اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی بنک اکاؤنٹس، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس پر سماعت کی۔ آصف علی زرداری کو عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا جبکہ فریال تالپور کو اڈیالہ جیل سے پیش کیا گیا۔
اسلام آناد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
درخواست گزار سمیع اللہ خان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے کیوں کہ ان کی تقریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار سے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر سے آپ کیوں پریشان ہیں، کیا آپ منتخب وزیراعظم کے خلاف ٹرائل کرانا چاہتے ہیں؟، کیا آپ نے کل کا ہمارا فیصلہ پڑھا ہے، توہین عدالت کے حوالے سے پہلے آگاہی نہیں تھی اب آجائےگی، عدالتیں تنقید سننے کے لیے تیار ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع کے خلاف مقدمہ واپس لینے کی استدعا مسترد کردی۔
سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے آرمی چیف کی مدت میں توسیع کے خلاف درخواست واپس لینے کی استدعا کی۔
عدالت نے کیس واپس لینے کی استدعامسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیس واپس لینے کیلئے ہاتھ سے لکھی درخواست کیساتھ کوئی بیان حلفی نہیں، معلوم نہیں مقدمہ آزادانہ طورپرواپس لیا جا رہا ہے یا نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم کو آرمی چیف تعینات کرنے کا اختیارنہیں، آرمی چیف تعینات کرنے کا اختیارصدر کا ہے، یہ کیا ہوا پہلے وزیراعظم نے توسیع کا لیٹرجاری کردیا، پھروزیراعظم کو بتایا گیا توسیع آپ نہیں کر سکتے، آرمی چیف کی توسیع کا نوٹیفکیشن 19 اگست کا ہے، 19 اگست کو نوٹیفکیشن ہوا تو وزیر اعظم نے کیا 21 اگست کو منظوری دی۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری چاہیے تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا صدر مملکت نے کابینہ کی منظوری سے پہلے ہی توسیع کی منظوری دی اور کیا کابینہ کی منظوری کے بعد صدر نے دوبارہ منظوری دی؟۔
واضح رہے کہ 19 اگست کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی گئی تھی۔ وزیراعظم آفس سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کردیا۔
اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف مشاورت کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں ںے احسن اقبال اور بلاول سے رابطہ کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری اور احسن اقبال کو ٹیلی فون کرکے 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت مخالف تحریک سے متعلق مشاورت ہوگی۔