ھفتہ, 04 مئی 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں حلقہ بندیاں ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، عدالت نے پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹس جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے تینوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیا اقدامات کیے ہیں۔ عدالت نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے باوجود انتخابات کیوں نہیں کروائے جا رہے جس پر ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہا فیصلے میں کہا گیا تھا کہ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن نے کرنی ہیں ۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ اپنے طور پر اندازے نہ لگائیں یہ فیصلہ پنجاب اور سندھ سے متعلق تھا ۔ آپ کی بات مان لی جائے تو بلوچستان کے انتخابات کالعدم قرار دے دیئے جائیں گے ۔ جسٹس اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کے پی کے حکومت انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتی ،ایڈیشنل ایڈوووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہا کل صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کا مسودہ پیش کیا جائے گا ۔ چیف جسٹس نے کہا بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کے لیے تاخیری حربے اختیار کیے جا رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر صدارت پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انقلابی تحریک کو ملک بھر میں پھیلانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ مذاکرات پر بھی بات چیت ہوئی۔ طاہر القادری سے مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے بھی ملاقات کی۔ جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ڈی چوک سے دھرنا ختم نہیں ہو گا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری آج اہم اعلان کریں گے۔

ایمز ٹی وی(کراچی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ لاہور اور کراچی کے کامیاب جلسوں کے بعد موروثی سیاستدان حواس باختہ ہوچکے ہیں ، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ایکدوسرے کی انشورنس پالیسی ہیں اور یہ دونوں نااہل جماعتیں ملک پاکستان کی خیر خواہ نہیں ہیں ۔ یہ اپنی موروثی سیاست کو ہی جمہوریت سمجھتے ہیں لیکن دراصل حقیقی جمہوریت آج تک پاکستان میں آئی ہی نہیں ہے اس لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حقیقی جمہوریت کے لیے کوشاں ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے مرکزی میڈیا سیل کراچی کے اراکین سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور دھرنوں کے باعث عوام میں سیاسی شعور اجاگر ہوا ہے اس لیے آج عام پاکستانی اپنے حقوق کے حصول کے لیے ان بدمعاش اور کرپٹ حکمرانوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے ہیں ۔ آج حکمران ٹولہ جہاں بھی جاتا ہے انہیں وہاں عوام کے غیض و غضب اور گو نواز گو کے نعرے کا سامناکرنا پڑتا ہے جو جمہوری تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ 90کی دہائی نہیں ہے کہ قوم سبز باغ دکھا کر انہیں بےوقوف بنایا جاسکے بلکہ یہ 2014ہے جہاں آج ہر پاکستانی سیاسی سوج بوجھ رکھتے ہیں جو اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مستقبل کے لیے بھی فکرمند ہیں ۔ تحریک انصاف اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے جمہوری جدوجہد کررہی ہے اور پوری قوم کو جگا رہی ہے ، پاکستانی عوام یہ فیصلہ کرچکی ہے کہ اب وہ کسی صورت اس دھاندلی زدہ حکمرانوں کو برداشت نہیں کرینگے۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں امریکی رچرڈ اولسن نے ’ضرب عضب‘ کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ دھرنے پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ، کسی ایک فرد کے بیان پر وہ ردعمل نہیں دے سکتے تاہم امریکہ پاکستان میں غیرآئینی اقدام کے خلاف ہے ۔ 

اپنے ایک بیان میں امریکی سفیر کاکہناتھاکہ مظاہروں کے دوران امن وامان قائم رکھناحکومت کااختیارہے ،امریکہ پاکستان میں آئین کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں ، اظہاررائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ۔

اُنہوں نے کہاکہ امریکہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرناچاہتاہے ، آئندہ ماہ پاکستان سے تجارتی وفد امریکہ جائے گا اور امریکہ اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرے گا۔

اُنہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ”ضرب عضب“ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے موثراقدام ہے ، وہ دہشتگردی کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی حمایت کرتے ہیں ۔