ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور ہائی کورٹ میں پٹرول بحران کےخلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ لاہورہائی کورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ نےریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی کوبھی شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پٹرول بحران کاجوذمہ دار ہے اسے منظر عام پر لاناچاہئے۔ عدالت کے روبرو،وزارت پٹرولیم ،پاکستان سٹیٹ آئل اوراوگرا، کے نمائندے بھی پیش ہوئے۔  وفاقی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ پارکو کی تکنیکی خرابی اوردھند کے باعث تیل کی سپلائی نہ ہوئی جس سے بحران پیدا ہوا۔ تاہم اب بحران پر قابوپالیاگیاہے ۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئیندہ سماعت پر پٹرول بحران کی انکوائری کےلئے قائم کمیٹی کی رپورٹ، وزارت پٹرولیم اورآئل کمپنیوں کے اجلاس کے منٹس پیش کرنے کا حکم دیا۔

ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس مظہرعالم اور جسٹس روح الامین نے کیس کی سماعت کر تے ہوئے لاپتہ افراد کیس میں لئیق بادشاہ کے خاندان کے گیارہ افراد کے لاپتہ ہونے پر وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔ لیئق بادشاہ کا عدالت میں کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے تین افراد کو دہشت گردی کے شبہ میں گرفتار کیاگیاہے، جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے، جبکہ خاندان ہی کے تین افراد کی لاشیں کوہاٹ کے حراستی مرکز سے ان کے حوالے کی گئیں ۔ اسی طرح ان کے پانچ لاپتہ رشتے داروں کا بھی اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کو لاپتہ افراد کی رپورٹ جلد جمع کرانے کے احکامات جاری کردئے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) اعصام الحق نے مینز ڈبلز کے پہلے رائونڈ میں اپنے سربین ساتھی نیناڈ زیمونچ کی سنگت میں روسی پلیئر تیموریز گاباشیلوی اور قازقستان کے میخائل کوکوشین کو ہرادیا، پہلا سیٹ 6-7(7/9 سے ہارنے کے بعد اعصام اورنیناڈ نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے دیگر 2 سیٹ 6-4 اور6-3 سے جیت کر فتح حاصل کی۔ تیسرے رائونڈ میں جگہ بنانے کے لیے انھیں اسپینش جوڑی پبلو کارینو بسٹا اور گولیرمو گارشیا لوپز کا چیلنج درپیش ہوگا، مسکڈ ڈبلز میں اعصام کی پارٹنر روسی کھلاڑی ایلا کدریٹسووا ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے تحت تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کردیے ہیں جس میں جماعت الدعوۃ بھی شامل ہے، تاہم یہ فیصلہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورے کی بدولت نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہا ہے، کالعدم تنظیموں کو فنڈز فراہم کرنے والوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں مذہب کے نام پر تشدد قابل مذمت ہے، پاکستان کو بھارت میں مسلمانوں کو جلائے جانے کے واقعے پر بھی تشویش ہے۔ بھارت میں زبردستی ہندو بنائے جانے کی مہم انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ باراک اوباما کا دورہ نئی دہلی بھارت اور امریکا کا باہمی معاملہ ہے اس پر پاکستان کو تشویش نہیں، امید ہے کہ امریکی صدر دورہ بھارت کے دوران  کنٹرول لائن کشیدگی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلامی نظریاتی کونسل نے چیرمین مولانا اختر شیرانی کی سربراہی میں اجلاس کے دوران حکومت کو سفارش کی ہے کہ شوہر کی جانب سے بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں دینے کو قابل سزا جرم قرار دیا جائے ، ایک ساتھ 3 طلاقیں دینا سنت کے خلاف ہے۔ جو شخص اسٹیمپ پیپر پر اکھٹی 3 طلاقیں لکھے اسے بھی سزا دی جائے، پہلی طلاق پر شوہر کا بیوی سے رجوع کافی ہے جبکہ دوسری طلاق پردوبارہ نکاح کرناہوگا۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آف اسپنر سعید اجمل نے ورلڈ کپ میں شرکت کا عزم ظاہر کر دیا،  کا کہنا ہے کہ چنئی میں آفیشل بائیو مکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے کیلیے پُر امید ہوں جس کے بعد میگا ایونٹ کیلیے طلب کیا گیا تو ضرورغور کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ ایکشن کلیئر ہونے پر میری بولنگ میں پہلے  جیسا دم خم نہیں رہے گا، بازو کے خم کی قانونی حد کے اندر رہتے ہوئے ’’دوسرا‘‘  سمیت مزید 2 نئی گیندیں کرنے پر مہارت حاصل کر لی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سعید  اجمل کا کہنا تھا کہ کہ اگر چنئی میں آفیشل بائیو مکینک ٹیسٹ کلیئر کر بھی لیا تو ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کروںگا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی ہم آہنگی اور حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے رہنماء ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب مسلم ممالک میں عدم استحکام پیدا کرکے انہیں تباہ کررہا ہے۔

وفاقی وزیر نے دارالحکومت اسلام آباد میں جناح انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ 2 روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مسلم ممالک کو فنڈ فراہم کرکے وہاں اپنے نظریات کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب سے کسی بھی قسم کا پیسہ نہیں چاہتے، اب وقت آگیا ہے کہ سعودی امداد روک دی جائے۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ظالم حکمرانوں کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پیٹرول بحران کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ روز بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی جبکہ کمیٹی نے بحران کا ذمہ دار اوگرا کو ٹھہرا دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی اچانک قلت ہونا اوگرا کی سنگین ناکامی ہے۔ اجلاس نے پیٹرول کی قلت پر معطل کئے گئے 4 افسران کو معطل کرنے کے فیصلے کی بھی توثیق کردی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول بحران کا فوری طور پر حل نکالا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں کہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں حالیہ پیٹرول بحران کے سلسلے میں دائر درخواست کی سماعت کی ، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت اورآئل کمپنیوں نے لوٹ مار کے لئے مصنوعی بحران پید اکیا، اس بحران سے بجلی کا بحران بھی پیدا ہوسکتا ہے اس لئے عدالت عالیہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو معاملے کی تحقیقات کاحکم جاری کرے۔ اس موقعہ پر ہائی کورٹ کے جج جسٹس منصورعلی شاہ نے آیندہ سماعت پر وزارت پٹرولیم کے ذمے دار افسرکوطلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں مسئلہ حل کرنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور ارکان اسمبلی کو پارلیمنٹ میں بھی یہ معاملہ اٹھانا چاہیے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کی زیرصدارت پنجاب بھر میں پیٹرول بحران سے متعلق اجلاس جاری ہے جس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف، سیکریٹری پانی و بجلی اور قائم مقام سیکرٹری پیٹرولیم سمیت دیگر حکام شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو حکام کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیٹرول بحران پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر  وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قلت کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس لئے انہیں مشکل میں ڈالنے والے کسی ذمہ دار کو معاف نہیں کریں گے۔