ھفتہ, 29 جون 2024

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ورلڈ الیون میں شامل کرکٹرز کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاﺅنٹ پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں جب کہ پاکستانی امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہیں اور ورلڈ الیون کی
میزبانی کیلیے بے تاب ہیں
 
 
واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے، پاک فوج اور حکومتی تعاون کی بدولت زمبابوے اور بعد ازاں پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کا کامیابی سے لاہور میں انعقاد ممکن ہو سکا تھا جب کہ رلڈ الیون کے دورہ کے موقع پر بھی پاک فوج کی جانب سے خصوصی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے لاہورکے حلقہ این اے 120 میں ضمنی الیکشن کے لیے فوج کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت دفاع کو خط لکھ کرفوج تعینات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے ضمنی الیکشن میں پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے، پاک فوج کے جوان ووٹوں کی گنتی ختم ہونے تک تعینات رہیں گے جب کہ انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی و ترسیل بھی پاک فوج کی نگرانی میں ہوگی۔
واضح رہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے پاک فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا جب کہ ریٹرننگ افسر کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن سے فوج تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر پاکستان دہشتگردوں کی حمایت کرتا تو پھر ہمارے 73ہزار شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانیں کیوں جاتیں؟
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سے افغان میڈیا کے 9رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں پاک افغان سرحدی امور،باہمی تعلقات کے لئے میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق افغان میڈیا وفد کو ایک ہفتے کیلیے پاکستان آیا ہوا ہے، انھیں پاکستان کے مختلف علاقوں سمیت شمالی وزیرستان کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔
میجر جنرل آصف غفور نے افغان صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر پاکستان دہشتگردوں کی حمایت کرتا تو پھر ہمارے 73ہزار شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانیں کیوں جاتیں؟ امریکی فوجی افسران اور اہلکاروں کو حالیہ دورہ پاکستان کے دوران حقانی نیٹ ورک کے خلاف اقدامات کے شواہد فراہم کیے گئے تھے، افغانستان اور پاکستان مذاکرات کے ذریعے ہی تمام مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں، سرحدی میکنزم کا مقصد صرف اور صرف دہشت گردوں کو دونوں ممالک میں داخل ہونے سے روکنا ہے، افغانستان کو اس پر تحفظات ہیں تو ہمیں بتایا جائے کہ تیسرا راستہ کونسا ہے، افغانستان رضا مندہو تو سرحد پر پاکستانی سائیڈ کی طرح افغان سائیڈ پر بھی باڑ اور قلعے لگانے کو تیار ہیں جب کہ بھارت ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ ہمیں منفی چیزوں کی بجائے مثبت چیزوں پر توجہ دینی چاہیے۔ میڈیا کو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کر دار ادا کر ناچاہیے، ،سرحدیں بند کرنا اچھا اقدام ہے، پاک افغان سرحد پر آمدورفت کے بند راستے چھ سے نو ماہ میں کھول دیے جائیں گے، ابھی ان جگہوں پر طور خم اور چمن کی طرح آلات لگائے جارہے ہیں، پاکستان کی جانب سے سرحد پر نگرانی کا نظام قائم کر نے سے سرحد پار سے حملوں میں کمی آئی ہے، امید ہے کہ افغانستان بھی اپنی جانب ایسے اقدامات اٹھائیگا۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مولوی فضل اللہ افغانستان میں موجود ہے اور وہاں وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری لیتا ہے لیکن ہم یہ نہیں کہتے کہ افغان حکومت ان حملوں میں ملوث ہے، افغان حکومت نے پاکستان کو جن 64مطلوب افراد کی فہرست دی تھی اس میں شامل حقانی نیٹ ورک کے سات اراکین افغانستان میں مارے گئے ہیں۔ ہماری انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق اس فہرست میں درجنوں شدت پسند افغانستان میں موجود ہیں اور کئی مارے گئے ہیں، شمالی وزیرستان آپریشن کے بعد حقانی نیٹ ورک کا وہاں سے صفایا کیا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک مرتبہ پھر پاک فوج کی جانب سے افغان سیکیورٹی فورسز کو اپنے مراکز میں تربیت دینے کی پیش کش کی، انھوں نے کہاکہ امریکی اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک یا کسی اور گروپ کے درمیان مواصلاتی رابطوں کا پتہ لگا سکتی ہے، حقانی نیٹ ورک کے بارے میں پاکستان کی حمایت کا تاثر مضحکہ خیز ہے، افغانستان و پاکستان کے درمیان براہ راست اور آزادانہ تعلقات ہونے چاہئیں ،پاکستان اور افغانستان کو یہاں رہناہے اور بھارت اور دیگر یہاں سے چلے جائیں گے۔
علاوہ ازیں ترجمان پاک فوج نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صحافیوں کیلیے خیر سگالی کا پیغام بھیجا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونے والے دھماکے کے اصل ہدف وزیر اعلیٰ پنجاب تھے جنہوں نے اس دن سبزی منڈی کے قریب تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مقام کا دورہ کرنا تھا لیکن عین موقع پر دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا ، اس دہشت گردانہ حملے کے تمام افراد کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتا ر کر لیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی پہلے سے اطلاع تھی ، اس حملے کا اصل ہدف وزیر اعلیٰ پنجاب تھے جنہوں نے اس مقام کا اسی دن دورہ کرنا تھا لیکن عین موقع پر دہشت گردوں کو پولیس فورس پر حملے کا ٹارگٹ ملا جس کی وجہ سے خود کش حملہ آور نے خود کو پولیس اہلکاروں کے پاس اڑا دیا، اس حملے کے ماسٹر مائنڈسمیت تمام دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ان دہشت گردوں نے شہر کے باقی حصوں میں بھی دہشت گردی کے منصوبے بنائے ہوئے تھے ۔ سیکورٹی فورسز اس حوالے سے مزید کارروائیاں کر رہی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردوں کے نام نہیں بتایاجائے گا۔۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں آپریشن خیبر فور کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی اہداف حاصل کرلیے۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 15 جولائی سے خیبر فور آپریشن کیا تھا جو آج مکمل کر لیا گیا ہے، آپریشن بہت مشکل تھا لیکن اس دوران 253 کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرایا گیا۔
 
راجگال اور شوال میں ایک ایک دہشت گرد ہمارے نشانے پر تھا اور وہاں زمینی اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں، آپریشن کے دوران 52 دہشت گرد ہلاک اور 31 زخمی، جبکہ 4 نے خود کو فورسز کے حوالے کیا، اس دوران 2 سپاہی شہید جب کہ 6 زخمی بھی ہوئے۔ خیبر فور آپریشن کیلیے افغان سیکیورٹی فورسز سے بھی تعاون لیا گیا، آپریشن کے دوران 152 بارودی سرنگیں ناکارہ بنادی گئی ہیں۔ آئی ای ڈی بنانے کے ایک مواد پر میڈ ان انڈیا کا لیبل چسپاں ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے جہاں وہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے خود کش حملے کے زخمیوں کی عیادت کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف دورہ کے دوران سانحہ کوئٹہ کےزخمیوں کی عیادت کریں گے جب کہ اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کو سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ بھی دی جائیگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں پشین اسٹاپ کے قریب سیکیورٹی فورسز پر خود کش حملے میں 8 اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔

 

 

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو فوج کے ساتھ بہتر تعلقات بنانےمیں مدد ملے گی، برطانوی اخبار ایمز ٹی وی (برطانیہ)پاکستان کی طاقت ور فوج سے خاندانی تعلقات اور کابینہ میں اپنی خدمات کے دوران ایل این جی کے استعمال کی حمایت کی وجہ سے ہوسکتا ہے کہ نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو فوج کے ساتھ مشکل تعلقات کو بہتر بنانے اور توانائی کی کمی کو ختم کرنے میں مدد ملے ۔ بجٹ ایئرلائن کے شریک بانی اور اسکائی ڈائیونگ کے شوقین شاہد خاقان عباسی کے عہدے کی مدت کا تعین ان کے ان دو مسائل سے نمٹنے پر ہوسکے گا۔ برطرف وزیراعظم نے گزشتہ ماہ شاہد خاقان عباسی کو عارضی وزیراعظم بنایا تھا اور پھر ان کے خیالات میں اپنے بھائی کو طویل مدت کے لئے ترقی دینے کے منصوبے پر تبدیلی آگئی۔ اب 58 سالہ شاہد خاقان عباسی آئندہ انتخابات تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔اپوزیشن انہیں روکنے کی کوشش کرے گی جبکہ ووٹرز یہ دیکھیں گے کہ وہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں بطور رہنما کے کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ امریکی تعلیم یافتہ عباسی، نواز شریف کے کسی رسمی عہدے کے بغیر اتھارٹی استعمال کرنے کے کردار کے بارے میں بہت بے باک ہیں لیکن ان کے قریبی لوگوں کو توقع ہے کہ وہ فوج سے متعلق تھوڑی مختلف اپروچ اختیار کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے ایک سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ ’’نواز شریف کے مقابلے میں شاہد خاقان عباسی فوج سے بہتر کمیونیکیشن چینل بہتر تعلقات قائم کریں گے۔‘‘ ’’شاہد بہت حقیقت پسند ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ فوج موجود ہے اور وہ آپ کی خواہش سے چلی نہیں جائے گی۔‘‘نواز شریف کے اپنے تین ادوار میں فوج کے ساتھ تعلقات نارمل نہیں رہے اور ان کے کچھ اتحادی یہ اشارہ دیتے ہیںکہ سپریم کورٹ سے ان کی نااہلی میں فوج کے کچھ عناصر ملوث تھے۔ فوج اس کی تردید کرتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سیاستدان کہتے ہیں کہ شاہد خاقان عباسی کے فوج کے ساتھ خاندانی تعلقات کی وجہ سے ان کے فوج کے ساتھ تعلقات اطمینان بخش رہیں گے۔ ان کے والد ایئرفورس میں کموڈور تھے اور ان کے سسر آئی ایس آئی کے سربراہ تھے۔ فوجی سربراہ جنرل قمر باوجود کے ساتھ منگل کو اپنی پہلی ملاقات کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ ’’مادر وطن کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لئے پوری قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔‘‘ پاکستان میں فوج کی جانب سے سیاست میں مداخلت اور بغاوتیں ہوتی رہی ہیں جن میں سے ایک 1999 میں تھی جس میں نواز شریف سے حکومت چھین لی گئی تھی اور شاہد خاقان عباسی کو دو برس جیل میں گزارنے پڑے تھے۔ اس وقت فوج نے ان پر زور دیا تھا کہ وہ نواز شریف سے اپنی وفاداری تبدیل کرلیں لیکن انہوں نے انکار کردیا تھااور بطور وفادار ان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی تھی۔

اپوزیشن ان پر الزام لگاتی ہے کہ وہ ایک گروی رکھی ہوئی چیز کا کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ نواز شریف ہی اصل رہنما رہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ شاہد خاقان ایک نفیس اور تعلیم یافتہ شخص ہیں لیکن بنیادی طور پر وہ شو بوائے ہیں، جس کا مقصد محض قانونی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے پہلا کام یہ کیا ہے کہ انہوں نے پیٹرولیم اور پاور کی وزارتوں کو ضم کردیا ہے، یہ وہ اقدام ہے جس کی مغربی امداد دینے والے گزشتہ دس برس سے حمایت کر رہے تھے۔ وہ اب نئی وزارت توانائی کی سربراہی کریں گے۔ منگل کو انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل کے توانائی کے پلانٹس تیل کے بجائے گیس اور اندرون ملک پیدا ہونے والے کوئلے پر انحصار کریں گے۔ پاکستان نے ایل این جی پر جو داؤ لگایا تھا اس نے بہت فائدہ پہنچایا ہے۔ ابتدائی شکوک و شبہات کے باوجود مغربی کمپنیاں ٹرمینلز اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے جوق درجوق پہنچ رہی ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے وعدہ کیا ہے کہ 2018 کے الیکشن سے قبل بجلی کی کمی پوری ہوجائے گی جس سے 2018 کے انتخابات سے قبل ن لیگ کو بہت فائدہ ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)اپر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں دہشتگردوں کے حملے میں میجر سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اپر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ آپریشن کیا اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تودہشتگردوں نے فائرنگ کر دی اور2 دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں میجر علی سلمان سمیت 4 جوان شہید ہو گئے جبکہ فورسز کی فائرنگ سے ایک دہشتگرد مارا گیا ،شہدا ہونے والوں میں میجر علی سلمان ، حوالدارغلام نذیر،حوالداراختر اور سپاہی عبدالکریم شامل ہے،فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن مزید تیز کر دیاگیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں میڈیا ذرائع کے مطابق سلطان خیل درہ کے علاقہ میں شیر اتکل میں خودکش دھماکامیں 5 سکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے ، فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک دوسرے کو گرفتارکر لیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (آزادکشمیر)صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہولناک حشر سے دوچار ہوگی۔ مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس اس مرتبہ یوم نیلا بٹ کو تکمیل پاکستان کے طور پر منائے گی۔
مسلم کانفرنس نے کشمیر بنے گاپاکستان کا نعرہ دیا۔ اور اس کو عملی جامہ پہنا نے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ کشمیری قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑاہے ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی حلقہ 4پونچھ سردار صغیر چغتائی ،راجہ یاسین خان چیئر مین پارلیمانی بورڈ سردار ارشاد خان بھی موجود تھے ۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈر سے ملاقات کی
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی ، راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کونے کونے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی اداروں کا تعاون حاصل ہے اور امید ہے جلد ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا ، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے عوام اور تمام قومی اداروں کے درمیان تعاون کی فضا قائم کرنا ہوگی تاکہ عوام بلاخوف و خطر زندگی گزار سکیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کو یقین ہے کہ پاک فوج ان کی حفاظت کیلئے چاک و چوبند ہے اور آئندہ بھی ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی ۔