جان کربی نے کہا حکومت پاکستان پٹھان کوٹ واقعے کی مذمت کرچکی ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کومعلومات فراہم کرنے کا علم نہیں لیکن خواہش ہے کہ حملے کی تحقیقات کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔اس سلسلے میں پاکستانی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سےدیکھتےہیں۔
ایمزٹی وی(تھر پارکر) تھرپارکر میں وبائی امراض کے باعث آج بھی 2 بچے دم توڑ گئے ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق سول اسپتال مٹھی میں وبائی امراض کے باعث زیر علاج ایک نومولود بچہ دم توڑ گیا جب کہ تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ کے گاوں پرآگو میں بھی 15 روز کا ایک بچہ انتقال کر گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر میں ایک ماہ کے دوران وبائی امراض کے باعث 45 بچوں کی اموات کا نوٹس لیا تھا ۔ رواں ماہ کے دوران تھرپارکر میں اب تک 17 بچے وبائی امراض کے باعث دم توڑ چکے ہیں۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)برطانیہ میں کی جانے والی تحقیق کے سربراہ اور یونیورسٹی آف ہل میں دل اور سانس کی بیماریوں کے شعبہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کھانسی میں چاکلیٹ کھانے سے کھانسی جاتی رہتی ہے اور وہ کھانسی پر کئی سال کی تحقیق کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں اور ان کے پاس اس کے ٹھوس ثبوت بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا ایک اہم ثبوت یہ ہے کہ اس وقت برطانیہ میں کھانسی کا سب سے زیادہ مؤثر سمجھا جانے والے سیرپ میں کوکا شامل کیا گیا ہے۔ تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جو مریض کھانسی کے دوران ایسی ادویات کا استعمال کرتے ہیں جن میں چاکلیٹ موجود ہوتی ہے وہ اس بیماری سے تیزی سے اور اکثر اوقات تو صرف دو دن میں چھٹکارا حاصل کرلیتے ہیں۔ تحقیق کے دوران 163 مریضوں کا جائزہ لیا گیا اور اس کے نئائج حیرت انگیز تھے تاہم ان نتائج کو آئندہ سال پیش کیا جائے گا۔ چاکلیٹ سے متعلق ایمپریل کالج آف لندن میں کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کوکا میں پائی جانے والی تھیوبرومائن ایسا عنصر ہے جو کھانسی کو فوری طور پر کم کرنے میں مدد گار ہوتا ہے اور اکثر کھانسی کی ادویات میں اسے دیگر اجزا کے ساتھ شامل کیا جاتا ہے۔ ریسرچرزکا کہنا ہے کہ کھانسی کی نئی ادویات میں چاکلیٹ کی بڑی مقدار موجود ہے اور لوگوں میں تیزی سے مقبول ہورہی ہیں اور صرف 2 دن میں کھانسی سے نجات مل جاتی ہے، یہ ادویات انسانی دماغ کی رگوں گلے تک آتی ہیں اور انہیں محفوظ بناتی ہیں تاہم گرم چاکلیٹ کو پینے سے اس کے مؤثر ہونے میں کمی آجاتی ہے کیوں کہ یہ مرکب گلے کی شریانوں پر ٹچ نہیں ہوتا۔ محققین کا کہنا ہے کہ چاکلیٹ کو کھانسی کے دوران رفتہ رفتہ کھانے سے بھی فرق پڑتا ہے تاہم چاکلیٹ دیگر اجزا کے ساتھ مل کر مزید مؤثر ہوجاتی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ سوچ اب پرانی ہو چکی کہ کھانسی خشک یا گیلی یا پھر کسی اور قسم کی ہوتی ہے بلکہ کھانسی کی ایک ہی قسم ہے اور یہ کھانسی سانس کی اوپری نالیوں کے متاثر ہونے سے جنم لیتی ہے اور اس کے ساتھ فلو اور نزلہ بھی ہوجاتا ہے جب کہ انفیکشن کے لحاظ سے خشک یا گیلی کھانسی میں کوئی فرق نہیں اور دونوں ہی بلگم خارج کرتی ہے۔ چاکلیٹ سے بنی ادویات ہر طرح کی کھانسی میں مؤثر اور مفید ہوتی ہیں۔
ایمزٹی وی(تعلیم) سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحان 28 مارچ جبکہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 28اپریل سے ہونگے۔ یہ فیصلہ جمعرات کوصوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت میں وزیر تعلیم سندھ نثار علی کھوڑو ، سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو ،اسپیشل سیکریٹری تعلیم عالیہ شاہد ،ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر نا صر انصار سمیت تمام تعلیمی بورڈ کے سر براہان چئیر مین تعلیمی بورڈ دیگر تعلیمی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر سال اول کے داخلے کیپ کے تحت یکم اگست سے ہوں گے۔ اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈ میٹرک کے نتائج 15جو لائی 2016 جبکہ کراچی بورڈ 31 جولائی 2016 تک جاری کرنے کا پابند ہوگا۔ اجلاس میں یوم اقبال 9نومبر کو سالانہ تعطیلات میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
ایمز ٹی وی (بزنس) اسٹاک ایکسچیج کے معروف بروکریج ہاؤس پر ایف آئی اے کے چھا پے اورافسران کی گرفتاری پراسٹاک ایکسچینج کے بروکرز نے شدید احتجاج کیا جبکہ کے ایس ای ہنڈریڈانڈیکس میں ساڑھے چار سو سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ کے بڑے اور معروف بروکریج ہاوس کے خلاف ایف آئی اے نے ایک ریسرچ رپورٹ کو بنیاد بناکر کارروائی کی اور اے کے ڈی سیکیورٹیز کے تین افسران کو حراست میں لے لیا۔ اے کے ڈی سیکیورٹیز کے سربراہ عقیل کریم ڈھیڈی نے الزام لگایا کہ یہ سازشیں وزیراعظم ہاؤس سے ہو رہی ہیں، اس کارروائی پر اسٹاک مارکیٹ بروکرز سراپا احتجاج بن گئے اور اسٹاک مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسٹاک ایکسچینج کی معروف شخصیت عارف حبیب کا کہنا ہے کہ اس غیر منصفانہ اقدام کے با عث کراچی اسٹا ک ایکسچینج کے بروکرز نےاحتجاج آج کام نہیں کیا۔ چیئرمین کے ایس ای منیر کمال نے وزیر خزانہ اور چیئرمین ایس ای سی پی سے بھی ملاقات کی، وفاقی حکومت نے اسٹاک بروکریج ہاؤس کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، کراچی اسٹاک ایکسچینج نے ایف آئی اے سندھ کو بھی خط لکھا دیا
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل) نیویارک عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے ایک دن میں خام تیل کی قیمت میں چھ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ امریکہ کے جانب سےخام تیل اسٹاکس کے اعداد وشمارکے اجراء کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں چھ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت تینتیس ڈالر بیس سینٹس پرٹریڈ کررہی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ رسد میں اضافہ اور طلب میں کمی ہے۔ گزشتہ ہفتے سعودی عرب اورایران کے درمیان کشیدگی کے باعث سپلائی متاثرہونے کے ممکنہ خدشات پرخام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم اب تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ یہ کشیدگی خام تیل کیلئے مثبت نہیں منفی ثابت ہوگی۔ دوسری جانب چین میں جاری معاشی سست روی بھی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا باعث بن رہی ہے
ایمزٹی وی(کراچی) شہر قائد کی سڑکوں پر قائم علی شاہ کی تصاویر بنانے والےعالمگیرکو فیروز آباد تھانے میں طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی تصاویر چھاپ کر کھلے مین ہول اور کچرے کی نشاندہی کرنے والے عالمگیر نے پولیس پر ہراساں کرنے کا الزام لگادیا۔گٹرکے ڈھکن تو نہ لگے، سائَیں کی تصویر کے ذریعے مسائل کی نشاندہی پر پولیس عالمگیرخان کے پیچھے پڑ گئی، فیروز آباد پولیس نے آرٹسٹ عالمگیر کو گاڑی سمیت طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے کام سے روکنے کیلئے ہراساں کیا جا رہا ہے، عالمگیرکے مطابق پولیس نےایکسڈنٹ کا الزام لگا کر تفتیش کیلئے فون کیا۔ عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ سائیں سرکار عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے الٹا انہیں پریشان کررہی ہے، فنکار نے صاف کہہ دیا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرنے والا نہیں ہوں۔ کراچی کی بہتری کیلئے اپنی کوشش کرتار ہوں گا اور سوشل میڈیا پر بھی مہم جاری رکھوں گا۔