اسلام آباد: پاکستان بھر کی465 ماڈل کورٹس نے گزشتہ روز2012 مقدمات کا فیصلہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ سہیل ناصر کے دفتر سے جاری رپورٹ کے مطابق 182ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹس نے قتل کے 79 اور منشیات کے 180 مقدمات کافیصلہ سنا دیا۔ تمام عدالتوں نے کل 945 گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔
تیرانا: البانیہ میں 6.4 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق البانیہ کے دارالحکومت ترانا کے شمال مشرقی علاقے میں 1926 کے بعد سب سے زیادہ شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل میں زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز زیر زمین 10 کلومیٹر تک گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں سے افرا تفری مچ گئی اور شہری اپنے گھروں سے دیوانہ وار دوڑتے ہوئے کھلے میدان میں جمع ہوگئے۔ سب سے زیادہ نقصان ساحلی علاقے ڈریس میں ہوا جہاں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
ڈریس کی ایک تین منزلہ عمارت کے ملبے سے خاتون اور مرد کی لاشیں ملی ہیں، تھمانے کے علاقے میں ایک گھر کے ملبے سے سے بھی دولاشیں ملی ہیں جب کہ کربن میں خوفزدہ شخص نے عمارت سے چھلانگ لگائی اور گھر کر ہلاک ہوگیا۔
ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ مجموعی طور 6 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوئے ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ہزاروں افراد کو پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ فوج کو امدادی کاموں میں مدد کیلیے طلب کرلیا گیا ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نے بیچلر ز، ماسٹرز پروگرام میں اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں پر داخلے کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق بیچلر زاور ماسٹرز مارننگ پروگرام میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں،بی اے / ایل ایل بی پانچ سالہ ڈگری مارننگ پروگرام میں داخلوں اورمخصوص نشستوں (Reserved Seats )پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 28 نومبر 2019 ءتک توسیع کردی گئی ہے ۔
طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم ،فیس واﺅچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی سلورجوبلی کے موقع پر یونائیٹڈ کنگ کے تعاون سے نوتزئین وآرائش کردہ سیمینار ہال کی افتتاحی تقریب 27 نومبر کو ہوگی
جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی سلور جوبلی کے موقع پریونائیٹڈ کنگ کے تعاون سے نوتزئین وآرائش کردہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ یونائیٹڈ کنگ سیمینار ہال کی افتتاحی تقریب بروز بدھ27 نومبر2019 ءکودوپہرتین بجے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوگی ۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی صدارت کریں گے جبکہ چیئرپرسن شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہینہ ناز خطبہ استقبالیہ پیش کریں گی اور پروفیسرڈاکٹر سید اسد سعیدکلیدی خطاب کریں گے ۔
دیگر مقررین میں ملائشیاءکے قونصل جنرل خیرل نذران عبدالرحمن ،سیکریٹری فوڈ حکومت سندھ اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی لئیق احمد،سی ای او یونائیٹڈ کنگ شیخ محمد تحسین،سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ ،سابق چیئر مین آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن وقاص عظیم،پیٹرن ان چیف آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن شوکت علی سلیمان،وائس چیئر مین کراچی ایسوسی ایشن سویٹس اینڈ نمکوثاقب احمد، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عمرریحان اورفیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ عابد شامل ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی میں سالانہ قومی کانفرنس بعنوان: ”نظم مملکت کے اصول: ریاست مدینہ کے تناظر میں“ 27 نومبر کو ہوگی
سیرت چیئر جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور ایچ ای سی کے اشتراک سے سالانہ قومی کانفرنس بعنوان: ”نظم مملکت کے اصول: ریاست مدینہ کے تناظر میں“ کی افتتاحی تقریب بروز بدھ 27 نومبر 2019 ءکو صبح 9:30 بجے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقد ہوگی۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی صدارت کریں گے جبکہ وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ سندھ نثاراحمد کھوڑومہمان خصوصی اور بحرین کے قونصل جنرل یاسرعجلان مہمان اعزازی ہوں گے۔ڈائریکٹر سیرت چیئر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شہناز غازی خطبہ استقبالیہ پیش کریں گی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس کلیدی خطاب جبکہ صاحبزادہ معظم قریشی ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی بھی موضوع سے متعلق اظہار خیال کریں گے۔کانفرنس کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید غضنفر احمد کلمات تشکر اداکریں گے۔
مذکورہ کانفرنس میں امت مسلمہ کو نظم مملکت سے متعلق درپیش عصری مسائل کے اسباب وعلل ،تدارک ،لائحہ عمل عمل اور مجوزہ اقدامات سے متعلق اہلِ علم دلائل و براہین سے علمی مباحث پیش کریں گے
اسلام آباد: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے جب کہ ان کی تعیناتی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، عاصم سلیم باجوہ کو 4 سال کے لیے اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے جب کہ ان کی مدت ملازمت جوائنگ کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سابق ترجمان پاک فوج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں
اسلام آباد: اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت 9 اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے۔
کُل جماعتی اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں فرحت اللہ بابر، نئیر بخاری، مصطفی کھوکھر، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف کا وفد شریک ہےہ آفتاب خان شیرپاؤ، اے این پی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی، نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر حاصل بزنجو اور جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان انس نورانی بھی اجلاس میں شریک ہیں۔