پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (صحت) قومی ادارہ برائے امراض قلب میں بے ترتیب دل کی دھڑکن کا کرایوایبلیشن کے ذریعے جدید علاج شروع کر دیا گیاہے۔ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کے مطابق جب دل کی دھڑکن بے ترتیب ہوجائے، معمول کی رفتار سے نہ چلے، اس کی ٹائمنگ یا قدرتی ترتیب سے ہٹ کر چلے تو اسے اردمیاز کہتے ہیں۔ یہ کسی صحت مند شخص کے ساتھ بھی ہوسکتاہے۔ اردمیاز کے نتیجے میں یکدم دل بند بھی ہو سکتاہے اور اچانک موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بے ترتیب دل کی دھڑکن کو ترتیب میں لانے کےلئے ادویات کے ذریعے علاج کیا جاتاہے، پیس میکر لگایا جاتا ہے، تاہم بعض مریضوں کی تکلیف دور کرنے کےلئے صرف ادویات کافی نہیں ہوتیں۔ اس کےلئے کرایوایبلیشن کا علاج کرنا پڑتا ہے جو ایسے ٹشو کو منجمد کرتا ہےجہاں غیر ضروری الیکٹریکل سرکٹ حرکت کر رہا ہو۔انہوں نے بتایا کہ بلون ایبلیشن شریانوں کی بے قابو پھڑپھڑاہٹ کو بھی قابو کرلیتا ہے۔ یہ جدید علاج این آئی سی وی ڈی میں شروع کر دیا گیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کے تعین اور اہداف مقرر کرنے کے لیے نجی شعبہ کی تیارکردہ متفقہ تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے تاکہ کاروباری ماحول میں خوشگواریت پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ اور برآمدات میں تحریک پیدا ہو سکے. لاہور چیمبرکے ایگزیکٹو ممبر ملک طاہر جاوید نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ بجٹ کے معاشی حصے سے بہتر نتائج کاروباری طبقہ کی کاوشوں کے مرہون منت ہوں گے ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مستقبل کی نقشہ گری اگر سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کے مطابق ہوئی تو لامحالہ محنت اور یکسوئی میں اضافہ اور نتائج زیادہ دلکش ہوں گے۔

ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ اگر نجی شعبہ کی کسی کمزوری کی آڑ میں تمام ٹریڈ باڈیز کی متفقہ تجاویز کو نظرانداز کرتے ہوئے سرکاری عمال نے بجٹ سازی کا پورا پراسس اپنے ہاتھاور صوابدید میں لینے کی کوشش کی تو اس کے نتائج اسی طرح کے ہوں گے جیسے سرکاری تحویل میں دیگر اداروں کے نکلے ہیں اس لیے ملک طاہر جاوید نے وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور ایف بی آر کے چیئرمین پر زور دیا ہے کہ سرکاری ماہرین کے تیار کردہ کسی چارٹ کو منظور کرانے کی بجائے نجی شعبہ کی تجاویز و سفارشات کی روشنی میں آئند ہ بجٹ ترتیب و تشکیل دیا جائے تاکہ کاروباری طبقہ میں یکسوئی کام کرنے کے جوش و جذبہ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومت اور کارو باری طبقہ کے مابین قائم خوشگوار تعلقات میں مزید پائیداری پیدا ہو سکے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ وہ لوگ جو درختوں اور سرسبز مقامات کے قریب رہتے ہیں انہیں موٹاپے، سستی اور افسردگی دور کرنے والی ادویات پر انحصار نہیں کرنا پڑتا۔

بریڈفورڈ میں ہونے والی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اسکاٹ لینڈمیں سہولتوں سے محروم لیکن سرسبز علاقے میں رہنے والے درمیانی عمر کے مردوں میں اپنے ہم رتبہ افراد کے مقابلے میں اموات کی شرح 16 فیصد کم تھی۔

 

اس سلسلے میں ادارہ برائے یورپین انوائرمینٹل پالیسی کے 11 محققین کی ایک جماعت نے ایک سال تک تحقیق کی اور 200 سے زائد اکیڈمک اسٹیڈیز کا جائزہ لیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) اپنے کمرے کی کھڑکی کھول کر سونا موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو سے بچاﺅ کا موثر طریقہ ہے۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق رات کو کمرے میں آنے والی ٹھنڈی ہوا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے شواہد سامنے آئے ہیں کہ جسم کا درجہ حرارت کچھ ڈگری بھی کم کرنا موٹاپے اور ذیابیطس جیسے عارضوں سے تحفظ دے سکتا ہے۔

اس سے قبل ایک ڈچ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ درجہ حرارت ایک ڈگری اضافہ ہی ہر سال صرف امریکا میں ہی ایک لاکھ ذیابیطس کے نئے کیسز کا باعث بن رہا ہے کیونکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے جسم خود کو گرم رکھنے کے لیے براﺅن فیٹ کو کم گھلاتا ہے جو کہ انسولین کی حساسیت اور وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔\

برطانوی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ خود کو ٹھنڈا رکھنا ذیابیطس اور موٹاپے کا خطرہ کم کرتا ہے کیونکہ ایسا ہونے سے انسولین کی حساسیت کا مسئلہ نہیں ہوتا۔ تحقیق کے مطابق مناسب نیند بھی موٹاپے اور ذیابیطس سے تحفظ دیتی ہے تو ہمارے خیال میں کمرے کی کھڑکی کھول کر ٹھنڈی ہوا میں سونا بھی اس خطرے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ خود کو ٹھنڈا رکھنے سے میٹابولک ریٹ بڑھتا ہے جس سے کیلوریز زیادہ جلتی ہیں۔

واضح رہے کہ انسانی جسم دو طرح کی چربی کا ذخیرہ کرتا ہے سفید اور بھوری۔ سفید چربی میں کیلوریز کا ذخیرہ ہوتا ہے جبکہ بھوری چربی گھل کر توانائی اور حرارت میں بدلتی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو گیارہ سال مکمل ہوگئے ہیں اور اس موقع پر اس نے لائیو ویڈیو کو زیادہ بہتر طریقے سے اسٹریم کرنے کا فیچر متعارف کرایا ہے۔ اپنی 11 ویں سالگرہ پر ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ اب صارفین اس پلیٹ فارم پر لائیو ویڈیو اسٹریم کے لیے پروفیشنل کیمروں اور ایڈیٹنگ سافٹ وئیر کا استعمال کرسکیں گے۔ گیارہ سال پہلے جب ٹوئٹر کو متعارف کرایا گیا تھا تو وہ 140 حروف تک محدود سوشل میڈیا تھا جس میں ہیش ٹیگ، بلیو چیک مارک، ری ٹوئیٹ یا لائیکس جیسے فیچرز نہیں تھے اور صارفین بس ٹوئیٹ کرسکتے تھے۔

مگر گزرے برسوں کے دوران ٹوئٹر میں تصاویر، ویڈیوز اور لائیو ویڈیو کو متعارف کرایا گیا اور سادہ ٹیکسٹ میسجز پلیٹ فارم کی شکل مکمل طور پر بدل دی گئی۔ اب ٹوئٹر نے پیری اسکوپ پروڈیوسر اے پی آئی نامی فیچر متعارف کرایا ہے جو کہ صارفین کو بیرونی ہارڈ ویئر سے نشریات نشر کرنے اور سافٹ ویئر سروسز کو ایپ کا حصہ بنانے کا موقع دیتا ہے۔

اس اَپ ڈیٹ کے بعد کوئی بھی پیری اسکوپ پر ایچ ڈی ویڈیوز بنا کر چلا سکتا ہے، بالکل ایسے ہی جیسے کہ یوٹیوب پر ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ٹوئٹر نے لائیو اسٹریمنگ کو اپنی ایپ کا باقاعدہ حصہ بنالیا تھا۔ اب ٹوئٹر پر آپ لائیو ویڈیوز نشر کرسکتے ہیں اور اس کے لیے پیری اسکوپ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ٹوئٹر کی آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ایپس پر کمپوز ٹوئیٹ بٹن پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے فوٹوز اور ویڈیو کے ساتھ اب لائیو کا آپشن بھی آئے گا۔ ٹوئٹر کو توقع ہے کہ پیری اسکوپ پروڈیوسر شیئرنگ کے لیے ایک اچھا ذریعہ ثابت ہوگا۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ فیس بک کے ببل چیٹ کو پسند نہیں کرتے تو آپ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ بہت جلد آپ کا نیوز فیڈ کچھ زیادہ ہی میسنجر سے مشابہت اختیار کرنے والا ہے۔ جی ہاں فیس بک نے ڈیسک ٹاپ اور موبائل ایپ میں لوگوں کے کمنٹس کو ہی چیٹ ونڈو جیسی شکل دینے کے فیچر کو متعارف کرا دیا ہے۔ اس فیچر میں صارفین کو ڈیسک ٹاپ پر ہر وقت ایک پوپ اَپ چیٹ ونڈو کا اُس وقت سامنا ہوتا ہے جب کوئی بھی فرینڈ کسی پوسٹ پر کمنٹ یا کمنٹ پر ریپلائی کرتا ہے۔

یہ فیچر گزشتہ چند روز سے آزمایا جارہا تھا مگر اب لگتا ہے کہ بتدریج اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس کے اسکرین شاٹ بھی ٹوئیٹر پر اب نظر آنے لگے ہیں جس میں یہ نیا فارمیٹ دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ فیچر ممکنہ طور پر فیس بک کی جانب سے صارفین کو اپنی پوسٹس سے انگیجمنٹ بڑھانے کا حصہ لگتا ہے۔

یہ سوشل میڈیا سائٹ اپنے صارفین کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ذاتی مواد کی شیئرنگ اور انگیجمنٹ کی خواہش مند ہے جو کہ تیزی سے گررہی ہے۔ فیس بک کو توقع ہے کہ اگر دوستوں کے کمنٹس کسی چیٹ ونڈو کی طرح نظر آئیں تو لوگ ان پر زیادہ ریپلائی کریں گے اور اس کا یہ مطلب بھی ہے کہ وہ اس سائٹ پر زیادہ وقت گزاریں گے اور آمدنی بڑھے گی۔ فیس بک کے مطابق ہم ہمیشہ اس سائٹ کو زیادہ بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی لیے ہم نیوز فیڈ پر کئی طرح کی اَپ ڈیٹس کو آزما رہے ہیں جن میں سے ایک کمنٹ کو چیٹ ونڈو کی شکل دینا بھی ہے

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ہانک کانگ کی ٹیم سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف اسلام آباد سے ہونے والے ڈیوس کپ مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔ ملک میں مخدوش سیکیورٹی صورتحال کے سبب 2010 کے بعد سے پاکستانی ٹیم ڈیوس کپ ایشین اوشیانا زون کے مقابلے بیرون ملک کھیلنے پر مجبور ہے لیکن گزشتہ ماہ ملک میں انٹرنیشنل ٹینس کی واپسی ہوئی تھی۔ پاکستان نے اسلام آباد میں منعقدہ ڈیوس کپ کے پہلے راؤنڈ میں 3-2 سے شکست دی تھی جو ملک میں 12 سال بعد پہلا ڈیوس کپ کا میچ تھا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ڈیوس کپ کمیٹی نے پاکستان اور ہانک کانگ کے درمیان میچز پاکستانی سرزمین پر کرانے کی منظوری دی تھی جسے ہانک کانگ ے چیلنج کیا تھا لیکن ایک آزادانہ ٹریبونل کی جانب سے پاکستان کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد ہانک کانگ نے میچ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ہانک کانگ کے فیصلے سے فیڈریشن اتفاق نہیں کرتی کیونکہ میچز کے انعقاد سے قبل ہم تمام کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین اور ٹیم کے افراد کی سیکیورٹی کو ملحوظ خاطر رکھ کر کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔ ہانک کانگ کی دستبرداری کے بعد پاکستان ایشین اوشیانا گروپ 2 کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گیا ہے جہاں وہ فلپائن اور تھائی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح کی میزبانی کرے گا۔

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک پر انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلے کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت نے سفارش کی ہے کہ کپاس کے زرعی پیداواری علاقے میں اضافہ کیا جا ئے،۔ چاول اور کجھور کی بہترین پیکنگ کے اقدامات اٹھائے جائیں، کجھور کی برآمدات کو بڑھاکر 150 ملین تک لے جایا جائے اورزمینداروں ، کاشتکاروں تک حکومتی امدادای پیکج پہنچانے کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر شبلی فراز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ دوران اجلاس چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ بیرونی تجارتی معاہدوں کی تفصیلات قائمہ کمیٹی ، پار لیمنٹ کو بھی فراہم کی جائیں اور بیرونی تجارتی معاہدوں کی نگرانی کے لئے پارلیمنٹ کا کردار بھی ہونا چاہیے، صرف ٹیکسٹائل کے شعبے پر توجہ کی بجائے دیگر شعبوں کو بھی پنپنے کا موقع دیا جائے۔

زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بننے کا عمل تشویشناک ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایگزیم بنک کے بورڈ ممبران زیادہ ہونے چاہیں اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے امدادی بنک جلد سے جلد اپنا کام شروع کرے۔ سیکرٹری وزارت نے بتایا کہ ایگزیم بنک کے بورڈ کا ایک ممبر وزارت تجارت سے ہے ، بنک کو فعال بنانا اور بورڈ ممبران کی تقرری وزارت خزانہ کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں کے لئے 11 ٹریڈ آفسیر لمز سے امتحان کے بعد منتخب ہو گئے ہیں، انہیں مختلف زبانوں کا کورس بھی کروا دیا گیا ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر کریم احمد خواجہ نے تجویز دی کہ قیام پاکستان کے وقت ہجرت کرجانے والے ہندو ، سکھ ، عیسائی،تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وفاقی سطح پر کانفرنس منعقد کی جائے۔

سرمایہ کاری بورڈ حکا م نے بتایا کہ بیرون ملک رابطوں میں اضافہ سے بیلا روس اور اٹلی کے سرمایہ کاروں نے دورے کیے ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کی توجہ میں اضافہ ہورہا ہے۔ کمیٹی نے سرمایہ کاری بورڈ کو چاروں صوبوں سے ملکر اسلام آباد میں کانفرنس منعقد کرنے کی سفارش کی۔وزارت کے حکام نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم کا ٹیکسٹائل پیکج آنے والے دنوں میں برآمدات بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ برآمدات بڑھانے کیلئے چھ ارب روپے کا الگ فنڈ رکھا گیا ہے، نئی مشینری منگوانے میں سہولیات دی گئیں ہیں اور وزارت خزانہ کو فنڈ ز میں اضافے کیلئے لکھا گیا ہے، ٹیکسٹائل کے علاوہ دوسرے شعبوں کیلئے بھی جون میں نیاپیکج دیا جائے گا۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ یہ بات تکلیف دہ ہے کہ بجلی یونٹ کی قیمت میں کمی کے باوجود بجلی کا ریٹ فی یونٹ 13 روپے ہے جبکہ ریفنڈ واپس نہیں کیے گئے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر موجود اکنامک زونز کے ذریعے برآمدات کو بڑھانے کیلئے کیا منصوبہ بندی اور پالیسی بنائی گئی ہے اس حوالے سے تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔ سرمایہ کار ی بورڈ کے حکام نے بتایا کہ صنعتی معاشی زونز میں کسٹم ڈیوٹی نہیں دس سال تک ٹیکس فری ہیں۔ چینی اکنامک زونز میں صرف جدید ٹیکنالوجی کی مشینری کی اجازت ہوگی تاکہ مقامی صنعت متاثر نہ ہو۔ سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا کہ گوادر میں صاف پانی موجود نہیں، کاغذی کارروائیوں سے آگے بڑھ کر سہولیات کا بندوبست کرنے کا سوچا جائے۔ ٹی ڈیپ حکام نے آگاہ کیا کہ کراچی کے صنعت کاروں نے اسٹاک ایکسچینج اور جائیدار کی خرید و فروخت میں سرمایہ کاری شروع کر دی ہے۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بننے کا عمل تشویشناک ہے۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ز الیاس بلور ، نسیمہ احسان ، کریم احمد خواجہ کے علاوہ سیکرٹری وزارت اور وزارت سے ملحقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں محمدعرفان نے پی سی بی کے الزامات چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمدعرفان اسپاٹ فکسنگ کیس میں بورڈ کے الزامات کو چیلنج نہیں کریں گے۔

فاسٹ باولر پی سی بی کی چارج شیٹ کا جواب آئندہ چند روز میں جمع کرادیں گے۔ ذرائع کے مطابق الزامات تسلیم کرنے کے بعد کارروائی کا فیصلہ پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی کرے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پاکستان باالخصوص کراچی کو منافع بخش اور محفوظ سرمایہ کاری کے لیے پرکشش قرار دیا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو یہاں کاروبار کرنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے تجارتی گروپ کے سربراہ اور الزرعونی فاؤنڈیشن کے چیئر مین سہیل محمد الرزعونی کے کراچی میں واقع پیلس میں باہمی تجارتی امور اور دوستانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہاکہ یواے ای اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کئی دہائیوں سے شاندار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کاروباری لحاظ سے پاکستان یواے ای کا ایک بڑا بزنس پارٹنر ہے ۔

کئی پاکستانی کمپنیاں کامیابی کے ساتھ وہاں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں پاکستانی ورکرز اماراتی معیشت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے بزنس گروپ کے سربراہ اور الزرعونی فاؤنڈیشن کے چیئر مین سہیل محمد الرزعونی نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے یواے ای کے لیے نیک جذبات کے اظہار پر اماراتی تاجر برادری کی طرف سے بھی اسی قسم کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اماراتی تاجروں کا دوسرا گھر ہے۔بیشتر تاجراور وفود مستقل بنیادوں پر پاکستان کا دورہ کرتے ہیں اور خاص طور پراپنی فیملیز کے ہمراہ کراچی میں سیروتفریح کے لیے آتے ہیں جوکہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور بھائی چارگی کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور بے روزگاری کے خاتمے میں بھی بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ورکرز بڑی تعداد یواے ای میں باعزت روزگار کے ذریعے کثیر زرمبادلہ وطن بھیج رہے ہیں اور اپنے خاندان کی باعزت طریقے سے کفالت کررہے ہیں۔ سہیل محمد الرزعونی نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان ایک پرکشش ملک ہے جبکہ کراچی کاروباری و سرمایہ کاری کے لحاظ سے دنیا کے بہترین ممالک کی صف میں شامل ہے تاہم سرمایہ کاروں کو یہاں راغب کرنے کے لیے اُن کے سرمائے کو محفوظ بنانے کے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے خصوصاً امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری لانی ہوگی تاکہ اماراتی تاجر بلاخوف وخطر پاکستان کا دورہ کرسکیں گے۔ انہوں نے سندھ حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ یواے ای کے تاجر سندھ حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی تعاون کا یہ عمل جاری رہے گا۔