ایمز ٹی وی (لاہور )پریس کانفرنس کے دوران پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی صوبائی حکومت کا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ دراصل کرپشن لائن منصوبہ ہے، اس سے صوبے کی معیشت بیٹھ جائے گی۔ جس چینی کمپنی کو اورنج لائن منصوبہ بنانےکا ٹھیکا دیاگیا ہے اسے کام کا تجربہ ہی نہیں ہے۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں ترقی کے بہترین منصوبے مکمل ہوئے، مسلم لیگ (ق) کی پنجاب حکومت نے لاہور میں زیر زمین میٹرو ٹرین کا منصوبہ بنایا تھا، اس کے علاوہ ہم نے پورا شہر ہی زیر زمین آباد کرنا تھا، جس سے صوبائی حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوتا۔ اس منصوبے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے کم شرح سود پر قرض بھی منظور کردیا تھا لیکن شہباز شریف نے اقتدار میں آ کر ہمارا منصوبہ ختم کر دیا.
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی پر ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کرنے کی اطلاع دی گئی۔ دوسری جانب شمالی کوریا میں 5.1 شدت کا زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا جب کہ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا میں آنے والا زلزلہ بھی ہائیڈروجن بم کی وجہ سے ہی آیا۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کا تجربہ دنیا کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ وائٹ ہاؤس نے شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا فوری طور پر ہائیڈروجن بم کے تجربے کی تصدیق نہیں کر سکتا تاہم شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ دھماکا ہائیڈروجن بم کا تھا یا نہیں اس کا پتہ چلانے میں عالمی ماہرین کو کئی روز لگ سکتے ہیں۔ شمالی کوریا باضابطہ طور پر ہائیڈروجن بم رکھنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے۔ ہائیڈروجن بم کا سب سے پہلا تجربہ امریکا نے یکم نومبر 1952 کو کیا تھا جب کہ روس، برطانیہ، فرانس اور چین کے پاس بھی ہائیڈروجن بم موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائیڈروجن بم ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہوتا ہے جب کہ ہائیڈروجن بم کے تجربے سے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی میں بھی اضافہ ہوگا۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)واشنگٹن امریکی شہراوریگن میں اپنی زمینیں حکومت سے واپس لینے کیلئےمظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا تفصیلات کے مطابق امریکی شہراوریگن میں سرکار سے اپنی زمینیں واپس حاصل کرنے کیلئے شہریوں نے مسلح ہوکرسرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات تسلیم ہونے تک سرکاری عمارتوں پر سے اپنا قبضہ ختم نا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مظاہرین کے مطابق سالوں قبل یہاں بسنے والے ایک خاندان سے زبردستی اس کی زمینیں چھینی گئیں اوراس خاندان کو فیڈرل ایجینسیوں کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مسلح مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر زبردستی انہیں ہٹانے کی کوشش کی گئی تو اپنا دفاع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ امریکی سیکورٹی اداروں نے اب تک اس مظاہرے پرردعمل کا اظہار نہیں کیا تاہم سرکاری طورپران مظاہرین سے پرامن طورپرعمارتوں کو خالی کرنے کا کہا جارہا ہے جبکہ مسلح مظاہرین نے اپنی اراضی واپس ملنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے
ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور کے علاقے ہنجروال میں لوگوں نے نہر کنارے اوور ہیڈ پل پر مشکوک بالٹی کی موجودگی پر پولیس کو اطلاع دی ۔ گشت پر مامور پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ جس نے بم کو ناکارہ بنادیا۔ جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم اب تک کسی قسم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ بالٹی میں موجود بم دیسی ساختہ اور اس کا وزن 10 کلو گرام سے زائد تھا اور اسے مزید تباہ کن بنانے کے لئے اس میں بڑی مقدار میں بال بیئرنگ رکھے گئے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا جانا تھا اور اس کا مقصد ممکنہ طور پر سیاسی اور پولیس افسران کو نشانہ بنایا جانا تھا کیونکہ اتنے زیادہ بارودی مواد کے ذریعے کئی گاڑیوں کو ایک ساتھ نشانہ بنایا جاسکتا ہے
ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) آپ نے پچھلے چند سالوں میں شاید ورچوئل رئیلیٹی کے بارے میں بہت کچھ سنا ہو گا لیکن، توقع ہے کہ اس سال آپ ورچوئل حقیقت کو حقیقت میں بدلتا دیکھ سکیں گے۔
ورچوئل رئیلیٹی کو اب تک ویڈیو گیمز کے ساتھ منسلک کیا جاتا رہا اور لوگوں کے دماغ میں اس ٹیکنالوجی کا نام سنتے ہی ویڈیو گیمز کے وی آر ہیڈ سیٹ مثلاً اوکیولس رفٹ یا مائیکرو سافٹ کے ہولو لینس گلاسسز کا خیال آتا ہے، جسے پہن کر انسان ویڈیو گیمز کی خیالی دنیا کے کردار بن جائیں گے لیکن، سائنس دان ورچوئل یا خیالی حقیقت کو گیمز کی ڈیجیٹل دنیا کے علاوہ زیادہ تعمیری شعبوں میں استعمال کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ورچوئل حقیقت کےحوالے سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال گیمز اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس برس زندگی کے مختلف شعبوں مثلاً صحافت، تعلیم، شاپنگ حتیٰ کہ طب کی دنیا میں اس حیرت انگیز ٹیکنالوجی کی توسیع کی توقع ہے جہاں آٹزم، ڈپریشن، پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر اور خوف کے مریضوں کا خیالی حقیقت کا استعمال کرتے ہوئے علاج کیا جائے گا۔
اکنامسٹ کی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سال 2016ء 'ورچوئل رئیلیٹی ٹیک اوور' کا سال ہو گا۔ جب وی آر گلاسسز کے ساتھ خیالی حقیقت ایک حقیقت ثابت ہو گی۔ ورچوئل گلاسز دراصل نگاہوں کے سامنے کمپیوٹر کی مدد سے ایک مصنوعی دنیا تشکیل کرتا ہے جو دیکھنے والے کو بالکل اصلی محسوس ہوتی ہے لیکن، حقیقت میں اس کا وجود نہیں ہوتا ہے تاہم یہ گوگل گلاسسز سے مختلف ٹیکنالوجی ہے۔
ورچوئل گلاسسز تیار کرنے والی اہم کمپنیاں ممکنہ طور پر اس برس ورچوئل رئیلیٹی کو مارکیٹ میں لا رہی ہیں اور توقع ہے کہ اسی سال ورچوئل گلاسسز کو انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں یقینی طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔ اس سلسلے میں فیس بک 'اوکیولس رفٹ' گلاسسز، مائیکروسافٹ 'ہولو لینس 'ہیڈ سیٹ اور سونی 'پلے اسٹیشن وی آر' متعارف کرانے کا اعلان کر چکی ہیں۔
ایچ ٹی سی کمپنی جو ایک ورچوئل ہیڈ سیٹ 'واوی' تیار کر رہی ہے اس کے ایک نمائندہ جے بی میک ری نے اس ویڈیو میں بتایا کہ بلاآخر ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں ٹیکنالوجی حقیقت سے قریب تر اور عمیق تجربہ فراہم کرنے کے قابل ہو گئی ہے اور آنے والے دنوں میں ہم لوگوں کو ایک دوسری دنیا میں بھیجنے کے قابل ہو جائیں گے جہاں وہ محسوس کریں گے کہ وہ حقیقت میں وہاں موجود ہیں۔
اس ویڈیو میں پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کے عارضے میں مبتلا ایک سابق فوجی کے لیے ورچوئل تھراپی کے استعمال کی وضاحت کی گئی ہے کہ کس طرح ذہنی امراض کے مریضوں کے علاج میں یہ ٹیکنالوجی مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔ ورچوئل تھراپی کے ساتھ کام کرنے والے ماہر نفسیات اسکیپ ریزو نے ویڈیو میں بتایا کہ ہم اس خیالی دنیا میں مریضوں کا ان کے خوف اور جذباتی مشکلات کے ساتھ سامنا کراتے ہیں، جن سے وہ خوف زدہ رہتے تھے۔
حال ہی میں ورچوئل رئیلیٹی کی مدد سے سرجنز حقیقی دنیا کی پیچیدگیوں کے بغیر سرجری انجام دینے کے قابل ہو گئے ہیں اور اس شعبے میں قیمتی تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ اس وی آر پروگرام کو کونکر موبائل کمپنی نے تیار کیا ہے جو سرجنز کو ایک ورچوئل آپریشن روم میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے جہاں وہ ایک حقیقی وقت میں ایک خیالی مریض کا آپریشن کرتے ہیں۔
اسی طرح وی آر گلاسسز کو گلوکوما کے مریضوں میں توازن بحال کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ 'جرنل افامولوجی 'جریدہ میں شائع ہونےوالے مطالعے میں کیلی فورنیایونیورسٹی اور سان ڈیاگو یونیورسٹی کے محققین نے آنکھ کی دائمی بیماری گلوکوما کے مریضوں میں توازن کی جانچ کے لیے اوکیولس رفٹ ہیڈ سیٹ کا استعمال کیا اور انھیں وی آر گلاسسز کے ساتھ ایک متحرک پلیٹ فارم پر کھڑا کیا نتیجے سے پتا چلا کہ وی آر گلاسسز کے ساتھ گلو کوما کے مریضوں نے گلوکوما کے بغیرمریضوں کےمقابلے میں 40 فیصد توازن دوبارہ حاصل کر لیا۔
جنوبی کوریا کے محققین نے منشیات اور شراب نوشی کی لت میں کمی کرنے کے لیے ورچوئل تھراپی کا استعمال کیا ہے۔
'سائبر سائیکلوجی اینڈ سوشل نیٹ ورکنگ 'جریدے میں شائع ہونے والے ایک مطالعے میں ایٹنگ ڈس آرڈر کے عارضے میں مبتلا خواتین کو ورچوئل حقیقت کے ذریعے ان کا دبلا پتلا خیالی پیکر دکھایا گیا۔ جس کے بعد انھوں نے زیادہ درست طریقے سے اپنے جسم کے سائز کا اندازا لگایا۔ ڈاکٹروں کے مطابق فریب نظر تصاویر ایک شخص کی یاداشت کو تبدیل کرنے کے قابل تھیں جو چیزوں کو سوچ کے نقطہ نظر سے دکھاتی ہے۔
اسی طرح نسلی تعصبات کم کرنے کے لیے رائل ہالو وے یونیورسٹی لندن اور یونیورسٹی آف بارسلونا کے محققین نے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سفید شرکاء کو سیاہ جلد رکھنے والے افراد کے خیالی پیکر میں تبدیل کر دیا تاکہ ان میں سیاہ فام سے ہمدردی کا جذبہ پیدا کیا جائے۔
ویڈیو میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس سال دنیا کی تقریباً 25 فیصد آبادی کے پاس اسمارٹ فون ہو گا۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے سالوں میں شاید ہماری زندگی کے تقریباً ہر ایک شعبے میں ورچوئل حقیقت کا پھیلاؤ اصل حقیقت بن جائےگا،خاص طورپر عملی دنیا مثلاً اسکولوں اور اسپتالوں میں وی آر گلاسسز کا استعمال یہ ثابت کر دے گا کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں کتنی طاقتور ثابت ہو سکتی ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ہیربن چین کے شہر ہیربن میں برف سے بنا شہر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ رنگ برنگی عمارتیں اورخوبصورت محلات جو لوگوں کی آنکھیں خیرہ کر رہے ہیں سب کے سب برف سے بنائے گئے ہیں۔ برف کا یہ شہر چین کے شہر ہاربن میں بنایا گیا ہے اس شہر کو بنانے میں تین لاکھ مربع میٹر سے زیادہ برف استعمال کی گئی ہے۔ یہاں برف سے بنی دنیا کی بلند ترین عمارت بھی ہے جس کی اونچائی اکیاون میٹر ہے۔ بچوں اور خواتین سمیت ہر عمر سے تعلق رکھنے والے ملکی و غیر ملکی سیاح اس منفرد شہرکو دیکھنے آرہے ہیں۔ یہاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جاتا ہےاور شرکاء کو محظوظ کرنے کیلئے رنگا رنگ تفریحی پروگرام بھی پیش کئے جاتے ہیں اس شاندار شہر میں دنیا بھر سے آئے ہوئے آرٹسٹ شریک ہیں جن کے فن پارے دیکھنے والوں کو حیران کئے ہوئے ہیں
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)واشنگٹن امریکی صدر براک اوباما نے کانگریس کی مخالفت کے باوجود خصوصی اختیارات کے تحت اسلحے کی فروخت کے حوالے سے نئے قوانین کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکا میں معصوم بچوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے صدر اوباما کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ امریکا میں بڑھتے ہوئے شدت پسندی کے واقعات کے سد باب کیلئے امریکی صدر براک اوباما نے اسلحے کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے سلسلے میں صدارتی حکم نامے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت اسلحہ خریدنے والوں کی زیادہ جانچ پڑتال کی جاسکے گی۔ صدر اوباما کے مطابق اسلحہ فروخت کرنے والوں کے پاس لائسنس ہونا چاہئیے جبکہ خریداروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی جس کیلئے ایف بی آئی میں اضافی اہلکار بھرتی کئے جائیں گے۔ نئے قوانین کے تحت وزارت دفاع، انصاف اور ہوم لینڈ سیکورٹی سمارٹ گن ٹیکنالوجی میں اسلحے کی سیفٹی میں اضافے کے طریقے تلاش کریں گے تاکہ بچے اسلحے کا استعمال نہ کر سکیں۔ اپنے خطاب کے دوران امریکا میں بچوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے صدر اوباما کی آنکھیں بھی بھر آئیں جبکہ دہشت گردی کے دیگر واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تمام مذاہب کو امریکا میں آزادی اورحفاظت کے ساتھ عبادت کی اجازت کا حق بھی یاد دلایا۔ صدر اوباما کے مطابق نئے قوانین میں کانگریس سے ذہنی صحت کی دیکھ بھال کیلئے پچاس کروڑ امریکی ڈالر کی منظوری کا بھی کہا جائے گا ۔ دوسری جانب ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل ٹیڈ کروز اور مارکو روبیو نے صدر اوباما کی اقدامات کی شدید مخالفت کی ہے۔ اسلحے کے خریدو فروخت کے حوالے سے صدر اوباما کے نئے اعلانات پر امریکا بھر کے اسلحہ ڈیلر شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ اسلحہ رکھنا ہر امریکی کا قانونی حق ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) برطانوی پارلیمان ہاؤس آف کامنز کے دو پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان صادق خان اور رحمان چشتی کو حال ہی میں کمیونٹی مشغولیت کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں برطانیہ کے قومی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ لیبر جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ صادق خان نے برطانیہ کے 'پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر 2015' کا ٹاپ اعزاز جیتا ہے جبکہ قدامت پسند جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ رحمٰن چشتی نے 'کنزرویٹیو پارٹی پیپلز چوائس آف دا ائیر 2015' کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ پیچ ورک فاونڈیشن کی سالانہ تقریب کے موقع پر ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر جناب جان برکاؤ نےایم پی آف دا ائیر کے ناموں کا اعلان کیا۔ ٹاپ ایوارڈز کے زمرے 'اوور آل پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر' کا فاتح لندن کے ٹوٹنگ بازو کے رکن پارلیمنٹ صادق خان کو قرار دیا گیا۔ کنزرویٹیو جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ رحمٰن چشتی کو کنزرویٹیو پارٹی کے پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر کے زمرے کا فاتح قرار دیا گیا۔ پیچ ورک فاونڈیشن کا سالانہ ایوارڈ ایسے ارکان پارلیمنٹ کو دیا جاتا ہے جو اپنے حلقے میں کمیونٹی مشغولیت کے فروغ کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس ایوارڈ کے لیے امیدواروں کی نامزدگی افراد یا عوامی سطح کی کمیونٹی تنظیموں کی جانب سے کی جاتی ہے، جس کے بعد غیر جانبدار ججز کے پینل کی طرف سے فاتح ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ایران کے نئے سفیر مہدی ہنر دوست کی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجی امور سرتاج عزیز سے ملاقات ہوئی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سرتاج عزیز نے ایران کے نئے سفیر برائے پاکستان منتخب ہونے پر مہدی ہنر دوست کو مباکباد دی انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سفیر کا دور کامیابی سے پورا ہوگا اس میں پیشہ وارانہ اور ذاتی تعلقات میں مزید بہتری آئی گی۔ اس موقع پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاک ایران دو طرفہ تعلقات میں مثبت شراکت بنانے خاص طور پر اقتصادی تعاون بڑھانے اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے سرتاج عزیز کو ایرانی وزیر خارجہ جاوید زریف کی جانب سے دیا گیا خیر سہگالی کا پیغام بھی دیا ۔