Saturday, 16 November 2024

ایمز ٹی وی (بزنس) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے ایک دن میں خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

امریکہ کے جانب سےخام تیل اسٹاکس کے اعداد وشمارکے اجراء کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 33 ڈالر 20 سینٹس پرٹریڈ کررہی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ رسد میں اضافہ اور طلب میں کمی ہے۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب اورایران کے درمیان کشیدگی کے باعث سپلائی متاثرہونے کے ممکنہ خدشات پرخام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم اب تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ یہ کشیدگی خام تیل کیلئے مثبت نہیں منفی ثابت ہوگی۔دوسری جانب چین میں جاری معاشی سست روی بھی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا باعث بن رہی ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) رقیہ حسین نامی فلسفے کی طالبہ اورصحافی شام کے شہررقہ میں داعش کے ہاتھوں قتل کردی گئی۔ 30 سالہ صحافی رقیہ حسین جو کہ نسان ابراہیم کے قلمی نام سے پہچانی جاتی تھیں گزشتہ سال ماہ ستمبر میں داعش کے ہاتھوں قتل کردی گئی تاہم قتل کی خبرحال ہی میں منظرعام پرآئی ہے۔

سوشل میڈیا پر سرگرم ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ رقیہ کو داعش کے مسلح دہشت گردوں نے قتل کردیا ہے جبکہ داعش نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پردعویٰ کیا تھا کہ رقیہ زندہ ہیں۔

رقیہ ایک نڈر صحافی تھیں جو کہ شام کے شہررقہ میں رہ کر شہر کی صورتحال کے بارے میں لکھا کرتی تھیں، واضح رہے کہ رقہ داعش، شامی باغیوں اوراتحادی افواج تینوں کے درمیان میدانِ جنگ بنارہتا ہے۔ داعش نے گزشتہ سال اگست میں رقیہ پرالزام عائد کیا تھا کہ وہ شامی باغیوں سے رابطے میں ہے اور داعش کے خلاف ان کو اطلاعات فراہم کرتی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اسی خطے سے تعلق رکھنے والے ایک ایکٹیوسٹ کا کہنا ہے کہ رقیہ داعش کے ہاتھوں قتل کی جانے والی پہلی خاتون صحافی نہیں تھی بلکہ اس سے پہلے بھی کئی خواتین صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے تاہم ان کی شناخت آشکار نہیں کی گئی۔

رقیہ کا فیس بک اکاؤنٹ ابھی بھی کھلا ہوا ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ دولت اسلامیہ کے افراد اسکی نگرانی کررہے ہیں کہ مقتول رقیہ کس قسم کے اشخاص کے ساتھ رابطے میں تھی۔ ابو محمد نامی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ نے رقیہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرلکھے گئے آخری الفاظ ٹویٹ کیے ہیں جن میں رقیہ کا کہنا تھا کہ ’’ میں رقہ میں ہوں اور مجھے مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جب داعش مجھے گرفتارکرکے قتل کردے گی تومجھے اس میں کوئی تعجب نہیں ہوگا کہ وہ میرا سرکاٹ دیں گے کہ ذلت کی زندگی سے عزت کے ساتھ سرکٹوانا بہتر ہے‘‘۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) جاپانی دارالحکومت کی فش مارکیٹ میں ایک بڑی ٹونا مچھلی ریکارڈ 118000 ڈالرز میں نیلام ہوگئی۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ٹوکیو کی قدیم سکوجی مارکیٹ میں 200 کلو گرام وزنی مچھلی 14 ملین جاپانی ین (تقریباً 1 لاکھ 18 ہزار ڈالر) میں نیلام ہوئی ہے۔

جاپان میں خشک سکوئیڈ اور وہیل سمیت کئی طرح کی مچھلیاں نیلام عام کے ذریعے فروخت کی جاتی ہیں اور نیلامی میں عام طور پر بڑے بڑے ہوٹلز حصہ لیتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 200 کلو گرام وزنی مچھلی ایک کروڑ 40 لاکھ ملین جاپانی ین کے عوض ٹوکیو کے سوشی ریستوران نے خریدی ہے۔

ایمز ٹی وی (پشاور) شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ یہ مقولہ شہید اعتزاز حسن نے سچ ثابت کیا، عزم و استقلال کے پیکر پندرہ سالہ اعتزاز نے آج سے ٹھیک دو برس پہلے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے سیکڑوں ساتھی طالبعلموں کی جان بچائی اور دہشت گردوں کو بتا دیا کہ وہ قوم کے بچوں سے بھی نہیں لڑ سکتے ہیں۔

6 جنوری دوہزار2014 ضلع ہنگو میں اعتزاز حسن نے اپنے اسکول میں داخل ہونے والے خودکش بمبار کو دبوچ کر متعدد طالب علموں کی جان بچائی اور خود اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

اسکول میں اسمبلی کے دوران جب خودکش بمبار سینکڑوں جانیں لینے کے لئے آگے بڑھا تو اعتزاز دشمن پر ساتھیوں کے منع کرنے کے با وجود جھپٹ پڑا اور اسے اس طرح جکڑا کہ دہشت گرد کی خود کش جیکٹ اڑ گئی اور دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اعتزاز احسن شہید ہو گیا ۔

اعتزاز حسن کو 6ستمبر2015کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا، اعتزاز حسن کی شجاعت اور قربانی کے جذبےکو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور کی مقامی عدالت نے آٹھویں جماعت کی چودہ سالہ طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں گرفتار عدنان ثناءاللہ بلال سمیت آٹھ ملزمان کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس تھانہ ریس کورس نے گرفتار ملزمان کو بدھ کے روز عدالت کے رو برو پیش کیا اور عدالت سے استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے کیس کے اصل حقائق جاننے کے لئے انہیں مزید جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے۔

واضح رہے کہ ملزمان نے چودہ سالہ آٹھویں جماعت کی طالبہ کو اس کے گھر کے سامنے سے اغواء کر کے اسے مقامی گیسٹ ہاﺅس لے جاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، پولیس تھانہ ریس کورس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں زیادتی کی دفعات کے ساتھ اغواء کی دفعات بھی شامل کرلی ہے۔ عدالت نے پولیس کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) ماہرین نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس فو لڈنگ ایل ای ڈی متعارف کرواکر لوگوں کو حیران کردیا۔

بھاری بھرکم ایل ای ڈی کو کہیں گڈ بائے کیونکہ اب ایل ای ڈی کو آپ اپنے ہینڈ بیگ میں ڈال کر کہیں بھی لے جا سکتے ہیں، جی ہاں ماہرین نے متعارف کروادی ایک ایسی ایل ای ڈی جسے کسی کاغذ کی طرح باآسانی موڑا جا سکتا ہے ۔

اس کو تیار کرنے میں ایسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جو اسے لچکدار بناتی ہے، آپ اسے چلتی حالت میں بھی موڑ سکتے ہیں۔ یہ ٹی وی دیواروں پر لگائے جانے والے وال پیپر جتنا پتلا ہے۔

معروف کورین کمپنی آئندہ ہفتے لاس ویگاس میں اس منفرد اسکرین کو ٹیکنالوجی نمائش میں پیش کرے گی۔

ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) موسمِ سرما جہاں جلد کو خشک کرتا ہے وہیں سردیوں میں چلنے والی خشک ہوائیں ہونٹوں کوخشک اورکھردرا کر دیتی ہیں۔ ہونٹوں کی خشکی اگرزیادہ ہوجائے تو وہ پھٹنے لگتے ہیں اوران میں خون بھی آنے لگتا ہے عموماً لوگ اس تکلیف سے بچنے کے لیے کریم یا لپ بام استعمال کرتے ہیں تاہم خشک ہوا کے باعث کچھ دیربعد ہونٹ پھر سے خشک لگنے لگتے ہیں۔

اس موسم میں ہونٹوں کو پھٹنے سے بچانے کے لیے مندرجہ ذیل احتیاطیں کرناضروری ہیں:

ہونٹوں کو قدرتی نمی فراہم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پئیں ۔

صحت بخش غذا کھائیں ۔ خاص طور سے سبزیاں اور پھل جن میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات موجود ہوں ۔

جلد کو نرم و ملائم رکھنے کے لیے وٹامن اے اور سی کی ضرورت ہوتی ہے۔ دودھ، گاجر اور خوبانی میں وٹامن اے اور رسیلے پھل جیسے کہ لیمبو، موسمبی اور نارنجی میں وٹامن سی کثیر تعداد میں موجود ہوتا ہے ۔

ہونٹو ں پر زبان پھیرنے سے گریز کریں ۔ ایسا کرنے سے ہونٹ مزید خشک ہو جاتے ہیں ۔ ہونٹوں پر زبان پھیرنے سے ان کی قدرتی نمی جاتی رہتی ہے ۔

ہونٹوں کو بھی ایکسفولئیٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کسی لائٹ سے اسکرب سے ہونٹوں کا انگلی کی مدد سے مساج کریں دھونے کے بعد لپ بام ضرور لگائیں ۔

اپنے ہونٹوں کو تیز دھوپ سے محفوظ رکھیں۔ ویسے تو سردیوں کی دھوپ لینا اچھا لگتا ہے لیکن تیز شعاؤں سے ہونٹوں کی حفاظت کرنا ضروری ہے ۔اس کے لیے ہونٹوں پر سن اسکرین لگایا جاسکتا ہے۔

بعض اوقات کچھ ٹوتھ پیسٹ ہونٹوں کو خشک کردیتے ہیں۔ اگر خشکی سے نجات حاصل نہیں ہورہی ہو تو ٹوتھ پیسٹ تبدیل کر کے دیکھیں ۔

اکثر دانتوں پر بریسز لگانے والوں کو خشک ہونٹوں کی شکایت رہتی ہے۔ ایسی صورت میں اپنے ڈینٹسٹ سے مشورہ کریں ۔

خواتین زیادہ تیز کیمیکل والی لپ اسٹکس سے اجتناب کریں ۔ قدرتی اجزا سے بنی لپ اسٹک خریدیں۔a

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں سیلف فنانس، یونیورسٹی سپورٹ پروگرام اور اسپیشل اسکیم کے تحت مختلف شعبوں میں سیٹیں خالی ہیں۔ ڈائریکٹر ایڈمیشن کے اعلامیہ کے مطابق جن امیدواروں نے 11اکتوبر 2015ء کو ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں کم از کم 40مارکس حاصل کئے تھے اور صوبہ سندھ کے کسی بھی ضلع کا ڈومیسائل رکھتے ہوں وہ امیدوار اس موقع سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ داخلے کے خواہشمند امیدوار11جنوری 2016ءتک ڈائریکٹر فنانس مہران یونیورسٹی کے نام پر ڈیمانڈ ڈرافٹ جمع کرائیں۔ مزید معلومات کے لئے مہران یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.muet.edu.pk وزٹ کریں۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے اعلامیہ کے مطابق ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل ضمنی امتحانات برائے 2015 کے امتحانی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہےجس کے مطابق ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل کے امتحانات 08 جنوری تا15 جنوری 2016 ء نیو کلاس رومز فیکلٹی آف سائنس نزد شعبہ فزیالوجی صبح 10:00 تا دوپہر 1:00 بجے منعقد ہوں گے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) پنجاب کے شہر ڈنگہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سے داعش کے دھمکی آمیز پمفلٹس برآمد ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع گجرات کے شہر ڈنگہ کا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول 5 جنوری کو حسب معمول کھلا تو تدریسی حصے سے داعش کے دھمکی آمیز پمفلٹس برآمد ہوئے۔ پمفلٹس پر تحریر تھا کہ ’’ہم اسامہ بن لادن کے شاگرد ہیں، اسکول کو بند کردو ورنہ ایک ہزار بچیوں کے نقصان کی ذمہ داری تم پر عائد ہو گی۔ داعش زندہ باد‘‘۔ لڑکیوں کے سرکاری اسکول کو دھمکی آمیز خط کے بعد پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے اسکول کا محاصرہ کر لیا اور اسکول کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی جب کہ واقعہ کے بعد طالبات کے والدین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔