پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پرمقدس ہستیوں کی توہین کسی صورت برداشت نہیں اگر اس حوالے سے سخت ترین اقدام اٹھانا پڑا تواس سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا
 
تھا کہ سوشل میڈیا پر کچھ عرصے سے ناپاک جسارت کی جارہی ہے جو ناقابل قبول ہے جب کہ توہین آمیز مواد کا مسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں عالم اسلام کا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اس معاملے پر جمعے کو تمام مسلم ممالک کے سفیروں کو بلایا جائے کیوں کہ مسلم ممالک کے مشترکہ لائحہ عمل سے زیادہ مثبت اثر پڑے گا۔
 
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ توہین آمیزموادکےمعاملے پرعدالتی احکامات کی روشنی میں کردارادا کررہےہیں جب کہ سوشل میڈیا اگراسی راہ پر رہا تو سخت ترین اقدامات کریں گے اور جوسخت ترین قدم اٹھائیں گے وہ سب کے سامنے آجائے گا کیوں کہ سوشل میڈیا مذہب اور ایمان سے زیادہ اہم نہیں اور ہم کسی پر توہین رسالت ﷺکا الزام نہیں لگا رہے لیکن جو اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
 
وفاقی وزیر داخلہ نے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شرجیل میمن صحیح تھے تو دو سال باہر کیوں رہے انہیں سوچنے اور صفائی پیش کرنے میں 2 سال لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا کے جھرمٹ میں آتے ہیں اور ہیرو بنے پھرتے ہیں، اپنی صفائی پیش نہیں کرتے اور مجھ پر الزامات لگائے جاتے ہیں، کیا ہر کرپٹ آدمی کو پکڑنے کے پیچھے میں ہوں، اگر ایسا ہے تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔
 
چوہدری نثار نے کہا کہ احتساب تب ہوگا جب تمام طبقے اپنی صفوں میں خود احتساب کی روایت ڈالیں گے، پیپلزپارٹی نے اپنے سیاسی ورکر کو چیرمین نیب لگایا جب کہ موجودہ چیرمین نیب اپوزیشن کی مشاورت سے تعینات کیے گئے۔ وزیرداخلہ کا وزیراعلیٰ سندھ کے وفاقی اداروں کو صوبے سے نکالنے کے بیان پر کہنا تھا کہ کوئی صوبہ کسی وزیراعلیٰ کی جاگیر نہیں کہ کس ادارے کو کام کرنا ہے اور کسے نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایبٹ آباد اے ٹی آر طیارے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے جس کے مطابق طیارے کا انجن خراب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
میڈیا کے مطابق حویلیاں کے قریب حادثے کا نشانہ بننے والے اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو موصول ہو گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی آر طیارے کا انجن خراب تھا ۔سیکریٹری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں طیارے کے انجن خراب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ کی روشنی میں طیارے کے کچھ حصے فرانس بھیج دئیے ہیں جبکہ طیارے کا انجن تحقیقات کے لیے کینیڈا بھیج دیا گیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ کاک پٹ میں موجود عملے کی گفتگو بھی بلیک باکس نے ریکارڈ کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاننے کی کوشش میں ہیں کہ انجن نے کام کرنا کیوں چھوڑا ،تین مہینوں کے اندر کسی حتمی نتیجے تک پہنچ جائیں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عبداللہ شیخ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اپنی غلطیاں تسلیم کرنے والے لوگ ہیں، لوگ اپنا موقف فائدہ دیکھ کربدل لیتے ہیں،ہم نے کسی کو پارٹی میں شمولیت کا نہیں کہا، ہم نے کسی سے دشمنی نہیں کی، ہم نے پہلے دن سے کوئی بات جھوٹ نہیں بولی، کسی کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں ہے، جب ہماری بات صحیح ثابت ہوجاتی ہے تو لوگ ہماری طرف چل پڑتے ہیں۔ ہمارے پاس بہت بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں، شیخ عبداللہ آخری نہیں، ہم سے کئی اور بھی بہت سے لوگ رابطے میں ہے۔
دعا ہے لوگوں میں اتنی ہمت ہو کہ وہ سچ کے قافلے میں شامل ہوں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جمعرات کو ہم اپنی پارٹی کا پہلا یوم تاسیس منائیں گے، یہ یوم تاسیس یوم پاکستان کی مناسبت سے منایا جائے گا۔ کل نشتر پارک میں پی ایس پی کا عظیم الشان کنونشن ہوگا، کارکنان کل 3 بجے گراونڈ میں پہنچنے کی کوشش کریں، پی ایس پی کے پنڈال میں ہر زبان اور نسل کے لوگ نظر آئیں گے۔
اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی شیخ عبداللہ نے کہا کہ 22 اگست کی تقریرکے بعد کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان توڑنے کی باتیں کرنے والوں کے ساتھ ہمدردی نہیں کی جاسکتی، ہمیں ملک کا غدارکوئی نہ کہے، ہم پاکستان کے وفادار ہیں اوررہیں گے، کسی نے پی ایس پی میں شمولیت کا نہیں کہا، مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی کے ساتھ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گا.

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ سے ملاقات کی ہے ۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے پیغام جاری کیا اور کورکمانڈر پشاور کے ساتھ ملاقات میں وادی تیراہ میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے نشے کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے اتفاق کیا گیا ۔
 
قبل ازیں اپنی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے شہرت رکھنے والے شاہد آفریدی نے کوہاٹ میں آغوش الخدمت کوہاٹ فاﺅنڈیشن کو 50 لاکھ روپے عطیہ دینے کے موقع پر آفریدی نے کہا کہ” مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں اس عظیم مقصد میں حصہ ڈالنے کیلئے یہاں موجود ہوں“۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی قائد الطاف حسین کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے وطن لایا جائے۔
کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے 2 مقدمات آرٹلری میدان تھانے میں درج ہیں، وزارت داخلہ متحدہ قائد الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرے اور ملزم کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زیر سماعت مقدمات میں پولیس کو حکم دیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری کے لیے انٹر پول سے رجوع کیا جائے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ملک بھر میں کل یوم پاکستان منا یا جائے گا جس میں پہلی بار چینی دستی اور ترکی ملٹری بینڈ کے اہلکار بھی حصہ لیں گے، اس سلسلے میں ہونیوالی فل ڈریس ریہرسل میں بھی چینی دستے نے حصہ لیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ چینی فوجی دستے بھی 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں حصہ لیں گے ۔
انہوں نے کہا تھا کہ ترکی کا ملٹری بینڈ بھی پریڈ میں حصہ لے گا ۔پریڈ کے سلسلے میں چینی دستوں اور ترکی کے اہلکاروں نے ریہرسل میں بھی حصہ لیا ۔اس موقع پر چینی دستوں نے اپنی خوبصورت آواز میں جیوے جیوے پاکستان ملی نغمہ بھی گا یا۔

 

ایمز ٹی وی (تجارت)ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں 3 روپے سے لے کر 42 روپے فی کلو کمی کر دی گئی ،نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے دالوں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے

جس کے مطابق مونگ دھلی ہوئی کی قیمت 108 روپے سے کم کر کے 105 روپے فی کلو، دال مسور 110 روپے فی کلو سے کم کر کے 105 روپے ، دال چنا 120 روپے سے کم ہو کر 110 روپے، کالا چنا 110 روپے سے کم ہو کر سو روپے ، ماش ثابت 180 روپے سے کم ہو کر 150 روپے فی کلو کر دی ہو گئی ہے ۔ مونگ چھلکہ 125 روپے سے کم کرکے 110 روپےفی کلو جبکہ ماش چھلکہ کی قیمت 252 روپے سے 210 روپے فی کلو کمی کر دی گئی ہے ۔

ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کہتے ہیں کھلاڑیوں کے اسپاٹ فکسنگ کیس میں ایف آئی اے کو تحقیقات سے منع نہیں کیا ۔ وہ کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں مگر ابھی تک کھلاڑیوں کا جرم ثابت نہیں ہوا ۔

ایسی صورت میں فوجداری تحقیقات کیسے ہوں گی؟ ایف آئی اے بکیز کے پیچھے جائے ،انھیں پکڑ کر لائے ۔پی سی بی ایسا نہیں کر سکتا ۔ نجم سیٹھی کا کہناہےکہ پی سی بی کی تحقیقات ،پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق ہیں۔اس وقت تک کسی پر جرم ثابت نہیں ہوا ہے۔

ایف آئی پھر بھی چاہتی ہے تو کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نےپی سی بی اور ایف آئی اے کے درمیان کسی تناؤ کو رد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور ایف آئی اے کے درمیان کوئی تناؤ نہیں ۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی بکیز کے پیچھے نہیں جاسکتا،ایف آئی اے بکیز کے پیچھے جائے اور انہیں پکڑے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (اںٹر ٹینمنیٹ) بھارتی ماڈل اور ٹی وی اینکر خوشبو بھٹ نے خودکشی کرلی۔ احمد آباد میں 27 سالہ ماڈل خوشبو بھٹ نے اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

بھارتی ماڈل جودھپور میں اپنے والد منیش اور دادی کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خوشبو بھٹ نے خودکشی سے قبل کوئی تحریر نہیں چھوڑی تاہم تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) تھر میں کوئلہ نکالنے کے لئے تیزی سے کام ہورہا ہے۔ اب تک 70 میٹر سے زائد کھدائی کی جاچکی ہے۔ عام طور پر کہا جاتا ہےپاکستان کے توانائی بحران کا حل تھر میں دفن ہے، گزشتہ سال اپریل میں تھر کے ایک بلاک سے سالانہ 38 لاکھ ٹن کوئلہ نکالنے کے کام کا آغاز ہوا۔

تھر کی زمین ریتیلی ہے اس لئے یہاں اوپن پٹ میں کام ہوگا جس کے لئے 112 کیوبک میٹر ریت ہٹانے کا کام جاری ہے۔ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے عہدیدار آفتاب نعیم پاشا نے کہا کہ مائننگ کمپنی مستقبل میں کول فیلڈ کو مغرب کی جانب بڑھائے گی جہاں تقریباً دو کلو میٹر پر آبادی ہے، جسے دوسری جگہ منتقل کرنےکے لئے گھر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہائش کے علاوہ تھر کول منصوبہ لوگوں کو روزگار بھی فراہم کررہا ہے۔

ایک جانب یہ پیش رفت ہے اور دوسری جانب کوئلے سے 330 میگا واٹ بجلی بنانے کے دو پلانٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے 2019 کی پہلی ششماہی تک تھر سے نکلنے والے کوئلےسے بجلی بننے کا عمل شروع ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔