ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمز ٹی وی ( اسلام آباد) امریکی وزیر خارجہ جان کیری کہتے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر کے لئے خطرہ ہیں، دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا۔اسلام آباد میں پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات کے بعد امریکی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ ہے، مذاکرات کے دوران خطے کی صورت حال اور امن وامان پر بات ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان کا تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی پھیلا رکھی ہے۔ کشمیر کے بغیر پاک بھارت مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔مشیر خارجہ  نے مزید کہا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں مربوط اورمضبوط آپریشن شروع کررکھا ہے، پاکستان نے اپنی مغربی سرحد پرامن کے لئے ایک لاکھ 70 ہزار فوج تعینات کی۔ آپریشن ضرب عضب کےبعد حقانی نیٹ ورک کو ختم کردیا گیا ہے اور اب وہ سرحد پار کارروائیاں نہیں کرسکتا۔ فاٹا میں تعمیر ترقی کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی ضرورت ہے اس کے علاوہ آئی ڈی پیز کی واپسی میں 10سے 12 ماہ  لگیں گے۔میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان آنے پر خوشی ہوئی، اسٹریٹجک مذاکرات پاک امریکا دوستی کو مضبوط کریں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر امریکی حکومت اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی تعاون جاری رہے گا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں، پاکستان نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ پاکستان، امریکا سمیت دوسرے ممالک کے لئے بھی خطرہ ہیں، دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا، افغانستان میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔جان کیری نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان میں سیکیورٹی اقدامات تیز کرنے کے لئے مدد کو تیارہے، امریکا پاکستان کو  فاٹا میں تعمیر و ترقی کے لئے 25کروڑ ڈالر دے گا ، اس کے علاوہ 25کروڑ ڈالر آئی ڈی پیز کی واپسی  کے لئے بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کا کردار کم ضرورہوا ہے لیکن ختم نہیں ہوا، امریکا افغان افواج کو ٹریننگ اور سیکیورٹی امور پر مدد فراہم کرتا رہے گا۔ باہمی تعلقات کو مثبت طریقے سے آگے  بڑھانا پاکستان اوربھارت دونوں کےمفاد میں ہے، امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے اقدامات کی حمایت کرتاہے۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) کرسٹیانو نے 37.66 فیصد ووٹ حاصل کر کے اپنے سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ ارجنٹائن کے لائنل میسی چار سال سے بلون ڈی اور جیتتے چلے آئے تھے اور انھیں گذشتہ سال رونالڈو ہی نے شکست سے ہمکنار کیا تھا۔ رونالڈو نے 2014 میں 43 مقابلوں میں 52 گول کیے ہیں۔ وہ اپنا انعام وصول کرتے وقت خاصے جذباتی دکھائی دیے۔

پرتگال کے کپتان رونالڈو نے بارسلونا کے لائنل میسی اور بایرن میونخ کے گول کیپر مانوئل نوئر کو ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)  وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی کارروائیوں میں ہندوستان ملوث ہے۔ تاہم، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے نئی افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے اس بات کو ممکن بنانے کی کوشش کی ہے کہ دونوں ملک اپنی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ڈان نیوز کے پروگرام فیصلہ عوام کا میں گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اقتدار میں آنے کے بعد یہ شرط رکھی ہے کہ اگر پاکستان ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے تو اسے چاہیے کہ وہ کشمیر کو بھول جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انڈیا کی اس شرط کو قبول کرنے سے پوری طرح سے انکار کیا ہے۔پاک-انڈیا سرحدی کشیدگی اور مذاکرات میں تعطل سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مودی کا ایجڈا کافی اوپن ہے کہ مذاکرات صرف ہندوستانی کی شرائط پر ہوسکتے ہیں، جو پاکستان کے لیے قبول کرنا ناممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب بھی چاہتا ہے کہ وہ ہر سطح پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرے، کیونکہ یہ پورے خطے کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایک وژن بنایا تھا جس کے تحت قومی سیکیورٹی کی حفاظت ایک اولین ترجیحی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے خطے میں پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماضی میں جو بھی پالیسی مرتب کیں، ان کا ملکی سیکیورٹی پر کوئی اچھا اثر نہیں ہوا ہے۔مشیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ خودمختاری اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، بلکہ ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم پڑوسی ملکوں کے ساتھ ایک مثبت طریقے سے ساتھ چل سکیں۔شدت پسندی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ پالیسی بہت ہی واضح ہے کہ ہم کسی بھی اچھے یا برے طالبان میں کسی قسم کی تفریق نہیں کرتے اور سب کے ساتھ اب ایک ہی طرح کی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد اب دہشت گردی کے مسئلے پر نا صرف سول، بلکہ فوجی قیادت بھی ایک میز پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جو شدت پسند افغانستان کی سزمین پر موجود ہیں ان کے خلاف وہاں کی افواج کارروائی کرے گی۔مشیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا دونوں ملکوں کی پالیسوں میں اہم تبدیلی ہوئی ہے اور اب ہماری کوشش ہے کہ سرحد پر دہشت گردی کی نقلِ حمل کو ناصرف روکا جائے، بلکہ ان پر نظر بھی رکھی جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اشرف غنی کے آنے کے بعد افغانستان کے حالات کی تمام تر ذمہ داری وہاں کی حکومت پر عائد ہوئی ہے اور پاکستان میں امن اُس وقت آسکتا ہے جب افغانستان مستحکم ہوگا.

 .ایمز ٹی وی (ملتان) بھکر سے ملتان جانے والی مسافر بس صبح ساڑھے سات بجے کروڑ پھاٹک پہنچی تو محمود کوٹ جانے والی خالی ریل کے انجن سے ٹکرا گئی جس کے نتجے میں 35 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرک ہیڈ کواٹر اسپتال لیہ اور تحصیل اسپتال کروڑ میں منتقل کردیا گیا۔ ریلوے ٹریک سے بس کے ملبہ کو ہٹاکر ٹریک بحال کرنے کا کام جاری ہے۔

ایمز ٹی وی (پنجاب) ذرائع کے مطابق سرائے عالم گیر کے دور دراز علاقے میں بولانی پولیس اسٹیشن کی حدود میں گاؤں ڈھوک کھجور کے ایک حجام نے  حجام اپنی دکان میں مبینہ طور پر رسالت مآب حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کہے۔اور مبینہ طور پر توہین رسالت ﷺ کا مرتکب ہوا، لیکن جب معاملہ پولیس اور علاقے کے دیگر لوگوں تک پہنچا تو ملزم آزاد کشمیر فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ملزم کے خلاف محمد بوٹا کی مدعت میں سیکشن 295C کے تحت ایف آئی آر نمبر 6/15 درج کی گئی۔جمعے کو پولیس نے ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

ایمز ٹی وی (آسلام آباد)دبئی حکام نے پاکستان کو مطلوب لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیر بلوچ کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاملات کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی جس کے بعد کسی بھی وقت عزیر بلوچ کو پاکستان لایا جا سکتا ہے واضح رہے کہ عزیر بلوچ جعلی پاسپورٹ پر براستہ ایران دبئی پہنچا تھا جسے گزشتہ ماہ انٹرپول نے دبئی سے گرفتار کیا تھا لیکن دبئی حکام کی جا نب سے لیاری گینگ وار کے سربراہ کو پاکستان کے حوالے کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیاتھا۔

ایمز ٹی وی(خیبر ایجنسی) سنڈانہ تیراہ کے علاقے میں شدت پسندوں کے ٹھکانے میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔خیبر ایجنسی کے علاقے سنڈانہ تیراہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانے میں موجود دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے بتایا جاتا ہے۔

ایمز ٹی وی ( اسلام آباد)  جامعہ حفصہ کی طالبات  نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو پاکستان آنے کی دعوت کو بغاوت قرار دے د یا۔سلام آباد پولیس نے وزارت داخلہ کو اسپیشل رپورٹ بھجوا کر قانونی کارروائی کیلئے رہنمائی بھی مانگ لی۔ رپورٹ کے مطابق شہداء فاؤنڈیشن کا بیان ریاست کے خلاف اعلان جنگ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبات کا بیان سیکشن 121،121 اے اور 505 ون اور ٹو کے زمرے میں آتا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ ریاست کےخلاف اعلان جنگ پر عمر قید یا موت کی سزا ہوسکتی ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین کا یہ ٹوئٹر پیغام، ان کی پارٹی قیادت اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے آئین میں 21 ویں ترمیم کی حمایت کے فیصلے سے بالکل متصادم ہے۔اس پیغام نے بلاول کے اپنے والد آصف علی زرداری سے اختلافات کی میڈیا رپورٹس کو بھی مزید ہوا دی ہے۔واضح رہے کہ چند میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے درمیان گزشتہ دنوں کچھ اختلافات نے جنم لیا اور اسی وجہ سے بلاول 27 دسمبر کو اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے لاڑکانہ نہیں آئے ، جب کہ ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔جبکہ پیپلز پارٹی کے یوتھ ونگ کی موجودگی میں ' ٹیم بلاول' نامی ویب سائٹ کا اجراء بھی بلاول بھٹو زرداری کے لیے اپنا حمایتی گروپ بنانے کی ایک کوشش معلوم ہوتی ہے۔پیپلز پارٹی کے ایک سینیئر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ '21 ویں ترمیم کے خلاف بلاول کے اس مضبوط ٹوئٹر پیغام سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس انتہائی اہم معاملے پر ان سے مشاورت نہیں کی گئی ، یہی وجہ کہ انھوں نے اپنے غصے کا اظہار کیا ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ ڈکٹیر شپ کے خلاف پیپلز پارٹی کی جدوجہد کو مد نظر رکھتے ہوئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مایوسی اور غصہ بجا اور قابل فہم ہے۔'بلاول چاہتے تھے کہ ان کے والد اور پارٹی اس ترمیم کی مخالفت کریں جو آئین کو فوجی عدالتوں کے قیام کی اجازت دیتی ہے، تاہم لگتا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد پیپلز پارٹی کے پاس فوجی عدالتوں کے حق میں فیصلہ دینے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں بچا تھا'۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل لطیف کھوسہ نے ڈان کوبتایا کہ پارٹی میں ہر کوئی 21 ویں ترمیم کے حوالے سے ایک نکتے پر متفق تھا۔ 'ہم نے یہ کڑوی گولی قومی مفاد کے لیے نگلی ہے۔ ہم نہیں چاہتے تھے کہ وزیراعظم یا دیگر سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری فوجی عدالتوں کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام دیں'۔لطیف کھوسہ کے مطابق انھوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی سے بھی بات کی، جو فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں ووٹ دینے پر خوش نہیں تھے۔' لیکن پشاورمیں طالبان دہشت گردوں کے حملے میں معصوم بچوں کی ہلاکت کے بعد ہم نے ملک میں امن کے قیام کے لیے دل پر پتھر رکھ کر یہ فیصلہ کیا'۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو چاہتے تھے کہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی طاقتیں اکٹھی ہوجائیں۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرادری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ وہ بلاول بھٹو کے اس ٹوئٹر پیغام کے حوالے سے سرعام کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

 ایمز ٹی وی ( فارن ڈیسک ) گزشتہ روز ایک مزاحیہ سیاسی رسالے کے دفتر پر فائرنگ کرنے والے ایک حملہ آور نے ازخود گرفتاری دے ی ہے جبکہ فرانسیسی پولیس کی جانب سے دیگر دو حملہ آوروں کی تلاش جاری۔خبر رساں ادارے اے پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آوروں کا تعلق ممکنہ طور پر یمن کے القاعدہ نیٹ ورک سے ہے۔فرانس کے صدر فرینسکو ہالینڈ نے جمعرات کو ملک میں یوم سوگ کا اعلان کردیا، جبکہ جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ رسالے کے دفتر پر حملے کا واقعہ ظلم و بربریت کی ایک غیرمعمولی مثال ہے۔حملے کے بعد فرانس میں قائم میڈیا کے دفاتر، عبادت گاہوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔