ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) چین کے سرد ترین شہر ہربن میں32ویں سالانہ آئس اینڈ اسنوفیسٹیول آج سے عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ برف کا یہ منفرد میلا دنیا کے چار عظیم اسنو فیسٹیولز میں سے ایک ہے جس میں ہر سال چین اور دنیا بھر سے برف کے مجسمہ ساز اور آرٹسٹ جمع ہوکر خوبصورت شاہکار تخلیق کرتے ہیں۔ رواں سال10ہزارسے زائد ورکرز اور آرٹسٹوں نے 6لاکھ اسکوائرمیٹر رقبے پر کئی میٹر اونچے ٹاورز اور شاندار آئس سلائیڈ کے علاوہ سینکڑوں برفیلے مجسمے تیار کیے ہیں۔ یہ برفانی میلہ ہر سال تقریباً ڈیڑھ ماہ تک چین کے شہر ہربن میں جاری رہتا ہے جہاں فروری کے اختتام تک سیاحوں کی بڑی تعداد برف سے بنائے گئے مجسمے اور آرٹ کے انمول نمونے دیکھنے جمع ہوتی ہے۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) پشاورکے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دل کے مریضوں کے علاج کے لیے مختص فنڈ ختم ہوگیا،اسپتال حکام نے تصدیق کی ہے کہ دل کے مریض علاج کے لیے آتے ہیں اورمایوس لوٹ جاتے ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ مالی سال 2014-15میں دل کے مریضوں کے علاج کیلئے 7 کروڑ67 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختص کی تھی تاہم رواں مالی سال 16۔2015 کے بجٹ میں دل کے مریضوں کے لیے کوئی رقم نہیں رکھی گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاج کے لیے اسپتال آنے والے دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ صرف ایک انجیوپلاسٹی پرڈیڑھ سے 2لاکھ روپے خرچہ آتا ہے جو غریبوں کے بس سے باہرہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ملک کے کئی شہروں میں بھرپور پزیرائی حاصل کرنے کے بعد انور مقصود کا نیا شاہکار سیاچن آگیا۔ پونے چودہ اگست، سوا چودہ اگست، آنگن ٹیڑھا،ہاف پلیٹ اور دھرنےجیسے ڈراموں کی کامیابی کے بعد کوپی کیٹس پروڈکشن کے لئے انور مقصود کی یہ تحریر برف سے ڈھکے دنیا کے سب سے اونچے فوجی محاذ کی نہیں بلکہ اپنے گھر اور گھر والوں سے دور اپنی جان دینے کو تیار ہر سپاہی کی کہانی ہے۔ موضوع کی پیچیدگی اور تناؤ کو بڑی مہارت سے کشیدگی کے بجائے مزاح سے پر کرتے انور مقصود کے مخصوص انداز میں لکھے گئے اس کھیل کے ہدایتکار داور محمود ہیں جس کی زیادہ تر کاسٹ بالکل نئے چہروں پر مشتمل ہے۔ اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان میں کامیابی کا سفر مکمل کرنے کے بعد انور مقصود اور داور محمود کا نیا شاہکار سیاچین کراچی آرٹس کونسل میں 28فروری تک روزانہ اسٹیج کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) گوجرانوالہ کی نجی یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات نے لیجنڈ قوال نصرت فتح علی خان کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروگرام کا انعقاد کیا ،شرکاء محفل نصرت فتح علی خان کی گائی قوالیوں پر جھومتے رہے۔ نصرت فتح علی خان کی یاد میں ہونے والے اس پروگرام میں قوالیوں کے سنگ سروں کے رنگ لیجنڈ قوال کے بھتیجے معظم علی خان اور مجاہد علی خان نے بکھیرے ۔ پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات اور انکی فیملیز نے قوالی کے اس ایونٹ کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا ، ایک طرف طلبہ دھمال ڈالتے نظر آئے تو دوسری جانب طالبات بھی پُرجوش انداز میں داد دیتی رہیں ۔ یونیورسٹی ٹیچر کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کی بدولت طلبہ نے اپنی صلاحیت کو منوایا ہے اور اُن کا یہ اعتماد مستقبل میں بھی انہیں فائدہ دے گا ۔