جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں بارش سے متاثر ہونے والا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ نے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ ہدف کے تعاقب میں دوران میچ بارش ہوگئی جس کے بعد کھیل کو 18 اوورز تک محدود کردیا گیا اور دفاعی چیمپئن کو جیت کے لئے 173 رنز کا ہدف ملا جسے شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن کی شاندار اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائٹیڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
 
ڈیان اسمتھ 55، بریڈ ہیڈن 73 اور شرجیل خان ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شین واٹسن 26 اورسیم بلنگ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پشاور زلمی کی جانب سے جنید خان، حسن علی اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بریڈ ہیڈن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کا آغاز مایوس کن رہا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد حفیظ عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر کامران اکمل اور ڈیوڈ میلان کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی اور دونوں بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 122 تک پہنچا تو ڈیوڈ میلان 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز این مورگن ایک رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
چوتھی وکٹ پر حارث سہیل اور کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور150 کے مجموعے پر کامران اکمل 88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 48 گیندیں کھیلیں جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے بھی شامل ہیں۔ حارث سہیل 12، کپتان ڈیرن سیمی 7، شاہد آفریدی 4 اور حسن علی 4،4 اور افتخار احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ کرس جورڈن 16 رنز کے ساتھ ناؤٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے شین واٹسن نے 4، محمد عرفان اور محمد سمیع نے 2،2 جب کہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) پاک بحریہ کی کثیر القومی مشقیں’’ امن2017‘‘ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس میں 36 ملکوں کی فورسز اور مبصرین شریک ہیں۔
پاکستان کی بحری حدود میں پاک بحریہ کی کثیر القومی مشقوں’’امن 2017‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے ۔ مشقوں میں پاکستان سمیت 37 ممالک کی بحریہ حصہ لے رہی ہے، امن مشقوں میں چین کے 3 بحری بیڑے، روس کے 3 اورامریکا کے 4 جنگی بحری جہازشریک ہورہے ہیں۔ مشقوں میں آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا، ترکی، سری لنکا، امریکا، برطانیہ ، جاپان اور روس کے دستے بھی بحری اثاثوں کے ساتھ شریک ہیں اور اپنے بحری اثاثوں سمیت حصہ لے رہے ہیں۔
امن مشق 2017 کی افتتاحی تقریب کراچی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی، اس موقع پر مشقوں میں شامل ممالک کے قومی پرچم فضا میں لہرائے گئے، کمانڈر پاکستان فلیٹ عارف اللہ حسینی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدذکا اللہ کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
امن 2017 مشقوں کے آغاز پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے ہمیشہ باہمی تعاون کوفروغ دینے میں اہم کردارادا کیاہے۔ 
 
دنیا کے تبدیل ہوتے حالات میں میری ٹائم خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ کھلے سمندرمیں موجودہ خطرات سے کسی ایک ملکی سرحد کونہیں پوری دنیا کوخطرہ ہے ، سمندر میں دہشت گردی، قزاقی اور اسلحہ و انسانی اسمگلنگ بڑھ رہی ہے، سمندرمیں بڑھتے ہوئے خطرات سے کوئی ایک ملک نبردآزمانہیں ہوسکتا، اس کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔
واضح رہے کہ آج سے شروع ہونے والی بحری امن مشقیں 5 روز تک جاری رہیں گی جس میں 36 سے زائد ممالک شرکت کریں گے جب کہ بحری مشقوں کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی ہوگی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حیدر آباد) اسریٰ یو نیور سٹی حیدر آبادمیں اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کی جانب سے سی پیک منصوبے پر سمینار منعقد کیا گیا ۔ مہمان ِ خصوصی ولی زاہد نے کہا کہ آنے والے چند سالوں میں سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو بے انتہاء فائدہ ہو گا اور پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔

سی پیک منصوبے سے پاکستان میں پاور پراجیکٹ ، انفرا اسٹرکچر ، روڈز، ریلویز، فائبر آپٹیکل کیبل جیسی فیلڈز میں بھی بہتر مواقعے ملیں گے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گااور تقریباََ 7 لاکھ سے زائد بے روز گار لو گوں کو روز گار مہیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے حیدر آباد کو بھی ایگری کلچرل زمین کے ذریعے بہت سے فوائد حاصل ہو نگے ۔

 

جبکہ اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کے سر پرستِ اعلیٰ اور اسریٰ یو نیو رسٹی کے پرو وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے سمینار میں شریک طلباء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ سی پیک منصوبے کے بارے میں ہمیں اور ہماری نو جوان نسل کے آگاہی ہو نا بہت ضروری ہے اور اسی لئے آج اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کے تحت یہ سمینار منعقد کیا گیا ہے۔

 

 

 
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی )کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اردو یونیورسٹی کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد میں کوچ کا کنڈیکٹر اور تین خواتین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت کرن، آمنہ اور رابعہ کے نام سے ہوئی ہے جاں بحق ہونے طالبات جامعہ اردو میں زیر تعلیم تھیں جبکہ کنڈیکٹر کا نام معلوم نہیں ہوسکا۔
اسپتال منتقل کیے گئے حادثے کے 9زخمیوں میں سے 4افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریس لگانے والا ڈرائیور فرار ہوگیا، اس کی اور کوچ کے مالک کی تلاش جاری ہے

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)اسٹیٹ بینک کے اقدامات کے سبب اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین ہفتوں میں 1 روپے سستا ہوکر 107 روپے 80 پیسے پر آگیا ۔
ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے گزشتہ 3 ہفتوں میں اوپن مارکیٹ میں 5 کروڑ امریکی ڈالر کی سپلائی کی ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔
اوپن مارکیٹ میں دو روز میں ڈالر 50 پیسے سستاہوکر 107 روپے 80 پیسے پر آگیا ہے جبکہ تین ہفتوں میں ڈالر 1 روپے 10 پیسے سستا ہوچکا ہے ۔
اوپن مارکیٹ میں یورو 50 پیسے سستاہوکر 115 روپے اور برطانوی پاؤنڈ بھی 50 پیسے کمی سے 135 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)ممتازعالمی ادارے پرائس واٹر ہاؤس کوپرز کا کہنا ہے کہ پاکستان 2030 تک دنیا کے 20 انتہائی مضبوط معاشی ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا۔
پیشہ وارانہ خدمات انجام دینے والی دنیا کی سب سے بڑی فرمز میں شامل پرائس واٹرہاؤس کوپرز نے ”طویل جائزہ 2050 تک عالمی معاشی نظام کیسے تبدیل ہوگا” کے عنوان سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں 2030 تک دنیا میں انتہائی مضبوط معاشی ممالک کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے۔
توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے ذریعے ملکی مصنوعات کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے حوالے سے 322 ملکوں کی درجہ بندی کی گئی ہے اور خاص بات یہ ہے کہ رپورٹ میں پاکستان نمایاں ہے جس سے متعلق پیش گوئی کی گئی ہے کہ پاکستان 2030 تک دنیا کے 20 انتہائی مضبوط معاشی ممالک میں شامل ہوجائے گا۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی جریدے  کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں 46 فیصد اضافہ ہوا اور غربت کی شرح میں بھی نصف کمی واقع ہوئی جب کہ پاکستان زر مبادلہ کے بحران سے احسن طریقے سے نمٹ رہا ہے اور اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 31 دسمبر2016 کو ختم ہونے والے سال کے لیے اپنے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کے آپریٹنگ منافع میں 2016 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 53 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی آمدنی 117.2ارب روپے رہی جبکہ مفید اقدامات کی بدولت گروپ کے آپریٹنگ اخراجات میں3 فیصد کمی ہوئی۔
اعلامیے میں کہاگیا کہ وسائل کو موجودہ مارکیٹ چیلنجز کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے مقصد سے پی ٹی سی ایل نے 2016 کے دوران رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم (وی ایس ایس) نافذ کی اور 4.6 ارب روپے کی متعلقہ لاگت کو 2016 کے مالیاتی نتائج میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سال پی ٹی سی ایل گروپ کا خالص منافع 1.6 ارب روپے رہا جو وی ایس ایس کی عدم موجودگی میں 4.7 ارب روپے ہوتا یعنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 152فیصد زیادہ، پی ٹی سی ایل گروپ کی مالی حالت 2016کے دوران موثراقدامات کی بدولت مستحکم رہی جس سے مختصر المیعاد سرمایہ کاری، نقد اور بینک بیلنسز کی صورت میں نقد پر مبنی مالیات میں25 فیصد اضافہ ہوا۔
پی ٹی سی ایل کی آمدنی اس سال 71.4 ارب روپے رہی اور فکسڈ لائن براڈ بینڈ آمدنی میں اضافہ ہوا، اس دورانِ آپریٹنگ اخراجات میں 7 فیصد کمی ہوئی جس کے نتیجے میں آپریٹنگ منافع میں6 فیصد اضافہ ہوا۔ وی ایس ایس کی لاگت شامل کرنے کے بعد خالص منافع اس سال 6.8ارب روپے رہا، وی ایس ایس کے اثر کے بغیر پی ٹی سی ایل کا خالص منافع 9.9 ارب روپے ہو تا یعنی سال 2015 سے 13 فیصد زیادہ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پاک فوج کے علاوہ پاکستان کے کسی ادارے کونہیں بخشاہر ایک کو تنقید کانشانہ بنانا انہوں نے اپنا وطیرہ بنالیاہے،بگڑے ہوئے بچوں کی طرح ہر جگہ پر گندی زبان استعمال کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن دانیال عزیز کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پانامہ کیس سماعت جج صاحب کی بیماری کے باعث ملتوی ہونے پر مختلف باتیں پھیلائی جارہی ہیں جبکہ ایسی باتوں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ13 تاریخ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پتہ لگے گا کہ کونسی جماعت حکم امتناع کے پیچھے چھپ رہی ہے، ہم نے کوئی حکم امتناعی نہیں لیا اور نہ ہی کبھی لیں گے لیکن خان صاحب ہر جگہ ضرورکہتے پھرتے ہیں کہ دعا کرو اللہ جلد میری پانامہ کیس سے جان چھڑوادے۔کل جو رائیونڈ میں آیا اور سینہ تان الزام لگاتا تھا کہ شریف خاندان پکڑا گیا ہے ان کرپشن سب کے سامنے آگئی ہے، میرے پاس تمام ثبوت موجود ہیں اور ایک آج کا دن ہے کہ خود الزام کا شکارہوگئے ہیں اور بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں،لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان آرمی نے نیشنل سکی چیمپئن شپ، چیئرمین اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کپ 2017 کی دونوں ٹرافیاں جیت لیں۔ جبکہ گلگت بلتستان اسکاوئٹ نے شاہ خان کپ 2017 اپنے نام کر لی۔ اس سلسلے میں مقابلے گلگت کے پر فضاءمقام نلتربالا میں گزشتہ دو دنوں سے جاری تھے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آرمی نے نیشنل سکی چمپیئن شپ 2017 میں سو نے اور چاندی کے دونوں تمغے اپنے نام کئے،آرمی کے کھلاڑی اقبال نے سونے کا ،آرمی ہی کے عبداللہ جان نے چاندی کا میڈل حاصل کیا۔ جبکہ پاکستان ائیر فورس نے کانسی کا تمغہ جیتا۔پاکستان آرمی نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کپ2017 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ ٹرافی بھی اپنے نام کر لی۔
ان مقابلوں میں پاکستان آرمی کے ضیاء جان نے پاک آرمی کے لئے گولڈ ،اور پاک آرمی کے ہی عبداللہ جان نے چاندی اور پاکستان ائیر فورس کے سوار خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔شاہ خان کپ 2017ء گلگت بلتستان اسکاوئٹ نے جیت لیا۔
شاہ خان کپ کے پہلے ایونٹ میں گلگت بلتستان سکاوٹس کے وقار نے گولڈ،سول ایو ی ا یشن کے فیاض عالم نے چاندی اور کانسی کا میڈل گلگت بلتستان سکاوٹس کے علی سید نے حاصل کیا۔جبکہ شاہ خان کپ کے دوسرے ایونٹ میں گلگت بلتستان سکاوٹس کے وقار نے ہی گولڈ، سول ایو ی ا یشن کے کھلاڑی فیاض عالم نے چاندی جبکہ پا ک آرمی کے جان عالم نے کانسی کا میڈل اپنے نام کر لیا۔ ان مقابلوں میںملک بھر سے گیارہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ان مقابلوں کی اختتامی تقریب جمعہ کومنعقدہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی تین شوگر ملوں کو کام کرنے سے روکدیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نےاتفاق شوگر ملز کی منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے جہانگیر ترین کی جے ڈبلیو ڈی ملز کی اپیل کو منظور کرلی اوراتفاق،حسیب اور چوہدری شوگر ملز کو 7 روز کیلئے کرشنگ کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا ہے۔
 
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو کالعدم قراردیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ لاہور ہائیکورٹ درخواستوں کی سماعت 16 فروری کو کرے۔جہانگیر ترین کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فیصلہ جاری کیا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ سماعت کرنے والے بینچ کی خود سربراہی کریں اور فریقین تمام ریکارڈ ہائیکورٹ کے سامنے پیش کریں۔عدالت نے حکم جاری کیا کہ ہائیکورٹ 7دن کے اندر مقدمات کا فیصلہ یقینی بنائے