پیر, 06 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(تجارت)چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے ذمے کل قرضے980 ارب روپے سے تجاوزکرگئے جس میں سندھ 256 ارب روپے کے ساتھ سب سے آگے جبکہ گلگت بلتستان کے ذمے سب سے کم قرضے ہیں۔
وفاقی حکومت کی طرح تمام صوبوں، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان نے اپنے اپنے صوبوں میں ترقیاتی پروگراموں کیلیے مختلف عالمی اداروں سے قرضوں کے مختلف پروگراموں کے تحت 9 ارب 35کروڑ ڈالر یعنی 980 ارب 33 کروڑ روپے سے زائدکے قرضے ادا کرنے ہیں جب کہ دستاویز کے مطابق تمام صوبوں میں سے قرضوں کے حوالے سے سندھ سب سے پہلے نمبر پر ہے۔
سندھ نے مختلف منصوبوں کیلیے 256 ارب 24 کروڑ روپے سے زائد کے 102 قرضے لیے ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے 30 جون تک عالمی اداروں سے مختلف شعبوں میں چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کیلیے 84 قرضے لے رکھے ہیں جن کی کل مالیت 125 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے عالمی امداد کے ساتھ مختلف پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں کیلیے قرضوں کے 84 پروگرام چل رہے ہیں اور صوبائی حکومت نے عالمی اداروں کو 45 ارب 66 کروڑ روپے سے زائدکی رقم ادا کرنی ہے، آزاد جموں وکشمیر حکومت نے 30 جون 2017تک مختلف بین الاقوامی امدادی اداروں کے16 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے واپس کرنے ہیں۔
آزاد کشمیر نے ترقیاتی منصوبوں کیلیے غیر ملکی اداروں سے21 قرضے لے رکھے ہیں، گلگت بلتستان کے ذمے سب سے کم قرضے ہیں اور گلگت بلتستان حکومت نے مختلف امدادی اداروں کو 40 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، گلگت بلتستان حکومت کے ذمے قرضے کے ایک پروگرام کے تحت واجب الادا رقم ہے۔
دستاویز کے مطابق یہ قرضے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ترقیاتی پروگراموں کی مد میں دیے گئے تھے اور مختلف ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو اس بات کی اجازت دی گئی تھی کہ وہ آئین کی شق167(4) کے تحت خود مختار ضمانت کے تحت مقامی اور بین الاقوامی قرضے لے سکتے ہیں، صوبوں کی جانب سے لیے جانے والے قرضوں کی شرائط وہی ہیں جو وفاقی حکومت اور عالمی امدادی اداروں کے درمیان طے کی ہوئی ہیں

 

 

ایمزٹی وی(سیاچن)گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں گزشتہ برس 30 دسمبر کو برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے تھے جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا تاہم کوششوں کے باوجود پاک فوج کے پانچوں جوان جانبر نہ ہوسکے۔
سیاچن گیاری میں برفانی تودے تلے دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کا نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے، شہدا کی نمازِ جنازہ گلگت ہیلی پیڈ میں ادا کی گئی جس میں فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل ثاقب محمود ملک سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ برفانی تودے میں دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 5 میں سے 3 جوانوں کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ اور ضلع غذر سے تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)ملک میں نئے سال کاآغاز یخ بستہ ہواؤں اور سرد لہروں سے ہو گا۔ گلگت سے کراچی تک ٹھنڈی ہوائیں تمام علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔ مزید ایک ہفتے تک میدانی اور وسطی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ، بارشیں کم ہونے سے میدانی علاقوں میں شدید دھند بنے گی۔
چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف نے پیش گوئی کی ہے کہ سال کا آغاز پاکستان میں کولڈ ویو سے ہو گا، گلگت سے کراچی تک یخ بستہ ہوائیں تمام علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔
ملک کے بیشتر حصوں میں موسم ان دنوں سرد اور خشک ہے، دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ ، راتیں سرد ہیں، بارشیں معمول سے کم ہونے کے باعث میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ پر کولڈ ویو ملک کے زیادہ تر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گی ، یخ بستہ ہوائیں ملک کے طول و عرض میں چلیں گی۔
ڈاکٹر محمد حنیف نے بتایا کہ کولڈ ویو کا ز یادہ فوکس بلوچستان میں رہے گا ،دو روز بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائیں گے ،کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی اور تمام میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو گا ، پاکستان کے بالائی علاقے بھی کولڈ ویو کے زیر اثر آئیں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جنوری میں معمول سے کم بارشیں ہو گی، بارشیں کم ہونے سے کولڈ ویو اور دھند بنتی ہے،مزید ایک ہفتے تک میدانی اور کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسم خشک رہے گا ،8 سے 10 روز بعد پنجاب اور کے پی کے بارانی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں کم ہونے سے میدانی علاقوں میں شدید دھند بنے گی،، دھند سے موٹر وے اور جی ٹی روڈ متاثر ہو گا ، شہری محتاط رہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(گلگت بلتستان) ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف گلگت سمیت مختلف علاقوں میں پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔
عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان اور مرکزی انجمن تاجران گلگت بلتستان کی اپیل پر گلگت بلتستان سمیت پورے علاقے میں نافذ کئے جانے والے ٹیکسسز کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ اس دوران گلگت بلتستان میں تمام چھوٹی بڑی دکانیں، کاروباری مراکز اور نجی تعلیمی ادارے بند رہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے مختلف مقامات پر مسافر محصور ہو کر رہ گئے۔
عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان اور مرکزی انجمن تاجراں گلگت بلتستان کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ جب تک گلگت بلتستان کو قومی سطح پر نمائندگی نہیں دی جاتی اس وقت تک کسی بھی طرح کے ٹیکسز کا نفاذ ناقابل قبول ہے۔ مظاہرین نے ٹیکسز کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)قبائلی مشران اور سیاسی رہنماﺅں پر مشتمل فاٹا گرینڈ الائنس نے قبائلی علاقوں کو علیحدہ صوبہ بنانے کےلئے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز نشتر ہال پشاور میں فاٹاگرینڈ الائنس کے زیراہتمام قبائل صوبہ تحریک کے نام پر گرینڈ قبائلی جرگہ کا انعقاد کیاگیاجس میں فاٹا گرینڈ الائنس کے سربراہ ملک خان مرجان، ملک سید جمال، سابق سفیرایازوزیر، بریگیڈیر ریٹائرڈ سید نذیر مہمند، ملک حبیب اورکزئی، ملک نائب خان سمیت تما م ایجنسیوں کے مشران، سیاستدان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی.
جرگہ سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھاکہ اگر گلگت بلتستان کو صوبہ جیسی حیثیت مل سکتی ہے تو فاٹا کو کیوں نہیں جبکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ بندوبستی علا قوں کے سیاست دان قبائل کی تقدیر کو بدلنے کی کو شش کر رہے ہیں جو کہ اپنے مقصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوںگے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)اوگرا نے تیل کی ترسیل کیلیے آئل ٹینکرزکے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ مقامی روٹ کے کرایے میں 64 فیصد اور لانگ روٹ کے کرایے میں20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ کرایوں میں اضافے کااطلاق یکم دسمبرسے ہو گا۔
اوگرا اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان آئیل ٹٰینکرز کے کرایوں میں اضافے پر اتفاق چند ہفتے قبل ہوا تھا تاہم اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پرآئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال دی ہوئی تھی جوکام کر گئی اوراوگرانے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 137کلومیٹرتک کے پہلے سلیب کیلیے تیل کی ترسیل کے کرایے میں 140روپے اضافے کے ساتھ 219 روپے سے بڑھا کر 360 روپے، 148 کلومیٹر سے 560 کلومیٹر تک کے سلیب کیلیے موجودہ ریٹ میں 20 ٖفیصداضافہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر پہاڑی علاقوں کیلئے تیل کی ترسیل کیلیے اس نوٹفیکیشن کا اطلاق نہیں ہو گا، ان علاقوں کیلیے اگلے مرحلے میں کرایوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) حکومت نے اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز کے قیام میں توسیع کردی گئی ہے.
رینجرز کے دو ہزار اور گلگت بلتستان اسکاﺅٹس کے پچاس دستے وفاقی دارالحکومت میں مزید تین ماہ تک تعینات رہیں گے۔

 

 

 
ایمز ٹی وی(چترال) پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ گلالئی الزامات انتہائی سنگین معاملہ ہے، بعض سیاست دانوں نے میڈیا میں جس طرح سے گلالئی پرحملہ کیا اس پر بہت دکھ ہوا، اگرکوئی خاتون الزام لگاتی ہے تو کم از کم اس کے اوراس کے خاندان کے بارے میں اس طرح کی نازیبا باتیں نہیں کرنی چاہئیں،ملک میں جنسی ہراساں کرنے کے حوالے سے قانون موجود ہے جس کے مطابق اس کیس کو حل کرنا چاہیے جب کہ پارلیمنٹ کے تحت ایسے قوانین ہونے چاہئیں کہ کوئی احتساب سے بالاترنہ ہو۔
 
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاست میں الزامات بررجحان ہے لیکن پیپلزپارٹی نے کبھی بھی الزام کی سیاست نہیں کی، شہبازشریف شکست کے ڈرسے این اے 120 کے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، 2018 کے الیکشن میں عوام (ن) لیگ کومسترد کریں گے جب کہ مجھ سے 2018 کا الیکشن چترال سے لڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔
 
آرٹیکل 62، 63 کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973 کے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے، ضیا اور آمریت کی ترامیم پر کام کرنا پڑے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ خواتین کے بھرپور کرداراداکرنے سے ملک کو فائدہ ہوگا، تمام سیاسی جماعتیں نوجوانوں کیلیے بھی پروگرام بنائیں جب کہ میں انتخابی اتحادنہیں چاہتاآزادانہ الیکشن لڑنا چاہتا ہوں۔

 

ایمزٹی وی (خیبرپختونخواہ) ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ریکٹراسکیل پر جن کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔
 
میڈیا ذرائع کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں سوات، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، بٹگرام اور میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔
 
جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
 
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی اور زیرزمین اس کی گہرائی 13 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز خیبرپختون خوا کا علاقہ کاغان تھا ۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج خیبرپختونخو، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، بہاولپور ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ترجمان محمد ایاز کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اوربوندا باندی کا امکان ہے اس کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بہاولپور(سٹی17، ائیرپورٹ06)، لاہور(سٹی14، پنجاب یونیورسٹی11، ائیرپورٹ06)، کوٹ ادو 11، ڈی جی خان، جوہرآباد 09، قصور 07، میانوالی، اوکاڑہ03، ملتان، لیہ بہاولنگر02، بھکر، گوجرانولہ01، مالم جبہ 07، کاکول03، سیدو شریف، دیر 02، لوئیر دیر 01،راولاکوٹ 19، گڑھی ڈوپٹہ 09 ، استور 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے مزبد بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق سبی میں 46، دالبندین،شہید بینظیر آباد45 ، دادو 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Page 3 of 14