کراچی: فیس بک نے خواتین صارفین کی آن لائن سیکیوریٹی کیلیے تصاویر پر مبنی ہدایت نامہ (انفو گرافکس) جاری کردیا۔
فیس بک کے مطابق اپنے پلیٹ فارم کو مزید محفوظ بنانے اور خواتین کیلیے اسے مزید خوشگوار جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
فیس بک نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ دوستی کی درخواستوں کو منظور کرنے سے قبل محتاط رہیں اور کسی ایسے شخص کی دوستی کی درخواست منظور کرنے میں بھی احتیاط برتیں جسے پہلے سے جانتی ہوں ہوسکتا ہے کوئی شخص ان کے واقف کی جعلی شناخت سے اکاؤنٹ بناکر دوستوں کی فہرست میں آنا چاہتا ہو،ضروری ہے ٹیگ کیے جانے کی سیٹنگ میں بھی اس بات کو لازم بنایا جائے کہ کوئی بھی دوست آپ کی منظوری کے بغیر آ پ کو کسی مواد یا پوسٹ میں ٹیگ نہ کرسکے ۔
پشاور:وزیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں سالانہ 90 ہزار خواتین چھاتی کے کینسر کا شکار ہونے لگیں ہیں جن میں 40 ہزار خواتین موت کا شکار ہوجاتی ہیں۔
پشاور میں عورتوں میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پہلے 10 سرفہرست کینسر میں عورتوں کا چھاتی کا کینسر ٹاپ پر ہے۔ صوبے میں سالانہ 90 ہزار خواتین چھاتی کے کینسر کا شکار ہورہی ہیں۔ بدقسمتی سے ان 90 ہزار میں سے 40 ہزار خواتین موت کا شکار ہوجاتی ہیں۔ حکومت ان اموات کو کم کرنے کے لئے تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔ جس کے لئے قانون سازی بھی زیر غور ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جلد ہی صوبے کا پہلا جدید ترین کینسر اسکریننگ سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا جب کہ نئے بننے والے انسٹی ٹیوٹ آف ہیپٹالوجی کی پوری ایک منزل چھاتی کے کینسر کا شکار عورتوں کے علاج کےلئے مختص ہوگی، جہاں خواتین کا مفت علاج ہوگا۔
اسلام آباد: حکومت کے خلاف لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کل منعقد ہوگی جس میں بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی یقین دہانی کرادی۔
ذرائع کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی۔
جے یو آئی کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس صبح 11 کے بجائے دن دو بجے ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر اے پی سی کا وقت تبدیل کیا گیا۔
ترجمان بلاول بھٹو کے مطابق اے پی سی میں چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی وفد شریک ہوگا جس میں پارٹی کے سینئر قائدین شامل ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن کی تحریک کے حوالے سے پارٹی کی پالیسی بھی اے پی سی میں رکھیں گے۔
لاہور: سری لنکا کو پاکستان کے ٹھکرائے ہوئے کوچز بھانے لگے، ممکنہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی بیٹنگ میں معاونت کیلیے گرانٹ فلاور سے بھی رابطہ کرلیا۔
سری لنکن ٹیم دورئہ پاکستان کی تیاری کے لیے کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہے، فی الحال عبوری کوچ رمیش رتنائیکے اور منیجر چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں، دسمبر کے پہلے ہفتے میں مکی آرتھر بطور ہیڈ کوچ اور شین میکڈرموٹ فیلڈنگ میں معاون کی حیثیت سے ٹیم کو جوائن کرلیں گے،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ان دنوں آسٹریلیا میں بطور مبصر سرگرم ہیں۔
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دینے والے گرانٹ فلاور کے ساتھ بھی رابطے میں ہے،ان کے ساتھ معاملات جلد طے پانے کا امکان ہے، پاور ہٹنگ ایکسپرٹ جولین ووڈ کی بھی جزوقتی خدمات حاصل کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم دورئہ پاکستان پر8 دسمبر کو روانہ ہوگی، اسے ایک ٹیسٹ راولپنڈی اور دوسرا کراچی میں کھیلنا ہے، مہمان ٹیم کا پاکستان کیلیے خدمات سرانجام دینے والے سابق کوچز کی رہنمائی میں کھیلنا شائقین کیلیے دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا، سری لنکن ٹیم میزبانوں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے دونوں سابق کوچز کی معلومات سے فائدہ اٹھائے گی۔
کراچی:برسبین میں ہارکے بعد پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو غلطیوں کا احساس ہو گیا۔
آسٹریلیا سے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور5رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ماہرین نے ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم کمبی نیشن پر بھی سوال اٹھائے تھے۔ مینجمنٹ کو بھی اپنی غلطیوں کا احساس ہو گیا اور دوسرے میچ کے لیے تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اوپنر امام الحق اور فاسٹ بولر محمد عباس کی شمولیت کا امکان روشن ہے،اس صورتحال میں شان مسعود کے ساتھ ممکنہ طور پر امام ہی اننگز کا آغاز کریں گے، اظہر کی پوزیشن تیسری ہوگی،امام الحق کے لیے حارث سہیل کو جگہ خالی کرنا پڑے گی جوپہلے میچ میں بدترین ناکامی کا شکار ہوئے تھے، ٹیم میں دوسری تبدیلی عمران خان سینئر کی جگہ محمد عباس کو شامل کرنے کی صورت میں ہوگی، انھیں برسبین میں نہ کھلانے پر ٹیم مینجمنٹ کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دریں اثنا پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو تلقین کی کہ وہ غلطیوں کو نہ دہرائیں اسی صورت میں اگلا میچ جیت سکیں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ کوچ و چیف سلیکٹر گوکہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی اننگز سے خوش مگر وہ چاہتے تھے کہ دونوں لمبی باری لیں، اس لیے آؤٹ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ فلڈ لائٹس میں دوسرا ٹیسٹ جمعے کو شروع ہوگا۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت جاری ہے جس میں ملکی سیاسی، معاشی و سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ کی 3 سالہ حج پالیسی کی تیاری میں درپیش مشکلات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ کو جیل ریفارمز پر بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد کابینہ 65 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کی رہائی سے متعلق فیصلہ کرے گی۔